Tag: وفاقی وزیر

  • وفاقی وزرا کا مسلسل بلوچستان آنا خوش آئند ہے: وزیر اعلیٰ بلوچستان

    وفاقی وزرا کا مسلسل بلوچستان آنا خوش آئند ہے: وزیر اعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور سے ملاقات کے بعد کہا کہ 4 ماہ میں دیکھا ہے وفاقی وزرا کا مسلسل بلوچستان آنا خوش آئند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور نے مشترکہ طور پر میڈیا سے گفتگو کی۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں بلوچستان کے مختلف مسائل پر بات چیت ہوئی، جوائنٹ ورکنگ گروپس بھی بنائے جا رہے ہیں۔ سردی میں زیارت، پشین، کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں گیس کا مسئلہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گیس ذخائر پر ماضی میں تیز طریقے سے کام نہیں ہوا، ہم نے تمام مسائل پر وفاقی وزیر سے بات چیت کی ہے۔ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے ایک ٹیم کی طرح کام کرنا ہوگا۔ 4 ماہ میں دیکھا ہے وفاقی وزرا کا مسلسل بلوچستان آنا خوش آئند ہے۔

    وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر بلوچستان کا دورہ کیا۔ سارے صوبوں کی قیادت کو ملا رہے ہیں۔ مسائل پر صوبوں کے پاس خود جا کر حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صوبوں کے پاس جا کر مسائل دیکھے اور حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ میرا حالیہ دورہ بلوچستان اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ بلوچستان میں قیادت ہماری اتحادی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سے مل کر ان کے صوبے کے مسائل بھی سنے۔ جمہوریت کا خاصا یہی ہے بات سنی جاتی ہے اور مسئلہ حل کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آج بھی ملاقات میں صوبوں کے مسائل پر بات ہوئی ہے، کمیٹیاں بھی بنائی ہیں اور میٹنگ کا ایک وقت بھی مقرر کیا ہے۔ عوام دیکھیں گے تبدیلی آئے گی۔ وزارت پیٹرولیم میں کمپنیاں بورڈ آف ڈائریکٹرز میں برابر نمائندہ ہیں۔

    غلام سرور نے مزید کہا کہ بلوچستان کے معاملات میں بلوچستان حکومت کی نمائندگی ہونی چاہیئے، تمام صوبے اپنی ایکسپولریشن کمپنیز بنائیں۔ ہمیں مل کر کام کرنا ہے اور پاکستان کے لیے کام کرنا ہے

  • چوہدری نثار ن لیگ کا فارورڈ بلاک بنائیں گے، فیصل واوڈا

    چوہدری نثار ن لیگ کا فارورڈ بلاک بنائیں گے، فیصل واوڈا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں چوہدری نثار ن لیگ کا فارورڈ بلاک بنائیں گے، پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کا حصہ نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’پاور پلے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں چوہدری نثار مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک بنائیں گے ہم تو خود ان کو تاش کے پتوں کی طرح بکھرتے دیکھ رہے ہیں۔

    فیصل واوڈا نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے سارے لوگ بے ایمان اور چور نہیں ہیں، بہت سے لوگوں کو اندر جانا، بہت سے لوگوں کو باہر آنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نئے سال کے تحت بہت ساری خوشخبریاں آئیں گی، پنجاب میں پی ٹی آئی مضبوط ہوگیی یہ سوچ بھی نہیں سکتے ہیں۔

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وزارت کے ماتحت کسی بھی معاملے پر سمجھوتہ نہیں کروں گا، اپنی وزارت میں خود بھی میں کوئی کنٹریکٹ نہیں دے سکتا، میری وزارت سے متعلق کوئی بھی کنٹریکٹ تھرڈ پارٹی کے ذریعے ہوگا۔

    مزید پڑھیں: سندھ میں پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک یقینی ہے: فیصل واوڈا کا دعویٰ

