Tag: ون ڈے کرکٹ

  • گلین میکسویل کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    گلین میکسویل کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    آسٹریلیا کے اسٹار آل راؤنڈر ‘ دی بگ شو’ گلین میکسویل نے ون ڈے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

    کرکٹ کے میدان میں شائقین کو کئی یاد گار لمحہ دینے والے 36 سالہ جارحہ مزاج بیٹر اور آف اسپن باؤلر میکسویل نے باضابطہ طور پر 50 اوور کی بین الاقوامی کرکٹ سے فوری طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق گلین میکسویل آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر فوکس کریں گے تاہم آسٹریلوی آل راؤنڈر نے باضابطہ طور پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان نہیں کیا ہے۔

    میکسویل نے فائنل ورڈ پوڈ کاسٹ سے طویل گفتگ کی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ 2022 میں اپنی ٹانگ کی شدید چوٹ کے باعث میں اپنی ٹیم کو مایوس کررہا ہوں۔

    https://urdu.arynews.tv/steve-smith-retires-from-odi-cricket/

    آسٹریلوی بیٹر نے کہا کہ فیصلے سے پہلے چیف سلیکٹر جارج بیلی سے تفصیلی بات چیت کی، ون ڈے کیریئر اتار چڑھاؤ سے بھرپور رہا ہے۔

    واضح رہے کہ گلین میکسویل نے 149 ون ڈے میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی ہے، میکسویل کی اننگز کی بات کی جائے ان کی یادگار اننگز میں سال 2023 کا بھارت کے مقام واکھندے میں کھیلا گیا ورلڈ کپ تھا۔

    اس ورلڈ کپ میں گلین میکسویل نے شدید دباؤ کی صورتحال میں افغانستان کے خلاف میچ میں 128 گیندوں میں 21 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 201 رنز کے اننگز کھیلی تھی۔

  • سال 2023: ون ڈے کرکٹ میں پاکستانی اور بھارتی بولرز نے کمال کردیا

    سال 2023: ون ڈے کرکٹ میں پاکستانی اور بھارتی بولرز نے کمال کردیا

    ون ڈے انٹرنیشنلز میں سال 2023 کے دوران بھارتی اور پاکستانی بولرز چھائے رہے، سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز دنوں ممالک کے بولرز کے نام رہا۔

    تفصیلات کے مطابق 2023 میں ون ڈے کرکٹ میں ایشیائی بولرز کا جلوہ قائم رہا۔ اس سال سب سے زیادہ وکٹیں لینے کے معاملے میں ٹاپ فائیو بولرز میں بھارت اور پاکستان کے بولرز موجود ہیں۔ ٹاپ پر کلدیپ یادو جبکہ نمبر پانچ پر حارث رؤف ہیں۔

    بھارتی لیگ اسپنر کلدیپ یادیو نے اس سال شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے 29 میچز میں 49 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ان کا اوسط 20.48 رہا۔ ان کی بہترین کاکردگی 25 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کرنا رہی۔

    دوسرے نمبر پر بھارت کے محمد سراج رہے، پیسر نے 44 وکٹیں اپنے نام کرنے کے لیے 24 اننگز کا سہارا لیا۔ ان کی اوسط 20.68 رہی۔

    تیسرے نمبر پر ورلڈکپ میں عمدہ کاکردگی دکھانے والے محمد شامی رہے۔ پیسر نے اس سال بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور محض 19 میچز میں 43 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی اوسط 16.46 رہی۔

    پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی بھی اپنی عمدہ کارکردگی سے چھائے رہے، انھوں نے 21 ون ڈے میچز میں 42 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی اوسط 21.04 رہی جبکہ وہ اپنے کیریئر میں پہلی بار ون کے ٹاپ بولر کے اسپاٹ پر بھی براجمان رہے۔

    حارث رؤف بھی ون ڈے کے ٹاپ فائیو میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ پیسر نے 2023 کے دوران 27.15 کی اوسط سے 22 مقابلوں میں 40 وکٹیں اپنے نام کیں۔

    اس کے علاوہ چھٹے نمبر پر آسٹریلیا کے ایڈم زمپا، ساتویں نمبر پر سری لنکا کے مہیش ٹکشنا، آٹھویں نمبر پر جنوبی افریقہ کے مارکو جانسن، نویں نمبر پر بنگلہ دیش کے شریف الاسلام جبکہ دسویں نمبر پر پروٹیز پیسر جیرالڈ کوٹزی رہے۔

