Tag: وفاقی ٹیکس محتسب

  • انکم ٹیکس میں رعایت، اساتذہ کے لیے بڑی خبر آ گئی

    انکم ٹیکس میں رعایت، اساتذہ کے لیے بڑی خبر آ گئی

    اسلام آباد: اساتذہ اور محققین کے لیے ٹیکس میں 25 فی صد رعایت بحال کر دی گئی۔

    وفاقی ٹیکس محتسب نے 1 ہزار سے زائد درخواستوں پر انکم ٹیکس میں 25 فی صد رعایت بحال کرنے کی سفارشات پیش کی تھیں، جس پر وفاقی کابینہ نے یونیورسٹیوں کے کل وقتی اساتذہ اور محققین کے لیے 25 فی صد ٹیکس چھوٹ بحال کر دی۔

    یہ تاریخی فیصلہ وفاقی ٹیکس محتسب کی مسلسل سفارشات کا تسلسل ہے، ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے متعدد شکایات ملنے کے بعد مذکورہ الاؤنس بحال کرنے کی سفارشات پیش کی تھیں، اضافی ٹیکس کٹوتیوں کے نتیجے میں تنخواہ دار ٹیکس دہندگان کو شدید مشکلات درپیش تھیں۔

    شکایات کی اچھی طرح چھان بین کی گئی تھی، جس میں دیکھا گیا کہ شکایت کنندگان ریگولر ملازمین ہونے کے باوجود اضافی کٹوتیوں کا نشانہ بنے ہوئے تھے، جب کہ وہ آمدنی کے دوسرے شیڈول کے حصہ اوّل کی شق (2) کے تحت ٹیکس میں رعایت/کمی کے اہل تھے۔

    انکم ٹیکس آرڈیننس، 2001 کے مطابق کل وقتی استاد یا محقق کی تنخواہ پر قابلِ ادائیگی ٹیکس میں 25 فی صد کمی کی جائے گی، یہ شق پرائیویٹ میڈیکل پریکٹس یا مریضوں کے علاج میں اپنا حصہ وصول کرنے والے طبی پیشے کے اساتذہ پر لاگو نہیں ہوتی۔

    وفاقی ٹیکس محتسب نے بتایا کہ تاریخی طور پر اساتذہ کی انکم ٹیکس میں 25 فی صد چھوٹ، انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے نفاذ کے بعد سے ملتی رہی ہے۔ قانون میں مذکورہ بالا شق کی موجودگی کی وجہ سے، ایف ٹی او کے دفتر کو ہزاروں شکایات موصول ہوئیں۔ جن میں اساتذہ نے کہا تھا کہ ان کے کیسز کی جانچ پڑتال میں غیر معمولی تاخیر کی جا رہی ہے۔

    وفاقی ٹیکس محتسب کے مطابق تنخواہ تقسیم کرنے والی اتھارٹیز اکثر اوقات 25 فی صد چھوٹ کی پرواہ کیے بغیر کُل تنخواہ پر ٹیکس کاٹ لیتی ہیں، ایسے ہزاروں کیسز میں ایف بی آر کے ذیلی دفاتر کو ہدایت کی گئی تھی کہ اساتذہ کو 25% ٹیکس چھوٹ کی رقم ریفنڈ کی جائے۔

    تاہم ایف بی آر نے نومبر 2024 میں بتایا کہ مالیاتی ایکٹ 2022 کے تحت 25 فی صد چھوٹ ختم کر دی گئی ہے، اب یہ 2023 کے بعد قابلِ قبول نہیں ہے، ایف ٹی او سیکرٹریٹ نے اس مسئلے کا نوٹس لیا، حقائق کی روشنی میں یہ بات سامنے آئی کہ اساتذہ برادری کے لیے یہ ٹیکس چھوٹ اب بھی قابلِ اطلاق ہے۔

    واضح رہے کہ ایف ٹی او سیکرٹریٹ نے اس مسئلے کے حل میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے، جس سے لاکھوں اساتذہ کو فائدہ ہوگا۔

  • وفاقی ٹیکس محتسب کا ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے بڑا قدم

    وفاقی ٹیکس محتسب کا ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے بڑا قدم

    اسلام آباد: وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) نے ایف بی آر کے تعاون سے ہیڈ کوارٹرز میں ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے ہیلپ ڈیسک قائم کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب نے ریٹرن فائل کرنے میں ٹیکس دہندگان کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے ایک مخصوص سہولت ڈیسک کا آغاز کیا ہے۔

    اس اقدام کا مقصد ٹیکس ریٹرن کے عمل کو آسان بنانا ہے، ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ 14 اکتوبر تک بڑھا دی گئی ہے، ٹیکس دہندگان کو ایف بی آر کی ویب سائٹ پر ٹیکس ریٹرن فائل کرنے میں پاس ورڈ کی بازیافت جیسے مسائل حل کیے جائیں گے۔

    ایف ٹی او ڈیسک دیگر مسائل میں بھی مدد فراہم کرے گا، ایف بی آر کے تربیت یافتہ اہلکار ٹیکس فائلرز کو مدد فراہم کرنے کے لیے دستیاب ہوں گے۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد میں ایف ٹی او سیکرٹریٹ میں سوالات صرف ذاتی طور پر حل کیے جائیں گے، فون کالز کے ذریعے کوئی مدد فراہم نہیں کی جائے گی۔

    ایف ٹی او آفس کا کہنا ہے کہ وہ ٹیکس دہندگان کو سہولت کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے، ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، تاکہ وہ فائلنگ میں مدد کے لیے ڈیسک پر جائیں، اور ٹیکس سے متعلق مسائل کو حل کروائیں۔