    واضح رہے کہ چند روز قبل فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کا فارورڈ بلاک یقینی ہے، پیپلزپارٹی کے فارورڈ بلاک میں 20 سے 26 ارکان جاسکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت بچ بھی گئی تو نئے وزیراعلیٰ کا نام بھی شاہ ہی ہوگا، جو لوگ وزیر اعلیٰ بن سکتے ہیں وہ شاہ ہیں اور میرے دوست ہیں۔

  • مراد سعید نے بطور وفاقی وزیر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    مراد سعید نے بطور وفاقی وزیر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے بطور وفاقی وزیر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے ان کی کارکردگی سے مطمئن ہونے کے بعد انہیں اس عہدے پر فائز کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مواصلات کے وزیر مملکت مراد سعید کو وفاقی وزیر کے عہدے پر تعینات کردیا گیا۔ مراد سعید نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

    چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا تھا جس میں وزیر مملکت مراد سعید کی کارکردگی متاثر کن رہی تھی۔

    بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے مراد سعید کو وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

    اس سے قبل مراد سعید کا کہنا تھا کہ 100 روز میں وزارت مواصلات کے اخراجات میں 50 فیصد کمی کردی اور 46 کروڑ روپے کی ریکوری کر کے ریونیو میں 3 ارب 72 کروڑ روپے کا اضافہ کیا۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ اور وفاقی وزرا کی ملاقات، گیس کے بحران پر گفتگو

    وزیر اعلیٰ سندھ اور وفاقی وزرا کی ملاقات، گیس کے بحران پر گفتگو

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی وفاقی وزیر برائے بجلی عمر ایوب خان اور وزیر برائے پیٹرولیم غلام سرور سے ملاقات ہوئی جس میں صوبے میں بجلی و گیس کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے گفت و شنید کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور کی ملاقات ہوئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے گیس لوڈ شیڈنگ سے متعلق وزیر پیٹرولیم کو آگاہی دی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صنعتی یونٹ بند اور ہزاروں مزدور بے روزگار ہوگئے۔ پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب اور سی این جی اسٹیشنز بند ہیں۔ یہ صورتحال ہمارے لیے باعث تشویش ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کو گیس کمپنیوں میں نمائندگی دی جائے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم نے وزیر اعظم عمران خان کو تمام صورتحال سے آگاہ کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔

    وزیر اعلیٰ کی وفاقی وزیر برائے بجلی عمر ایوب خان سے بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بجلی کے علاوہ ٹرانسمیشن بھی صوبائی معاملہ ہے، پاور جنریشن ٹھیک ہے لیکن ترسیل بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ تقسیمی نظام بہتر کرنے کی ضرورت ہے، حکومت سندھ نے حیسکو اور سیپکو کے 27 ارب ادا کر دیے تھے، معاہدہ تھا کہ سندھ میں ایم آر یا چیک میٹر لگیں گے تاکہ چوری کو روکیں۔

    انہوں نے کہا کہ میٹر 6 ماہ میں لگانے تھے لیکن 2 سال ہو گئے میٹر نہیں لگے۔

    وفاقی وزیر عمر ایوب نے یقین دہانی کروائی کہ میٹر جلد لگائیں گے، ہر ماہ ایک ارب سے زائد حیسکو اور سیپکو کو ادا کرتے ہیں۔

    وفاقی وزیر عمر ایوب نے سندھ میں کنڈا کلچر کے خاتمے کے لیے سندھ حکومت سے تعاون کی درخواست کی جس پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بجلی چوری چند لوگ کرتے ہیں اور بندش پورے گاؤں کی ہوتی ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی چوری کو ٹیکنالوجی کے ذریعے روکیں۔

    ملاقاتوں میں صوبائی اور وفاقی سیکریٹریز بھی موجود رہے۔

  • آئی جی تبادلہ کیس : وفاقی وزیر اعظم سواتی اپنے عہدے سے مستعفی

    آئی جی تبادلہ کیس : وفاقی وزیر اعظم سواتی اپنے عہدے سے مستعفی

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اعظم سواتی نے وزیراعظم عمران خان کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا، ان کا کہنا ہے کہ جب تک آئی جی تبادلہ کیس کا فیصلہ نہیں آتا حکومت کاحصہ نہیں رہوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی اعظم سواتی نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ جب تک آئی جی تبادلہ کیس کا فیصلہ نہیں آجاتا حکومت کاحصہ نہیں رہوں گا۔ اعظم سواتی کیخلاف سپریم کورٹ میں آئی جی تبادلہ کیس زیرسماعت ہے۔

