Tag: وکلا

  • وکلا برادری اور میڈیا کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت

    وکلا برادری اور میڈیا کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت

    اسلام آباد: وکلا برادری اور میڈیا کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے میڈیا و بار کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کر دی۔

    یہ کمیٹی سیکریٹری بار ایسوسی ایشن منظور ججہ ایڈووکیٹ کی نگرانی اور رہنمائی میں تشکیل دی گئی ہے، ہائیکورٹ بار کا کہنا ہے کہ اس کمیٹی کا مقصد مؤثر ابلاغ، شفافیت، اور ذمہ دار قانونی رپورٹنگ کو فروغ دینا ہے۔

    ہائیکورٹ بار کی سابق فنانس سیکریٹری فرح حسن کمیٹی کی چیئرپرسن مقرر کی گئی ہیں، سیدہ ردا ای بتول ایڈووکیٹ اور نایاب سحر ایڈووکیٹ کمیٹی کی رکن ہوں گی، اس کوارڈینیشن کمیٹی کے قیام کا مقصد عدلیہ کے نمائندوں اور میڈیا کے درمیان پل بنانا ہے۔

    ہائیکورٹ بار کے مطابق کمیٹی کا مقصد یہ ہے کہ عدالتی کارروائیوں اور قانونی پیش رفتوں کی درست اور اخلاقی بنیاد پر ترسیل یقینی بنائی جا سکے، سیکریٹری منظور ججہ نے کہا کہ اس کمیٹی کا قیام بار ایسوسی ایشن کی شفافیت، میڈیا کی آزادی اور عدالتی عمل کی ساکھ کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

    ہائیکورٹ بار نے اس سلسلے میں ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی کابینہ اور ممبران کو تعارفی اجلاس میں شرکت کے لیے باضابطہ دعوت دی، کوارڈینیشن کمیٹی اجلاس گزشتہ روز سیکریٹری جنرل کے دفتر، اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میں منعقد ہوا، جس کی صدارت اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید حسین واجد گیلانی نے کی، اجلاس میں سیکریٹری ہائیکورٹ بار منظور احمد ججہ اور نائب صدر افتخار باجوہ سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔

    سیکریٹری ہائیکورٹ بار نے بتایا کہ اس اجلاس کا مقصد بار اور میڈیا کے درمیان باہمی تعاون اور رابطے کے مؤثر نظام پر بات چیت کرنا تھا، جس میں کمیٹی کے اراکین کا تعارف، اس کے اغراض و مقاصد کو واضح کرنا تھا، انھوں نے کہا اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن مستقبل میں میڈیا سے مؤثر رابطے کی توقع رکھتی ہے۔

    اجلاس میں ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر حسین احمد چوہدری اور جنرل سیکریٹری راجہ شہزاد علی و دیگر نے شرکت کی، تعارفی اجلاس میں سینئیر نائب صدر بلال شیخ، نائب صدر رؤف بزمی، جوائنٹ سیکریٹری امبرین علی، سابق صدور اسد ملک، ثاقب بشیر، اویس یوسفزئی، سابق سیکریٹری ذیشان سید، سیکریٹری اطلاعات عون رضا، ممبران ادریس عباسی، ابراہیم عباسی و دیگر بھی شریک ہوئے۔

  • ڈیفنس تھانے پر شہریوں کا حملہ، وکلا کا پولیس فائرنگ سے قانون کے 4 طالب علم زخمی ہونے کا دعویٰ

    ڈیفنس تھانے پر شہریوں کا حملہ، وکلا کا پولیس فائرنگ سے قانون کے 4 طالب علم زخمی ہونے کا دعویٰ

    کراچی: پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈیفنس تھانے پر نامعلوم شہریوں نے حملہ کیا ہے، جب کہ وکلا نے پولیس فائرنگ سے قانون کے 4 طالب علموں کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات ڈیفنس تھانے پر نامعلوم افراد نے دھاوا بولا اور توڑ پھوڑ کی، پولیس حکام نے کہا ہے کہ حملہ آوروں پر لاٹھی چارج کیا گیا جس سے 2 نوجوان معمولی زخمی ہوئے، تاہم گولی سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔

    پولیس کے مطابق علاقے میں ڈکیتی کی اطلاع پر 3 نوجوان موٹر سائیکل پر ناکے پر روکے گئے تھے، لیکن نوجوانوں کی پولیس سے بدتمیزی پر انھیں تھانے منتقل کیا گیا، جنھیں بعد ازاں لوگوں کی ضمانت پر رہا کر دیا گیا، رہائی کے بعد سو سے ڈیڑھ سے افراد نے تھانے پر حملہ کیا، جن پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔

    دوسری طرف وکلا نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے لا کے 4 طالب علم زخمی ہوئے، قادر راجپر ایڈووکیٹ نے بتایا کہ پولیس نے 2 طالب علموں کو چیکنگ کے دوران گرفتار کیا، اور انھیں تھانے منتقل کر کے تذلیل کی گئی، جب پولیس کے خلاف درخواست دینے تھانے پہنچے تو تلخ کلامی ہوئی، جس پر پولیس نے فائرنگ کر دی اور چار طالب علم زخمی ہوئے۔

    قادر راجپر ایڈووکیٹ کے مطابق 2 زخمی جناح اور 2 این ایم سی میں زیر علاج ہیں، انھوں نے آئی جی سندھ سے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

  • فراڈ وکلا لیڈر شپ نے پی ٹی آئی ہائی جیک کر لی، فواد چوہدری کا بڑا بیان

    فراڈ وکلا لیڈر شپ نے پی ٹی آئی ہائی جیک کر لی، فواد چوہدری کا بڑا بیان

    اسلام آباد: فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کو منی لانڈرنگ ایکسپرٹس قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری کا ایک بڑا بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ وکلا لیڈر شپ کو فراڈ اور منی لانڈرنگ ایکسپرٹس قرار دیا۔

    پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے الزام لگایا کہ پاکستان تحریک انصاف ہائی جیک ہو چکی ہے، انھوں نے کہا تحریک انصاف کی وکلا لیڈر شپ بنیادی طور پر فراڈیے ہیں، پارٹی ہائی جیک ہو چکی ہے اور اس کا قبضہ چھڑانا اہم ہے۔

    فواد چوہدری نے لیڈر شپ کا نام لے کر تنقید کی، اور کہا کہ سلمان اکرم راجہ، شیخ وقاص، شبلی فراز اور رؤف حسن نے پارٹی ہائی جیک کر لی ہے، انھوں نے مطالبہ کیا کہ منی لانڈرنگ ایکسپرٹس سے پارٹی کا قبضہ چھڑایا جائے۔

    وزیر اعظم کے 5 ہزار میں صرف چولھا ہی جل سکتا ہے، وہ بھی بغیر گیس، فیصل واوڈا

    9 مئی واقعات کے بعد دیگر کئی سیاست دانوں کی طرح سیاست سے ’وقفہ‘ لینے والے فواد چوہدری نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ شاہ محمود قریشی، محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور یاسمین راشد جیسے لوگ پالیسی میں شامل کیے جائیں۔

    واضح رہے کہ فواد چوہدری اس وقت عدالتوں میں متعدد مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، اور وہ مسلسل موجودہ پی ٹی آئی عہدے داروں کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ موجودہ قیادت کا کوئی سیاسی بیک گراؤنڈ نہیں ہے۔

  • حیدرآباد: وکلا کا پولیس کیخلاف قومی شاہراہ پر 18 گھنٹے سے دھرنا جاری، سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں

    حیدرآباد: وکلا کا پولیس کیخلاف قومی شاہراہ پر 18 گھنٹے سے دھرنا جاری، سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں

    حیدرآباد میں وکلا اور پولیس کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے اور وکلا نے قومی شاہراہ پر 20 گھنٹے سے دھرنا دیا ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حیدرآباد میں وکیل کے خلاف ایف آئی اندراج کے بعد وکیلوں اور پولیس کے درمیان کشیدگی مزید بڑھنے لگی ہے۔ وکلا نے مسلسل چوتھے روز بھی عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ جاری رکھا ہوا ہے جب کہ سردی میں 18 گھنٹے سے قومی شاہراہ پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں جب کہ دھرنے کے باعث کراچی سے اندرون ملک آنے اور جانے والی ٹریفک معطل اور ہزاروں گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔

    ڈسٹرکٹ باراور ہائی کورٹ بار نے جوڈیشل انکوائری کی پیشکش کو مسترد کر دیا ہے اور صدر ڈسٹرکٹ بار فیصل مغل کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس کی پریس ریلیز کا ہمیں علم نہیں، ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ ایس ایس پی حیدرآباد فرخ لنجار کا تبادلہ کیا جائے۔

    ٹنڈوالہیار میں بھی وکلا نے حیدرآباد کے وکلاء کی حمایت میں کیریا شاخ کے مقام پر رات گئے دھرنا دے دیا۔ اس دھرنے کے باعث میرپورخاص حیدرآباد شاہراہ بند ہو گئی اور شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

    دوسری جانب اس معاملے پر کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی آج سٹی کورٹ میں مکمل ہڑتال ہے۔

    جنرل سیکریٹری کراچی بار غلام رحمان کا کہنا ہے کہ حیدرآباد کے وکلا ساتھیوں کا ساتھ دیں گے جو احتساب اور انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ کراچی کے وکلا عدالتی امور معطل کر کے اہم مسئلے پر ساتھ دیں۔

    دوسری جانب وکلا کے قومی شاہراہ پر دھرنے کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں اور سینکڑوں مسافر پریشان ہیں۔ مسافروں نے انتظامیہ سے ٹریفک کی روانی فوری طور پر بحال کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایک وکیل کے خلاف فینسی نمبر پلیٹ اور ٹینٹڈ شیشے استعمال کرنے پر مقدمہ درج ہوا تھا جس کے بعد وکلا نے ایس ایس پی آفس میں 10 گھنٹوں سے زائد دھرنا دیا تھا۔ دھرنے کے باعث ایس ایس پی سمیت تمام اسٹاف محصور ہو گیا تھا۔

    وکلا کا ایس ایچ او بھٹائی نگر کو فوری طور پر معطل کرنے اور ایس ایس پی سے سرعام معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم ایس ایس پی فرخ لنجار کا کہنا تھا کہ قانون سب کیلیے برابر ہے، پولس افسر ہو یا وکیل سب قانون کے مطابق چلیں گے، کوئی غلط کام نہیں ایس ایچ او کو معطل اور معافی کیوں مانگوں؟

    بعد ازاں ضلع حیدرآباد سمیت ٹنڈوالہیار کے پولیس افسران نے وکلا کی دھمکیوں کے خلاف ایک ماہ کی چھٹی کی درخواستیں دے دی تھیں۔

    https://urdu.arynews.tv/sindh-police-stance-on-lawyers-protest-in-hyderabad/

  • وکلا کا پولیس کےخلاف شارع فیصل پر احتجاج، دونوں ٹریک بند کردیے

    وکلا کا پولیس کےخلاف شارع فیصل پر احتجاج، دونوں ٹریک بند کردیے

    کراچی: وکلا نے پولیس کےخلاف شارع فیصل پر احتجاج کرتے ہوئے دونوں ٹریک بند کردیے، شہر کی مرکزی شاہراہ پر شدید ٹریفک جام ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شارع فیصل پر ایف ٹی سی بلڈنگ کے مقام پر وکلا نے احتجاج کرتے ہوئے دونوں ٹریک ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند کردیے ہیں، شارع فیصل پر احتجاج کےباعث ایف ٹی سی پل کے قریب ٹریفک جام ہوگیا ہے۔

