Tag: وفاقی وزیر

  • شفاف اور جواب دہ پاکستان کے لیے شہریوں کی آواز اٹھنا ضروری ہے: حماد اظہر

    شفاف اور جواب دہ پاکستان کے لیے شہریوں کی آواز اٹھنا ضروری ہے: حماد اظہر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کا کہنا ہے کہ شفاف اور جواب دہ پاکستان کے لیے شہریوں کی آواز اٹھنا ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے فروغ اور گڈ گورننس کے حل کا حصہ بننے کے لیے ڈیمو کریٹک ایجوکیشن اینڈ اکاؤنٹبلٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ شفاف اور جواب دہ پاکستان کے لیے شہریوں کی آواز اٹھنا ضروری ہے، خوشی ہے اس پراجیکٹ نے شہریوں کو آواز بلند کرنے کے لیے بااختیار بنایا۔

    اس سے قبل ایک موقع پر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ معیشت کی مکمل بحالی و ترقی کے لیے یکسوئی اور پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے۔ آئی ایم ایف کا ریویو معاشی اصلاحات کی کامیابی کی خبر دے رہا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ ادوار کی بدترین معاشی مینجمنٹ قوم کے لیے کئی تکالیف کا سبب بنی، موڈیز نے پاکستان کو مستحکم سے نکال کر منفی درجے میں شامل کرلیا، حکومت کی 15 ماہ کی انتھک محنت کے بعد موڈیز نے منفی کا لیبل ہٹا کرمستحکم کیا۔

    حماد اظہر کا مزید کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 73 فیصد کمی قوم کے لیے بڑی خوشخبری سے کم نہیں ہے۔ نومبر 2018 میں خسارہ 1166 ملین ڈالرز تھا۔ نومبر 2019 میں خسارہ 319 ملین ڈالرز کی سطح تک کم ہوچکا ہے۔

  • معیشت کی بحالی کا دعویٰ کرنے والوں نے 31 ہزار ارب کا مقروض کیا، مراد سعید

    معیشت کی بحالی کا دعویٰ کرنے والوں نے 31 ہزار ارب کا مقروض کیا، مراد سعید

    اسلام آباد :وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ معیشت کی بحالی کا دعویٰ کرنے والوں نے 31 ہزار ارب کا مقروض کیا، کرپٹ لیگ قیادت کو منی لانڈرنگ اور ٹی ٹیز کا جواب دینا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ کرپٹ لیگ ترجمان روزانہ جھوٹے بیانات سے نوکری بچانےمیں مصروف ہیں، ن لیگ کا نیشنل ایکشن پلان تو ’’ڈان لیکس‘‘جیسی سازشوں پرمشتمل تھا۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں قیام امن کا سہرا پاکستان کی بہادر افواج اور پولیس کے سر ہے، آج سی پیک کا راگ الاپنے والوں نے ہر قومی منصوبے کو میگاکرپشن کی نذر کیا۔

    مراد سعید نے کہا کہ جعلی ارسطو کہتے ہیں نوازشریف پرملکی خزانہ لوٹنے کا کوئی کیس نہیں ہے، ان سے پوچھیں بیرون ملک اربوں کی جائیداد’’یوگنڈا‘‘کے خزانے سے بنی؟

    وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت کی بحالی کا دعویٰ کرنے والوں نے 31 ہزار ارب کا مقروض کیا، کرپٹ لیگ قیادت کو منی لانڈرنگ اور ٹی ٹیز کا جواب دینا ہوگا۔

    مراد سعید نے کہا کہ آپکے دورمیں بجلی کا گردشی قرضہ 1200 ارب، گیس کا 150 ارب سے زیادہ تھا، تجارتی خسارہ جو 2014 میں 20 ارب ڈالرتھا، 2018 تک37 ارب ڈالر تک گیا۔

  • پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ایم ایل ون منصوبہ ناگزیر ہے: شیخ رشید

    پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ایم ایل ون منصوبہ ناگزیر ہے: شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ایم ایل ون پر کام اگلے سال سے شروع کیا جارہا ہے، پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ایم ایل ون منصوبہ ناگزیر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سے پاکستان میں چین کے سفیر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں کراچی تا پشاور مین لائن ون ریل منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 1872 کلو میٹر لائن ون منصوبے کا پی سی ون پیکج پلاننگ کمیشن کو بھجوا دیا، امید ہے اسی سال پی سی ون منظور ہوجائے گا۔ ایم ایل ون پر کام اگلے سال سے شروع کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ منصوبے کی رفتار کو مزید تیز کریں گے، ایم ایل ون پراجیکٹ سی پیک منصوبوں کا دل ہے۔ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ایم ایل ون منصوبہ ناگزیر ہے۔

    چینی سفیر کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون اہم منصوبہ ہے، چین اس کے لیے تمام وسائل فراہم کرے گا۔ چینی حکومت اور ریل کمپنیاں، پاکستان ریلوے کو معاونت فراہم کریں گی۔

    اس سے قبل شیخ رشید نے شیخوپورہ ریلوے اسٹیشن کے لیے ایک کروڑ فنڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیخوپورہ ریلوے اسٹیشن کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ شیخوپورہ کے لیے 16 ٹرینیں پہلے سے ہی چل رہی ہیں، قراقرم اسٹاپ کی بحالی میٹنگز میں طے پائے گی۔

  • ایک خاص حکمت عملی کے ساتھ پاک فوج کو ٹارگٹ کیا گیا: فواد چوہدری

    ایک خاص حکمت عملی کے ساتھ پاک فوج کو ٹارگٹ کیا گیا: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ایک خاص حکمت عملی کے ساتھ پاک فوج کو ٹارگٹ کیا گیا، واقعات کا تسلسل عدالتی اور قانونی معاملہ نہیں رہا اس سے بڑھ کر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی سیب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ پرویز مشرف کی ذات کا ہے ہی نہیں ایک خاص حکمت عملی کے ساتھ پاک فوج کو ٹارگٹ کیا گیا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پہلے لبیک دھرنا کیس میں فوج اور آئی ایس آئی کو ملوث کیا گیا، پھر آرمی چیف کے عہدے میں توسیع کو متنازعہ بنایا گیا اور اب ایک فوج کے مقبول سابق سربراہ کو بے عزت کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ واقعات کا تسلسل عدالتی اور قانونی معاملہ نہیں رہا اس سے بڑھ کر ہے۔ اگر ملک میں فوج کے ادارے کو تقسیم یا کمزور کر دیا گیا تو پھر انارکی سے نہیں بچا جا سکتا۔

    فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ جنرل باجوہ اور موجودہ فوجی سیٹ اپ نے جمہوری اداروں کا ساتھ دیا ہے، لیکن اس حمایت کو نادانی میں کمزوری نہیں سمجھنا چاہیئے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اداروں کو ایک دوسرے کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے، فوج کی مداخلت کے بغیر ملک نہیں چل سکتے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی پالیسی میں جی ایچ کیو کا اہم کردار ہے اس لیے اداروں کو ایک دوسرے کی اہمیت اور عزت کا خیال رکھنا چاہیئے۔ مشرف کی سزا کو کوئی بھی اچھی نظر سے نہیں دیکھ رہا۔

