Tag: وفاقی وزیر غلام سرور

  • وفاقی وزیر غلام سرور کا  اپنے خلاف نیب تحقیقات کا خیر مقدم

    وفاقی وزیر غلام سرور کا اپنے خلاف نیب تحقیقات کا خیر مقدم

    اسلام آباد : وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور نے اپنے خلاف نیب تحقیقات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا میں اپوزیشن کی طرح نیب کو برا بھلا نہیں کہوں گا، اپوزیشن کا احتساب ہورہاہے توحکومتی وزرا کا بھی ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار‌ خیال کرتے ہوئے کہا کورونا سے 37ہزارلوگ بیماری کا شکار ہوئے ،803اموات ہوئیں، پوری دنیا اس موذی مرض کا شکار ہوئی ، پاکستان نے21مارچ کو ملکی وغیرملکی پروازیں معطل کیں ، حکومتی اجازت کیساتھ بین الاقوامی پروازیں شروع کیں۔

    بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے حوالے سے غلام سرور کا کہنا تھا کہ ہماری ترجیح تھی پاکستانیوں کو ترجیحی بنیادپر واپس لایاجائے، جن کےویزاایکسپائراورجوطلبا پھنسے تھے ان کو واپس لانا ترجیح تھی، اومان اوریو اے ای سے قیدی بلامعاوضہ پاکستان لائے گئے، سعودی عرب اور عراق زائرین واپس لائے گئے۔

    وفاقی وزیر ہوا بازی نے کہا کہ ڈاکٹرز،پیرامیڈیکس فرنٹ لائن سولجر ہیں ان کی شہادتیں ہوئیں، ہم ڈاکٹرز،پیرامیڈیکس عملےکوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں، سکینڈ فرنٹ لائن سولجر سول ایوی ایشن کے لوگ ہیں، اےایس ایف اور ایوی ایشن کے بھی 16لوگ شہید ہوئے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ان دنوں میں 181فلائٹس 27ممالک میں چلائی گئیں، ہم نے 25ہزار534 مسافروں کو اپنی منزل تک پہنچایا،14 سے 22 مئی تک پروگرام کےذریعے7ہزار پاکستانیوں کو لارہےہیں، 12 خصوصی فلائٹس امریکامیں پھنسےپاکستانیوں کولارہی ہے جبکہ 18 مئی سے 250پاکستانی بچے ووہان سے بھی واپس آرہےہیں۔

    غلام سرور نے اپنے خلاف نیب تحقیقات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا اپوزیشن کی طرح نیب کو برا بھلا نہیں کہوں گا، میری غلطی ،کوتاہی کی نشاندہی کرنیوالا میرابہترین دوست ہے، 4دہائیوں سے سیاست میں ہوں ، نیب نے جو کارروائی کرنی ہے ضرور کرے۔

    وفاقی وزیر ہوا بازی کا کہنا تھا کہ نیب کو بلاتفریق احتساب کرنا چاہیے، اپوزیشن کااحتساب ہورہاہے توحکومتی وزراکابھی ہونا چاہیے، تین تین بار وزیراعظم بننےوالے ، 6، 6 بار وفاقی وزیر بننے والوں اور ملک کا پیسہ لوٹنےوالوں کا بھی احتساب ہوناچاہیے، جس جس نے گاجریں کھائی ہیں ان کے پیٹ میں ضرور درد ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ میں اور میرا خاندان گزشتہ 5دہائیوں سے سیاست میں ہے، میں تو اپنے پورے خاندان کو احتساب کیلئے پیش کررہاہوں ، میں اپنی پوری وفاقی کابینہ کو احتساب کیلئے پیش کرتاہوں، 1970 سے لیکر اب تک سب کا احتساب کیاجائے ،ایوان سے اپیل ہے تصدیق ہونی چاہیے اور انکوائری ہونی چاہیے۔

    غلام سرور کا کہنا تھا کہ شرم کرو حیا کرو ، صبر کرو ،کس بات کی تکلیف ہے، دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے چوروں اب حالات کا مقابلہ کرو۔

  • ڈیل سے متعلق بیان ، اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی وزیر غلام سرور کو طلب کرلیا

    ڈیل سے متعلق بیان ، اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی وزیر غلام سرور کو طلب کرلیا

