Tag: وفاقی وزیر

  • عوام کو زرداری کی ضمانت میں نہیں، لوٹا گیا اربوں روپے واپس لانے میں دلچسپی ہے: فواد چوہدری

    عوام کو زرداری کی ضمانت میں نہیں، لوٹا گیا اربوں روپے واپس لانے میں دلچسپی ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی ضمانت اہم نہیں ہے، عوام کی اصل دلچسپی اس میں ہے کہ ان دونوں سے لوٹا گیا اربوں روپیہ کیسے واپس آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کی ضمانت سے ملکی سیاست پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی طرح آصف زرداری کیس میں فیصلہ اپلائی ہوا۔ سوال یہ ہے کہ پاکستان کو لوٹنے والوں سے پیسہ کیسے لایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی ضمانت اہم نہیں ہے، دونوں کا پاکستان کے سیاسی مستقبل میں کردار ختم ہوچکا ہے۔ عوام کی اصل دلچسپی یہ ہے کہ ان سے ریکوری کی کیا صورت بنے گی۔

    فواد چوہدری نے مزید کہا کہ عوام کی دلچسپی اس میں ہے کہ لوٹا گیا اربوں روپیہ کیسے واپس آئے گا۔

    خیال رہے کہ سابق صدر آصف زرداری کی آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔

    عدالت نے طبی بنیادوں پر ان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 1، 1 کروڑ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔

  • میرا خیال ہے پیسے لے کر ان لوگوں کو جانے دیا جائے: شیخ رشید

    میرا خیال ہے پیسے لے کر ان لوگوں کو جانے دیا جائے: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مولانا استعفیٰ لینے آئے تھے، دنیا میں قید کاٹنا آسان ہے دھرنا دینا زیادہ مشکل کام ہے۔ میرا خیال ہے پیسے لے کر انہیں جانے دینا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ میری سوچ ہے ان سے پیسے لے کر انہیں جانے دینا چاہیئے، فیصلہ وزیر اعظم عمران خان نے ہی کرنا ہے، پہلے سے کہہ رہا ہوں ان کو جانے دیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہر پارٹی میں اچھے لوگ ہوتے ہیں۔ قمر زمان کائرہ اور لطیف کھوسہ سمیت چند ایک اچھے چہرے ہیں۔ زندگی میں آصف زرداری سے صر 2 بار ملا۔ ایک بار اس لیے ملا کے راجہ پرویز اشرف کی جگہ قمر زمان کائرہ کو وزیر اعظم بناؤ۔

    انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں پھر کوئی مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے، اپوزیشن کو سینیٹ میں 14 نشستوں سے شکست ہوئی تھی۔ قومی اسمبلی سے زیادہ سینیٹ میں ووٹنگ آسان ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 15 جنوری تک حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔ مولانا استعفیٰ لینے آئے تھے۔ دنیا میں قید کاٹنا آسان ہے دھرنا دینا زیادہ مشکل کام ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مریم نواز خاموش ہیں اور وہ خاموش ہی رہیں گی، خاموشی مریم نواز کا مقدر ہے۔ نواز شریف کے آنے میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ نواز شریف باہر بیٹھ کر ویسے ہی دیکھیں گے جیسے سعودی عرب کو دیکھتے تھے۔

  • نئے الیکشن کا مطالبہ کرنے والے الیکشن کمیشن بنانے میں تعاون نہیں کر رہے: شیخ رشید

    نئے الیکشن کا مطالبہ کرنے والے الیکشن کمیشن بنانے میں تعاون نہیں کر رہے: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جو نئے الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ الیکشن کمیشن بنانے میں تعاون نہیں کر رہے۔ شفاف الیکشن کا مطالبہ کرتے ہیں تو جج اپنا کیوں لگانا چاہتے ہیں؟

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رائل پام کا ریسٹورنٹ بنالیا ہے، فوڈ کورٹ کی بھی 25 دسمبر کو اوپننگ ہوگی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فریٹ ٹرین کا کرایہ کل سے 10 فیصد کم کر رہے ہیں، ریلوے خسارے کو 3 سال میں کم کردیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جس دن سچ بولیں گے وہ دن ان کی سیاست کا آخری دن ہوگا، انہوں نے ایک چیف الیکشن کمشنر 2013 اور دوسرا 2018 میں بنایا۔ جو نئے الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ الیکشن کمیشن بنانے میں تعاون نہیں کر رہے۔

    وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ بیمار نواز شریف ہے اور ٹوکن کے طور پر شہباز شریف لندن میں ہے، اگر اختیار عدالتوں کو دے دیے گئے تو فیصلے بھی وہی کریں گے۔ شفاف الیکشن کا مطالبہ کرتے ہیں تو جج اپنا کیوں لگانا چاہتے ہیں؟