  • ’’ورلڈکپ میں ٹیموں کو سوچنا پڑیگا ون ڈے کرکٹ ٹی ٹوئنٹی سے مختلف ہے!‘‘

    ’’ورلڈکپ میں ٹیموں کو سوچنا پڑیگا ون ڈے کرکٹ ٹی ٹوئنٹی سے مختلف ہے!‘‘

    پاکستان کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں سنسنی خیز میچز کم ہورہے ہیں کیوں کہ زیادہ تر ٹیمیں ون ڈے کرکٹ کو ٹی ٹوئنٹی کی طرح کھیل رہی ہیں۔

    اے اسپورٹس کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی ٹیم نے انگلینڈ کو شکست دی اور اس میچ میں ایک اسٹیج پر صاف پتا چل گیا تھا کہ کون سی ٹیم فاتح بننے جارہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پہلے دس، پندرہ اوور کے بعد ہی اندازہ ہوگیا تھا کہ انگلینڈ اس میچ سے باہر ہوگیا ہے۔ جنوبی افریقہ کا نیدرلینڈز کے ساتھ میچ بھی کچھ اوورز کے بعد ون سائیڈڈ ہوگیا تھا۔ ورلڈکپ میں ٹیموں کو سوچنا پڑے گا کہ ون ڈے کرکٹ ٹی ٹوئنٹی سے مختلف ہے۔

    مصباح نے کہا کہ مجھے یہ لگتا ہے کہ ابھی تک دو ٹیمیں بھارت اور نیوزی لینڈ نے ون ڈے کرکٹ کو ون ڈے کرکٹ کی طرح کھیلا ہے اور اس کی بنیادی باتوں کا دھیان رکھا ہے۔

    ان کا پورا ایک منصوبہ ہے کہ ہم نے پاور پلے ایسے کھیلنا ہے، درمیان کے اوورز میں اس طرح سے بیٹنگ کرنی ہے۔ پھر فنش کس طریقے سے کرنا ہے، یہاں تک کہ وہ جب دفاع کرنے بھی آتے ہیں تو انہیں پتا ہوتا ہے کہ بولنگ میں کیا کرنا ہے۔

    باقی ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی والے فلو میں کھیل رہی ہیں۔ جہاں ان کو دوبارہ سے منصوبندی کرنی ہوتی ہے تو پھر ان کے پاس کور نہیں ہوتا اور وہ سنبھل نہیں پاتے۔ اس وجہ سے مقابلوں میں اتنا بڑا فرق بن جاتا ہے کہ شروع میں ہی پتا چل جاتا ہے کہ کون سی ٹیم میچ جیت رہی ہے۔

    اس حوالے سے ٹیموں کو سوچنا پڑے گا کہ کس طرح سے منصوبہ بندی کرنی ہے اور ون ڈے کرکٹ کو درمیانی اوورز میں کس سے منصوبہ بندی کے ساتھ کھیلنا ہے۔

    شعیب ملک کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ اور بھارت کی بنیادی چیزیں اس لیے کور ہیں کہ ان کے تھنک ٹینک کو یہ سمجھ ہے کہ ون ڈے کرکٹ کس طرح کھیلنی ہے۔

  • بابراعظم اور امام الحق نے نیا ریکارڈ بنا ڈالا

    بابراعظم اور امام الحق نے نیا ریکارڈ بنا ڈالا

    قومی ٹیم کے کپتان اور دنیا کے نمبر ون بیٹر بابراعظم اور اوپننگ بیٹسمین امام الحق نے ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کے لیے شراکت داری کا نیا ریکارڈ بنا دیا۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور  اوپنر امام الحق کے درمیان ون ڈے کرکٹ میں گزشتہ برسوں سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ دکھا رہے ہیں، دونوں کھلاڑیوں نے ایک ساتھ بہت زیادہ رنز بنائے ہیں۔

    اب بابر اعظم اور امام الحق نے پاکستان کے دو عظیم سابق بلے باز محمد یوسف اور یونس خان کی شراکت کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

    بابر اعظم نے میچ میں فتح کا سہرا کس کے سر باندھا؟

    بابر اور امام نے یہ کارنامہ ہمبنٹوٹا میں افغانستان کے خلاف دوسرے ون ڈے کے دوران انجام دیا، اننگز کے آغاز میں فخر زمان کی وکٹ گرنے کے بعد دونوں نے 108 رنز کی پاٹنرشپ قائم کی۔

    بابر اعظم اور امام الحق نے ون ڈے فارمیٹ میں پاکستان کے لیے دسوں مرتبہ 100 رنز کی پاٹنر شپ مکمل کی ہے، جس کے بعد دونوں نے محمد یوسف اور یونس خان کے ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، جنہوں نے نو بار 100 رنز کی شراکت داری کی تھی۔

    واضح رہے کہ ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں افغانستان کی جانب سے دیا گیا 301 رنز کا ہدف پاکستان نے 49.5 اوورز میں 9 وکٹوں پر حاصل کی۔