  • کشمیر کے معاملے پر پاکستان میں سب متفق ہیں: شیخ رشید

    کشمیر کے معاملے پر پاکستان میں سب متفق ہیں: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جو کشمیریوں کو بے وقوف سمجھتا ہے اس سے بڑا کوئی بے وقوف نہیں، کشمیر کے معاملے پر پاکستان میں سب متفق ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں نے کشمیر کی جدوجہد آزادی کو بہت قریب سے دیکھا ہے، کشمیریوں نے بے سرو سامانی میں جدوجہد شروع کی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانے کے لیے خون کے نذرانے دینے ہوں گے۔ کشمیری قوم بہت ذہین قوم ہے۔ پاکستان جدوجہد آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جو کشمیریوں کو بے وقوف سمجھتا ہے اس سے بڑا کوئی بے وقوف نہیں، کشمیر کے معاملے پر پاکستان میں سب متفق ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس ملک کو لوٹنے والے کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ ملکی جنگی محاذ پر فتح حاصل کرنے کو غدار قرار دے دیا گیا۔ ہمیں آپس کے اختلافات ختم کرنے چاہئیں۔ کل کے فیصلے سے فاصلہ بڑھے گا۔

    اس سے قبل ایک موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر مشرف غدار ہو سکتے ہیں تو ضمانتیں لینے والے چوروں لٹیروں پر کیا کہیں؟ عدالتی فیصلے میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ہمارے پڑوس میں شہریت بل کے خلاف بھرپور احتجاج چل رہا ہے ایسے حالات میں پاک فوج کے خلاف ایسی باتیں کرنے سے نقصان ہوگا۔

  • اسلامی ترقیاتی بینک نے پولیو کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر اعانت کی: حماد اظہر

    اسلامی ترقیاتی بینک نے پولیو کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر اعانت کی: حماد اظہر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کا کہنا ہے کہ اسلامی ترقیاتی بینک نے پولیو خاتمہ پروگرام کے لیے بڑے پیمانے پر مالی اعانت کی، پروگرام نے ایک مذہبی عنصر لانے میں بھی کردار ادا کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے پولیو کے خاتمے سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو خاتمہ پروگرام کی حمایت کے لیے اس کا حصہ بننے پر فخر ہے۔

    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پروگرام میں شریک اسٹیک ہولڈرز کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔

    حماد اظہر نے حکومت پاکستان کی جانب سے ایل ایل ایف ڈونر سرٹیفکیٹ پر بھی دستخط کیے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلامک ڈویلپمنٹ بینک نے 12.43 بلین ڈالر کے پورٹ فولیو کی منظوری دی۔

    انہوں نے کہا کہ پروگرام سے پولیو وائرس کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ سنہ 1988 میں پروگرام کے آغاز پر پولیو 125 سے زائد ممالک میں موجود تھا، روزانہ تقریباً 1 ہزار سے زائد بچے پولیو سے مفلوج ہوتے تھے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حفاظتی ٹیکے 3 ارب بچوں تک پہنچائے گئے، پولیو میں 99 فیصد کمی ہوئی۔ آئی ایس ڈی بی نے پولیو خاتمہ پروگرام کے لیے بڑے پیمانے پر مالی اعانت کی۔ پروگرام نے ایک مذہبی عنصر لانے میں بھی کردار ادا کیا ہے۔

  • آج کا دن کبھی بھلایا نہیں جاسکتا: شیریں مزاری

    آج کا دن کبھی بھلایا نہیں جاسکتا: شیریں مزاری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ اے پی ایس میں دہشت گرد حملہ متعدد معصوم بچوں اور ان کے ٹیچرزکی جان لے گیا۔ ہمارا عزم ہے کہ ایسا دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آرمی پبلک اسکول کے سانحے نے قوم کو ہلا کر رکھ دیا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ وہ دن ہے جو بھلایا نہیں جائے گا، اے پی ایس میں دہشت گرد حملہ متعدد معصوم بچوں اور ان کے ٹیچرزکی جان لے گیا۔ آنسو اور دعائیں رہ گئی ہیں، اس عزم کے ساتھ کہ ایسا دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔

    خیال رہے کہ آج سانحہ آرمی پبلک اسکول کی پانچویں برسی ہے۔ 5 برس قبل بزدل دشمنوں نے اسکول میں قیامت برپا کردی اور 132 ننھے طلبہ اور 16 اساتذہ اور پرنسپل کو بے رحمی سے شہید کردیا۔

