Tag: ولی عہد

  • سعودی فرمانروا  اور ولی عہد کا پاکستان میں سیلاب سے  جانی نقصان پر افسوس کا اظہار

    سعودی فرمانروا اور ولی عہد کا پاکستان میں سیلاب سے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار

    ریاض : سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے سیلاب سے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کےعوام کیساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے شمالی علاقوں میں سیلاب سے ہونے والی تباہی اور جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے بتایا کہ شاہ سلمان نے صدر آصف علی زرداری کے نام تعزیتی پیغام میں متاثرہ خاندانوں اور پاکستانی عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور لاپتہ افراد کی بحفاظت واپسی کی امید بھی ظاہر کی۔

    اسی طرح ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی صدر آصف علی زرداری کو تعزیتی پیغام بھیجا اور پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

    یاد رہے پاکستان میں حالیہ تباہ کن بارشوں اور فلش فلڈز سے اب تک کم از کم 328 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں زیادہ تر خیبر پختونخوا کے رہائشی شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں : خیبرپختونخوا: این ڈی ایم اے نے 328 اموات کی تصدیق کر دی

    بونیر میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث پہاڑوں سے پانی کا ریلہ گھروں پر آ گیا، جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ اگرچہ علاقے میں ابتدائی وارننگ سسٹم موجود تھا لیکن بارش کی شدت اتنی غیر معمولی تھی کہ پانی کے ریلے نے رہائشیوں کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیا۔

    چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث موسم کے انداز تیزی سے بدل رہے ہیں۔ ان کے مطابق رواں برس جون سے مون سون کے آغاز کے بعد اب تک ملک میں گزشتہ سال کی نسبت 50 فیصد زیادہ بارشیں ہو چکی ہیں۔

  • سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد کی امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد

    سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد کی امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد

    مکہ مکرمہ : سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد دی۔

    تفصیلات کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد دی۔

    مسلم ممالک نے شاہ سلمان اور ولی عہد کو حج کے بہترین انتظامات پر مبارکباد پیش کی۔

    عرب میڈیا نے بتایا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے منیٰ کا دورہ کیا اور حج انتظامات کا جائزہ لیا۔

    خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے حج انتظامات پراطمینان کا اظہار کیا۔

    مزید پڑھیں : سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک میں آج عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے

    سعودی وزارت صحت کے مطابق دوران حج گرمی سے طبعیت خراب ہونے کے واقعات میں نوے فیصد کمی آئی، سعودی حکومت نے حجاج کو گرمی سے بچانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں، صحت سمیت سکیورٹی اور صفائی کے بھی بہترین انتظامات کیے گئے۔

    خیال رہے رواں سال 16 لاکھ تہتر ہزار سے زائد افراد نے حج کی سعادت حاصل کی، حجاج کرام کی پاکستان واپسی کا سلسلہ دس جون سے شروع ہوگا۔

    مناسک حج کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے، شیطان کو کنکریاں مارنے کیلئے حجاج کی مزدلفہ سے منی پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ رمی میں مصروف ہیں۔

    رمی کے بعد حجاج قربانی کرکےسرمنڈواکراحرام کھول دیں گے، طوافِ زیارت اورسعی کے بعد حجاج کرام منی لوٹ آئیں گے۔

    جہاں وہ تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد منیٰ میں رہتے ہوئے زیادہ تر وقت عبادت میں گزاریں گے۔

  • سعودی ولی عہد کا بڑا اعلان

    سعودی ولی عہد کا بڑا اعلان

    سعودی عرب میں سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے بحیرہ احمر کے تحفظ کیلیے قومی حکمت عملی کا اعلان کردیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد نے جس قومی حکمت عملی کا اعلان کیا ہے اس کے پانچ اہم نکات ہیں جن میں ماحولیاتی پائیداری، معاشی ترقی و استحکام، سماجی و معاشرتی ترقی اور سکیورٹی شامل ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق قومی حکمت عملی جاری کرنے کا مقصد بحیرہ احمر کے ماحولیاتی نظام کو محفوظ بناتے ہوئے معیشت کی پائیداری کو مستحکم کرنا ہے جس کے ذریعے ’بلیو اکانومی‘ کے متنوع ذرائع کو اختیار کرنا ہے جو مملکت کے وژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ مملکت کی اولین ترجیح نئی جدت اور ایجادات کا فروغ ہے جس کے لیے ماحولیاتی پائیداری اور تحفظ بنیادی طورپر انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

    ولی عہد کا کہنا تھا کہ سعودی عرب معاشی، جغرافیائی اور ثقافتی میدانوں میں نئی جہتوں کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔

    ولی عہد نے کہا کہ ’ریڈ سی سٹراٹیجی ملک میں ’بلیواکانومی‘ کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ثابت ہو گی، علاوہ ازیں ماحولیاتی تحفظ کے میدان میں بھی بہتری ہوگی جو بحیرہ احمر کے پورے علاقے کے لیے مفید ثابت ہو گا۔

    مسجد نبویؐ میں خواتین زائرین کے لیے اہم ہدایات جاری

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ سٹراٹیجی مملکت کو عالمی سطح پر مستحکم معیشت کے حوالے سے ممتاز مقام فراہم کرے گی جبکہ تحقیق اور ترقی کے نئے سفر کا آغاز بھی ثابت ہوگا۔‘

  • سعودی فرمانروا شاہ سلمان اسپتال منتقل، ولی عہد کا دورہ جاپان ملتوی

    سعودی فرمانروا شاہ سلمان اسپتال منتقل، ولی عہد کا دورہ جاپان ملتوی

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی طبیعت ناساز ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دورہ جاپان ملتوی کردیا ہے۔

    عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو پھیپھڑوں کی سوزش کا سامنا ہے، اسپتال میں ان کا علاج جاری ہے۔

    رپورٹس کے مطابق سعودی فرمانروا کی طبیعت ناسازی کے باعث سعودی ولی عہد محمدبن سلمان نے اپنا دورہ جاپان بھی ملتوی کردیا ہے۔ انہیں 20 تا 23 مئی جاپان کا دورہ کرنا تھا۔

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی شاہ سلمان کی طبیعت ناسازی پر پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحتیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

    سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی بیماری کی تشخیص ہو گئی

    وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز پاکستان کے مخلص دوست ہیں، خادم حرمین شریفین مسلم امہ کے لیڈر اور رہنما ہیں، ان کی مکمل صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔

  • وزیراعظم شہبازشریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات

    وزیراعظم شہبازشریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات

    ریاض: وزیراعظم شہبازشریف کی سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوئی ہے، دونوں رہنماؤں کی جانب سے مکہ مکرمہ میں ملاقات میں کئے گئے فیصلوں پرپیشرفت پراطمینان کا اظہار اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی وزیرخارجہ کی قیادت میں وفد پاکستان بھیجنے پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری سے متعلق جامع پروگرام مرتب کرنے پرسعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والے اہم ملاقات میں غزہ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم کی جانب سے سعودی ولی عہدکو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی گئی۔

    پاکستان کیلیے آئی ایم ایف کی 1.1 ارب ڈالر کی قسط منظور

    وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، مصدق ملک، اویس لغاری، عطا تارڑ بھی شریک تھے۔

  • سعودی ولی عہد کی ہدایت پر 70 برس قدیم مسجد کی تعمیر نو

    سعودی ولی عہد کی ہدایت پر 70 برس قدیم مسجد کی تعمیر نو

    ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ریاض میں واقع 70 برس قدیم الروسا مسجد کی توسیع کروائیں گے، ولی عہد ملک بھر کی تاریخی مساجد کی تعمیر نو کروا رہے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ریاض کی المجمعہ کمشنری کی الروسا مسجد کی توسیع کروائیں گے۔

    امیر محمد بن سلمان مملکت بھر میں تاریخی مساجد کے احیا، تجدید، توسیع اور اصلاح و مرمت کا منصوبہ نافذ کروا رہے ہیں، پہلے مرحلے میں 10 علاقوں کی 30 مساجد پر کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

    ااب دوسرے مرحلے میں 13 علاقوں کی 30 مساجد کو شامل کیا گیا ہے، ان میں ریاض ریجن کی 6 مساجد شامل ہیں۔ الروسا مسجد ان میں سے ایک ہے۔

    الروسا مسجد 70 برس قبل تعمیر کی گئی تھی، یہ جبل منیخ کے مغربی دامن میں واقع ہے، یہ نجدی طرز تعمیر پر 1365 سے 1370 ہجری کے دوران بنائی گئی تھی۔

    امیر محمد بن سلمان اس کے رقبے میں توسیع کروائیں گے، اس وقت اس کا رقبہ 663 مربع میٹر ہے جو توسیع کے بعد 705 مربع میٹر ہو جائے گا۔

    توسیع کے بعد نمازیوں کی گنجائش 210 تک ہو جائے گی، تعمیر و توسیع مقامی تعمیراتی سامان، مٹی اور گارے سے کی جائے گی۔

