Tag: ونڈوز

  • بری خبر! کیا آپ کے کمپیوٹر میں پرانی ونڈوز ہیں؟

    دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے کمپیوٹر میں پرانی ونڈوز استعمال کرنے والوں کو بری خبر سنا دی، گوگل نے نئی ونڈوز کے لیے کچھ اہم تبدیلیاں کی ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ویب براؤزر گوگل کروم کے لیے سپورٹ، ونڈوز 7 اور ونڈوز 8/8.1 کے لیے ختم ہو جائے گی۔

    گوگل نے اعلان کیا کہ کروم کا نیا ورژن 7 فروری کو جاری کیا جائے گا، اس کے ساتھ، کمپنی ونڈوز کے پرانے ورژن پر چلنے والے کمپیوٹرز کے لیے تکنیکی اور سیکیورٹی سپورٹ کو ختم کرے گی۔

    گوگل کے کروم سپورٹ مینیجر کا دعویٰ ہے کہ آپ کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ آپ کا کمپیوٹر ونڈوز 10 یا اس کے بعد کے ورژن پر چل رہا ہے تاکہ مستقبل میں کروم کی ریلیز موصول ہوتی رہے۔

    بظاہر، اگر آپ ونڈوز کا پرانا ورژن استعمال کرتے ہیں تو براؤزر اب بھی کام کرے گا، لیکن اب بھی ونڈوز 7 یا 8/8.1 استعمال کرنے والوں کے لیے کوئی نئی اپ ڈیٹ نہیں ہوگی۔

    اس کا مطلب ہے کہ آپ کے براؤزر کو کوئی ضروری سیکیورٹی اپ ڈیٹ نہیں ملے گی، جو آپ کے کمپیوٹر کو وائرس اور دیگر سیکیورٹی خطرات کے لیے زیادہ حساس بناتا ہے۔

    اگرچہ ونڈوز کے پہلے ورژن پہلے ہی کئی سال پرانے ہیں، اس وقت بھی ایسے کمپیوٹرز موجود ہیں جو ان پرانے ورژنز پر چلتے ہیں، ڈیلی اسٹار کے مطابق، تمام ونڈوز ڈیوائسز کا تقریباً 14 فیصد ونڈوز 7 پر چلتا ہے، اس کا مطلب ہے کہ نئی اپ ڈیٹ دنیا بھر میں بہت سے مختلف لوگوں کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔

    اگر آپ اب بھی ونڈوز 7 استعمال کر رہے ہیں، تو آپ آسانی سے اپنے کمپیوٹر کو ونڈوز 10 میں اپ گریڈ کر سکتے ہیں، مائیکرو سافٹ پی سی کو بلٹ ان اپ گریڈ ٹول فراہم کرتا ہے۔

    اس طرح آپ اپنے کمپیوٹر کو اپ گریڈ کر سکتے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا سکتے ہیں کہ گوگل کروم اب بھی آپ کے سسٹم پر محفوظ طریقے سے کام کرے گا۔

  • ونڈوز 11 کے شاندار فیچرز نے لوگوں کو حیران کردیا

    ونڈوز 11 کے شاندار فیچرز نے لوگوں کو حیران کردیا

    کچھ دن قبل مائیکرو سافٹ نے ونڈوز 11 لانچ کرنے کا اعلان کیا تھا جس نے صارفین کو حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔

    ونڈوز 10 کی لانچ کے موقع پر دعویٰ کیا گیا تھا کہ اب کوئی نئی ونڈوز پیش نہیں کی جائے گی بلکہ اسی کو اپڈیٹ کیا جاتا رہے گا اور یہی وجہ ہے کہ ونڈوز 10 دھڑا دھڑ فروخت ہوئی۔

    لیکن 6 سال بعد اچانک ونڈوز 11 کا اعلان کر دیا گیا اور لیک شدہ ورژن میں بظاہر ایسی کوئی خاص چیز نہیں دکھائی دی۔

    اب مائیکرو سافٹ نے خصوصی ایونٹ میں ونڈوز 11 کو باضابطہ طور پر لانچ کر دیا ہے اور اب جو خوبیاں سامنے آئی ہیں تو لوگ حیران ہو گئے ہیں۔ سب سے نمایاں سہولت یہ ہے کہ ونڈوز 11 پر اینڈرائیڈ ایپس بھی چلیں گی۔

