Tag: وفاقی وزیر

  • بھارت مقبوضہ کشمیر کو اپنا صوبہ بنانے کی سازش کر رہا ہے: فواد چوہدری

    بھارت مقبوضہ کشمیر کو اپنا صوبہ بنانے کی سازش کر رہا ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر کلسٹر بم والی صورتحال کسی صورت بھی قبول نہیں کی جاسکتی، بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بدل کر اپنا صوبہ بنانے کی سازش کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال بگڑنے کی ابتدا لائن آف کنٹرول پر فائرنگ سے ہوئی، کشمیری کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں نئے آرٹیکل کے خلاف ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت پر جس طرح عالمی دباؤ آیا ہے نریندر مودی بوکھلا گئے ہیں، کلسٹر بم والی صورتحال تو کسی صورت بھی قبول نہیں کی جاسکتی۔ مجھے لگتا ہے کہ صورتحال مزید خراب ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بدل کر اپنا صوبہ بنانے کی سازش کر رہا ہے، پاکستان مخالف سیاست دان بھی دہلی سرکار کے خلاف ہوگئے ہیں۔ آرٹیکل 317 اے کو چھیڑا گیا تو صورتحال بالکل ہی بگڑ جائے گی۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے انسانی حقوق کی پاسداری کبھی سامنے نہیں آئی، انتہا پسندوں کی طرف سے مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی حکومت کی طرف سے انسانی حقوق کی پاسداری کی توقع عبث ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے کلسٹر ٹوائے بم کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے 30 اور 31 جولائی کو وادی نیلم میں کلسٹر ٹوائے بم سے آبادی کو ٹارگٹ کیا، کلسٹر ٹوائے بم سے 4 سال کے بچے سمیت 2 شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے۔

  • وزیر اعظم کے دورے کو سپورٹ کرنے پر بلاول کا شکر گزار ہوں: فواد چوہدری

    وزیر اعظم کے دورے کو سپورٹ کرنے پر بلاول کا شکر گزار ہوں: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے، بلاول بھٹو نے وزیر اعظم کے دورے کو سپورٹ کیا ان کا شکر گزار ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے، ہمیں ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا چاہیئے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے وزیر اعظم کے دورے کو سپورٹ کیا ان کا شکر گزار ہوں، انہوں نے وزیر اعظم کے اقدامات کی حمایت کر کے پختگی کا ثبوت دیا۔

    انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعے پر بھی سیاسی جماعتوں نے شعور کا مظاہرہ کیا تھا، عالمی سطح پر ہماری سیاسی سوچ بھی ایک ہوگی تو پاکستان کو فائدہ ہوگا۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ایک مستحکم افغانستان چاہیئے تاکہ سرحد پر معاملات ختم ہوں۔

    خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے قومی مفادات کے لیے حکومت کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا تھا۔

    اپنے ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ دنیا سے تعلقات بڑھانے کی حکومت کی کوشش کی حمایت کرتا ہوں، ضرورت پڑنے پر تعمیری تنقید کرتا رہوں گا تاہم پاکستان کی حمایت کرنا اولین مقصد ہوگا۔

  • تمام کیس پرانے ہیں، ہم نے صرف احتساب کا ماحول فراہم کیا: فواد چوہدری

    تمام کیس پرانے ہیں، ہم نے صرف احتساب کا ماحول فراہم کیا: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کرپشن کیسز پرانے ہیں، پہلے ایکشن نہیں ہو رہا تھا ہم نے احتساب کا ماحول قایم کیا، سیاسی اعتماد کی فضا کی وجہ سے احتساب تیز ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ طلال چوہدری کی بات میں وزن نہیں ہے، ایل این جی کیس ہم نے شروع نہیں کیا، جب ان کی حکومت تھی اور کیس بن رہا تھا تو کیا یہ سو رہے تھے۔