  • سعودی عرب: ولی عہد نے 4 خصوصی اکنامک زونز کے قیام کا اعلان کردیا

    سعودی عرب: ولی عہد نے 4 خصوصی اکنامک زونز کے قیام کا اعلان کردیا

    ریاض: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے 4 خصوصی اکنامک زونز کے قیام کا اعلان کیا ہے، ان سے سعودی معیشت کے فروغ کے حوالے سے زبردست مواقع پیدا ہوں گے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت میں چار اسپیشل اکنامک زون قائم کرنے کا اعلان کردیا، سعودی ولی عہد نے کہا ہے کہ اسپیشل اکنامک زونز سے ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے۔

    ہر زون متعلقہ علاقے کی اقتصادی خصوصیات کا آئینہ دار ہوگا، یہ زونز ریاض، جازان، راس الخیر اور کنگ عبداللہ اکنامک سٹی (شمالی جدہ) میں کھولے جائیں گے۔

    ولی عہد نے کہا کہ نئے اسپیشل اکنامک زون کے اسپیشل قوانین و ضوابط ہوں گے، اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ اسپیشل زونز دنیا بھر کے ممتاز سرمایہ کاروں کے لیے کشش کا باعث بنیں گے اور سرمایہ کاری کے حوالے سے مسابقت کا مؤثر ماحول فراہم کریں گے۔

    ان سے سعودی معیشت کے فروغ کے حوالے سے زبردست مواقع پیدا ہوں گے، نئی ملازمتوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے اور جدید ٹیکنالوجی کو فروغ ملے گا۔

    مختلف صنعتیں سعودی عرب کا حصہ بنیں گی، ان سے سعودی بزنس کے فروغ کے بڑے مواقع حاصل ہوں گے، اسپیشل اکنامک زون بنیادی معیشت کا حصہ بنیں گے۔ سعودی وژن 2030 میں معاون شعبوں کے اسٹریٹجک اہداف کے لیے زرخیز زمین فراہم کریں گے۔

    ولی عہد نے توجہ دلائی کہ اسپیشل اکنامک زونز مکمل صنعتی اور لاجسٹک پلیٹ فارمز ثابت ہوں گے، ان کی بدولت مشرق وسطیٰ اور افریقہ تک رسائی کے لیے راہداری فراہم کرنے والے ملک کی حیثیت سے سعودی عرب کی پوزیشن مضبوط ہوگی۔

    یہ مشرق اور مغرب کی منڈیوں کے درمیان پل کا کام دیں گے۔

    اسپیشل اکنامک زونز سعودی عرب کو انویسٹمنٹ کے انٹرنیشنل فرنٹ میں تبدیل کردیں گے، ان کی وجہ سے سعودی عرب بین الاقوامی سپلائی لائن کو مضبوط کرنے والا اہم مرکز بن جائے گا۔

    اس سے قبل مکمل لاجسٹک زون کے قیام کا اعلان کیا جا چکا ہے جو ریاض میں کنگ سلمان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے دائرے میں ہوگا۔ علاوہ ازیں متعدد اسٹریٹجک انیشی ایٹوز کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔

  • سعودی فرمانروا اور ولی عہد کی جانب سے یومِ پاکستان کی مبارکباد

    سعودی فرمانروا اور ولی عہد کی جانب سے یومِ پاکستان کی مبارکباد

    ریاض : سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے یوم پاکستان کی مبارک باد دیتے ہوئے تہنیتی پیغامات ارسال کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے یوم پاکستان پر تہنیتی پیغامات ارسال کیے ہیں۔

    سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان نے پاکستانی صدر عارف علوی کو یوم پاکستان پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں ذاتی طور پر اور سعودی حکومت وعوام کی طرف سے پاکستانی حکومت اور عوام کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کرتا ہوں‘۔

    دوسری طرف ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی صدر عارف علوی کے نام پیغام میں کہا کہ حکومت پاکستان اور برادر پاکستانی عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی کا خواہاں ہوں‘۔

    خیال رہےکورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر یوم پاکستان آج انتہائی سادگی کے ساتھ منایا جارہا ہے، حکومت نے عوام کو کرونا سے محفوظ رکھنے کے لیے 23 مارچ کی مناسبت سے ہونے والی پریڈ سمیت ایوانِ صدر ، گورنر ہاؤسز میں ہونے والی تمام تقاریب کو ملتوی کردیا ہے۔

    واضح رہے 23 مارچ 1940 کو برصغیر کے مسلمانوں نے الگ اسلامی ملک کے لیے قرارداد پیش کی تھی، اس لحاظ سے پاکستان میں ہر سال 23 مارچ کا دن یوم پاکستان کے طور پر منایا جاتا ہے۔