    انہوں نے کہا کہ ہم 2 چیف الیکشن کمشنرز کے فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں، نواز شریف اور شہباز شریف کے واپس آنے میں تاخیر دیکھ رہا ہوں۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ پاکستان میں ان ہاؤس تبدیلی یہ لوگ چیئرمین سینیٹ کے لیے نہیں لا سکے، جن کے اپنے 14 لوگ کم نکلے وہ ملک میں کیا خاک تبدیلی لائیں گے۔ مجرم نواز شریف باہر جا سکتا ہے تو یہ حق ملزم آصف زرداری کو بھی حاصل ہے۔

  • حماد اظہر کی اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر سے ملاقات

    حماد اظہر کی اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر سے ملاقات

    جدہ: وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی) کے صدر سے ملاقات کے دوران بینک کو اسلام آباد میں علاقائی مرکز اور گیٹ وے دفتر قائم کرنے کی دعوت دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہرنے جدہ میں اسلامک ڈویلپمنٹ بینک (آئی ڈی بی) کے صدر ڈاکٹر بندر الحجر سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے معاشی منصوبوں میں مالی اعانت پر آئی ڈی بی کے کردار کو سراہا۔

    حماد اظہر نے آئی ڈی بی کو اسلام آباد میں علاقائی مرکز اور گیٹ وے دفتر قائم کرنے کی بھی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان میں بینک کا پورٹ فولیو بنائے۔

    وفاقی وزیر نے کنٹری سپورٹ پروگرام میں پاکستان کو شامل کرنے اور بجٹ سپورٹ پروگرام کی بحالی کی بھی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سپورٹ پروگرام سے زر مبادلہ ذخائر کو تقویت ملے گی۔

    اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندر الحجر نے کہا کہ آئی ڈی بی پاکستان کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

    ڈاکٹر بندر الحجر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کنٹری سپورٹ پروگرام میں شامل کر لیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ وفاقی وزیر حماد اظہر عالمی اسلامی تجارتی مالیاتی کارپوریشن سیمینار کے لیے جدہ میں موجود ہیں۔

  • پاکستان کے سیاسی نظام میں اس وقت ارتعاش ہے: فواد چوہدری

    پاکستان کے سیاسی نظام میں اس وقت ارتعاش ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سیاسی نظام میں اس وقت ارتعاش ہے، وزیر اعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس چاہتے ہیں ادارے مضبوط ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی رفتار بہت تیز ہے، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ٹوٹی پھوٹی حالت میں ملی۔ کوشش کی وزارت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر سکیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزارت کے تحت بائیو ٹیکنالوجی پارکس بنا رہے ہیں۔ جہلم میں جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا بائیو ٹیکنالوجی پارک بنانے جا رہے ہیں۔ ڈرون کی ٹیکنالوجی کو زراعت کے لیے استعمال کیا جانا چاہیئے۔ ماضی میں پاکستان فائبر آپٹک بچھانے والا پہلا ملک تھا۔

    انہوں نے کہا کہ جوان پاکستان کے ساتھ مل کر نیا پروگرام لانچ کرنا چاہتے ہیں، ہمارا مستقبل جدید تعلیم کے ساتھ منسلک ہے۔ طلبا یونین کو بھی بحال کرنا چاہیئے۔ سیاست کا کسی بھی جمہوری دور میں اہم حصہ ہوتا ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھی طلبا یونینز کو تشدد سے پاک ماحول میں کام کرنا چاہیئے، جمہوری ملک میں طلبا یونینز سیاسی عمل کا حصہ ہوتی ہیں۔ ماضی میں سیاسی جماعتوں نے طلبا تنظیموں کو استعمال کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی نظام میں اس وقت ارتعاش ہے۔ یوں لگ رہا ہے ادارے ایک دوسرے کے اختیار کے درپے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ ہم آپس میں ڈائیلاگ کریں۔ ملک کے تینوں اداروں کے سربراہان مل بیٹھیں۔ وزیر اعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس چاہتے ہیں ادارے مضبوط ہوں۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وقت کی ضرورت ہے ایک قومی ڈائیلاگ ہو، ڈائیلاگ میں آنے والے چیف جسٹس، جسٹس گلزار کو بھی شامل کیا جائے۔ الیکشن کمیشن ارکان کے ناموں پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر بھی جلد اتفاق رائے ہو جائے گا۔

  • فشریز کی بہتری کی پالیسی تیار ہے بس عملدر آمد کرنا ہے: علی زیدی

    فشریز کی بہتری کی پالیسی تیار ہے بس عملدر آمد کرنا ہے: علی زیدی

    کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ ماہی گیروں کی تربیت سے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں، فشریز کی بہتری کی پالیسی تیار ہے بس عملدر آمد کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کراچی میں ٹونا کمیشن کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں بھارت سمیت 15 ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے بھی تقریب میں شرکت کی اور شرکا سے خطاب کیا۔