    اعظم سواتی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ قبول کرنےکی درخواست کی ہے، موجودہ حالات میں وزارت کا قلمدان پاس نہیں رکھ سکتا، اخلاقیات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مستعفی ہورہا ہوں، مستعفی ہونے کے بعد سپریم کورٹ میں مقدمے کا دفاع کروں گا، کسی عہدے کے بغیر اپنا کیس سپریم کورٹ میں پیش کروں گا۔

    اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو میں اس بات کا اشارہ دے دیا تھا کہ اگر اعظم سواتی ذمہ دار قرارپائے گئے تو وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ 7 نومبر کو اعظم سواتی کے غریب خاندان سے جھگڑے کے معاملے پر سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو تحقیقات کے لیے دس ٹی او آرز دیتے ہوئے دو ہفتے میں رپورٹ طلب کی تھی۔

    مزید پڑھیں: اعظم سواتی کیس،  جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرادی

    بعد ازاں جے آئی ٹی نے معاملے کی تحقیقات کے بعد مرتب کی جانے والی رپورٹ میں اعظم سواتی کو واقعے میں قصور وار قرار دیا تھا۔ گزشتہ بدھ کے روز سپریم کورٹ میں آئی جی تبادلہ کیس کی سماعت میں چیف جسٹس نے اعظم سواتی پر آرٹیکل 62ون ایف کا اطلاق کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

  • گھر بیٹھے تنخواہ لینے والے شعبے ختم کریں گے: وزیر ریلوے

    گھر بیٹھے تنخواہ لینے والے شعبے ختم کریں گے: وزیر ریلوے

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سے درخواست کی ہے ریلوے ملازمین کو ایک گریڈ اپ کر دیں گے۔ ویجی لینس شعبہ ختم کر دیا، گھر بیٹھے تنخواہ لینے والے اور بھی شعبے ختم کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کے 7 ہیڈ کوارٹرز 24 گھنٹے فعال رہیں گے، ریلوے کے 7 ہیڈ کوارٹرز پر ٹکٹس فراہم کیے جائیں گے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ راولپنڈی اور لاہور سمیت مختلف جگہوں پر کوچز تیار کر رہے ہیں۔ 23 دسمبر سے رحمان بابا ایکسپریس کا افتتاح کر دیا جائے گا۔ گوجر خان سے جہلم کا پہاڑی راستہ کاٹ کر ٹریک بنائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھتی جا رہی ہے، 40 ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ ہوگا۔ 100 ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ 350 انجنوں کے لیے ٹریکنگ سسٹم ایک شہری نے گفٹ کیے ہیں۔ 25 دسمبر کو کراچی آؤں گا، ریلوے کے لیے انقلاب کا دن ہوگا۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان سے کراچی میں تجاوزات سے متعلق بات ہوئی، کراچی میں جا کر دیکھیں گے، نہیں چاہتے کہ غریبوں کو بے گھر کریں۔ نالہ لئی کا فیصلہ ہو گیا تو سڑک کے ساتھ ٹریک بنانے کی کوشش کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے درخواست ہے ریلوے ملازمین کو ایک گریڈ اپ کر دیں گے۔ سکھوں میں خوشی ہے، آئینی، قانونی اور جمہوری فیصلہ ہوا ہے۔ ننکانہ صاحب کو ڈیولپ کر رہے ہیں، سکھ بہت خوش ہیں۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ریلوے ملازم کوئی بھی ہو بغیر ٹکٹ پکڑا گیا تو نوکری سے برخاست کردوں گا۔ ویجی لینس شعبہ ختم کر دیا، گھر بیٹھے تنخواہ لینے والے اور بھی شعبے ختم کریں گے۔

