Tag: وفیات

  • میخائل گورباچوف انتقال کر گئے

    میخائل گورباچوف انتقال کر گئے

    ماسکو: سرد جنگ ختم کرنے اور نوبل انعام جیتنے والے آخری سوویت رہنما گورباچوف انتقال کر گئے، وہ طویل عرصے سے بیمار تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ماسکو میں اسپتال کے حکام نے میڈیا کو بتایا کہ میخائل گورباچوف، جنھوں نے سرد جنگ کو خون بہائے بغیر ختم کیا، لیکن سوویت یونین کے خاتمے کو روکنے میں ناکام رہے، منگل کو 91 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

    میخائل گورباچوف سوویت یونین کے آخری صدر تھے، وہ سوویت یونین میں ریاست اور پارٹی کے اعلیٰ ترین عہدوں پر فائز رہے۔

    گورباچوف نے سیاسی اصلاحات کے ذریعے سوویت ریاستوں کو آزادی دی، ان کی پالیسیوں کے باعث سوویت یونین میں سنسر شپ کا خاتمہ ہوا۔

    آخری سوویت صدر، گورباچوف نے امریکا کے ساتھ ہتھیاروں میں کمی کے معاہدے اور مغربی طاقتوں کے ساتھ شراکت داری کی تاکہ اس آہنی پردے کو ہٹایا جا سکے جس نے دوسری جنگ عظیم کے بعد سے یورپ کو تقسیم کر رکھا تھا، یوں جرمنی دوبارہ متحد ہوا۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق گورباچوف کی داخلی اصلاحات نے سوویت یونین کو اس حد تک کمزور کرنے میں مدد کی کہ وہ ٹوٹ گیا، یہ ایک ایسا لمحہ تھا جسے صدر ولادیمیر پیوٹن نے بیسویں صدی کی ’’سب سے بڑی جغرافیائی سیاسی تباہی‘‘ قرار دیا ہے۔

    کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف کے مطابق روسی صدر پیوٹن نے گورباچوف کے انتقال پر تہہ دل سے اظہار تعزیت کیا ہے، صدر پیوٹن ان کے خاندان اور دوستوں کو تعزیت کا ایک ٹیلیگرام بھی بھیجیں گے۔

  • بلبل پاکستان نیّرہ نور انتقال کر گئیں

    بلبل پاکستان نیّرہ نور انتقال کر گئیں

    لاہور: موسیقی کا ایک عہد تمام ہوا، بلبل پاکستان نیّرہ نور انتقال کر گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی عظیم گلوکارہ نیّرہ نور انتقال کر گئیں، ان کی عمر 72 برس تھی، اور وہ کافی عرصے سے علیل تھیں۔

    خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرحومہ کی نماز جنازہ آج سہ پہر کراچی میں ادا کی جائے گی۔

    نیّرہ نور کو فنی خدمات کے اعتراف میں ان کے فنی سفر کے دوران پرائڈ آف پرفارمنس، نگار اور دیگر متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔ 2005 میں انھیں حکومت پاکستان نے صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا۔

    ملی نغموں میں بھی نیّرہ نور نے سامعین کے دلوں کو گرمایا اور پلے بیک سنگنگ میں بھی اپنی گائیکی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

    نیّرہ نور نے برسوں پہلے گلوکاری چھوڑ دی تھی لیکن ان کے گائے گیت اور غزلیں ہر دور میں مقبول و معروف رہیں، انھوں ںے اپنا فنی سفر 70 کی دہائی سے شروع کیا تھا، اور فلموں اور ڈراموں کے لیے بھی پلے بیک سنگنگ کی۔

    نیّرہ کے معروف گانوں، ملی نغموں اور غزلوں میں: تیرا سایہ جہاں بھی ہو سجنا، روٹھے ہو تم تم کو کیسے مناؤں پیا، آج بازار میں پا بجولاں چلو، کہاں ہو تم چلے آؤ، اے عشق ہمیں برباد نہ کر اور وطن کی مٹی گواہ رہنا سمیت دیگر بہت سے شامل ہیں۔

    نیّرہ نور کے ایک انٹرویو کے مطابق انھوں نے اپنا بچپن آسام میں گزارا، تقسیم کے بعد ان کا گھرانہ پاکستان منتقل ہوا۔

  • فاروق ستار کی والدہ انتقال کر گئیں

    فاروق ستار کی والدہ انتقال کر گئیں

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار کی والدہ انتقال کر گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ تنظیم بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار کی والدہ کا انتقال ہوگیا، ان کی عمر 94 برس تھی۔

    فاروق ستار کی والدہ کچھ عرصے سے شدید علیل اور مقامی اسپتال میں زیر علاج تھیں، ان کی نماز جنازہ اور تدفین کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کی والدہ کے انتقال پر سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے اظہار تعزیت کیا ہے، کنوینئر ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عامر خان اور وسیم اختر نے فاروق ستار سے والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔

    سابق صدر آصف زرداری کی والدہ انتقال کرگئیں

    سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان، چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد، انیس ایڈووکیٹ اور حیدر عباس رضوی نے بھی فاروق ستار کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔

  • تنہا چوٹیاں سر کرنے والا راک کلائمبر عمران علی جاں بحق

    تنہا چوٹیاں سر کرنے والا راک کلائمبر عمران علی جاں بحق

    کوئٹہ: پہاڑوں کی چوٹیاں تنہا سر کرنے والا کلائمبر عمران علی جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مشہور اور باصلاحیت راک کلائمبر عمران علی ہزارہ کوہ مردار سے گر کر جاں بحق ہو گئے، خاندانی ذرائع نے بھی تصدیق کر دی ہے۔

    خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران علی کوہ مردار پر معمول کی کلائمبنگ پریکٹس کرنے گئے تھے، پہاڑی پر کلائمبنگ کرتے ہوئے عمران علی اونچائی سے گر گئے۔

    راک کلائمبر عمران علی ہزارہ 360 وال کو عبور کرنے کے دوران اونچائی سے گرے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ان کی موت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

    نامور پاکستانی کوہ پیما علی رضا سدپارہ اسکردو میں انتقال کر گئے

    جوان کوہ پیما کی لاش عملدار روڈ منتقل کر دی گئی ہے، عمران علی راک کلائمبنگ میں اپنی پہچان بنانا چاہتے تھے، اور ان کی خواہش تھی کہ پاکستان کی تمام چوٹیاں سر کر لیں۔

    36 سالہ عمران علی کوئٹہ کے رہائشی تھے، ان کا تعلق بلوچستان کے ہزارہ قبیلے سے ہے جو ماڑی آباد میں رہائش پذیر ہے، گزشتہ برس سوشل میڈیا پر ان کی راک کلائمبنگ کی ایک خطرناک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ چار شاخ پہاڑ پر چڑھ رہے تھے، اس پر انھیں نوٹس بھی ملا تھا۔

    واضح رہے کہ پہاڑی چٹانوں پر چڑھنا ایک انتہائی مشکل اور خطرناک کھیل سمجھا جاتا ہے، اس میں کلائمبر کھڑی چٹانوں کو سر کرتے ہیں اور وہ بھی اکثر کسی حفاظتی ساز و سامان کے، اس لیے گرنے کی صورت میں 99 فی صد موت ہی کا امکان ہوتا ہے۔

  • نامور پاکستانی کوہ پیما علی رضا سدپارہ اسکردو میں انتقال کر گئے

    نامور پاکستانی کوہ پیما علی رضا سدپارہ اسکردو میں انتقال کر گئے

    اسکردو: نامور پاکستانی کوہ پیما علی رضا سدپارہ لگنے والی چوٹ سے جاں بر نہ ہو سکے اور اسکردو میں انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی کوہ پیما علی رضا سدپارہ کا انتقال ہو گیا، ان کی نماز جنازہ آج صبح 10 بجے اولڈِینگ امام بارگاہ میں ادا کی جائے گی۔

    علی رضا سدپارہ رواں ماہ پہاڑ سے گرنے کے باعث زخمی ہو گئے تھے اور گزشتہ ایک ہفتے سے ریجنل اسپتال اسکردو میں زیر علاج تھے، ان کی عمر 56 برس تھی۔

    سدپارہ نے 8 ہزار میٹر سے بلند 4 چوٹیوں سمیت 7 ہزار میٹر سے بلند پہاڑوں کو 17 بار سر کیا تھا، علی رضا نے رواں سال کے ٹو کی مہم جوئی پر جانا تھا۔

    کوہ پیما علی سدپارہ پہاڑ سے گر کر زخمی، ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ گئی

    عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما 17 مئی کو صبح معمول کی پریکٹس کے دوران پہاڑ سے پھسل کر زخمی ہوئے تھے، آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر ناصر کا کہنا تھا کہ علی رضا سدپارہ کی ریڑھ کی ہڈی پر گہری چوٹ لگی ہے۔

    سیکریٹری الپائن کلب پاکستان کرار حیدری نے کہا تھا کہ سدپارہ پہاڑ سے پھسل کر کھائی میں جا گرے تھے، جس کے باعث ان کی ریڑھ کی ہڈی اور پسلیاں ٹوٹ گئیں۔

    چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے کہا کہ علی رضا سدپارہ کے کارناموں پر قوم کو فخر ہے۔

