Tag: وفاقی کابینہ

  • وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا

    وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا

    اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کااہم اجلاس آج طلب کرلیا ، اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلوں سے پیدا شدہ صورتحال پر غور ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج دوپہرایک بجےوزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وفاقی کابینہ ملک کی سیاسی صورتحال اورسپریم کورٹ کے فیصلوں سے پیدا شدہ صورتحال پر غور کرے گی۔

    اجلاس میں پارلیمنٹ کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف آپشنز اور آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گا۔

    یاد رہے گذشتہ روز پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کے لیے فنڈز فراہمی کیس کی سپریم کورٹ ان چیمبر سماعت ہوئی تھی ،جس میں عدالت عظمیٰ نے فنڈز جاری نہ کرنے پر حکومت پر برہمی کا اظہار کیا۔

    سپریم کورٹ نے اسٹیٹ بینک کو انتخابات کے لیے فنڈز جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 21 ارب روپے کے فنڈز الیکشن کمیشن کو جاری کیے جائیں۔

  • وفاقی کابینہ نے پاور بریک ڈاؤن کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی منظوری ‌دے دی

    وفاقی کابینہ نے پاور بریک ڈاؤن کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی منظوری ‌دے دی

    اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے پاور بریک ڈاؤن کے ذمہ دارافسران اور اہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائی کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس ہوا ، جس میں 5 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں پاور بریک ڈاؤن کی انکوائری رپورٹ پیش کی گئی ، جس کے بعد کابینہ نےذمہ دارافسران ،اہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائی کی منظوری دے دی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ 23 جنوری کے بریک ڈاؤن پر 18صفحات پر مشتمل رپورٹ کابینہ میں پیش کی، جس میں این ٹی ڈی سی، نیپرا، پاور کنٹرول مینجمنٹ اور شفٹ انچارج کو ذمہ دار قرار دیا گیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے مسلسل 3 بریک ڈاون پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پاور منسٹری کو جامع پلان بنانےکی بھی ہدایت کردی۔

    وزیراعظم نے سسٹم کی بہتری کیلئے ہنگامی اقدامات کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جامع پلان بنائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

  • پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑا معاہدہ

    پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑا معاہدہ

    اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے سعودی عرب کیساتھ کسٹمز امور میں تعاون کے معاہدے کی منظوری دے دی، جس کے تحت دونوں ممالک میں کسٹمز سے متعلق امور میں تعاون اور باہمی معاونت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے ٹیکس چوری،کمرشل فراڈ،ممنوعہ اشیااور منی لانڈرنگ روکنے کے لیے اقدامات جاری ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ کابینہ نے سعودی عرب کیساتھ کسٹمز امور میں تعاون کےمعاہدے کی منظوری دے دی ، وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری لی گئی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں کسٹمز سے متعلق امور میں تعاون اور باہمی معاونت ہوگی ، سعودی عرب کیساتھ معاہدہ کئی حوالوں سے پاکستان کیلئے فائدہ مند ہوگا۔

    حکومتی ذرائع نے کہا ہے کہ معاہدے سے ٹیکس اور ڈیوٹیز کی چوری کے خطرات کم ہوں گے۔

    معاہدے سے متعلق بین الوزارتی مشاورتی عمل مکمل کیا گیا، اس حوالے سے وزارت داخلہ،دفاع،تجارت ،وزارت خارجہ سے مشاورت کی گئی جبکہ وزارت قانون و انصاف سے معاہدے کے مسودے کی توثیق بھی کرائی گئی۔

  • وفاقی کابینہ نے پی ایس ایل کی سیکیورٹی کے لیے فوج، رینجرز تعیناتی کی منظوری دے دی

    وفاقی کابینہ نے پی ایس ایل کی سیکیورٹی کے لیے فوج، رینجرز تعیناتی کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 کی سکیورٹی کے لیے فوج اور  رینجرز  تعینات کرنےکی منظوری دے دی۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ سے وزارت داخلہ کی سمری کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی ہے۔

     ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب ، سندھ اور اسلام آباد کی انتظامیہ نے فوج اور  رینجرز کی تعیناتی کے لیے درخواست کی تھی اور  پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی  پی ایس ایل کی سکیورٹی کے لیے وفاقی وزیر داخلہ کو خط لکھا تھا۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کا میلا آج میں سجے گا، پی ایس ایل سیون کی فائنسلٹ ٹیمیں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز افتتاحی میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔

    انتظار کی گھڑیاں ختم، پی ایس ایل 8 کا میلہ آج سے رنگ جمائے گا

    پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کا آغاز ملتان میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے ہوگا۔ گلوکار ساحر علی بگا، عاصم اظہر فارس شفیع، عائمہ بیگ اور شائے گل اپنی آواز کا جادو جگائیں گے

    آج سے ایک ٹرافی کے حصول کے لیے 6 ٹیمیں میدان میں ہوں گی۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے اور تمام ٹیمیں مقابلے کے لیے تیار ہیں۔

  • وفاقی کابینہ کا ایک ماہ کی تنخواہ ترک بھائیوں کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان

    وفاقی کابینہ کا ایک ماہ کی تنخواہ ترک بھائیوں کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے ریلیف فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی کابینہ نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ امدادی فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے ریلیف فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ فنڈ سے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی مشکل گھڑی میں معاونت کی جائے گی، کابینہ نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ امدادی فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے مخیر حضرات سے برادر ملک ترکیہ کی فراخدلانہ مدد کی اپیل بھی کی ہے۔

    خیال رہے کہ پاک فضائیہ کا سی 130 طیارہ پاکستان آرمی کی یو ایس اے آر ٹیم لے کر ترکیہ کے ادانہ ایئرپورٹ پر پہنچ چکا ہے، طیارہ نور خان بیس سے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم اور کمبل لے کر ترکیہ پہنچا ہے۔

    اسی پرواز میں حکومت پاکستان کی جانب سے کارگو ایڈ بھی بھیجی گئی ہے۔

    ایک اور سی 130 طیارہ خیمے اور کمبل کی پیکنگ مکمل ہوتے ہی آج ہی لاہور سے روانہ کیا جائے گا۔

  • وفاقی کابینہ کی پشاور دھماکے کی مذمت، پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلانے کی تجویز

    وفاقی کابینہ کی پشاور دھماکے کی مذمت، پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلانے کی تجویز

    اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے پشاور میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلانے کی تجویز دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں وفاقی کابینہ نے پشاور میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کے عزم کا اعادہ کیا۔

    کابینہ کے اجلاس میں سانحہ پشاور کے شہدا کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی ، وفاقی کابینہ نے پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلانے کی تجویز دے دیا۔

    اجلاس میں ارکان نے پارلیمنٹ کو دہشت گردی کی حالیہ لہر پر اعتماد میں لینے کا مشورہ دیا۔

    اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پشاور دھماکہ افسوسناک ہے، خیبر پختونخوا میں 10 سال پی ٹی آئی کی حکومت رہی، گزشتہ 10 سال میں وفاق کی جانب سے 417 ارب روپے خیبرپختونخوا کو ادا کیے جاچکے ہیں، 417 ارب روپے کہاں استعمال ہوئے؟

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہےکہ ہمیں پیسے نہیں ملے لیکن انہیں سالانہ 40 ارب ملے، وہ پیسے کہاں گئے؟ یہ پیسہ خیبر پختونخوا کی پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بہتری کے لئے استعمال ہونا تھا۔