  • چینی قونصلیٹ حملہ، فیصل واوڈا کی کمانڈو اسٹائل میں انٹری

    چینی قونصلیٹ حملہ، فیصل واوڈا کی کمانڈو اسٹائل میں انٹری

    کراچی: چینی قونصلیٹ پر حملے کے وقت وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی کمانڈو اسٹائل میں انٹری نے سب کو حیران کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چینی قونصلیٹ پر ہونے والے حملے کے وقت فیصل واوڈا نے کمانڈو اسٹائل میں انٹری دی، انہوں نے بلٹ پروف جیکٹ پہن رکھی تھی اور اسلحہ بھی موجود تھا۔

    صحافی نے سوال کیا فیصل بھائی کیا آپ خود بھی مقابلے کے لیے تیار ہیں جس پر فیصل واوڈا نے کہا کہ بالکل، ہمارا ملک ہے ہم لڑیں گے، مقابلے کے لیے تیار ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل چینی قونصل خانے پر حملے کے دوران پولیس کی نڈر خاتون ایس ایس پی سوہائے عزیز سب سے پہلے دہشت گردوں سے مقابلے کے لیے پہنچیں، وزیراعلیٰ سندھ نے خاتون افسر کو شاباشی دی۔

    مزید پڑھیں: دہشت گردوں سے مقابلے میں خاتون پولیس افسر سب سے آگے

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خاتون افسر کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے بہادری کی مثال قائم کی ہے، یہ ہیں ہماری خواتین جو سب سے آگے ہیں۔

    ایڈیشنل آئی جی پولیس امیر شیخ نے کہا کہ ایس ایس پی سوہائے عزیز آپ کمانڈو کنگ ہیں، خاتون افسر نے کہا کہ ڈیوٹی سب سے اہم ہوتی ہے وردی میں کوئی مرد یا عورت نہیں ہوتا۔

    واضح رہے کہ دہشت گردوں نے آج صبح سوا نو بجے کے قریب کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملہ کیا، جسے پولیس اور رینجرز نے ناکام بنادیا تھا، کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 اہلکار شہید ہوئے تھے۔

    فورسز کے فوری ایکشن کی وجہ سے دہشت گرد احاطے میں ہی محصور رہے اور عمارت کے اندر داخل نہیں ہوسکے، کارروائی کے دوران تین دہشت گرد باہر احاطے میں ہی مارے گئے جن سے بھاری اسلحہ اور خودکش جیکٹس برآمد ہوئے۔

  • کوئی کام خلاف قانون نہیں کیا، آئی جی اسلام آباد کا رویہ غیرذمہ دارانہ ہے، وفاقی وزیر اعظم سواتی

    کوئی کام خلاف قانون نہیں کیا، آئی جی اسلام آباد کا رویہ غیرذمہ دارانہ ہے، وفاقی وزیر اعظم سواتی

    اسلام آباد: وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی نے کہا ہے کہ میں نے کوئی کام خلاف قانون نہیں کیا، آئی جی اسلام آباد کا رویہ غیر ذمہ دارانہ ہے۔

    ان خیالات کا اظہا رانہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں کیا، اعظم سواتی نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات قائم کرنے والوں اور چوکیدار کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، جھگڑے کے بعد دھمکی دی گئی بم لگا کر آپ کے خان کو اُڑائیں گے۔

    اعظم سواتی نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کسی کو بھیج دیتے تو تین ملازم زخمی نہ ہوتے، میں ایک شہری کے طور پر انہیں فون کررہا تھا، انہوں نے 22 گھنٹے تک میرا فون نہیں سنا، تنگ آکر معاملہ وزیراعظم اور سیکریٹری داخلہ کے نوٹس میں لایا۔

    قبل ازیں اعظم سواتی نے سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں پیش ہوکر اپنا موقف پیش کروں گا، امید ہے چیف جسٹس کو موقف سمجھانے میں کامیاب ہوجاؤں گا۔