  • دبئی کے ولی عہد نے کینسر سے متاثرہ 7 سالہ بچے کی دیرینہ خواہش پوری کردی

    دبئی کے ولی عہد نے کینسر سے متاثرہ 7 سالہ بچے کی دیرینہ خواہش پوری کردی

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست کے ولی عہد اور دبئی کی ایگزیکٹیو کونسل کے چیئرمین شیخ ہمدان نے کینسر سے متاثرہ 7 سالہ بچے سے ملاقات کر کے اُس کی دیرینہ خواہش پوری کردی۔

    گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق کینسر سے متاثر ہونے والے عبداللہ حسین کا تعلق بھارت کے شہر حیدر آباد سے ہے اور اُسے کینسر کی تشخیص ہوئی جو تیسرے مرحلے (تھرڈ اسٹیج) پر ہے۔

    عبداللہ کی خواہش تھی کہ شیخ ہمدان بن محمد بن راشد المکتوم اُس سے ملاقات کریں، بچے نے اپنی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی جسے دیکھ کر دبئی کے شہزادے نے ملاقات کا فیصلہ کیا۔

    سوشل میڈیا پر جو ویڈیو شیئر ہوئی اُس میں عبداللہ کا کہنا تھا کہ ’شیخ ہمدان بہت اچھے انشان ہیں، میں اُن سے ملنا اور انہیں دیکھنا چاہتا ہوں‘۔

    ’شیخ ہمدان میں آپ سے بہت محبت کرتا ہوں اور آپ کا بہت بڑا مداح ہوں، میری خواہش ہے کہ آپ سے جلد ملاقات ہو‘۔

    جمعے کے روز دبئی کی ایگزیکیٹو کونسل کے چیئرمین شیخ ہمدان عبداللہ اپنے بھائی کے ہمراہ عبداللہ سے ملاقات کے لیے اسپتال پہنچے اور اُس کی خیریت بھی دریافت کی۔

    عبداللہ نے شیخ ہمدان کو بتایا کہ وہ انہیں اپنا آئیڈیل مانتا ہے۔

    بعد ازاں شیخ ہمدان نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج میری باہمت بچے سے ملاقات ہوئی‘۔

  • جاپانی وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب: خالص اون سے بنے خیمے قائم، شاہی ضیافت کا اہتمام

    جاپانی وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب: خالص اون سے بنے خیمے قائم، شاہی ضیافت کا اہتمام

    ریاض: جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے کی سعودی عرب آمد کے موقع پر ان کے لیے خصوصی طور پر خالص اون سے تیار شدہ خیمے سجا دیے گئے، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جاپانی وزیر اعظم کے لیے شاہی ضیافت کا اہتمام بھی کیا۔

    سعودی خبر رساں اداروں کے مطابق جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے کی سعودی عرب آمد کے موقع پر ان کے لیے خصوصی اہتمام کیا گیا۔

    مملکت کے ولی عہد و نائب وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے جاپانی وزیر اعظم کے لیے العلا میں خصوصی ضیافت کا اہتمام کیا۔ ضیافت میں جاپانی وزیر اعظم کے ہمراہ ان کے وفد کے ارکان نے بھی شرکت کی۔

    شہزادہ سلمان کی ہدایت پر معزز مہمان اور ان کے وفد کے لیے العلا کے تاریخی مقام پر خصوصی خیمے نصب کروائے گئے۔ یہ خیمے مملکت کی روایت کے مطابق موسم سرما کے لیے خصوصی طور پر خالص اون سے تیار کیے جاتے ہیں، خیموں کو ’بیت الشعر‘ کہا جاتا ہے۔

    شاہی ضیافت کے لیے پہنچنے کے بعد جاپانی وزیر اعظم اور ان کے وفد کا استقبال سعودی عرب کی روایت کے مطابق ثقافتی گیتوں سے کیا گیا۔ مہمان اور ان کے وفد کو خصوصی قہوہ پیش کیا گیا جو عربوں کی روایت اور ثقافت کا اہم حصہ ہے۔

    جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے ہفتے کے روز ریاض پہنچے تھے، جاپانی وزیر اعظم دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں خطے کا دورہ کر رہے ہیں جس کا آغاز سعودی عرب سے کیا جارہا ہے۔

    اپنے دورے کے دوران انہوں نے شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔

    سعودی عرب اور جاپان ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنے، باہمی اعتماد کو فروغ دیتے ہوئے موجودہ دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے، اس کو وسعت دینے اور ٹھوس اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کے حامی ہیں۔

    دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تجارت و معیشت، سرمایہ کاری اور دیگر امور میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