Tag: وفاقی وزیر ہوابازی

  • کراچی میں آئندہ 10 دنوں کے لیے موسم کی اہم پیش گوئی

    کراچی میں آئندہ 10 دنوں کے لیے موسم کی اہم پیش گوئی

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ میں مزید بارشوں کا سلسلہ تھم چکا ہے، اگلے 10 دنوں کے دوران سندھ کے بیش تر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ سندھ میں بارشوں کا سلسلہ تھم چکا ہے، تاہم آئندہ دس دنوں کے دوران چند مقامات پر معمولی بارش ہو سکتی ہے، مجموعی طور پر کراچی سمیت بیش تر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔

    موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ 10 روز کے دوران خشک موسم امدادی کاموں کے لیے معاون ہوگا۔

    ادھر وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ کراچی میں 10 دنوں تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے، اس لیے وہاں بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے موسم سازگار ہوگا۔

    انھوں نے کہا محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، صوبہ پنجاب، خیبر پختون خوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں جمعرات اور جمعے کے روز مزید بارش کی پیش گوئی ہے۔

    غلام سرور خان نے کہا کہ تیز بارشوں سے راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، خیبر پختون خواہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

    ‘کراچی میں بارش سے تباہی قدرتی طور پر بنے ڈیفنس سسٹم خراب ہونے کی وجہ سے ہوئی

    واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پیر سے کراچی میں بارشوں کی پیش گوئی کی تھی لیکن بارش نہیں ہوئی، اس سے قبل ہفتہ اور اتوار کو بھی امکان ظاہر کیا گیا تھا لیکن بارش نہیں ہوئی۔

    شہر قائد میں تیز طوفانی بارشوں سے شہر بھر میں بے پناہ نقصان ہو چکا ہے، جانوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ لوگوں کے املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا، متعدد علاقے کئی دنوں پر بارش کے پانی میں ڈوبے رہے۔

  • ننھی عنایا اکبر کی موت کے بعد ایئرپورٹ کے برقی زینے محفوظ بنانے کے احکامات

    ننھی عنایا اکبر کی موت کے بعد ایئرپورٹ کے برقی زینے محفوظ بنانے کے احکامات

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے ایئر پورٹ پر ماں کی گود سے گر کر جاں بحق ہونے والی بچی کی موت کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ کی سیڑھیوں سے چار سالہ بچی عنایا اکبر کے گرنے کے حادثے پر وفاقی وزیر غلام سرور نے نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد ایئر پورٹ کے منیجر سے مکمل رپورٹ طلب کر لی۔

    اسلام ایئرپورٹ کے برقی زینے جہاں سے عنایا اکبر گری

    وفاقی وزیر نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو برقی زینے محفوظ بنانے کے احکامات بھی جاری کر دیے، ذرایع کا کہنا ہے کہ غلام سرور خان جاں بحق ہونے والی بچی کے گھر بھی جائیں گے، جاں بحق بچی عنایا اکبر فتح جنگ کی رہایشی تھی۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر 4 سالہ بچی تیسری منزل سے گر کر جاں بحق

    غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق بچی سیڑھیاں اترتے وقت ماں کے ہاتھوں سے گری تھی، حادثاتی طور پر واقع پیش آیا، اسلام آباد ایئر پورٹ کی برقی سیڑھیوں کو محفوظ بنائیں گے تاکہ آیندہ ایسا حادثہ نہ ہو۔

    انھوں نے کہا کہ معصوم بچی کی موت کا انتہائی افسوس ہوا، اللہ تعالی لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ایئر پورٹ کی سیڑھیوں سے چار سالہ بچی گر کر جاں بحق ہو گئی تھی، بچی کو تشویش ناک حالت میں پہلے سی اے اے ایمبولینس پر ٹراما سینٹر اور پھر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال لے جایا گیا تھا تاہم بچی جاں بر نہ ہو سکی۔

    ترجمان پمز کے مطابق بچی اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھی، اونچائی سے گرنے کے باعث بچی کے سر پر شدید چوٹ لگی تھی اور سر پر چوٹ لگنے سے بچی کے ناک، کان اور منہ سے خون جاری ہوا تھا۔