    اپنے خطاب میں علی زیدی کا کہنا تھا کہ 22 ویں سیشن میں وفود کو پاکستان آمد پرخوش آمدید کہتا ہوں، سب سے پہلے ہمیں درپیش چیلنجز کی طرف دیکھنا ہوگا، ہمیں چیلنجز سے نمٹنےکے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ماہی گیروں کی تربیت سے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں، فشریز کی بہتری کی پالیسی تیار ہے عملدر آمد کرنا ہے۔ باتیں ہو رہی ہیں فشریز تباہ ہورہی ہیں، تباہ نہیں ہورہیں بہتری کی طرف جارہی ہیں۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ پالیسی پر عملدر آمد کی اسٹریجی کی طرف بڑھ رہے ہیں، فنڈز کی کمی سمیت کئی چیلنجز درپیش ہیں۔ آزاد تجارتی معاہدہ پاکستان اور چین میں لازوال رشتے کا مظہر ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں سی پیک اور پاک چین دوستی پر اور بھی اچھی خبریں آئیں گی۔ دونوں ملکوں کےعوام اور دوستوں کے لیے اچھی خبر ہے۔

    اس سے قبل لندن میں انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے 31 ویں اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا تھا کہ پاکستان جنوبی، وسطی اور جنوب وسطی ایشیا کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تجارت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان پائیدار ترقیاتی اہداف او آئی ایم او کی شقوں کی پابندی کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔ پاکستان بین الاقوامی سطح پر میری ٹائم سیکٹر کی بہتری میں کردار ادا کرے گا اور اگلے سال ہونے والے آئی ایم او الیکشن میں حصہ بھی لے گا۔

  • عوام کی زندگی بہتر کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں: اسد عمر

    عوام کی زندگی بہتر کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں: اسد عمر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کا کہنا ہے کہ عوام کی زندگی بہتر کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، جلد ہر شعبے میں بہتری نظر آنا شروع ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی صحت ہر پاکستانی شہری کا حق ہے، عوام کی زندگی بہتر کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

    اسد عمر نے کہا کہ اصل انقلاب سوچ کا انقلاب ہے، ہمیں حقیقی تبدیلی لانے کے لیے سوچ میں تبدیلی لانا ہوگی۔ عمران خان کی قیادت میں جدوجہد جاری رہے گی۔ انشا اللہ ہر شعبے میں بہتری نظر آنا شروع ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ظفر مرزا حقیقی معنوں میں صحت کا نظام تبدیل کر رہے ہیں، ’قدم بڑھاؤ ڈاکٹر ظفر مرزا ہم تمہارے ساتھ ہیں‘۔

    اس سے قبل اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ اسپیشل اکنامک زونز میں ترقیاتی اقدامات پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی، انڈسٹریلائزیشن اور ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ پہلے اکنامک زون کا دسمبر تک افتتاح کا ٹارگٹ رکھا ہے، رواں مالی سال میں 2 مزید اکنامک زونز کا افتتاح کریں گے۔

  • رواں سال 2 اکنامک زونز کا افتتاح کریں گے: اسد عمر

    رواں سال 2 اکنامک زونز کا افتتاح کریں گے: اسد عمر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کا کہنا ہے کہ پہلے اکنامک زون کا دسمبر تک افتتاح کا ٹارگٹ رکھا ہے، رواں مالی سال میں 2 مزید اکنامک زونز کا افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور اسپیشل انیشی ایٹو اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اسپیشل اکنامک زونز میں ترقیاتی اقدامات پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی، انڈسٹریلائزیشن اور ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ پہلے اکنامک زون کا دسمبر تک افتتاح کا ٹارگٹ رکھا ہے، رواں مالی سال میں 2 مزید اکنامک زونز کا افتتاح کریں گے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ سندھ، پنجاب اور پختونخواہ میں اکنامک زونز ہوں گے۔

    خیال رہے کہ اسد عمر نے چند روز قبل ہی وزارت منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات کا قلم دان سنبھالا ہے۔ وہ اس سے قبل وزیر خزانہ بھی رہ چکے ہیں۔

    وزارت کا چارج سنبھالنے کے بعد اسد عمر نے کہا کہ وزارت کو نئے اقدامات پر توجہ دینا ہوگی، ہمیں اپنے کام کے معیار کو مثالی بنانا ہوگا، یقینی بنانا ہوگا کہ عوام کے پیسے کی بچت کی جا سکے۔

    وفاقی وزیر نے خصوصی معاشی زون، سماجی و معاشی منصوبے بہتر بنانے اور کم ترقی یافتہ علاقوں خصوصاً گوادر میں بھی طرز زندگی بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا تھا۔