    انہوں نے سوال کیا کہ کیا عام شہری کی حیثیت سے تحفظ کا مطالبہ کرنا میرا حق نہیں؟ کوشش کے باوجود سیکریٹری داخلہ کا آئی جی اسلام آباد سے رابطہ نہیں ہوسکا۔

    واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اعظم سواتی کا فون اٹینڈ نہ کرنے پر آئی جی اسلام آباد جان محمد کو عہدے سے ہٹادیا گیا تھا۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے زبانی حکم پر ہونے والا آئی جی اسلام آباد کا تبادلہ روک دیا تھا۔

  • اربوں روپے کا پانی چوری ہو رہا ہے، پانی چوری روک کر دکھاؤں گا: فیصل واوڈا

    اربوں روپے کا پانی چوری ہو رہا ہے، پانی چوری روک کر دکھاؤں گا: فیصل واوڈا

    جامشورو: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ اربوں روپے کا پانی چوری ہو رہا ہے، پانی کی چوری روک کر دکھاؤں گا۔ سندھ کو مزید پانی ملے گا کوئی کٹوتی نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ اربوں روپے کا پانی چوری ہو رہا ہے، دو ہفتوں میں ڈسٹری بیوشن کینال پر سیکیورٹی تعینات کرنا ہوگی۔ دو ہفتے میں سیکیورٹی تعینات نہ کی گئی تو سخت ایکشن لوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے پانی کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی، ماضی کی حکومتوں نے صرف اپنوں کو نوازا، غریبوں کو نہیں پوچھا۔

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ میئر اپنی فریاد کر رہے ہیں ان کو پوچھنے والا کوئی نہیں، میری گفتگو کے بعد لوگ کہیں گے 18 ویں ترمیم میں مداخلت ہوگئی۔

    انہوں نے کہا کہ پانی کی چوری روک کر دکھاؤں گا، وزارت کا چارج لیے 4 دن ہوئے ہیں، مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کر رہا ہوں۔ سندھ کو مزید پانی ملے گا کوئی کٹوتی نہیں ہوگی۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ 2 روپے کمانے کے لیے 10 لاکھ خرچ کیے گئے، پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کا آپشن موجود ہے۔ ’صوبے میں رہتے ہوئے بے ایمانی نہیں کرنے دوں گا‘۔

    انہوں نے کہا کہ ڈی سی ملیر کو ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے وہ اچھے آدمی ہیں۔

  • وفاقی وزیر نہ بنانے پر محمد میاں سومرو ناراض، حلف اٹھائے بغیر کراچی واپس

    وفاقی وزیر نہ بنانے پر محمد میاں سومرو ناراض، حلف اٹھائے بغیر کراچی واپس

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما محمد میاں سومرو وفاقی وزیر نہ بنانے پر ناراض ہوگئے، وزیر مملکت کا حلف اٹھائے بغیر واپس کراچی پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین سینیٹ اور پی ٹی آئی کے رہنما محمد میاں سومرو نے وزیر مملکت بننے سے انکار کردیا اور احتجاجاً حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیے بغیر واپس کراچی پہنچ گئے۔

    باوثوق ذرائع کے مطابقمحمد میاں سومرو کو وفاقی وزیر کے بجائے وزیر مملکت برائے نجکاری بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جسے انہوں نے ماننے سے انکار کردیا۔

    اس حوالے سے ان کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ محمد میاں سومرو اس سے قبل دو بار چیئرمین سینیٹ، قائم مقام صدر سمیت گورنر سندھ جیسے اہم ترین عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں لہٰذا ان کا مؤقف ہے کہ محض وزیر مملکت کا عہدہ ان کیلئے نامناسب ہے۔

    مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ کے 6 نئے وزراء نے حلف اٹھا لیا

    علاوہ ازیں وفاقی کابینہ میں چھ نئے وزراء کو شامل کیا گیا ہے، علی محمد خان، عمر ایوب اور علی زیدی وفاقی وزیر بن گئے ہیں جبکہ مراد سعید ،محمد شبیرعلی، محمد حماد اظہر نے وزیر مملکت کاحلف اٹھایا، وزراء کے محکموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