Tag: وژن 2030

  • وژن 2030: سعودی عرب نے 6 سال قبل ہی بڑا ہدف حاصل کر لیا

    وژن 2030: سعودی عرب نے 6 سال قبل ہی بڑا ہدف حاصل کر لیا

    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے مملکت کو عصر حاضر سے ہم آہنگ کرنے کے لیے وژن 2030 دیا لیکن ایک اہم ہدف اس سے قبل ہی حاصل کر لیا۔

    سعودی وژن 2030 کے مطابق مملکت میں رضاکاروں کی تعداد ایک مقررہ تعداد تک پہنچانی تھی اور یہ ہدف چھ سال قبل ہی مکمل کر لیا گیا ہے۔

    العربیہ کے مطابق سعودی عرب کے انسانی وسائل اور سماجی ترقی کے وزیر انجینیر احمد الراجحی نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب میں رضاکاروں کی تعداد 10 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

    سعودی وزیر نے بتایا کہ رضاکارانہ کام کے لیے قومی پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ لوگوں کی تعداد 2.1 ملین تک پہنچ گئی ہے جب کہ پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ اداروں کی تعداد 8,397 تک پہنچ گئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں رضاکارانہ مواقع کی تعداد تقریباً 440,000 تک پہنچ گئی۔ رضاکارانہ اوقات کار کی تعداد 59 ملین سے زیادہ رضاکارانہ گھنٹے ہے، جب کہ رضاکارانہ کام کے نتیجے میں معاشی بحالی کا حجم ایک اعشاریہ دو ارب ریال تک پہنچ گیا ہے۔

    سعودی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ مملکت میں رضاکارانہ خدمات نے سعودی عرب میں پیشہ ورانہ رضاکارانہ انڈیکس میں تقریباً 11 فیصد اضافہ حاصل کیا ہے، جو عالمی سطح پر 5 فیصد کے مقابلے میں ایک بہترین اضافہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ رضاکارانہ کام معاشروں کو آگے بڑھانے کا ایک ذریعہ ہے۔ معاشرے کے ارکان کے درمیان یکجہتی اور اتحاد کی علامت ہے۔ اس کے اثرات معاشرے اور قوم کی زندگی میں مثبت طور پر ظاہر ہوتے ہیں، جس کی وژن 2030 سے واضح طور پر تصدیق ہوتی ہے۔

  • سعودی عرب کا بڑا پروجیکٹ، لاکھوں افراد کو بسانے کا منصوبہ

    سعودی عرب کا بڑا پروجیکٹ، لاکھوں افراد کو بسانے کا منصوبہ

    سعودی عرب نے وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل سے جڑے ایک اور عظیم الشان منصوبے کا اعلان کردیا، اس منصوبے کے تحت لاکھوں افراد بسائے جائیں گے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ملکیت نیشنل ریئل سٹیٹ ڈیولپر گروپ (روشن) نے شمالی جدہ میں ’مرافی‘ پروجیکٹ کا اعلان کیا ہے جہاں ایک لاکھ 30 ہزار افراد کو بسایا جائے گا۔

    مرافی پروجیکٹ کثیر المقاصد عظیم الشان منصوبہ ہے، اس منصوبے میں ابحر کریک سے منسلک گیارہ کلو میٹر طویل اور سو میٹر چوڑی مصنوعی نہر بھی بنائی جائے گی۔

    اس نہر کو گھروں اور محلوں کے درمیان سے گزارا جائے گا، تجارتی و تفریحی مراکز اور آرام و راحت کے عصری وسائل نئے طرز زندگی کی عکاسی کریں گے۔

    روشن گروپ کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈیوڈ گروور نے کہا ہے کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم مرافی پروجیکٹ کا آغاز کررہے ہیں، اس پروجیکٹ سے شمالی جدہ کو نئی شکل مل جائے گی اور جدہ بین الاقوامی شہروں کی صف میں کھڑا ہوجائے گا۔

    خوشحال معیشت کے حوالے سے یہ پروجیکٹ سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل کا سبب بنے گا۔ مرافی پروجیکٹ میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور قدرتی وسائل کا بھرپور طریقے سے استعمال ہوگا۔

    اس پروجیکٹ میں بنائی جانے والی مصنوعی نہر ایک طرح سے سی فرنٹ کی طرح نظر آئے گی، جو ہیمبرگ، شکاگو، سٹاکہوم اور لندن سٹی سینٹر کی طرز پر بنائی جائے گی، جس سے جدہ کی خوبصورتی کو چار چاند لگ جائیں گے۔

  • سعودی عرب: تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے متعدد منصوبے

    سعودی عرب: تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے متعدد منصوبے

    ریاض: سعودی عرب نے رواں برس تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں 10 ترجیحی منصوبے مختص کیے ہیں، ان منصوبوں سے سعودی وژن 2030 کے مقصد کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت تجارت نے رواں سال تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں 10 ترجیحی منصوبے مختص کیے ہیں۔