    فواد چوہدری نے مزید کا کہ نواز شریف اور زرداری کے خلاف کیسز ٹھوس بینکنگ شواہد پر ہیں، دباؤ یا زبانی احکامات پر نہیں ثبوت کی بنیاد پر کیسز بنے ہیں، 2016 میں چوہدری نثار نے ایان علی کیس میں کیا کیا نہیں کہا، لیکن پہلے ایکشن نہیں ہو رہا تھا ہم نے احتساب کا ماحول قایم کیا۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی وجوہ سامنے آ گئیں

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی اعتماد کی فضا کی وجہ سے احتساب تیز ہو رہا ہے، زرداری کے خلاف پہلے ن لیگ پھر ہماری حکومت نے تفتیش کی، ثبوت موجود ہیں، نیب کی کارروائیاں شفاف ہیں، دوسری طرف عمران خان حکومت کو سال ہو گیا کرپشن کا کوئی ٹھوس کیس نہیں آیا۔

    [bs-quote quote=”فیصل واوڈا نے 4 دن پہلے کہا کہ شاہد خاقان گرفتار ہوں گے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”طلال چوہدری”][/bs-quote]

    انھوں نے کہا کہ نواز شریف، مریم نواز کو ریفرنس مکمل ہونے تک گرفتار نہیں کیا گیا تھا، نیب نے شہباز شریف سے ریکارڈ مانگا تو پتا چلا آگ لگ گئی، نیب نے علی عمران سے پوچھنے کی کوشش کی تو وہ لندن چلے گئے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے دو وزرا کے خلاف کیس بنا دونوں عدالت میں پیش ہوئے، مالم جبہ کا کیس انکوائری سے آگے گیا ہی نہیں کہ گرفتاریاں ہوتیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ نا کافی شواہد پر گرفتاریاں ہوئیں تو آپ اعتراض کیوں نہیں اٹھاتے، پبلک آفس ہولڈرز کی جائیدادیں بڑھی ہیں تو اس پر جواب کیوں نہیں دیتے۔

    خیال رہے کہ پروگرام میں طلال چوہدری نے کہا تھا کہ شاہد خاقان عباسی تین دہائیوں سے سیاست میں ہیں، اب یہ کلیئر ہو گیا ہے کہ آواز اٹھانے والوں کو مٹا دینا ہے، فیصل واوڈا نے 4 دن پہلے کہا کہ شاہد خاقان گرفتار ہوں گے، پہلے پکڑ پکڑ کر حکومت بنائی اب پکڑ پکڑ کر حکومت چلا رہے ہیں۔

  • لاک ڈاؤن اپوزیشن کے بس کا روگ نہیں: شیخ رشید

    لاک ڈاؤن اپوزیشن کے بس کا روگ نہیں: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ یہ اے پی سی جمعہ بازار کی بیٹھک ہے، سنڈے مارکیٹ ہے۔ لاک ڈاؤن ان کے بس کا روگ نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک بات ذہن نشین کرلیں یہ اکھٹے نہیں ہیں، شہباز کی الگ پارٹی ہے دوسروں کی الگ ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تحریک چلانے کے اجزائے ترکیبی ان کے پاس نہیں ہیں، مجھے مولانا کے ساتھ بھی ہاتھ ہوتا دکھ رہا ہے۔ آصف زرداری کو 9 اسٹار کی سہولیات دستیاب ہیں۔ مہنگائی ہوئی ہے لیکن یہ ان چوروں کی وجہ سے ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ عوامی جذبات میں کمی آئی ہے پر یہ معاملہ صحیح ہوجائے گا۔ یہ اے پی سی جمعہ بازار کی بیٹھک ہے سنڈے مارکیٹ ہے۔ لاک ڈاؤن ان کے بس کا روگ نہیں ہے۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان عوام کے لیے سہولتوں کے لیے کام کر رہا ہے، ریلیف ملے گا۔ کرمنل چارجز والے تحریک چلائیں گے تو جمہوریت کے خلاف سازش ہے۔ جس چیئرمین کو لانے میں اپوزیشن نے تعاون کیا اس کو بدل کے بے وقوفی کرے گی۔