    اسلام آباد : ڈیل سے متعلق بیان دینے پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی وزیر غلام سرور خان کو طلب کرتے ہوئے 4صفحات پرمشتمل حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیل سے متعلق بیان دینے پر وفاقی وزیر غلام سرور خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی ، سماعت میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی وزیر غلام سرور خان کو طلب کرلیا اور کہا غلام سرور خان 14 نومبر کو ہائیکورٹ میں پیش ہوں ، بتائیں کیوں نہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔

    چیف جسٹس ہائی کورٹ نے چار صفحات پر مشتمل حکم نامہ بھی جاری کیا ، جس میں کہا گیا غلام سرور نے میڈیکل رپورٹ کی جوڑ توڑ کے حوالے سے گفتگوکی، غلام سرورنے بیان دیا نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ جعلی ہے، وزیر نے تاثر دیا جعلی رپورٹ پیش کرکے عدالت کو گمراہ کیا گیا۔

    تحریری حکم نامہ میں کہا گیا کہ میڈیکل بورڈ حکومت نے تشکیل دیا تھا، وزرا کے بیانات عدالتوں پر اثر انداز اور اعتماد ختم کرنے کی کوشش ہے، رکن کابینہ نے عدالت پر الزام لگایا ہے۔

    مزید پڑھیں : توہین عدالت کیس : وفاقی وزیر غلام سرورخان اور پیمرا کو نوٹس جاری

    ہائی کورٹ کے حکم نامے کے مطابق معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کابھی معاملہ زیرسماعت ہے، وزرا کا مبینہ ڈیل کا تاثر دینا خود حکومت کے لیے فرد جرم ہے۔

    اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ میں حکومت اور مسلم لیگ ن کے درمیان ڈیل سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی ، جس میں عدالت نے وفاقی وزیر غلام سرور خان اور پیمرا کو بھی نوٹس جاری کیا تھا۔

    چیف جسٹس ہائی کورٹ نے ریمارکس میں کہا تھا اگر ڈیل ہوئی ہےتو حکومت کو فیصلہ کرنے دیں، یہ حساس معاملہ ہے، کابینہ کے رکن اس طرح بیان دے؟سمجھ نہیں آتا، فردوس عاشق کا توہین عدالت کیس غلام سرور کیس کے ساتھ سنا جائے گا۔

  • ملائشیا میں قید پاکستانیوں کے مسئلے کو وزیر اعظم نے سنجیدگی سے دیکھا: غلام سرور

    ملائشیا میں قید پاکستانیوں کے مسئلے کو وزیر اعظم نے سنجیدگی سے دیکھا: غلام سرور

    راولپنڈی: وفاقی وزیر غلام سرور نے کہا ہے کہ ملائشیا میں قید پاکستانیوں کے مسئلے کو وزیر اعظم نے سنجیدگی سے دیکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان بیت المال میں ملائشیا سے پاکستانیوں کی واپسی پر پریس کانفرنس منعقد ہوئی، وزیر ایوی ایشن غلام سرور خان نے کہا کہ ملائشیا کی جیلوں میں ساڑھے 3 سو پاکستانی قید تھے۔

    وفاقی وزیر نے بتایا کہ فضائی حدود پر پابندی کی وجہ سے ملائشیا میں قید پاکستانی وطن واپس نہ آ سکے تھے، لیکن وزیر اعظم عمران خان نے اس مسئلے کو سنجیدگی سے دیکھا، اور آج یہ قیدی وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔

    غلام سرور کا کہنا تھا کہ واپس آنے والے پاکستانی عید اپنے پیاروں کے ساتھ منا سکیں گے، ملائشیا میں زیادہ تر افراد کا تعلق خیبر پختون خوا سے ہے، فلائٹ کوالا لمپور سے براہ راست پاکستان آئے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ملائیشیا سے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی آج ہوگی

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ملائشیا میں قید پاکستانیوں کو پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے آج وطن واپس پہنچایا جائے گا، قیدیوں کو لانے کے لیے دو خصوصی پروازوں کا انتظام کیا گیا ہے۔

    خصوصی پرواز اسلام آباد سے کوالالمپور کے لیے روانہ ہوگی جو کہ تین سو سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لے کر آئے گی۔ پی کے 9894/9895 بدھ 29 مئی کی صبح ڈھائی بجے روانہ ہو گی اور پاکستانی قیدیوں کو لے کر رات ساڑھے نو بجے اسلام آباد واپس پہنچے گی۔