Tag: ون فائیو

  • کمپنی ملازم کو 15 پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینا مہنگا پڑ گیا

    کمپنی ملازم کو 15 پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینا مہنگا پڑ گیا

    کراچی: شہر قائد میں ایک کمپنی ملازم کو 15 پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینا مہنگا پڑ گیا، شاہ لطیف پولیس نے احمد سالم نامی شہری کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ون فائیو پر جھوٹی کال کر کے اپنی ہی کمپنی کو 83 ہزار روپے کا نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والا ملزم احمد سالم شاہ لطیف پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو گیا۔

    رپورٹ کے مطابق ملزم احمد نے 15 پر ڈکیتی کی اطلاع دی تھی، جب پولیس اہل کار موقع واردات پر پہنچے تو وہاں موجود نجی کمپنی کے ملازم احمد ولد سالم نے بتایا کہ اسے 2 موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے لوٹ لیا ہے، ملزمان اس سے 83 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ کر لے گئے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق اہل کاروں نے شک کی بنا پر ملزم کی سوزوکی کے اندر تلاشی لی، تو ان کو ایک شاپر میں لپٹا ہوا موبائل فون اور 83 ہزار روپے کی رقم مل گئی۔

    پوچھ گچھ پر گرفتار ملزم احمد سالم نے بتایا کہ وہ کمپنی میں رائیڈر کی نوکری کر رہا ہے، اسے پیسوں کی ضرورت تھی، اس لیے ڈکیتی کا جھوٹا ڈراما رچانے کی کوشش کی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • ون فائیو پر جھوٹی کال کرنے والا شہری مشکل میں پھنس گیا

    ون فائیو پر جھوٹی کال کرنے والا شہری مشکل میں پھنس گیا

    راولپنڈی: ریسکیو ون فائیو پر بچوں کے زخمی ہونے سے متعلق جھوٹی کال کرنے والا شہری مشکل میں پھنس گیا، پولیس نے جھوٹی کال کرنے والے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے ریسکیو 15 پر جھوٹی کال کرنے والے شہری کے خلاف ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت تھانے میں ایف آئی آر کاٹ دی۔

    مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے پنڈی کے ایک تعلیمی ادارے میں 2 بچوں کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی، جب پولیس موقع پر پہنچی تو ایسا کوئی واقعہ پیش ہی نہیں آیا تھا، ملزم نے سرکاری محکمے اور وسائل کا ضیاع کرایا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹیز نے ایک سال کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ ون فائیو ایمرجنسی کال سروس پر شہریوں نے 71 فی صد جعلی کالز کیں، جس کی وجہ سے محکمہ پولیس مذاق بن گیا، دوسری طرف جعلی کالز کی وجہ سے محکمے کا قیمتی وقت اور وسائل بھی ضایع ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ مجموعی طور پر 43 لاکھ 45 ہزار سے زائد کالیں کی گئیں جن میں سے 30 لاکھ 87 ہزار کے قریب کالیں جعلی اور جھوٹی تھیں۔

    گزشتہ برس کراچی میں بھی ایک شہری ڈاکٹر نعمان کو ون فائیو پر جھوٹی کال کرنے پر ٹیپو سلطان پولیس نے گرفتار کر لیا تھا، شہری نے پولیس کو ایک بس میں بم کی جھوٹی اطلاع دے دی تھی، معلوم ہوا کہ اس کا سامان بس میں رہ گیا تھا، جس پر اس نے یہ ‘تدبیر’ اختیار کی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شہری ایمرجنسی سروس کی اہمیت کو سمجھیں، اور اپنی ذمہ داری کا ادراک کریں، کیوں یہ سروس ان کے لیے ہی لائی گئی ہے۔