    خیال رہے کہ آج اسلام آباد میں متحدہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی گئی جس کی صدارت مولانا فضل الرحمٰن نے کی۔

    کانفرنس میں مولانا فضل الرحمٰن نے اجتماعی استعفوں اور یوم سیاہ کی تجویز دی جبکہ اپوزیشن اتحاد کے لیے نام کی تجویز، متحدہ اپوزیشن اور سیاسی رابطوں پر مشترکہ کوآرڈینیشن کمیٹی کی تشکیل بھی زیر غور آئی۔

    آل پارٹیز کانفرنس میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، اے این پی، قومی وطن پارٹی، نیشنل پارٹی اور پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے وفد شریک ہوئے۔

  • وفاقی وزیر فواد چوہدری کی ہدایت پر قمری کیلنڈر تیار کرلیا گیا

    وفاقی وزیر فواد چوہدری کی ہدایت پر قمری کیلنڈر تیار کرلیا گیا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی ہدایت پر قمری کیلنڈر تیار کرلیا گیا جسے ماہ رمضان میں ہی جاری کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے سائنسی بنیاد پر قمری کیلنڈر تیار کرلیا ہے، پہلا روزہ اور عید کب ہوگی قمری کیلنڈر سے 5 سال پہلے ہی پتا چل جائے گا۔

    وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ ماہ رمضان میں ہی قمری کیلنڈر جاری کریں گے، وفاقی وزیر نے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور کیلنڈر سے متعلق آگاہ کیا۔

    ذرائع کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل سے منظوری کے بعد قمری کیلنڈر وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔

    وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کیلنڈر جاری کرنے سے پہلے علماء سے بھی مشاورت کا فیصلہ کیا ہے، مشاورت کے لیے مفتی منیب الرحمان اور مفتی پوپلزئی کو دعوت دی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: جودیکھنا چاہے وہ ایپ کے ذریعے چاند دیکھ سکےگا، فواد چوہدری

    یاد رہے چند روز قبل فواد چوہدری نے چاند دیکھنے کے لئے ایپ تیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا پاکستان میں سائنس اور ٹیکنالوجی کو توجہ کی ضرورت ہے ، ٹیکنالوجی میں ہم آگے جاکر اور کام کرنے والے ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا ملک کی ترقی کےلیےسائنس اورٹیکنالوجی کواستعمال کرناہوگا، معیشت اوپر نیچے جاتی ہے ہمیں نیچے ملی اسے اوپر لے کر جائیں گے، ملک کو ہم نے بہتر معیشت اور ترقی یافتہ ملک بناناہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا علمائےکرام کوقمری کلینڈر سے متعلق کمیٹی میں شرکت کی دعوت دی ہے، 15ویں روزے تک قمری کلینڈر بن جائےگا، ایپ تیارکریں گےجس سےچانددیکھابھی جاسکےگا، علماکوکمیٹی میں دعوت دی ہے۔