  • حکومت کا شادی ہالز اور مارکیٹیں بند کرنے کے حوالے سے بڑا اعلان

    اسلام آباد : حکومت نے توانائی کی بچت کیلئے اقدامات کرتے ہوئے ملک بھرمیں تمام شادی ہال رات 10 بجے بند اور مارکیٹیں ساڑھے 8 بجے بند کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزرا نے میڈیا بریفنگ دی، وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا میں مارکیٹیں اور دفاترجب بند ہوتے ہیں تو یہاں کھلتے ہیں، یہاں پرمارکیٹیں آدھی رات کے بعد بھی کھلی رہتی ہیں، پاکستان کے علاوہ دنیا میں 200 سے زائد ممالک اسی روٹین پر چل رہے ہیں اور ہم نے اپنا لائف اسٹائل اور عادتیں دنیا سے علیحدہ رکھی ہوئی ہیں۔

    خواجہ آصف نے بتایا کہ آج وفاقی کابینہ کےاجلاس میں کوئی لائٹ آن نہیں تھی ،اجلاس مکمل طورپر سورج کی روشنی میں ہوا، ہمارے ہاں اسٹرکچر بھی ایسا ہو جس سے ہمارے گھرروشن ہوں، ہم اللہ کی دی ہوئی روشنی استعمال نہیں کرتے۔

    وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے وفاق سمیت تمام اداروں کے دفاتر میں بجلی کےاستعمال میں 30 فیصد کمی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام دفاترمیں برقی آلات کا غیرضروری استعمال بند کیا جائے۔

    انھوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے توانائی کی بچت کیلئے فوری اقدامات کی منظوری دے دی ہے ، جس کے تحت ملک بھرمیں تمام شادی ہال 10 بجے بند اور مارکیٹیں ساڑھے 8 بجے بند ہو جائیں گے ، توانائی کی بچت کیلئے اقدامات فوری نافذ العمل ہوں گے، توانائی بچت کیلئے اقدامات سے 62 ارب روپے بچت ہوگی۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ غیر مؤثر پنکھوں پر 30 فیصد ڈیوٹی عائد کی جائےگی ، بجلی سے چلنے والے غیر مؤثر پنکھوں پر اضافی ڈیوٹی عائد کی جائے گی۔

    وفاقی وزیر نے بتایا کہ ہم گرمیوں میں29 ہزار میگاواٹ بجلی استعمال کرتے ہیں، سردیوں میں یہی 12 ہزار میگا واٹ پر آجاتی ہے، ہم پروگرام پرعمل کررہے ہیں کہ آہستہ آہستہ بجلی کا استعمال نیچے لائیں۔

    انھوں نے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے حوالے سے کہا کہ یکم فروری 2023 کے بعد پرانے بلب تیار نہیں کیے جائیں گے، سرکاری اداروں میں ایل ای ڈی بلب اور مؤثرآلات استعمال کریں گے۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ گیزرز میں کونیکل بیفرز کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ،92 ارب کی بچت ہو گی، اس آلےسے ہیٹ ٹریپ ہو جاتی ہے، اس آلے سے گیس کا استعمال کم ہوگا۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ 100 فیصد اسٹریٹ لائٹس استعمال نہیں ہوں گی صرف ضرورت کے مطابق ہوگی، اسٹریٹ لائٹ 50 فیصد ان ہوں گی جس سے4 ارب کی بچت ہوگی۔

  • وفاقی کابینہ اجلاس: وزیر اعظم کی متبادل توانائی سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

    وفاقی کابینہ اجلاس: وزیر اعظم کی متبادل توانائی سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں توانائی بچت پلان پر بحث کی گئی، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امپورٹ بل میں کمی کے لیے توانائی بچت پلان پر عملدر آمد اور متبادل توانائی کا استعمال ناگزیر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    اجلاس میں وفاقی کابینہ نے دہشت گردی کے واقعات میں شہید افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی، وفاقی کبینہ کی جانب سے کہا گیا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے ختم کر دیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف مسلسل جدوجہد پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔

    اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ مجوزہ توانائی بچت پلان پر بحث کی، توانائی بچت پلان پر اسٹیک ہولڈرز سے اب تک کی گئی مشاورت پر بریفنگ بھی دی گئی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں سمیت اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے، مجوزہ توانائی بچت پلان کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے، بحیثیت قوم توانائی کے حوالے سے کفایت شعاری کی اشد ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امپورٹ بل میں کمی کے لیے توانائی بچت پلان پر عملدر آمد اور متبادل توانائی کا استعمال ناگزیر ہے۔

    وزیر اعظم نے وزیر توانائی کو پاکستان میں ونڈ کی استعداد سے متعلق رپورٹ پیش کرنے اور سرکاری دفاتر میں بجلی کی کھپت 30 فیصد کم کرنے سے متعلق کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔

  • معیشت بدحال، عوام مہنگائی کی یلغار لیکن شہباز حکومت کی شاہ خرچیاں جاری

    معیشت بدحال، عوام مہنگائی کی یلغار لیکن شہباز حکومت کی شاہ خرچیاں جاری

    اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے تشہیری مہم کے لیے خطیر رقم کی منظوری دے دی ، میڈیا مہم کے لئے 2 ارب روپے منظور کئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی شاہ خرچیاں جاری ہے ، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارت اطلاعات کی میڈیا مہم کے لئے 2ارب کی منظوری دے دی۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت اطلاعات کے لیے دو ارب روپے گرانٹ کی تجویز دی تھی۔

    کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزارت منصوبہ بندی کی طرف سے پاکستان میں 2022 کے سیلاب کے تناظر میں پی ڈی این اے کی رپورٹ پیش کی گئی۔

    وفاقی کابینہ نے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ڈونرز کانفرنس کے انعقاد کی بھی منظوری دی، اجلاس کو بتایا گیا کہ رپورٹ کے مطابق سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان صوبہ سندھ کو پہنچا اور سیلاب سے پورے ملک میں زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا۔

    کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ECC) کے 29-11-2022 اور 02-12-2022 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

    وفاقی کابینہ نے کیبنٹ کمیٹی برائے ڈسپوزل آف لیجسلیٹو کیسز کے01-12-2022 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔

  • وفاقی کابینہ نے نامزد آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ منجمد کردی

    وفاقی کابینہ نے نامزد آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ منجمد کردی

    اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے نامزد آرمی چیف جنرل عاصم منیرکی ریٹائرمنٹ منجمد کردی، جس کے تحت جنرل سیدعاصم منیر 27 نومبر کے بعد بھی ریٹائرڈ تصور نہیں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے نامزد آرمی چیف جنرل عاصم منیرکی ریٹائرمنٹ منجمد کردی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل سیدعاصم منیرکی ریٹائرمنٹ موجودہ قوانین کے تحت منجمد کی گئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ جنرل سید عاصم منیر27 نومبر کے بعد بھی ریٹائرڈ تصور نہیں ہوں گے۔

    یاد رہے وزیراعظم پاکستان نے آئینی اختیارات استعمال کرتےہوئے جنرل ساحرشمشاد مرزا کوچئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور جنرل سید عاصم منیرکو چیف آف آرمی اسٹاف مقرر کرنےکا فیصلہ کیا۔ جس کی سمری صدر پاکستان کو ارسال کردی گئی ہے۔

    خیال رہے پاکستان کی عسکری تاریخ میں جنرل سید عاصم منیر پہلے آرمی چیف ہوں گے، جو دوانٹیلی جنس ایجنسیوں آئی ایس آئی اور ملٹری انٹیلی جنس کی سربراہی کرچکے ہیں۔

    وہ پہلے کوارٹر ماسٹر جنرل ہوں گے جنہیں آرمی چیف مقرر کیا گیا، یہی نہیں حافظ سید عاصم منیر پہلے آرمی چیف ہوں گے جو پاکستان ملٹری اکیڈمی لانگ کورس سے نہیں بلکہ اوٹی ایس کمیشنڈ آفیسر ہوں گے۔