    اس میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق 91 اور کپتان بابر اعظم نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔

  • اظہر علی کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    اظہر علی کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ون ڈے کپتان اظہر علی نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ اظہر علی کا کہنا ہے کہ میری زیادہ پہچان ٹیسٹ کرکٹ ہے، وہاں ریکارڈ مزید بہتر کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق ون ڈے کپتان اظہر علی نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

    اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اظہر علی کا کہنا تھا کہ میری زیادہ پہچان ٹیسٹ کرکٹ ہے، وہاں ریکارڈ مزید بہتر کروں گا۔ سرفراز احمد ٹیم کو اچھے طریقے سے لیڈ کر رہے ہیں۔ ’میری پوری سپورٹ سرفراز احمد کے ساتھ ہے‘۔

    اظہر علی کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں میرا فوکس بیٹنگ پر ہے، ٹی 20 کرکٹ میں نے کھیلی ہی نہیں تو اس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کہاں سے کروں۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے پوری کوشش کی اور پرفارمنس دی، چانس ملنا نہ ملنا اللہ کی طرف سے ہوتا ہے۔ میرے حساب سے یہ ریٹائرمنٹ کے لیے اچھا وقت ہے۔ اپنے فیصلے سے پہلے چیف سلیکٹر سمیت سب سے بات کی۔

    اظہر علی کا کہنا تھا کہ انجری سے ریکوری کے بعد فٹنس مزید بہتر ہوئی ہے۔ پاکستان کی کپتانی کرنا کبھی بھی آسان نہیں رہا۔ ریٹائرمنٹ لی تاکہ جو لڑکے کھیل رہے ہیں انہیں پورا موقع ملے۔

    سابق کپتان اظہر علی نے سنہ 2011 میں ون ڈے ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے 53 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

    اظہر علی نے 53 ون ڈے میچز میں 1 ہزار 8 سو 45 رنز بنائے۔ انہوں نے 3 سنچریز اور 12 نصف سنچریز اسکور کیں۔

  • ون ڈے میچ : انگلینڈ نے آسٹریلیا کیخلاف481 رنز کا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

    ون ڈے میچ : انگلینڈ نے آسٹریلیا کیخلاف481 رنز کا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

    ناٹنگھم : انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے زیادہ481رنز کا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا، کینگروز بالرز کا بھرکس نکال دیا، اس سے قبل بھی سب سے زیادہ رنز کے ریکارڈ کا اعزاز انگلینڈ ہی کے پاس تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ناٹنگھم میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین کھیلے جانے والے  سیریز کے تیسرے  ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے آسٹریلیا کیخلاف چھ وکٹوں کے نقصان پر481 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔

    آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی اور یہ فیصلہ انتہائی غلط ثابت ہوا، جیسن رائے اور بیرسٹو نے انگلینڈ کو شاندار آغاز فراہم کیا۔

    جونی بیئر اسٹو، ایلکس ہیلز اور اوئن مورگن نے آسٹریلوی بالز کو کہیں کا نہ چھوڑا، بیئر اسٹو نے139اور ایلکس ہیلز نے147رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔

    اوئن مورگن21 گیندوں پر تیز ترین نصف سنچری بنانے والے انگلش کھلاڑی بن گئے، انہوں نے نے30گیندوں پر67رنزبنائے، آسٹریلین بولرز نے رحم کی جتنی اپیلیں کیں بلےبازوں نے سب مسترد کردیں۔

    اینڈریو ٹائی کو نو اوورز میں  پورے سو رنز کی مار پڑی  جبکہ جھائی رچرڈسن نے اپنے مقررہ 10 اوورز میں 92 رنز دیئے، انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے اپنی شانداراننگز میں21 چھکے 38 چوکے لگا کر سب سے زیادہ481رنز کا ورلڈ ریکارڈ بنادیا۔

    یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی سب سے زیادہ 444رنز کے ریکارڈ کا اعزاز انگلینڈ کے پاس تھا جو اس نے سال2016میں پاکستان کیخلاف اسکور کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • سال 2016 میں پاکستان ون ڈے کرکٹ کومایوسیوں کا سامنا رہا

    سال 2016 میں پاکستان ون ڈے کرکٹ کومایوسیوں کا سامنا رہا

    کراچی : پاکستان کرکٹ ٹیم کی رواں سال ون ڈے میں کارکردگی مایوس کن رہی۔ ٹیسٹ کے شیر ون ڈے میں ڈھیررہے۔شاہین کوئی خاص کرکردگی نہ دکھا سکے۔

