Tag: وھیل مچھلی

  • ریسکیو اہل کاروں نے 28 وھیل مچھلیوں کی جانیں بچا لیں (تصاویر)

    ریسکیو اہل کاروں نے 28 وھیل مچھلیوں کی جانیں بچا لیں (تصاویر)

    ولنگٹن: نیوزی لینڈ میں ساحل پر آ کر پھنسنے والی 28 وھیل مچھلیوں کو ریسکیو آپریشن کے ذریعے واپس سمندر میں چھوڑ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں فیئر ویل اسپٹ نامی ساحل پر امدادی ٹیموں نے ساحل پر پھنسی پائلٹ مچھلیوں کو ریسکیو کرتے ہوئے سمندر میں واپس چھوڑ دیا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پائلٹ وھیلز فیئر ویل اسپٹ کے ساحل پر پانی کے بہاؤ کے ساتھ آگئی تھیں، جن میں سے 15 وھیلز ساحل پر پھنسے رہنے کی وجہ سے مر گئیں۔

    ماہرین سمندری حیات نے بتایا کہ ساحل پر آنے والی وھیل مچھلیوں کو دو بار سمندر میں چھوڑا گیا تھا تاہم وہ کسی وجہ سے پھر ساحل پر آ گئیں، جوناح نامی تنظیم کے عہدے دار دارین گرور کا کہنا تھا 40 کے قریب پائلٹ وھیل مچھلیوں کو سمندر میں چھوڑا گیا تھا لیکن دوسرے ہی روز وہ ساحل پر واپس آگئیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ابھی تک واضح ہیں ہو سکا ہے کہ ساحل پر وھیلز کیسے پھنس جاتی ہیں، پائلٹ وھیلز کے ساحل پر پھنسنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں، اس حوالے سے کئی مفروضے موجود ہیں، بعض ماہرین کا خیال ہے کہ وھیل مچھلیاں اپنے شکار کے تعاقب میں راستہ بھول جاتی ہیں اور ساحل پر آ جاتی ہیں۔

    یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ایک وھیل مچھلی پورے گروہ کو غلطی سے ساحل پر لے آتی ہے۔ محققین کے مطابق کم پانی میں وھیل مچھلی کی آواز کے سگنل کام نہیں کرتے جس کی وجہ سے انھیں پتا نہیں چلتا کہ پانی کتنا گہرا ہے، اس لیے وہ ساحل کے قریب بھٹک سکتی ہے۔

  • گوادر کے ساحل پر 34 فٹ لمبی وھیل مردہ حالت میں پائی گئی

    گوادر کے ساحل پر 34 فٹ لمبی وھیل مردہ حالت میں پائی گئی

    کوئٹہ: بلوچستان کے مغربی ساحل گوادر پر 34 فٹ لمبی برائڈس وھیل مردہ حالت میں پائی گئی ہے، مچھلی کے جسم پر متعدد زخم بھی پائے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گوادر کے مغربی ساحل پر وھیل میمل مردہ حالت میں پائی گئی ہے، مچھلی کے جسم پر کئی زخم بھی موجود تھے۔

    گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ ماحولیات کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالرحیم بلوچ نے اس حوالے سے بتایا کہ برائیڈس نسل کی 34 فٹ لمبی مردہ وھیل مچھلی گوادر کے سمندر میں پائی گئی۔

    انھوں نے کہا کہ وھیل کا جسم کئی جگہ سے زخمی تھا، برائیڈس نسل کی وھیل گوادر کے سمندر میں پائی جاتی ہے، کسی وجہ سے زخمی ہوگئی جس سے موت واقع ہوئی۔

    عبد الرحیم بلوچ کا کہنا تھا کہ وہ زخموں کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں، تاہم ابتدائی تجزیے سے معلوم ہوتا ہے کہ مچھلی کسی جہاز سے ٹکرا کر زخمی ہوئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کیا پلاسٹک دیوہیکل وھیل کی جان لے سکتا ہے؟

    انھوں نے مزید بتایا کہ وھیل مچھلی کی ہڈیاں ایک میوزیم میں رکھی جائیں گی تاکہ اس سلسلے میں لوگوں میں آگاہی پیدا کی جا سکے، جب کہ باقی مچھلی کو گوادر ساحل ہی پر دفنایا جائے گا۔

    برائڈس وھیل ان تین قسم کے بَلین وھیلز میں سے ایک ہے جو پاکستانی پانیوں میں پائی جاتی ہے، دیگر دو میں ایک بلیو وھیل اور دوسری عربین ہمپ بیک ہے۔ 2013 میں بھی برائڈس وھیل ڈمب، سونمیانی میں مردہ حالت میں ملی تھی۔