  • نسلہ ٹاور کے مالک کا انتقال

    نسلہ ٹاور کے مالک کا انتقال

    کراچی: نسلہ ٹاور کے مالک عبدالقادر کاٹیلیا انتقال کر گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں سپریم کورٹ کے حکم پر مسمار کیےگئے نسلہ ٹاور کے بلڈر عبدالقادر انتقال کرگئے، عبدالقادر کاٹیلیا آغا خان اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    عبدالقادر کاٹیلیا کی نماز جنازہ آج پیر کو بعد نماز عشا ادا کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ عدالتی حکم پر کراچی میں نسلہ ٹاور کے انہدام نے تعمیراتی شعبے کو سخت خدشات سے دوچار کیا تھا، اور تعمیرات سے متعلقہ سرکاری اداروں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان بھی لگا۔

    ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے ترجمان نے نسلہ ٹاور کے بلڈر عبدالقادر کاٹیلیا کے انتقال کی اطلاع دی۔

    یاد رہے کہ 5 فروری کو سپریم کورٹ کے حکم پر کثیر المنزلہ عمارت نسلہ ٹاور کو 69 روز بعد مکمل طور پر مسمار کیا گیا، سپریم کورٹ کے حکم پر 22 نومبر 2021 کو نسلہ ٹاور کو توڑنے کا کام شروع کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل 28 جون 2021 کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد نے نسلہ ٹاور کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے گرانے کا حکم دیا تھا، جب کہ بلڈر اور رہائشیوں کی جانب سے دائر تمام درخواستوں کو مسترد کر دیا تھا۔

    نسلہ ٹاور کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا

    سندھ حکومت کو بھیجی گئی ایک رپورٹ کے مطابق 30 جولائی 2013 کو ایس بی سی اے نے اس 15 منزلہ بلڈنگ کے تعمیراتی پلان کی منظوری دی تھی، اور اس وقت ڈی جی ایس بی سی اے منظور قادر عرف کاکا تھے۔

    رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ مختار کار فیروز آباد نے اضافی رقبہ پلاٹ میں شامل کرنے کی منظوری دی، نسلہ ٹاور کا 780 گز کا پلاٹ سندھی مسلم سوسائٹی نے 1951 میں الاٹ کیا تھا، اور چیف کمشنر کراچی نے 1957 میں مذکورہ پلاٹ میں 264 گز اضافے کی منظوری دی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق 1980 میں شارع فیصل کے دونوں جانب 20 فٹ کا رقبہ پلاٹس میں شامل کر دیاگیا، پھر شاہراہ قائدین فلائی اوور تعمیر کے دوران 77 فٹ رقبہ پلاٹ میں شامل کیا گیا، اور اضافے کے بعد نسلہ ٹاور کا پلاٹ بڑھ کر 1121 مربع گز ہوگیا۔

  • مشہور قوال انتقال کر گئے

    مشہور قوال انتقال کر گئے

    کراچی: مشہور قوال زمان ذکی تاجی کراچی میں انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مشہور قوال زمان ذکی تاجی کراچی کے آغا خان اسپتال میں انتقال کر گئے۔

    زماں ذکی تاجی گزشتہ کئی ماہ سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے، اچانک طبعیت ناساز ہونے پر انھیں اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے۔

    بین الاقوامی شہرت یافتہ قوال زماں ذکی تاجی کی نماز جنازہ بروز پیر بعد نماز ظہر مسجد الانا شو مارکیٹ پر ادا کی جائے گی۔

    زمان ذکی تاجی کی مشہور قوالیوں میں ہمیں تو مست کیا، یہ نظر میرے ییر کی، اور روبرو یار شامل ہیں۔ زمان ذکی پاکستان کے مشہور قوال ذکی تاجی کے بیٹے تھے، انھیں تمغاے امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

  • مقبول امریکی کامیڈین کا 100 برس مکمل ہونے سے چند ہی دن قبل انتقال

    مقبول امریکی کامیڈین کا 100 برس مکمل ہونے سے چند ہی دن قبل انتقال

    لاس اینجلس: مقبول امریکی کامیڈین بیٹی وائٹ 100 برس مکمل ہونے سے چند ہی دن قبل انتقال کر گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق مشہور امریکی کامیڈین بیٹی وائٹ گزشتہ روز اپنے گھر پر صبح کے وقت انتقال کر گئیں، 17 جنوری کو ان کے سو برس مکمل ہونے والے تھے۔

    مشہور کامیڈی سٹ کامز ‘دی گولڈن گرلز’ اور ‘دی میری ٹائلر مور شو’ میں اپنی اداکاری سے ٹی وی ناظرین کو محظوظ کرنے والی کامیڈین بیٹی وائٹ کا شوبز کی تاریخ کا طویل ترین کیریئر رہا۔

    بیٹی وائٹ نے کم و بیش 7 دہائیوں تک کام کیا، انھوں نے ٹی وی کیریئر کا آغاز 1949 میں کیا تھا اور 2019 میں "ٹوائے اسٹوری 4” میں ایک کردار کے لیے اپنی آواز دی۔

