Tag: وفاق کا خسارہ

  • آئی ایم ایف نے پاکستان کے سامنے مزید شرائط رکھ دیں

    آئی ایم ایف نے پاکستان کے سامنے مزید شرائط رکھ دیں

    اسلام آباد : وفاق کا خسارہ اور قرضوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے آئی ایم ایف نے شرائط رکھ دیں، جس کے بعد وفاق اور صوبوں کے درمیان محاصل کی تقسیم کے فارمولے میں تبدیلی کے لیے مختلف تجاویز پر غور جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ میں تبدیلیوں کے لیے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے دباؤ بڑھا دیا ہے، جس کا مقصد وفاقی خسارہ اور قرضوں کا بوجھ کم کرنا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان محاصل کی تقسیم کے فارمولے میں تبدیلی کے لیے مختلف تجاویز پر غور جاری ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ موجودہ ساتویں این ایف سی کے تحت صوبوں کو 57.5 فیصد کوٹہ مل رہا ہے، تاہم وفاق کی جانب سے اس حصے میں کمی کی درخواست کی جا سکتی ہے، اگر صوبوں نے اس پر اتفاق نہ کیا تو 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے فارمولے میں تبدیلی کا آپشن زیر غور ہے۔

    نئے مجوزہ فارمولے میں صوبوں کو آبادی کی بنیاد پر دیے جانے والے 82 فیصد حصے میں کمی کی تجویز دی گئی ہے، اس کے بجائے کم آبادی، غربت کی شرح اور ٹیکسیشن کی کارکردگی جیسے عوامل کو بھی حصہ مختص کرنے کے فارمولے میں شامل کرنے کی تجاویز دی گئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق کی جانب سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کو صوبوں کو منتقل کرنے اور سالانہ ترقیاتی منصوبہ بھی صوبوں کے سپرد کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، تاکہ صوبے اپنی آمدن بڑھانے کے اقدامات کریں۔

    وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت حالیہ اجلاس میں موجودہ ساتویں این ایف سی کے اعداد و شمار، بی آئی ایس پی فنڈز، صوبوں کی ٹیکس آمدن میں شراکت اور دیگر مالیاتی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

    وزیر خزانہ نے وزارت کے حکام کو ورکنگ پیپر تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے، جس کا جائزہ آئندہ اجلاس میں لیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق نئے این ایف سی کی تشکیل کے سلسلے میں صوبوں کے ساتھ پہلا اجلاس رواں ماہ ہونا تھا، تاہم اسے مؤخر کر دیا گیا ہے۔ اب یہ اجلاس ستمبر یا اکتوبر میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت نے اس حوالے سے وزیر اعظم کو خط بھی لکھا ہے جس میں این ایف سی میٹنگ بلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی کے دوران صوبوں کو موجوداین ایف سی کے تحت ہی محاصل دیے گئے، وفاق مالیاتی گنجائش کم ہونے کے باعث صوبوں کو آمدن بڑھانے کیلئے محاصل کا کوٹہ کم کرنے کی درخواست کرسکتا ہے، حتمی تجاویز کی وزیراعظم کی منظوری کے بعد صوبوں سے مشاورت کی جائے گی۔