Tag: ووٹ ضائع

  • بیٹے کی چال باپ کے خلاف پڑ گئی

    بیٹے کی چال باپ کے خلاف پڑ گئی

    اسلام آباد: سینیٹ چیئرمین کے لیے آج ایوان بالا میں ہونے والی ووٹنگ میں پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے 7 ووٹ اس طرح ضائع کیے گئے ہیں کہ خود اپوزیشن بھی اسے اپنوں کا دغا سمجھنے کی پوزیشن میں نہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹ چیئرمین کے لیے الیکشن میں بیٹے کی چال باپ کے خلاف ہی پڑ گئی ہے، علی حیدر گیلانی نے سینیٹرز کو ایک ویڈیو میں ووٹ ضائع کرنا سکھایا تھا، یہ چال ان کے والد یوسف رضا گیلانی کے گلے پڑ گئی۔

    قومی اسمبلی سے سینیٹرز کے چناؤ کے وقت بھی 7 ووٹ مسترد ہوئے تھے اور یوسف رضا گیلانی حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کو ہرا کر اسلام آباد کی نشست سے سینیٹر بن گئے تھے، آج چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں بھی مسترد ہونے والے ووٹ 7 ہی تھے، لیکن یہاں یوسف رضا گیلانی کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا، اور صادق سنجرانی ایک بار پھر ایوان بالا کے چیئرمین بن گئے۔

    پیپلز پارٹی نے چیئرمین سینیٹ الیکشن چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا

    تجزیہ نگاروں کے مطابق چیئرمین سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن کے ساتھ اپنوں نے ہی اپوزیشن کر دی ہے، اور 7 ساتھیوں نے کمال مہارت کے ساتھ دغا دیا، سات ووٹ ریجیکٹ ہوئے لیکن غلطی ایسی تھی کہ اپوزیشن خود ان ووٹوں کو صحیح تسلیم کر رہی ہے۔

    سات سینیٹرز نے مہر لگانی تھی خانے میں لیکن لگائی سینیٹر گیلانی کے نام پر، اس طرح ساتھ نہ دینے والوں نے گیلانی کا بھرم بھی رکھا اور ووٹ بھی ضائع کر دیا۔

    مقام عبرت یہ ہے کہ حکومتی اتحاد کی طرح کسی نے یہاں اُنھیں بکاؤ، پیسے لیے، یا ضمیر فروش کا طعنہ بھی نہیں دیا۔

  • سینیٹ الیکشن : ووٹ ضائع ہونے پر وزیراعظم شہریار آفریدی سے سخت ناراض

    سینیٹ الیکشن : ووٹ ضائع ہونے پر وزیراعظم شہریار آفریدی سے سخت ناراض

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ انتخابات میں ووٹ ضائع ہونے پر وزیرمملکت شہریار آفریدی سے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا آپ ایم این اے ہیں، ایسی غلطی نہیں کرنی چاہیے تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ الیکشن میں حکومتی رکن شہریار آفریدی نے ووٹ ڈالتے وقت بیلٹ پیپر پر ہندسہ درج کرنے کے بجائے دستخط کردیے، جس کے باعث شہریار آفریدی کاووٹ ضائع ہوگیا۔

    جس کے بعد شہریارآفریدی نے پریزائیڈنگ افسر کو خط لکھ کر ووٹ ری کاسٹ کرنےکی درخواست کی ، جس میں کہا کہ طبعیت ناساز تھی ،الیکشن تیاری سے متعلق پارٹی میٹنگ میں نہیں جا سکا، پی او اور عملے نے درخواست کے باوجود ووٹ ڈالنے سے متعلق رہنمائی نہ کی، میں نے بیلٹ پیپر پر ہندسہ درج کرنے کے بجائے دستخط کردیے، مجھے دوبارہ ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔

    شہریار آفریدی کے ووٹ ضائع ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ، عمران خان نے کہا آ پ کو نہیں پتہ ووٹ کس طرح کاسٹ کرتے ہیں، سب کو طریقہ کار بتایا گیا تھاکہ ووٹ کیسے کاسٹ ہوتا ہے ، آپ ایم این اے ہیں اس طرح کی غلطی کیسے کر دی، آپ کو ایسی غلطی نہیں کرنی چاہیےتھی۔

    تاہم شہریار آفریدی وزیراعظم کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔

    خیال رہے ایوان بالا کی سینتیس نشستوں کے لیے پولنگ جاری ہے، قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان سمیت تین سو چالیس ارکان نے ووٹ کاسٹ کردیا۔ صرف ایک ووٹ باقی ہے ، جماعت اسلامی کے رکن نے ووٹ نہیں دیا تاہم عملہ پانچ بجے تک انتظار کرے گا۔

    سندھ ، خیبرپختو نخوا اور بلوچستان اسمبلی میں بھی ووٹنگ کا عمل جاری ہے جبکہ پنجاب سے تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