    وکلا نے پہلے کراچی کے علاقے محمود آباد میں احتجاج کیا گیا تھا، اس کے بعد وکیل احتجاج کرتے کرتے شارع فیصل پر پہنچ گئے جہاں پر روڈ کو بلاک کردیا گیا۔

    احتجاج کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی بلکہ لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، اب تک کسی بھی پولیس حکام کی جانب سے وکیلوں سے مذاکرات کی کوشش نہیں کی گئی۔

  • کے پی حکومت کا وکلا سے متعلق بڑا فیصلہ

    کے پی حکومت کا وکلا سے متعلق بڑا فیصلہ

    خیبر پختونخوا کی حکومت نے وکلا برادری کے حوالے سے انتہائی اہم فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا کی حکومت نے بیوٹی پارلرز کے بعد وکلا کو بھی فکس ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ان کے ساتھ کسٹم ایجنٹس پر بھی فکس ٹیکس لاگو کیا جائے گا۔

    آئندہ مالی سال میں وکلا اور کسٹم ایجنٹس پر فکس ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

    ترجمان کیپرا کا کہنا ہے کہ وکلا اور کسٹم ایجنٹس کو فکس ٹیکس میں لانے کا فیصلہ مزمل اسلم کی مشاورت سے کیا گیا ہے اور حکومت کو سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2022 میں ترامیم  کے لیے سفارشات ارسال کریں گے۔

  • پنجاب بار کونسل پر دھاوا، وکلا کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

    پنجاب بار کونسل پر دھاوا، وکلا کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

    لاہور: پنجاب بار کونسل پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ کے لیے وکلا کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انکوائری کے لیے طلب کرنے پر مشتعل وکلا نے نامعلوم افراد کے ساتھ لاہور میں پنجاب بار کونسل کے دفتر پر دھاوا بول دیا، بار کونسل میں توڑ پھوڑ اور خوف و ہراس پھیلانے پر 8 وکلا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    پولیس نے وکلا کے خلاف سول لائن تھانے میں سنگین نوعیت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا، مقدمے میں دہشت گردی، جان سے مارنے کی دھمکیاں، توڑ پھوڑ اور ناجائز اسلحہ رکھنے کی دفعات شامل ہیں۔

    مقدمے میں نامزد کیے گئے ملزمان میں 2 خواتین سمیت 8 افراد شامل ہیں، نامزد ملزمان نے پنجاب بار کونسل کے عملے سمیت دیگر افراد پر تشدد کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی۔

    ملزمان کو سوشل میڈیا پر ججز اور وکلا سے متعلق تضحیک آمیز پوسٹ اپلوڈ کرنے پر طلب کیا گیا تھا، مقدمہ سیکریٹری پنجاب بار کونسل اشرف راہی کی مدعیت میں درج کیاگیا ہے۔

    مقدمہ متن کے مطابق مسلح ملزمان نے پنجاب بار کونسل انکوائری کی درخواست واپس لینے کے لیے دھمکیاں دیں، ملزمان نے پنجاب بار کے اسٹینو، سیکشن آفیسر اور دیگر عملے کو یرغمال بنایا، پولیس کی مداخلت کے بعد ملزمان کی گرفت سے تمام افراد کو بازیاب کرایا گیا۔

    پولیس نے حملے میں ملوث ملزمان سے اسلحہ اور دیگر سامان قبضے میں لیا، مقدمے میں عامر، ندیم، نسرین چوہان، حنا رحمان، کرامت، ساجد، علی نفیس اور مختار نامزد کیے گئے ہیں۔

  • مالی مشکلات کے شکار وکلا کیلئے بڑی خوش خبری

    مالی مشکلات کے شکار وکلا کیلئے بڑی خوش خبری

    لاہور: پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن کے باعث معاشی مشکلات کے شکار وکلا کو ریلیف فراہم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے مالی مشکلات کے شکار وکلا کے لیے 10کروڑ کی امداد دی گئی۔ عثمان بزدار نے لاہور ہائی کورٹ بار کے عہدیداروں کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں چیک دیا۔

    اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بار ایسوسی ایشن کے ذریعے وکلا کو مالی امداد دی جائے گی، وکلا برادری کے مسائل کا بخوبی ادراک ہے، حکومت ممکنہ وسائل فراہم کرے گی، وکلا عوامی شعور و آگاہی کی بیداری کے لیے بھر پور کردار ادا کریں، صوبے بھر کے وکلا کے لیے دیگر سہولتیں بھی فراہم کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔

    پاکستان میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 14079 ہو گئی، 301 جاں بحق

    انہوں نے اعلان کیا کہ دور سے آنے والے وکلا کے لیے لاہور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ قیام گاہ بنائی جائے گی، وکلا ٹاور کے لیے موزوں جگہ کا انتخاب کرکے جلد کارروائی شروع کی جائے، کڑے وقت میں وکلا برادری کی مدد کا جذبہ خوش آئند ہے، صوبائی حکومت ہرممکن اقدامات کرے گی۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کروناوائرس کے باعث تمام شعبے سے تعلق رکھنے والے ملازمین پریشان ہیں۔

  • آج وکلا نےعہد کرلیا آئندہ ہڑتالیں نہیں کریں گے،چیف جسٹس

    آج وکلا نےعہد کرلیا آئندہ ہڑتالیں نہیں کریں گے،چیف جسٹس

    لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کا کہنا ہے کہ آج وکلا نےعہد کرلیا آئندہ ہڑتالیں نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ آج وکلا نےعہد کرلیا آئندہ ہڑتالیں نہیں کریں گے، وکلاسمجھ گئے ہڑتال ان کے حق میں نہیں اس لیے آئندہ ایسا نہیں کریں گے۔

    چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ پشاور میں ہڑتال ہوئی وہاں کے رہنماؤں سے بات کر کے ختم کرائی، وکلا کو جج سے لڑنے کی ضرورت نہیں، اگر ججز کا فیصلہ خلاف آئے تو اپیل کا راستہ موجود ہے، وکلا کے ججز سے لڑنے سے دنیا میں بدنامی ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں ججز کی کمی ہے جسے جلد پورا کریں گے۔

    حکومت انٹرنیٹ کا غلط استعمال روکنے کیلیے سنجیدہ اقدامات کرے، جسٹس گلزار احمد

    اس سے قبل چیف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کا غلط استعمال روکنا ہوگا، حکومت کو سنجیدگی سے اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

  • پی آئی سی حملہ کیس: 25 ملزمان کو ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا

    پی آئی سی حملہ کیس: 25 ملزمان کو ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا

    لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت میں پی آئی سی حملہ کیس کی سماعت ہوئی، جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس کی سماعت کی، 25ملزمان کو فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب فرانزک ایجنسی میں ملزمان کے فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرائے گئے، فرانزک لیباٹری کی رپورٹ آنے میں وقت ہے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہونے والی سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے کہا کہ 25 وکلا کی شناخت پریڈ میں تصدیق ہو چکی ہے۔

    وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ 32 وکلا 10 دن سے پولیس کی حراست میں ہیں، پولیس نے فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانا تھا تو دوران حراست کرالیتے، گرفتار وکلا کا میڈیکل بھی نہیں کرایا گیا۔ وکیل نے استدعا کی کہ عدالت تمام وکلا کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے۔

    پی آئی سی حملہ، حسان نیازی کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور

    واضح رہے کہ 12 دسمبر کو لاہور کے معروف اسپتال پی ائی سی پر حملہ، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث گرفتار وکلاء کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ پولیس نے گرفتار کیے گئے 52 ملزمان میں سے 46 وکلاء کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا تھا۔

    ملزمان وکلاء کو تھانہ شادمان میں درج 2 ایف آئی آر میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے ایڈمن جج عبدالقیوم خان کے روبرو پیش کیا گیا تھا۔