    اس اقدام سے مملکت کو مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کا پرکشش ماحول فراہم کرنے اور کاروباری شعبے کی علاقائی اور عالمی مسابقت کو بڑھانے کے سعودی وژن 2030 کے مقصد کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

    یہ اصلاحات صارفین کے تحفظ، تجارتی رجسٹریشن، تجارتی ناموں، تجارتی لین دین، ثالثی اور حکومتی فرموں کے قیام کے کنٹرول پر ہوں گی۔

    ان اصلاحات میں فیملی بزنس چارٹر، کارپوریٹ گورننس کے ضوابط، تجارتی رجسٹریشن کے نظام کو نافذ کرنے والے قوانین اور تجارتی ناموں کے نظام کو نافذ کرنے والے ضوابط بھی شامل ہوں گے۔

    تجارت کی وزارت نے اپنے سہ ماہی تجارتی بلیٹن میں ان منصوبوں کا اعلان کیا تاکہ سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو مختلف اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے فیصلے کرنے میں مدد فراہم کی جا سکے اور تجارت میں تنوع کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک مربوط وژن کی بنیاد پر سرگرمیوں میں مدد ملے۔

    یہ قومی معیشت کے اہم اجزا میں سے ایک کے طور پر تجارتی سرگرمیوں کی نشاندہی کرتا ہے جس نے گزشتہ سال 7.8 فیصد کی متاثر کن نمو حاصل کی۔

    یہ ترجیح قانون سازی کے ماحول کی کامیابی، کاروبار کے آغاز کے لیے طریقہ کار کو آسان بنانے، مسابقتی اشاریوں کو بلند کرنے اور سعودی عرب میں کاروباری شعبے کو دنیا کے لیے پرکشش بنانے کو بھی تقویت دیتی ہے۔

    تجارتی بلیٹن مختلف سرگرمیوں اور شعبوں میں سب سے نمایاں ترقی کے اشاریوں، کمپنیوں اور اداروں کے ریکارڈ میں تبدیلی کے حجم اور ان اعلیٰ ترین شعبوں پر روشنی ڈالتا ہے جنہوں نے قابل ذکر ترقی دیکھی۔

    یہ مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیز، کمپیوٹر پروگرامنگ، مارکیٹ ریسرچ اور رائے شماری، فلم پروڈکشن، شہر، تفریح، کھیل، ہوٹل کی سرگرمیاں، سیاحت اور سفر جیسے امید افزا شعبوں کے لیے بھی معیشت کو تیار کرتا ہے۔

    مزید برآں، بلیٹن مملکت میں صنعت کے حجم اور برآمدات سے متعلق ڈیٹا کو بھی ریکارڈ کرتا ہے۔

    یہ بلیٹن مملکت میں ای کامرس سیکٹر کی نمو پر نظر رکھنے کے علاوہ، کاروبار میں خواتین کی شرکت، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی فنانسنگ اور مجموعی طور پر کاروباری شعبے کی کشش کو بہتر بنانے میں قانون سازی کے تعاون سے متعلق ڈیٹا فراہم کرتا ہے۔

  • سعودی عرب: وژن 2030 کے تحت تفریحی منصوبوں کا افتتاح

    سعودی عرب: وژن 2030 کے تحت تفریحی منصوبوں کا افتتاح

    ریاض: سعودی عرب میں وژن 2030 کے تحت ولی عہد محمد بن سلمان نے تفریحی منصوبوں کا افتتاح کردیا، منصوبے کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے 86 بلین درہم سے تیار کردہ تفریحی منصوبوں کا افتتاح کردیا، منصوبے میں تفریحی امور کے علاوہ جزوی طور پر ترقیاتی سرگرمیاں بھی منصوبے کا حصہ ہوں گی۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں پر تئیس بلین ڈالر کی خطیر رقوم خرچ کی جائیں گی، منصوبوں میں ایک تفریحی پارک، ایک اسپورٹس ٹریک اور ایک آرٹ سینٹر کی تعمیر بھی شامل ہے۔

    منصوبے کے تحت 70 ہزار سے زائد نئی نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گی، جبکہ بین الاقوامی سرمایہ کار بھی سعودی عرب کا رخ کریں گے اور کاروبار میں حصہ ڈالیں گے۔

    عرب حکام سعودی شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے بالخصوص خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ملک میں بھرپور اقدامات کررہے ہیں، وژن کے تحت خواتین کو گاڑیاں چلانے کی اجازت سمیت سینماؤں کو بھی بحال کردیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس تین جون کو ایک تاریخ سا ز فیصلے کے نتیجے میں سعودی خواتین کو گاڑی چلا نے کی اجازت ملی تھی جو کہ ایک قدامت پسند معاشرے میں بڑا اقدام تھا، جس کے بعد متعدد شعبوں میں خواتین اپنی صلاحتیوں کا لوہا منواتی رہیں۔

    سعودی حکومت حقوق نسواں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدام کرے گی، بندر العیبان

    عرب میڈیا کے مطابق رواں ماہ سعودی خاتون عدوا الدخیل نے بلندی سے گرنے کے خوف کو شکست دیتے ہوئے پہلی سعودی خاتون پائلٹ بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