  • وزیر اعظم کا واضح مؤقف ہے نیشنل ایکشن پلان پر کوئی رعایت نہیں: علی زیدی

    وزیر اعظم کا واضح مؤقف ہے نیشنل ایکشن پلان پر کوئی رعایت نہیں: علی زیدی

    کوئٹہ: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، وزیر اعظم کا انتہائی واضح مؤقف ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر کوئی رعایت نہیں، کچھ لوگوں نے معاملے کو سیاسی بنا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے ہر شہری کی حفاظت ہماری ذمے داری ہے، وفاقی حکومت شہدا کے ورثا اور زخمیوں کی مدد کرے گی، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی، تعلیم، صحت، روزگار پر توجہ دیے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ لوگوں کو جانی و مالی نقصان پہنچانے والوں کو ذہنی مریض سمجھتا ہوں۔ لوگوں پر حملے کرنے والوں کا ذہنی توازن خراب ہوتا ہے۔ ان چیزوں پر تعلیم دے کر قابو پایا جا سکتا ہے، میرے لیے اس طرح کے واقعے پر بات کرنی مشکل ہوتی ہے۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ انسانی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے ذہنی پستی کا شکار ہیں، ہزارہ کمیونٹی پر جب پہلا حملہ ہوا تو میں کراچی میں ان کے ساتھ بیٹھا۔ ملک کی تمام قیادت نے بیٹھ کر دہشت گردی کے خلاف لائحہ عمل طے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا انتہائی واضح مؤقف ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر کوئی رعایت نہیں، کچھ لوگوں نے معاملے کو سیاسی بنا دیا ہے۔ یہ معاملہ سیاسی نہیں ہے اس پر عمل درآمد کا معاملہ ہے، نیشنل ایکشن پلان کے دیگر پہلوؤں پر عمل ضروری ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پوری طرح سے نافذ ہوگا، ہر کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم کارکردگی میں کمی کا جائزہ لیتے ہیں۔ ہمارا سب سے بڑا چیلنج معیشت کو ٹھیک کرنا ہے۔ 96 ارب ڈالر کا جو قرض ملا ہے وہ ہماری حکومت نے نہیں لیا، مشرف کے دور تک بیرونی قرض 39 ارب ڈالر تھا۔

  • اعجاز احمد شاہ کو پارلیمانی امورکا وفاقی وزیر بنا دیا گیا

    اعجاز احمد شاہ کو پارلیمانی امورکا وفاقی وزیر بنا دیا گیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان کے مشورے پر صدر مملکت نے بریگیڈیر (ر) اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر بنانے کی منظوری دی.

    تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی اعجازاحمد شاہ کو وفاقی وزیربنا دیا گیا،نوٹی فکیشن جاری ہوگیا، اعجازشاہ پارلیمانی امورکےوفاقی وزیر ہوں گے۔

    اس ضمن میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا ٹویٹ سامنے آیا ہے، جس میں‌ انھوں‌ نے فیصلے کی تصدیق کی ہے.

    اعجازشاہ پرویزمشرف دورمیں آئی بی کےڈائریکٹر رہ چکے ہیں. وزیر اعظم عمران خان کی مشورے پر صدر مملکت عارف علوی نے فیصلے کی منظوری دی.

    انھوں‌ نے این اے 118، ننکانہ صاحب سے الیکشن لڑا اور مسلم لیگ ن کے امیدوار کو سخت مقابلے میں شکت دی. انھوں نے 63,818 ووٹز حاصل کیے.

    قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے مراد سعید کو گذشہ برس دسمبر میں وفاقی وزیر کا عہدہ دیا تھا.

    خیال رہے کہ بے نظیر بھٹو نے شہادت سے قبل اپنے خط میں خود کو نقصان پہنچنے کی صورت میں‌ جن افراد کو شامل تفتیش کرنے کی کا مطالبہ کیا تھا، اعجاز شاہ کا نام ان میں شامل تھا.

  • پاکستانی بندرگاہوں کو لاس اینجلس اور ہیوسٹن کی طرز پر ترقی دیں گے: علی زیدی

    پاکستانی بندرگاہوں کو لاس اینجلس اور ہیوسٹن کی طرز پر ترقی دیں گے: علی زیدی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ پاکستانی بندرگاہوں کو لاس اینجلس اور ہیوسٹن کی طرز پر ترقی دیں گے، ملک میں کاروباری ماحول سازگار بنا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی سیرا کانفرنس کے موقع پر امریکا پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر اس موقع پر دنیا بھر کے سرمایہ کاروں سے پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق ملاقاتیں کریں گے۔

    کانفرنس کے شرکا سے توانائی کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ وفاقی وزیر علی زیدی کے پروگرام میں ہیوسٹن اور لاس اینجلس بندرگاہوں کا دورہ بھی شامل ہے۔

    دورے کے دوران علی زیدی کی اہم امریکی شخصیات سے ملاقاتیں بھی ہوں گی جبکہ امریکا میں مقیم پاکستانی برادری سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر کو امریکی قانون ساز اسمبلیوں میں اٹھانے کی حکمت عملی پر گفتگو ہوگی۔

