Tag: ون ڈے کرکٹ ٹیم

  • بنگلادیشی کپتان تمیم اقبال کا پھر سے یوٹرن

    بنگلادیشی کپتان تمیم اقبال کا پھر سے یوٹرن

    ڈھاکہ: بنگلا دیش کے ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے قومی ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ کے لیے ٹیم کی کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق تمیم اقبال نے انجری کے باعث ٹیم کی کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کیا، کمر کی انجری کے باعث تمیم اقبال ایشیا کپ سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:

    ورلڈ کپ سے 3 ماہ قبل بنگلادیشی کپتان کا اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان

    وزیراعظم کی درخواست پر بنگلادیشی کپتان نے فیصلہ واپس لے لیا

    تمیم اقبال نے پریس میں کہا کہ میں کپتانی سے دستبردار ہو کر ایک کھلاڑی کے طور پر توجہ مرکوز کروں گا اور جب بھی موقع ملے گا اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

    خیال رہے کہ تمیم اقبال نے چند ہفتے قبل انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا تاہم بنگلا دیش وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد سے ملاقات کے بعد انہوں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔

  • ورلڈ کپ سے 3 ماہ قبل بنگلادیشی کپتان کا اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان

    ورلڈ کپ سے 3 ماہ قبل بنگلادیشی کپتان کا اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان

    ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے بھارت میں ورلڈ کپ شروع ہونے سے تین ماہ قبل بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق چٹوگرام میں اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے تمیم اقبال آبدیدہ بھی ہوگئے تھے، ٹیم کے کپتان نے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے سب کو حیران کردیا۔

    گزشتہ روز ون ڈے میچ میں افغانستان نے بنگلادیش کو شکست دی تھی، کھلاڑی تمیم اقبال نے کہا کہ کل افغانستان کے خلاف میرا آخری میچ تھا، میرا فیصلہ اچانک نہیں تھا، مختلف وجوہات کے بنا پر اعلان کررہا ہوں جس کا ذکر میں یہاں نہیں کرسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ ریٹائرمنٹ لینے کا صحیح وقت ہے، مجھے یہاں چند لوگوں کا شکریہ ادا کرنا ہے، میں اپنی فیملی خاص اپنے والد کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ان تمام کھلاڑیوں کا شکریہ جس کے ساتھ میں کھیل چکا ہوں ۔

    تمیم اقبال نے کہا کہ کرکٹ بورڈ نے مجھے اتنے عرصے تک ملک کی نمائندگی کا موقع دیا،  میں نے بنگلہ دیش کی کپتانی کی ہے،  میں ان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    انہوں نے آبدیدہ ہوکر مزید کہا کہ "میرے پاس کہنے کے لیے اور کچھ نہیں ہے بس ایک بات میں ضرور کہوں گا، میں نے اپنی پوری کوشش کی میں جب بھی میں میدان میں تھا تو اپنا 100 فیصد دیا۔

    34 سالہ تمیم اقبال نے انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز فروری 2007 میں کیا تھا، دوسری جانب بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے نئے کپتان کے حوالے سے فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔

    شکیب الحسن ٹی ٹوئنٹی جبکہ لٹن داس ٹیسٹ فارمیٹ میں بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیں۔

  • وسیم اکرم اور شاہد آفریدی اظہرعلی کو کپتان برقرار رکھنے کے حامی

    وسیم اکرم اور شاہد آفریدی اظہرعلی کو کپتان برقرار رکھنے کے حامی

    کراچی : وسیم اکرم اور شاہد آفریدی نے اظہر علی کو ایک روزہ ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کی مخالفت کرتے ہوئے انہیں مزید وقت دینے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فاسٹ باؤلراور سابق کپتان وسیم اکرم نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ قیادت کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کرنے سے قبل کم از کم 30سے 35 میچوں تک اظہر علی کی قیادت کا جائزہ لیا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اب تک اظہر 20 سے 25 میچوں میں قیادت کے فرائض انجام دے چکے ہیں اور انہیں ابھی مزید وقت دیا جانا چاہیے۔

    سرفراز احمد کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ وکٹ کیپر بلے باز نے ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی بہت عمدہ انداز میں قیادت کی اور کھلاڑی ان سے کافی تعاون کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود کپتان بنانے کا فیصلہ قبل از وقت ہو گا۔

    انٹرنیشنل کرکٹ میں 900 سے زائد وکٹیں لینے والے فاسٹ باؤلر نے موجودہ ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن کو سخت حریف اور سیریز کے لیے فیورٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کو ہرانا پاکستان کے لیے بڑا چیلنج ہو گا۔

    ادھر ایک اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی اظہر علی کو فوراً قیادت سے ہٹانے کی مخالفت کردی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ اظہر کی ایک روزہ میچوں میں ذاتی کارکردگی بری نہیں اور سرفراز کو ایک روزہ ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ ابھی قبل از وقت ہے۔

    سابق کپتان نے کہا کہ سرفراز نے بہت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن انہیں ایک روزہ ٹیم کا کپتان بنانے سے اضافی دباؤ آ جائے گا۔

    واضح رہےکہ پی سی بی ذرائع کے مطابق اظہر علی کے بحیثیت کپتان مستقبل کا فیصلہ عید کے بعد ایک روزہ سیریز کے لیے اسکواڈ کے اعلان کے سلسلے میں ہونے والے سلیکٹرز کے اجلاس کے دوران کیا جائے گا۔