Tag: وکلا

  • خود وکیل ہوں اوروکلا برادری کے مسائل سے آگاہ ہوں‘ عثمان بزدار

    خود وکیل ہوں اوروکلا برادری کے مسائل سے آگاہ ہوں‘ عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جس معاشرے میں انصاف نہ ہو وہ پیچھے رہ جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے ڈسٹرکٹ بارملتان کے وفد نے ملاقات میں وکلا برادری کے مسائل کے حل سے متعلق بات چیت کی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات میں وکلا برادری کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

    انہوں نے کہا کہ خود وکیل ہوں اور وکلابرادری کے مسائل سے آگاہ ہوں، میں نے ملتان میں وکالت بھی کی ہے، آپ کے جائزمسائل حل کیے جائیں گے۔

    سرادر عثمان بزدار نے وکلا کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ جس معاشرے میں انصاف نہ ہووہ پیچھے رہ جاتا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 25 جنوری کو وزیراعلیٰ پنجاب سے سرگودھا بار کے وکلا کے وفد نے ملاقات کی تھی۔

    اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لیے وکلا برادری کی خدمات لائق تحسین ہیں، آئین کی بالادستی کے لیے وکلا نے نمایاں کردار اد کیا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وکلا نے ملک میں آزاد عدلیہ کی بحالی کے لیے بے مثال جدوجہد کی اور عام آدمی کو انصاف کی فراہمی میں وکلا برادری کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

  • نوازشریف اورمریم نوازکی اڈیالہ جیل میں وکلا سے ملاقات

    نوازشریف اورمریم نوازکی اڈیالہ جیل میں وکلا سے ملاقات

    روالپنڈی : سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اورکیپٹن صفدر سے وکلا نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں سزایافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز، اور کیپٹن صفدر سے ان کے وکلا خواجہ حارث اور امجد پرویز نے ملاقات کی۔

    ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات میں اہم قانونی معاملات پرمشاورت کی گئی۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز کی وکلا کے ساتھ ملاقات گزشتہ جمعرات کو ہونی تھی لیکن حکام کی جانب سے جمعرات کو ملاقات منسوخ کردی گئی تھی۔

    نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنائی گئی ہے اور تینوں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

    نوازشریف ،مریم نوازاور کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی درخواست ضمانت مسترد

    خیال رہے کہ 17 جولائی کواسلام آباد ہائی کورٹ نے شریف خاندان کی سزا کے خلاف اپیل پر نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمے کا ریکارڈ طلب کیا تھا اور نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ روزایون فیلڈ میں سزا یافتہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا کے خلاف اپیلیں ابتدائی سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کیا تھا۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت نے رواں ماہ 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نوازشریف کو 11، مریم نوازکو 8 اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید سنائی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • چیف جسٹس کا 10 برس میں انرول ہونے والے وکلا کی ڈگریوں کی تصدیق کا حکم

    چیف جسٹس کا 10 برس میں انرول ہونے والے وکلا کی ڈگریوں کی تصدیق کا حکم

    لاہور : چیف جسٹس آف پاکستان نے 10برس میں انرول ہونے والے وکلا کی ڈگریوں کی تصدیق کا حکم دے دیا اور کہا کہ یونیورسٹیاں مقرر ہ وقت میں ڈگریوں کی تصدیق مکمل کریں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں وکلا کی جعلی ڈگریوں سے متعلق ازخود نوٹس پر سماعت ہوئی ، دوران سماعت چیف جسٹس نے 10برس میں انرول ہونے والے وکلا کی ڈگریوں کی تصدیق کا حکم دے دیا۔

    چیف جسٹس نے تصدیق میں خرچ رقم سے متعلق چاروں ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹیاں مقرر ہ وقت میں ڈگریوں کی تصدیق مکمل کریں۔

    جسٹس ثاقب نثار نے پنجاب کے غیر الحاق شدہ لاکالجز کی تفصیلات 11 جولائی کو طلب کرتے ہوئے مزید سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ  چیف جسٹس نے وکلا کی جعلی ڈگریوں پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے تمام بار کونسلز کو نوٹسز جاری کردیئے تھے اور حکم دیا  تھا کہ چیف  ایک ماہ میں وکلا کی ڈگریوں کی تصدیق کرائی جائے،۔

    سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ حامد خان صاحب یہ بھی دیکھیں کتنے وکلاجعلی ڈگریوں پر کام کر رہےہیں؟ کیا ہمیں ان وکلا کی بھی ڈگریوں کی تصدیق کرانی چاہیے تو حامد خان نے جواب میں کہا کہ ہمیں بھی وکلا کی ڈگریوں کی تصدیق کرانی چاہیے، جس پر چیف جسٹس سپریم کورٹ نے کہا کہ آپ کو معاملےپردرخواست دائر کرنی چاہیے۔

    حامد خان نے کہا کہ ہم درخواست دے دیں گے تو چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آج یہ درخواست دائر کریں ہم نوٹس جاری کر دیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ملتان: گاڑی سے ٹکرانے پر وکلا کا سائیکل سوار پر شدید تشدد