    اس موقع پر علی زیدی کا کہنا تھا کہ پاکستانی بندرگاہوں کو لاس اینجلس اور ہیوسٹن کی طرز پر ترقی دیں گے، ملک میں کاروباری ماحول سازگار بنا رہے ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کا یہ موزوں ترین وقت ہے۔

    علی زیدی نے مزید کہا کہ پاکستانی برادری کو سرمایہ کاری کے لیے آمادہ کر کے زرمبادلہ لائیں گے۔

    اس سے قبل علی زیدی نے کہا تھا کہ پاکستان پہلے سیکیورٹی زون تصور کیا جاتا تھا، اب اکنامک زون بن چکا ہے۔

  • پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کا احترام کیا جاتا ہے، نورالحق قادری

    پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کا احترام کیا جاتا ہے، نورالحق قادری

    اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ساتھ یکساں سلوک اور ان کے ماننے والوں کا احترام کیا جاتا ہے، مذہبی آزادی سے متعلق فہرست سے پاکستان کا نام نکالا جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی سفیر برائے مذہبی آزادی سیم براؤن بیک نے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری سے امریکی سفیر برائے مذہبی آزادی سیم براؤن بیک نے ملاقات کی۔

    نورالحق قادری کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ساتھ یکساں سلوک اور ان کے ماننے والوں کا احترام کیا جاتا ہے کیونکہ پاکستان کا آئین تمام اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔

    اسلام بقائے باہمی، محبت اور امن کا درس دیتا ہے، وزیرمذہبی امور پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، پاکستان میں آزاد عدلیہ اور متحرک میڈیا ہے، ملک میں کسی مذہب یا عقیدے کے خلاف امتیازی سلوک کا تصور نہیں۔

    پاکستان کی اسمبلیوں اور اداروں میں تمام مذاہب کی نمائندگی ہے، بعض ممالک میں آزادی اظہار رائے پر مذہبی جذبات مجروح کئے گئے، توہین آمیز خاکوں سے عالمی امن کی کوششوں کو دھچکا پہنچتا ہے۔

    مذہبی آزادی کی فہرست میں پاکستان کو شامل کرنا غیر منصفانہ ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی قوانین پرمذہبی آزادی کا عملی طور پر حمایت کرتے ہیں، انہوں نے مذہبی آزادی سے متعلق فہرست سے پاکستان کا نام نکالنے کا مطالبہ بھی کیا۔

  • ترقی اورخوشحالی آئندہ 2 سالوں میں واضح ہوگی ‘خسروبختیار

    ترقی اورخوشحالی آئندہ 2 سالوں میں واضح ہوگی ‘خسروبختیار

    خان پور: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیارنے کہا ہے کہ ملک کا ڈھانچہ گزشتہ حکومتیں کھوکھلا کرگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق خان پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیارنے بتایا کہ حکومت نے چین سے مزید 3 معاہدے کیے ہیں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ صنعتی ترقی ، زرعی تعاون اور سماجی معاشرتی ترقی کے معاہدے اس میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ پرپل اورسڑکیں اسی سال مکمل ہوں گی۔

    مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ ملک کا ڈھانچہ گزشتہ حکومتیں کھوکھلا کرگئیں، ترقی اورخوشحالی آئندہ 2 سالوں میں واضح ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شمالی جنوبی سڑکوں کووسعت دی جائے گی، رحیم یار خان میں پاورپراجیکٹ اور پانی کے ذخائربنائیں گے۔

    وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ آئینی ترامیم کے لیے تعداد پوری کررہے ہیں، صوبہ جنوبی پنجاب صوبہ کا سیکرٹریٹ جون سے قبل بنائیں گے۔

    کم ترقی یافتہ علاقوں کے لیے چین ایک ارب ڈالر گرانٹ دے گا: خسرو بختیار

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی وزیر خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی توجہ ملک سے غربت کے خاتمے پر ہے، کم ترقی یافتہ علاقوں کے لیے چین ایک ارب ڈالر گرانٹ دے گا۔