Tag: وفاقی کابینہ

  • وفاقی کابینہ میں ردوبدل، کابینہ ڈویژن نے نوٹفکیشن  جاری کردیا

    وفاقی کابینہ میں ردوبدل، کابینہ ڈویژن نے نوٹفکیشن جاری کردیا

    اسلام آباد: کابینہ ڈویژن نے اسد عمر ،خسروبختیار اور صاحبزادہ محبوب سلطان کی وزارتوں کااعلامیہ جاری کردیا جب کہ وفاقی وزیر خسرو بختیار کی وزارت سے متعلق کیا گیا فیصلہ تبدیل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزرا کے قلمندان میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق اسد عمر کو منصوبہ بندی و ترقی اور اصلاحات کا قلمدان دیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: اسدعمر نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھالیا

    اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ صاحبزادہ محبوب سلطان کو سیفران کا وفاقی وزیربنایا گیا ہے جب کہ خسرو بختیارکونیشنل فوڈ اینڈ سیکیورٹی کا قلمدان دیاگیا ہے۔

    خسرو بختیار کو وزارت پٹرولیم کا قلمدان نہ مل سکا، گزشتہ روز خسروبختیار کو پیٹرولیم کاقلمدان دینےکافیصلہ کیا گیاتھا۔

    معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ کے ذریعے آگاہ کیا تھا کہ وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کا فیصلہ کیا گیا، اسد عمر کو وزیر برائے منصوبہ بندی اور اسپیشل انیشٹو ، خسرو بختیار کو وزیر پیٹرولیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا، وزارتوں کا نوٹی فکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔

  • وفاقی کابینہ نے نیشنل ٹیرف پالیسی کی منظوری دیدی

    وفاقی کابینہ نے نیشنل ٹیرف پالیسی کی منظوری دیدی

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے نیشنل ٹیرف پالیسی کی منظوری دے دی ہے جب کہ عوام کو ریلیف دینےکی پالیسیوں کوتیز کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے وفاقی کابینہ میں ہونے والے فیصلوں سے متعلق میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آج کابینہ اجلاس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا،4سال بعد پہلی بار کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی آئی ہے جس پر وزیر اعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کو مبارکباد دی۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ معاشی اعدادوشمار میں بہتری سے سرمایہ کاروں کااعتمادبحال ہواہے، معاشی اعدادوشمار میں بہتری معاشی ٹیم کی کاوشوں کا ثمر ہے اور حکومتی پالیسیوں کا اصل فائدہ عوام تک پہنچےگا، عوام کو ریلیف دینےکی پالیسیوں کوتیز کرنےکی ہدایت کی گئی ہے اور پاکستان کی برآمدات میں اضافے کیلئے ہر قدم اٹھایاجائےگا۔

    انہوں نے بتایا کہ رضوان بھٹی کوانڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کاچیئرمین اور رضا عباس پاکستان انجینئرنگ بورڈ کا چیف ایگزیکٹو بورڈتعینات کیا گیا، کابینہ نے متبادل توانائی پالیسی کی منظوری بھی دی ، 2006 میں پہلی متبادل توانائی پالیسی منظور ہوئی تھی، کابینہ نے اسی سی سی کے فیصلوں کی توثیق کی جب کہ جی سی سی فیصلوں کی باضابطہ منظوری اورکمیٹی قائم کی گئی ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نیشنل ٹیرف پالیسی کی بھی کابینہ نے منظوری دے دی ہے، 27وزارتوں کے اداروں نے 134خالی آسامیوں پر بریف کیا جب کہ 87 اسامیوں پر ایڈیشن چارج دیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمررسیدہ اورمعمولی جرائم کےقیدیوں کاڈیٹاصوبائی حکومتوں سےطلب کیاگیا ہے اور معمولی جرائم کےقیدیوں کاڈیٹاجمع کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا نعرہ ہےدونہیں ایک پاکستان،یہ نعرہ پورا کرنے کیلئے قوانین مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔

  • وفاقی کابینہ نے نیشنل ٹیرف اور قابل تجدید توانائی پالیسی کی منظوری دے دی، ذرائع

    وفاقی کابینہ نے نیشنل ٹیرف اور قابل تجدید توانائی پالیسی کی منظوری دے دی، ذرائع

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے ایجنڈے میں شامل 8 نکات کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے ایجنڈے میں شامل 8 نکات کی منظوری دے دی۔