    مائیکرو سافٹ کے مطابق وہ ونڈوز 11 میں اینڈرائیڈ ایپس لانے کے لیے ایمیزون کے ایپ اسٹور کا استعمال کر رہا ہے۔ یہ ایپس نئے ونڈوز اسٹور میں شامل ہوں گی اور انہیں نہ صرف ٹاسک بار میں لگایا جا سکتا ہے بلکہ عام ونڈوز ایپس کے ساتھ ساتھ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    مائیکرو سافٹ انٹیل کے ساتھ مل کر بھی کام کر رہا ہے تاکہ انٹیل برج ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے اسے حقیقت کا روپ دے، گو کہ اینڈرائیڈ ایپس اے ایم ڈی اور اے آر ایم سے لیس کمپیوٹرز پر بھی خوب چلتی ہیں۔

    ونڈوز 11 پر اینڈرائیڈ ایپس دراصل ایپل کی جانب سے اپنی ایم ون چپس کے ساتھ میک او ایس پر آئی او ایس کی ایپس کو چلانے کی صلاحیت پیش کرنے کا مقابلہ کرنے کے لیے ہے۔

    گو کہ موبائل ایپس کے کئی متبادل ڈیسک ٹاپ پر مل جاتے ہیں، لیکن ان کی اپنی کمزوریاں اور خامیاں ہیں، بلکہ اسنیپ چیٹ جیسی کئی ایپس تو ایسی ہیں جو صرف اسمارٹ فونز پر ہی چلتی ہیں۔

    تقریب کے دوران ونڈوز 11 پر ٹک ٹاک جیسی ایپ چلانے کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا، اس دوران ونڈوز اسٹور میں رِنگ، یاہو، اوبر اور دیگر ایپس بھی نظر آئیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اینڈرائیڈ ایپس کو ونڈوز 11 پر کتنی ڈیوائس سپورٹ کر پائیں گی۔

    مائیکرو سافٹ، ونڈوز 11 کو ایک تیز تر، بہتر اور محفوظ تر ورژن قرار دیتا ہے، جس میں نئے رنگ، نئے انداز اور نئی آوازیں سب شامل ہیں۔ اسے ونڈوز 10 سے زیادہ تیز آپریٹنگ سسٹم بھی کہا جا رہا ہے۔

    دیگر نمایاں خصوصیات میں ٹاسک بار پر موجود آئیکونز اور اسٹارٹ مینیو کو درمیان میں لانا بھی شامل ہے۔

    فی الحال ونڈوز 11 کی عوامی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، صرف اتنا کہا گیا ہے کہ اسے رواں سال کے آخر پر تعطیلات کے موسم میں پیش کیا جائے گا۔

  • ونڈوز کا نیا ورژن متعارف کروانے کی تیاری

    ونڈوز کا نیا ورژن متعارف کروانے کی تیاری

    دنیا کے مقبول ترین آپریٹنگ سسٹم ونڈوز کا نیا ورژن سامنے آنے کو ہے، یہ کمپنی کی جانب سے ایک دہائی کے دوران ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ ہوگی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق مائیکرو سافٹ کے سی ای او ستیہ نڈیلا نے کہا ہے کہ کمپنی کی جانب سے ایک دہائی کے دوران ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

    انہوں نے ایک ارب 30 کروڑ سے زائد افراد کی ڈیوائسز پر کام کرنے والے آپریٹنگ سسٹم کے نئے ورژن کو متعارف کرانے کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز کے نئے ورژن کو بہت جلد متعارف کروانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

    سی ای او کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ چند ماہ سے اسے استعمال کررہا ہوں اور میں نئی نسل کے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کے حوالے سے بہت زیادہ پرجوش ہوں۔

    ونڈوز کے نئے ورژن کے بارے میں کچھ زیادہ معلومات نہیں مگر افواہوں کے مطابق نئے ورژن کا کوڈ نام کوبلٹ رکھا گیا ہے جو آپریٹنگ سسٹم کے ڈیزائن کو جدید بنائے گا۔

    مائیکرو سافٹ کی جانب سے آخری بار 2015 میں ونڈوز 10 کی شکل میں نیا آپریٹنگ سسٹم متعارف کرایا گیا تھا جس نے ونڈوز 8.1 کی جگہ لی تھی۔

    ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ نیا آپریٹنگ سسٹم کب تک متعارف کروایا جائے گا مگر مختلف رپورٹس کے مطابق 2021 کے آخر تک اس کی ابتدائی شکل جاری ہوسکتی ہے۔