    اس سانحے پر قوم کے زخم آج بھی تازہ ہیں، شہدا کے لواحقین آج بھی غم سے نڈھال ہیں، مگر حوصلے جوان ہیں۔ سانحے کی پورے ملک میں پانچویں برسی منائی جا رہی ہے، شہدا کی یاد میں جگہ جگہ فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ کراچی اور لاہور میں شمعیں روشن کی گئیں۔

  • جتنے زیادہ چور پکڑے جاتے ہیں اتنی ہی زیادہ چیخیں ہوتی ہیں، مراد سعید

    جتنے زیادہ چور پکڑے جاتے ہیں اتنی ہی زیادہ چیخیں ہوتی ہیں، مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ جتنے زیادہ چور پکڑے جاتے ہیں اتنی ہی زیادہ چیخیں ہوتی ہیں، سیاست کی آڑ میں چوری کی گئی دولت ہضم نہیں کرنے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا ہے کہ پی پی نے جمہوریت کوعوام سے انتقام کا وسیلہ بنایا، حادثاتی چیئرمین نے بھی آج یہ ٹھیک کہا ہے، جمہوریت کو نہیں نقاب اوڑھے کرپٹ کرداروں کو خطرہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھٹوکے فلسفے کو دفن کر کے دوسری نسل نے اقتدار میں قدم رکھا، تیسری نسل دوسری نسل کی لوٹ مار بچانے کے زور لگا رہی ہے، لٹیروں کے چنگل سے سندھ کی نجات نوشتہ دیوار ہے۔

    مراد سعید نے کہا کہ سندھ کی نجات کی ابتدا لاڑکانہ سے ہوچکی ہے، آئندہ انتخاب میں سندھ میں نیا سورج طلوع ہوگا، پرچیوں سے لیڈر بننے والوں کے پاس کوئی آپشن نہیں ہے۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جتنے زیادہ چور پکڑے جاتے ہیں اتنی ہی زیادہ چیخیں ہوتی ہیں، سیاست کی آڑ میں چوری کی گئی دولت ہضم نہیں کرنے دیں گے۔

  • کراچی جیسی کوسٹل بیلٹ والا ملک قرضے لینے والا نہیں دینے والا ہوتا ہے: علی زیدی

    کراچی جیسی کوسٹل بیلٹ والا ملک قرضے لینے والا نہیں دینے والا ہوتا ہے: علی زیدی

    کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ ہم نے چھوٹی چھوٹی چیزوں کے لیے بڑی چیزوں کا نقصان اٹھایا، کراچی جیسی کوسٹل بیلٹ جس ملک کے پاس موجود ہو وہ ملک قرضے لینے والا نہیں دینے والا ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کا سمینار منعقد ہوا جس میں فاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے شرکت کی۔

    سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ آئی ایم او نیشنل سیمینار ہانگ کانگ کنونشن کا انعقاد شپ بریکنگ انڈسٹری اور شپ انڈسٹری کے لیے اہم ہے۔ ہم شپ بریکنگ انڈسٹری میں پہلے نمبر پر تھے اب چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ ہم نے چھوٹی چھوٹی چیزوں کے لیے بڑی چیزوں کا نقصان اٹھایا، بنگلہ دیش میں کپاس پیدا نہیں ہوتی لیکن وہ ٹیکسٹائل میں کئی گنا زیادہ برآمدات کر رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ کنونشن پر اگر ابھی دستخط ہوگئے تو ہم شپ بریکنگ انڈسٹری میں 4 نمبر سے بھی مزید نیچے گر جائیں گے۔ یہ کنونشن شپ بریکنگ انڈسٹری کے لیے تحفظ اور قانون پر عملدرآمد کا ہے۔ کچھ برس پہلے تحفظ پر عملدرآمد نہ کرنے سے گڈانی پر شپ بریکنگ میں کئی قیمتی انسانی جانوں کا نقصان اٹھایا۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ کراچی جیسی کوسٹل بیلٹ جس ملک کے پاس موجود ہو وہ ملک قرضے لینے والا نہیں دینے والا ہوتا ہے، شپ بریکنگ انڈسٹری میں بہتری لانا ایک چیلنج ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی بھی چیلنج سے گبھرانا نہیں ہے۔ پہلے ادوار میں نئے ڈریجر خریدے گئے جو کبھی استعمال نہیں کیے گئے۔ نیب میں ان کی انکوائری بھیج چکا ہوں، بغیر استعمال ہوئے کئی بار ان کے پرزے امپورٹ کروائے گئے۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ حکومت کو ہر جگہ پر ریگولیشن لانے کی ضرورت ہے، شپ بریکنگ اور میری ٹائم میں ریگولیشن لا رہے ہیں۔ بہت سے لوگوں کو تکلیف ہو رہی ہیں، کسی ماں باپ کو اچھا نہیں لگتا جب بچے کو انجکشن لگتا ہے۔ ہمیں بچے کے مستقبل کے لیے یہ تکلیف برداشت کرنا پڑتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اداروں کی استعداد کار بڑھانا ہوگی، 10 سال میں پہلی بار فشریز کے ڈائریکٹرز کی تعیناتی کی گئی۔ ماضی میں ذاتی مفاد کو قومی مفاد پر ترجیح دی جاتی رہی۔ ماہی گیری کے شعبے میں 2 ارب ڈالر تک برآمدات بڑھائی جاسکتی ہے۔ میری ٹائم شعبے میں کئی اصلاحات لا رہے ہیں۔

  • دل کے اسپتال پر دھاوا بول کر وکلا نے جہالت کا ثبوت دیا: شیخ رشید

    دل کے اسپتال پر دھاوا بول کر وکلا نے جہالت کا ثبوت دیا: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ دل کے اسپتال پر دھاوا بول کر وکلا نے جہالت کا ثبوت دیا، ساری دنیا میں ہماری جگ ہنسائی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مسائل کی کوئی کمی نہیں ہے۔ نوجوان پاکستان کا اثاثہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

    سیاسی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری کی ضمانت ہوئی ہے اچھی بات ہے، یہ لوگ مارچ تک پلی بارگین کریں گے۔ پلی بارگین نہ ہوئی تو بلاول کی سیاست فارغ ہوجائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ جو لوگ الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں ان کو شرم آنی چاہیئے۔ یہ کیسے کہہ سکتے ہیں الیکشن کمیشن میرا اور جج میرا ہونا چاہیئے۔ چیف الیکشن کمشنر غیر جانبدار ہونا چاہیئے، اپوزیشن نے 2013 اور 2018 کے دونوں الیکشن نہیں مانے۔

    وزیر ریلوے نے کہا کہ ملکی حالات ایسے ہیں کہ ٹینشن کم کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام مہنگائی میں پس رہے ہیں۔ بجلی گیس کے بل عوام کی پہنچ سے باہر ہوتے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت ایک ہندو اسٹیٹ بنتی جارہی ہے۔ مسلمانوں کو 10 ویں درجے کا شہری بھی تسلیم نہیں کیا جارہا۔ پاکستان اور ہندوستان کے حالات مزید تلخ ہوجائیں گے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہمیں عملی طور پر کام کرنا ہوگا۔ مودی کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کل لاہور واقعے پر پوری قوم شرمندہ و افسردہ ہے، دل کے اسپتال میں پڑھے لکھے طبقے نے دھاوا بولا۔ یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے دل میں ہوا۔ ساری دنیا میں ہماری جگ ہنسائی ہوئی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی آئی سی پر وکلا نے دھاوا بول کر جہالت کا ثبوت دیا۔