    ذرائع کے مطابق کابینہ نے نیشنل ٹیرف اور قابل تجدید توانائی پالیسی کی منظوری دی۔ اجلاس میں وزارتوں،ڈویژن میں چیف ایگزیکٹو،ایم ڈیز کی خالی آسامیوں کی رپورٹ پیش کی گئی۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اسد عمر نے بھی شرکت نے۔ انہوں نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسد عمر سے حلف لیا۔

    قانون کی حکمرانی سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹوں گا: عمران خان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ این آر او مانگنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، قانون کی حکمرانی سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ادارے پاکستان کو مضبوط رکھنے کے لیے ایک پیج پر ہیں، عوامی ریلیف کے لیے اس ماہ بڑے اقدامات سامنے آئیں گے، اداروں کی تعمیر نو اور مضبوطی کے بغیر کام نہیں چلے گا۔

  • وفاقی کابینہ میں ردوبدل اور توسیع، اسد عمر کی واپسی

    وفاقی کابینہ میں ردوبدل اور توسیع، اسد عمر کی واپسی

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کرنے کا اعلان کردیا جس کے مطابق اسد عمر کو بھی وزارت دی گئی ہے۔

    معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ کے ذریعے آگاہ کیا کہ وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کا فیصلہ کیا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ اسد عمر کو وزیر برائے منصوبہ بندی اور اسپیشل انیشٹو ، خسرو بختیار کو وزیر پیٹرولیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزارتوں کا نوٹی فکیشن جلد جاری کردیا جائےگا۔

    یاد رہے کہ تین روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں ردوبدل کے معاملے پر ایک بار پھر غور شروع کردیا ، ذرائع کا کہنا تھا کہ ردوبدل کافیصلہ کچھ عرصے قبل کیا گیا تھا تاہم دھرنے اور سیاسی صورتحال کے باعث فیصلے کو مؤخر کر دیا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ کچھ وزارتوں میں ناقص کارکردگی پر کیا گیا، اس ضمن میں کور کمیٹی سے بھی مشاورت کی گئی۔

    واضح رہے رواں سال اپریل میں وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے کئی وزرا کے قلم دان تبدیل کردیئے تھے، فوادچوہدری کوسائنس و ٹیکنالوجی اور غلام سرور کو ایوی ایشن کی وزارت دی گئی، جب کہ میاں محمد سومرو سے ایوی ایشن کا اضافی چارج واپس لے لیا گیا تھا۔

    اعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ ، شہریارآفریدی سیفران کے وزیرمملکت بنایا گیا تھا جبکہ اعظم سواتی کو پارلیمانی امور کا قلمدان دیا گیا تھا اور اسد عمر کی جگہ عبدالحفیظ شیخ مشیر خزانہ مقرر کیے گیا تھا۔

  • وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 19 نومبر کو طلب کرلیا

    وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 19 نومبر کو طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس 19 نومبر منگل کو ہوگا، اجلاس میں اہم امور زیر غور آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 19 نومبر بروز منگل کو طلب کرلیا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کا 7 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی اور سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، وزیر اعظم کور کمیٹی کے فیصلوں پر کابینہ کو بھی اعتماد میں لیں گے۔ وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔

    کابینہ کی خصوصی کمیٹی برائے سی پیک کے فیصلوں کی بھی توثیق کی جائے گی، اجلاس میں کابینہ کو قومی ٹیرف پالیسی پر بریفنگ دی جائے گی۔ نیشنل ٹیرف پالیسی کی منظوری اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

    اجلاس میں وزارتوں اور محکموں میں سی ای او اور ایم ڈی کی خالی اسامیوں پررپورٹ پیش کی جائے گی، وزارت انڈسٹریز میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تعیناتی کی منظوری بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

    وفاقی کابینہ پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن میں سی ای او کی تعیناتی کی منظوری دے گی جبکہ وفاقی انشورنس محتسب کی تعیناتی بھی اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔

  • وزیراعظم کی سرپرستی میں’احساس پروگرام‘ کی نئی پالیسی تشکیل

    وزیراعظم کی سرپرستی میں’احساس پروگرام‘ کی نئی پالیسی تشکیل

    اسلام آباد : وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ کابینہ نے’احساس پروگرام‘ کی گورننس،انٹیگریٹی پالیسی کی منظوری دے دی، نئی پالیسی وزیراعظم کی سرپرستی میں بنائی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ’احساس پروگرام‘ میں کڑے احتساب کی پالیسی متعارف کرا دی گئی، پالیسی میں ادائیگیوں، ٹھیکوں، بھرتیوں، خریداری میں شفافیت سمیت 27 نکات شامل ہیں۔

    معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ گورننس وانٹیگریٹی پہلی پالیسی ہے۔ انہوں نے منظوری پر کابینہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نئی پالیسی وزیراعظم کی سرپرستی میں بنائی گئی ہے، وزیراعظم چاہتے ہیں پروگرام کے تحت حقداروں تک ان کی رقم پہنچے۔

    انہوں نے کہا کہ لنگر، وظائف، بلاسود قرض اور اثاثوں کی منتقلی پروگرام پر لاگو ہوگی، نئی پالیسی کمیشن پرٹھیکوں، بھرتیوں میں اقربا پروری ختم کرائے گی، پالیسی دبی آڈٹ رپورٹس سامنے لائے گی، کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔

    معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ادارے صوابدیدی اختیارات ختم ہونے کے ڈر سے پالیسیاں نہیں بنا پاتے، ربڑاسٹمپ کمیٹیوں، بورڈز کو فعال بنائیں گے۔

    حکومت کا احساس پروگرام اُن لوگوں کے لیے ہے، جن کے پاس نوکریاں نہیں ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر

    یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشترکا کہنا تھا کہ احساس پروگرام اُن لوگوں کے لیے ہے، جن کے پاس نوکریاں نہیں، پروگرام کے تحت 4 سال ہر ماہ 80 ہزار روپے بلاسود قرضہ دیا جائے گا۔

    معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشترکا مزید کہنا تھا کہ شفافیت اورگورننس بہت ضروری ہے، اسکالرشپ بھی آئے گی، گورننس میں شفافیت اہم چیزہے۔

  • نوازشریف کی بیرون ملک روانگی کا معاملہ، کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی

    نوازشریف کی بیرون ملک روانگی کا معاملہ، کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی

    اسلام آباد: نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور بیرون ملک روانگی کے حوالے سے وفاقی کابینہ اجلاس میں ہونے والی بحث کی اندرونی کہانی سامنے آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی بیرون ملک روانگی کا معاملہ سرفہرست رہا ہے جس میں ارکان نے بڑھ چڑھ کر اپنی رائے کا اظہار کیا۔

    اجلاس میں شریک وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے اے آر وائی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس پرکابینہ اجلاس میں بحث ہوئی ،میڈیکل رپورٹ کےمطابق نوازشریف کی طبیعت ٹھیک نہیں۔

    شیخ رشید نے کہا کہ شرط رکھی گئی کہ نوازشریف فیملی بتائےگی کتنےدن کا علاج کراناہے جب کہ شریف فیملی کوبیرون ملک جانے کیلئےبانڈجمع کراناہوگا اور اکثریت نےاس فیصلےکی حمایت کی۔

    یہ بھی پڑھیں: کابینہ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دے دی

    شیخ رشید نے بتایا کہ العزیزیہ کیس میں جوجرمانہ عائدکیاگیاتھاوہی رقم بطور گارنٹی نوازشریف سے لی جائےگی اور اگر نوازشریف اس فیصلے کے خلاف عدالت میں جانےچاہیں توانہیں کوئی نہیں روک سکتا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں نوازشریف کوباہربھیجنےکی اجازت کافیصلہ ہوا، کابینہ نےمشروط طورپرای سی ایل سےنام نکالنےکافیصلہ کیا تاہم میاں صاحب کب جائیں گے اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا کیونکہ کابینہ میں جوفیصلہ ہوناتھاہوگیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں توشروع سےکہہ رہاہوں نوازشریف کوچھوڑیں جانےدیں۔

    خیال رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں نیب کےموقف پرتحفظات کا اظہارکیا گیا، ذرائع کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے نیب کے مؤقف پر ناپسندیدگی کااظہار کرتے ہوئے کہا نیب نے درخواست پرواضح مؤقف نہیں اپنایا جبکہ سیکریٹری صحت پنجاب نےتین میڈیکل رپورٹس پیش کیں۔

    یاد رہے نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر ڈال دی تھی اور کہا تھا کہ وفاقی حکومت مجاز اتھارٹی ہے۔