    امریکی صدر جو بائیڈن نے کامیڈین بیٹی وائٹ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘بیٹی وائٹ امریکیوں کی نسلوں کے ہونٹوں پر مسکراہٹ لے کر آئیں، وہ ایک ثقافتی آئیکون ہیں جن کی بہت کمی محسوس کی جائے گی۔’

    اپنی موت سے محض دو دن قبل 28 دسمبر کو بیٹی وائٹ نے اپنا آخری ٹوئٹ کیا، جس میں انھوں نے لکھا کہ مجھے یقین نہیں ہو رہا کہ میری سوویں سال گرہ آ رہی ہے، پیپلز میگزین میری سال گرہ منائے گا۔

  • پاکستان کے نامور موسیقار وزیر افضل انتقال کر گئے

    پاکستان کے نامور موسیقار وزیر افضل انتقال کر گئے

    لاہور: نامور موسیقار وزیر افضل طویل علالت کے بعد آج صبح انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے نامور میوزیشن وزیر افضل 87 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے، ان کی نماز جنازہ سمن آباد، مسجد شاہ خراسان میں ادا کی گئی، اور مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

    ان کی نماز جنازہ میں میوزک انڈسٹری سے وابستہ افراد سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد نے شرکت کی۔

    موسیقار وزیر افضل طویل عرصے سے بیمار تھے، انھیں گردوں اور شوگر جیسے موذی امراض لاحق تھے۔

    وزیر افضل پاکستان کے نامور فلمی موسیقار خواجہ خورشید انور کے شاگرد تھے، انھوں نے پاکستان فلم انڈسٹری کی 73 سے زائد فلموں کے 209 گانوں کی موسیقی دی۔

    کہندے نیں نیناں، تیرے کول رہنا جیسا شاہکار گیت موسیقار وزیر افضل کے فلمی کیرئیر کا سب سے مقبول ترین گیت تھا۔ ان کے دیگر مشہور نغمات میں سیو نے میراے دل دا جانی، تو قرار میرا پیا میرے جانیا اور سات سروں کا بہتا دریا تیرے نام سر فہرست ہیں۔

    وزیر افضل نے جن فلموں کی موسیقی دی ان میں یار مستانے، دل دا جانی، جمع جنج نال، سوہنا، دو مٹیاراں، اور زمین شامل ہیں، جب کہ گلوکارہ نور جہاں نے ان کی موسیقی میں بے شمار ہٹ نغمے گائے۔ گلوکار مسعود رانا، مہدی حسن، ترنم ناز سمیت متعدد نامور گلوکاروں نے ان کی دی ہوئی موسیقی میں گانے اور غزلیں پیش کیں۔

    حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف میں 14 اگست 2010 کو انھیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا۔

  • طلعت اقبال کی صاحب زادی سارہ کا انتقال

    طلعت اقبال کی صاحب زادی سارہ کا انتقال

    کراچی: ٹی وی اور فلم کے معروف اداکار طلعت اقبال کی بیٹی سارہ انتقال کر گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سارہ طلعت طویل علالت کے بعد آج انتقال کر گئیں، سارہ ماضی کی مقبول ترین اداکار جوڑی طلعت اقبال اور سنبل طلعت کی صاحب زادی تھیں۔

    یاد رہے کہ سارہ کی والدہ سنبل کا انتقال 2014 میں امریکی ریاست ٹیکساس میں ہوا تھا، انھیں کینسر کا موذی مرض لاحق تھا۔ سنبل طلعت ٹی وی پر اپنے کام کے حوالے سے مشہور تھیں۔

    سارہ کے والد طلعت اقبال نے 1968 میں شوبز میں کام شروع کیا تھا، ٹی وی ڈراموں کے ساتھ فلموں میں بھی اداکاری کی، انھوں نے اپنے وقت کی تمام اچھی اداکاراؤں روحی بانو، شبنم، بابرہ شریف، دیبا بیگم اور خالدہ ریاست کے ساتھ اداکاری کی۔

    پاکستان کی معروف اور سینیئر اداکارہ دردانہ بٹ انتقال کر گئیں

    2017 میں طلعت اقبال جب پاکستان آئے تھے تو آرٹس کونسل کراچی نے ان کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی تھی، جس میں انھوں نے کہا تھا کہ انھیں یہ نہیں معلوم تھا کہ آج بھی لوگ ان سے اتنا پیار کرتے ہیں۔

    طلعت اقبال نے کہا میرا دل بہت کرتا ہے کہ میں پاکستان میں رہوں اور ڈراموں میں کام کروں اس لیے میں نے لوگوں کے اصرار پر فیصلہ کیا ہے کہ کچھ عرصہ پاکستان میں رہوں گا اور اداکاری بھی کرں گا، تاہم اس کا موقع نہ مل سکا۔