    ملتان: گاڑی سے ٹکرانے پر وکلا کا سائیکل سوار پر شدید تشدد

    ملتان: صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں وکلا گردی کا ایک اور واقعہ پیش آگیا۔ وکلا نے گاڑی سے ٹکرانے پر سائیکل سوار کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے کچہری فلائی اوور کے قریب وکیل کی گاڑی موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔ ایک راہگیر سائیکل سوار نے معاملہ رفع دفع کروانے کی کوشش کی تو وکلا نے غریب سائیکل سوار پر تشدد شروع کردیا۔

    کار سوار 4 وکلا نے غریب شخص کو بیہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ ایک وکیل نے سائیکل اٹھا کر غریب کے سر پر دے ماری جبکہ دوسرا اسے چپل سے مارتا رہا۔

    وہاں موجود افراد نے معاملہ ختم کروانے اور انہیں چھڑوانے کی کوشش کی تو وکلا ٹیلی فون کر کے اپنے مزید ساتھیوں کو بلانے لگے۔

  • وکلا کی شدید فائرنگ، اے آر وائی کی خبر پر سی پی او جاگ اٹھے

    وکلا کی شدید فائرنگ، اے آر وائی کی خبر پر سی پی او جاگ اٹھے

    فیصل آباد: ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میں ہونے والے ضلع کچہری کے انتخابات ختم ہوتے ہی وکلاء جدید اسلحہ ہاتھوں میں تھامے جشن منانے لگے اور شدید ہوائی فائرنگ کی ، اے آر وائی نیوز نے معاملہ اٹھایا تو سی پی اور افضال احمد نے نوٹس لیتے ہوئے وکلاء کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔

    نمائندہ اے آر وائی قمر زمان کے مطابق فیصل آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نتائج سامنے آتے ہی وکلا  آپے سے باہر ہوگئے اور قانون کے رکھوالے خود ہی دھجیاں بکھیرنے میں مصروف ہوگئے۔

    فیصل آباد ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن کے نتائج میں ابوبکر عبدللہ جوائنٹ سیکریٹری منتخب ہوئے تو اُن کے حامیوں نے جدید اسلحہ ہاتھوں میں تھاما اور تمام قوانین کو بالائے طاق رکھا اور جدید اسلحے سے فائرنگ میں مشغول ہوگئے جس کے بعد ضلع کچہری کی فضا شدید فائرنگ سے گونجنے لگی۔

    قمر زمان کے مطابق الیکشن کے دوران اسلحے کی نمائنش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کی گئی تھی مگر وکلاء جیت کے موقع پر قانون ہی بھول گئے، ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار کسی بھی قسم کی کارروائی سے گریزاں نظر آئے اور خاموش تماشائی کا کردار ادا کیا جبکہ دورانِ فائرنگ پولیس افسران بھی جائے وقوعہ پر موجود تھے۔

    اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہوئی تو سی پی او نے ضلع کچہری میں فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ فائرنگ کرنے والے وکلا کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کریں، سی پی او کے احکامات کے بعد پولیس کی بھاری نفری ضلع کچہری پہنچی اور فائرنگ میں ملوث وکلا کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔

    یاد ہے فیصل آباد کی ضلع کچہری میں سی پی او افضال احمد کا دفتر موجود ہے جبکہ سی پی او اور آر پی ہاؤس بھی قریب میں ہی واقع ہیں۔

  • لاہور: تحریک انصاف کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف وکلا کا احتجاج

    لاہور: تحریک انصاف کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف وکلا کا احتجاج

    لاہور: تحریک انصاف کے کارکنوں پر پولیس تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف تحریک انصاف لائرز ونگ کے وکلا لاہور کے مال روڈ پر نکل آئے۔ وکلا سڑک پر ٹائر جلا کر گو نواز گو کے نعرے لگاتے رہے۔

    تحریک انصاف کے وکلا نے کارکنوں پر پولیس تشدد کے خلاف لاہور ہائیکورٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے جی پی او چوک میں ٹائر جلا کر مال روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔

    احتجاج کے دوران وکلا گو نواز گو اور حکومت مخالف نعرے لگاتے رہے۔ وکلا کے احتجاج کے باعث مال روڈ پر ٹریفک کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کا شہر کے تمام راستوں سے کنٹینرز ہٹانے کا حکم *

    احتجاج کے دوران ایک شہری نے وکلا کی جانب سے لگائی گئی رکاوٹ عبور کرنا چاہی تو احتجاج کرنے والے ایک وکیل نے اسے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    واضح رہے کہ تحریک انصاف کے احتجاجی دھرنے کے خلاف حکومت نے کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ کل شام تحریک انصاف کے تقریباً 500 کارکنان کو گرفتار کیا گیا جبکہ آج مزید 55 کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    دوسری جانب راولپنڈی کے کمیٹی چوک میں پولیس نے شیخ رشید کے خطاب کے دوران لاٹھی چارج اور شیلنگ شروع کردی جس کے سبب کارکنان کے بار بار منتشر ہونے اور کمیٹی چوک کے اطراف کی گلیوں میں منظم ہو کر دوبارہ کمیٹی چوک پر جمع ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