    کہا جارہا تھا کہ ایگزیٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے کے معاملے پر نیب افسران میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، قومی احتساب بیورو کے افسران نے دو ٹوک مؤقف اختیار کیا ہے کہ نوازشریف نے بیرونِ ملک بھیجنا مقصود ہے تو پلی بارگین کے بعد بھیجا جائے۔

  • وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری

    وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں آزادی مارچ کا معاملہ، مذاکرات کی تعطلی سمیت دیگر معاملات زیرغور آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم آفس میں جاری ہے۔اجلاس میں وفاقی کابینہ کو ملک میں امن و امان کی صورت حال پر بریفنگ دی جائے گی، آزادی مارچ کا معاملہ، مذاکرات کی تعطلی سمیت دیگر معاملات زیرغور آئیں گے۔

    ذرائع کے مطابق نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ ایجنڈے میں شامل نہیں ہے، وزیراعظم کی اجازت سے کوئی بھی ایجنڈا آئٹم موقع پر شامل کیا جاسکتا ہے۔

    اجلاس میں اوگرا کے ممبر گیس کی تقرری کی منظوری دی جائے گی، وزارتوں میں سی ای اوز، ایم ڈیزکی خالی پوسٹوں پر بریفنگ دی جائے گی، ہیلتھ کیئرریگولیشن ایکٹ کے تحت بورڈ آف اتھارٹی کے ممبرز کی تعیناتی بھی ایجنڈے میں شامل ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی سٹیزن پورٹل کی شکایات کے حل پر بریفنگ ہوگی۔

    وفاقی کابینہ اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لے گی، عوامی مفاد کے منصوبوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا، احساس پروگرام کے نئے پراجیکٹ کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں وزیراعظم پورٹل پروگرام کی ایک سالہ کارکردگی پر بریفنگ دی جائے گی۔

  • اسد درانی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد

    اسد درانی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے اسد درانی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد کر دی۔ وزارت داخلہ کے ڈپٹی سیکرٹری نے کاپی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کر دی۔

    نمائندہ وزارت دفاع نے بتایا کہ اسد درانی کے خلاف 2 اور انکوائریز شروع کی ہیں، 2 ہفتےمیں اسد درانی سےجواب طلب کیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ 2 ہفتےمیں انکوائری شروع کر کے ان کو نوٹس بھی کرلیں، اسد درانی کو بار بارعدالت کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست نمٹا دی۔

    یاد رہے کہ رواں سال مئی میں وزارت داخلہ نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔ ملٹری انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کی سفارش پر یہ اہم ترین اقدام عمل میں‌ آیا۔

    لیفٹیننٹ جنرل اسد درانی اگست 1990 سے مارچ 1992 تک آئی ایس آئی کے سربراہ رہے ہیں۔ انہوں نے سابق را چیف اے ایس دلت کے ساتھ مل کر کتاب ’دی اسپائے کرونیکلز: را، آئی ایس آئی اینڈ دی الوژن آف پیس‘ لکھی ہے۔ اس کتاب پر پاکستان کے سیاسی وعسکری حلقوں‌ کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔

  • وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب

    وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے منگل کے روز وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا جس کا آٹھ نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 5 نومبر کو طلب کرلیا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا، کابینہ ای سی سی کے فیصلوں کو توثیق کرے گی۔

    اجلاس میں کابینہ قانون سازی سے متعلق خصوصی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی جبکہ سی ڈی اے کی تنظیم نو بھی ایجنڈے میں شامل ہے

    کابینہ قانون سازی سے متعلق خصوصی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی جبکہ سی ڈی اے کی تنظیم نو بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

    اجلاس کے ایجنڈے میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں سے متعلق پالیسی بھی شامل ہے اس کے علاوہ نیشنل پاور پارک میں مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او کی تعیناتی کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

    ذرائع کے مطابق میجر جنرل عامر مجید کی بطور ڈی جی رینجرز پنجاب عارضی تبادلہ کی منظوری دی جائے گی۔ نادرا کے مالی سال 2019 کے آڈٹ کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

    وفاقی کابینہ کا اجلاس، لاہور، کراچی، پشاور اور ملتان کے لیے بڑی خبر آگئی

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں لاہور،ملتان،کراچی اور پشاور میں کثیرمنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی پالیسی کی منظوری دی گئی تھی۔