    تفصیلات کے مطابق سال دوہزار سولہ پاکستان کی ون ڈے ٹیم کے لئے کوئی خوشیاں نہ لاسکا۔ ٹیم کی پرفارمنس آزمائش ہی بنی رہی۔ رینکنگ میں بھی مزید نیچے گرتے گئے۔

    مایوسیوں بھرا سال کرکٹ کو کوئی اچھی یادگار نہ دے سکا۔ اظہر علی کی قیادت میں پاکستان نے صرف کھویا اور پایا کچھ بھی نہیں۔ غیرایشیائی کنڈیشز پاکستان کے لئے کڑا امتحان ثابت ہوئیں۔

    انگلینڈ اورنیوزی لینڈ کے خلاف آٹھ میں چھ میچز میں ٹیم ناکام رہی۔ پاکستان کا دوسرا ہوم گراؤنڈ یو اے ای میں پاکستان نے تین میچز جیتے۔

    رواں سال مجموعی طور پر قومی ٹیم نے گیارہ میچز کھیلے اور پانچ جیتے۔ سولہ دوہزار سولہ تو ون ڈے ٹیم کے لئے اچھی یادوں کے ساتھ ختم نہ ہوا لیکن امید ہے کہ دوہزار سترہ کا سورج ٹیم کے لئے کامیابیوں کے دروازے کھول دے گا۔

  • ون ڈے کرکٹ کھیلنے کے لیے تیاراورفٹ ہوں، سعید اجمل

    ون ڈے کرکٹ کھیلنے کے لیے تیاراورفٹ ہوں، سعید اجمل

    ملتان : قومی ٹیم کے اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ ون ڈے کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار اور فٹ ہوں، چانس ملنے پر اچھا پرفارم کروں گا۔ ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں ایک نجی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سعید اجمل نے کہا کہ آخری ڈومیسٹک ایونٹ کھیلا ہے اور اس میں ٹاپ بھی کیا ہے، سلیکٹر صاحبان کی اپنی مرضی ہے کہ وہ مجھے سلیکٹ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ جو مجھے کہا گیا تھا میں نے پورا کیا اپ ان کی باری ہے کہ مجھے کھلائیں گے تو ویسا ہی پرفارم کروں گا جیسا کہ ماضی میں کرتا آیا ہوں۔

    ایک سوال کے جواب میں سعید اجمل نے کہا کہ لاسٹ ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا اگر تھوڑے سے رنز بنالیں تو مجھے امید ہے کہ پاکستانی باؤلر اس میچ کو بچانے کی کوشش کریں گے۔

    یاسر شاہ کو مشورہ دیتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ وہ اپنی لائن اینڈ لینتھ پر کنٹرول رکھیں اوراسکور روکیں، ان کا کہنا تھا کہ گرین ٹریکس ان کے لیے مدد گار ثابت نہیں ہوں گے، سعید اجمل نے کہا کہ یاسر شاہ پاکستان کا ٹاپ کلاس باؤلر ہے امید ہے کہ جیسے ہی موقع ملا وہ اچھا پرفارم کرے گا۔

  • پاکستان ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ میچز جیتنے والی دوسری ٹیم بن گئی

    پاکستان ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ میچز جیتنے والی دوسری ٹیم بن گئی

    دبئی : پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ کل شارجہ میں کھیلا جائے گا، پاکستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

    شارجہ میں پہلا ون ڈے جیت کر پاکستان ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ میچز جیتنے والی دوسری ٹیم بن گئی، دوسرا میچ جیت اظہرالیون سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرسکتی ہے، لیکن صرف سیریز جیتنے سے کام نہیں چلے گا۔

    رینکنگ میں بہتری کیلئے پاکستان کو تینوں میچز جیتنا ہوں گے، تین صفر سے کامیابی پاکستان کورینکنگ میں آٹھویں پوزیشن پر پہنچادے گی، ایک میچ میں ناکامی سیریز جیتنے کا مزہ کر کرا کردے گی۔

    pakis

    دوسرے میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی متوقع ہے، عمر اکمل کو موقع دیا جاسکتا ہے، لیکن وننگ کمبی نیشن کے ساتھ چھیڑ چھاڑ جیت کے تسلسل کو بریک لگا سکتی ہے، گرین شرٹس کی تیاریاں جاری ہے، ہیڈ کوچ خامیوں پرقابو پانے کیلئے بھرپور جان مار رہے ہیں۔

    اسٹار کھلاڑیوں سے محروم ویسٹ انڈین ٹیم کے پاس آخری موقع ہے، کپتان بدلنے کے باوجود مہمان ٹیم شکست دے دوچار ہے، ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد ون ڈے سیریز بھی ہاتھ سے جاتی دکھائی دے رہی ہے۔