  • پاکستان بین الاقوامی میری ٹائم سیکٹر کی بہتری کے لیے کوشاں ہے: علی زیدی

    پاکستان بین الاقوامی میری ٹائم سیکٹر کی بہتری کے لیے کوشاں ہے: علی زیدی

    لندن: وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر میری ٹائم سیکٹر کی بہتری میں کردار ادا کرے گا، پاکستان پورے ایشیا کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تجارت میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے لندن میں انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائیزیشن کے اکتیسویں اسمبلی اجلاس سے خطاب کیا۔

    وفاقی وزیر نے اپنے خطاب کا آغاز قرآن کی سورۃ الجاثیہ کی آیت نمبر 12 سے کیا۔ علی زیدی نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکا کو پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیا۔

    علی زیدی نے پاکستان کی عالمی سطح پر سمندری تجارت کے حوالے سے جغرافیائی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی، وسطی اور جنوب وسطی ایشیا کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تجارت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقیاتی اہداف او آئی ایم او کی شقوں کی پابندی کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔

    علی زیدی نے نئی شپنگ پالیسی کے بارے میں بتاتے ہوئے دنیا کو پاکستانی سی فیئرز کی سروسز سے مستفید ہونے کی دعوت بھی دی۔

    انہوں نے پاکستان کی سمندری آلودگی کم کرنے کی کوششوں کے ساتھ ساتھ خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی بہتر کرنے کی کوششوں سے بھی شرکا کو آگاہی دی۔

    وفاقی وزیر نے پاکستان میں موجودہ بلیو اکانومی کی صلاحیت، لوگوں کے اس سے جڑے روزگار، کاروباری فوائد، وزارت کے سی فیئرز اور شپنگ انڈسٹری کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر میری ٹائم سیکٹر کی بہتری میں کردار ادا کرے گا اور اگلے سال ہونے والے آئی ایم او الیکشن میں حصہ بھی لے گا۔

  • مولانا کا دعویٰ، شیخ رشید کا جواب، دور دور تک الیکشن نہیں دیکھ رہا

    مولانا کا دعویٰ، شیخ رشید کا جواب، دور دور تک الیکشن نہیں دیکھ رہا

    اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان کے دعوے پر وفاقی وزیر شیخ رشید نے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ دور دور تک الیکشن نہیں دیکھ رہا، عمران خان پانچ سال پورے کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان استعفیٰ لینے آئے تھے لیکن خالی ہاتھ چلے گئے، عمران خان نے کہا تھا این آر او نہیں دوں گا اور نہیں دیا، میڈیا پر تاثر دیا گیا کہ نواز شریف آج مرا یا صبح مر جائے گا، میڈیا کو بے وقوف بنانے پر ڈاکٹر عدنان اور ڈاکٹر وقار سے تفتیش ہونی چاہیے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے ریلوے کے حوالے سے میٹنگ کی، وزیر اعظم نے 2 ٹیکنیکل ایڈوائزرز کے لیے منظوری دی ہے۔ وزیر اعظم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح کریں گے۔ ریلوے کے لیے یہ سال فریٹ اور لینڈ کا ہے، ریلوے تاریخ میں پہلی بار فریٹ ٹارگٹ سے آگے ہے۔ بائیو میٹرک کو آف سورس کرنے جارہے ہیں۔ ریلوے سے ہر قسم کا مافیا ختم کیا جائے گا۔ ایم ایل ون سی پیک کی شہ رگ ہے۔

    تازہ ترین:  3 ماہ میں تبدیلی کی یقین دہانی سے متعلق مولانا فضل الرحمان کا بڑا دعویٰ

    انہوں نے کہا کہ چین کی ریلوے دنیا میں نمبر ون پر ہے۔ چین سے ایم ایل ٹو پر بھی بات کر رہے ہیں۔ سی پیک سے متعلق امریکا کو تحفظات ہیں۔ امریکا کے پیٹ میں درد ہے کہ چین سرمایہ کاری کیوں کر رہا ہے، جب امریکا کا مطلب پورا ہو جائے تو گڈ بائی کر کے چلا جاتا ہے۔ وزیر اعظم نے ہر فورم پر ایم ایل ون سے متعلق بات کی، ایم ایل ون بننے جا رہا ہے، سہرا عمران خان کے سر سجے گا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی فنڈنگ کی بھی اسکروٹنی ہونی چاہیئے۔ تحریک انصاف الیکشن کمیشن سے سرخرو ہو کر نکلے گی۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے 5 کیسز میں پلی بارگینگ شروع ہوگئی ہے، نیب عنقریب خزانہ بھرنے جارہی ہے۔ پرویز الٰہی سسٹم کا حصہ ہیں، عمران خان نے انہیں فون کیا تھا۔ وزیر اعظم نے کہا تھا این آر او نہیں دوں گا اور نہیں دیا۔ احتساب سب کا ہونا چاہیئے۔