Tag: وہاڑی

  • وہاڑی کی 133 بستیوں میں ایمرجنسی نافذ

    وہاڑی کی 133 بستیوں میں ایمرجنسی نافذ

    وہاڑی (30 اگست 2025): دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کے خطرے کے پیش نظر 133 بستیوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع وہاڑی میں ہیڈ اسلام پر پانی کی آمد 63 ہزار 262 اور اخراج 62 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث انتظامیہ نے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں کے افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے، اور بتایا کہ ضلع بھر میں سیلاب سے مجموعی طور پر 49 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

    پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں بادل پھر برس پڑے

    انتظامیہ کے مطابق سیلابی ریلوں میں 30 ہزار سے زائد ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں، اور 57 دیہات سے 12 ہزار سے زائد افراد اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔

    ادھر ضلع جھنگ میں بھی دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جس کے باعث ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    ریلیف کمشنر پنجاب نے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کے باعث نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ تینوں دریاؤں میں 2308 موضع جات متاثر ہوئے ہیں، اور دریاؤں میں سیلابی صورت حال کے باعث 15 لاکھ 16 ہزار لوگ متاثر ہوئے، سیلاب میں پھنسے 4 لاکھ 81 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

    ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کے مطابق شدید سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 511 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں، سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 351 میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں، ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں 4 لاکھ 5 ہزار جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

    ریلیف کمشنر پنجاب نے رپورٹ میں بتایا کہ حالیہ سیلاب میں ڈوبنے سے 30 شہری جاں بحق ہوئے ہیں، لاہور میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 اموات رپورٹ ہوئیں۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کا 9 واں اسپیل 2 ستمبر تک جاری رہے گا۔

  • 11 جولائی کو تعطیل کا اعلان ، تمام دفاتر  بند رہیں گے

    11 جولائی کو تعطیل کا اعلان ، تمام دفاتر بند رہیں گے

    ضلعی انتظامیہ نے وہاڑی میں 11 جولائی کو عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا ، اس دن تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے مشہور صوفی بزرگ بابا حاجی شیر دیوان کے سالانہ عرس کے موقع پر 11 جولائی بروز جمعہ کو وہاڑی بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

    ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا جمعے کے روز ضلع میں تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔

    تعطیل کا اطلاق تعلیمی بورڈز اور یونیورسٹیوں کے جاری امتحانات پر نہیں ہوگا، جو منصوبہ بندی کے مطابق جاری رہیں گے۔

    اس اعلان کا مقصد کثیر تعداد میں عرس کی تقریبات میں شرکت کرنے والے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد کو سہولت فراہم کرنا ہے، جس میں مذہبی اجتماعات، روحانی سرگرمیاں اور ثقافتی تقریبات شامل ہیں۔

    عرس پورے پنجاب اور اس سے باہر کے شرکاء کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے، جو اسے خطے کی اہم سالانہ تقریبات میں سے ایک بناتا ہے۔

    تعطیل کے باوجو صحت، صفائی، سیکورٹی، اور ایمرجنسی رسپانس جیسی ضروری خدمات فراہم کرنے والے محکمے تہواروں کے دوران انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح فعال رہیں گے۔

    مقامی حکام نے متعلقہ محکموں کو ہجوم کے انتظام اور عوامی حفاظت کے اقدامات سمیت مناسب حفاظتی اور لاجسٹک انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • وہاڑی :  4 سالہ بچی کی گلہ کٹی لاش برآمد

    وہاڑی : 4 سالہ بچی کی گلہ کٹی لاش برآمد

    وہاڑی : نواحی علاقے سے چار سالہ بچی کی گلہ کٹی لاش برآمد ہوئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ تیز دھار آلہ سے بچی کا گلہ کاٹا گیا تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر مکمل حقائق معلوم ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع وہاڑی نواحی علاقہ 13 ڈبلیو بی چاند ماڑی میں 4 سالہ بچی کی گلہ کٹی لاش ملی ، گھر سے مدرسہ جانے والی بچی کی خون میں لت پت لاش گلی میں پڑی تھی۔

    بچی کو مدرسے جاتے ہوئے راستے میں قتل کر دیا گیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او منصور امان ایس پی انویسٹی گیشن بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔

    ڈی پی او منصور امان کا کہنا تھا کہ واقعہ کی تمام زاویوں سے تفتیش کا اغاز کردیا گیا ہے، قاتلوں کو انشاء اللہ جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

    ڈی پی او نے کہا کہ تیز دھار آلہ سے بچی کا گلہ کاٹا گیا پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر مکمل حقائق معلوم ہوں گے۔

    والد نوید کا کہنا ہے کہ ہم غریب لوگ ہیں ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں بیٹی گھر سے سپارہ پڑھنے گئی جبکہ والدہ نے کہا پولیس ہمیں انصاف فراہم کرے میری بچی کو ناحق قتل کر دیا گیا۔

  • خوفناک ٹریفک حادثات ،  نوبیاہتا جوڑے سمیت 9 افراد جاں بحق

    خوفناک ٹریفک حادثات ، نوبیاہتا جوڑے سمیت 9 افراد جاں بحق

    لاہور : پنجاب اور کراچی میں خوفناک ٹریفک حادثات کے نتیجے میں نوبیاہتا جوڑے سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں 3 ٹریفک حادثات رونما ہوئے ، لیاقت پور میں طاہر والی پیٹرولنگ چیک پوسٹ کے قریب دو موٹر سائیکلیں ٹکرانے کے بعد ٹریلر کے نیچے آگئیں ، حادثے میں میاں بیوی سمیت تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

    جاں بحق میاں بیوی کی چار روز قبل شادی ہوئی تھی تاہم تمام لاشوں اور زخمیوں کو ترنڈہ محمد پناہ ا سپتال منتقل کردیا گیا ۔

    دوسرے حادثے میں وہاڑی کے نواحی علاقہ لڈن کے قریب گاڑی الٹنے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہوگئے، متاثرہ فیملی لاہور سے حاصل پور جارہی تھی۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث حادثہ پیش آیا، جاں بحق افراد کی شناخت علیحہ ایوب،محمد عمر، ایوب اور ناہید کے ناموں سے ہوئی ہے تاہم لاشوں کوڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    تیسرے حادثہ کراچی میں پیش آیا ، جہاں پورٹ قاسم آئل ڈپو کے قریب گاڑی نے موٹرسائیکل کو روند ڈالا،جس کے نتیجے میں باپ بیٹا جاں بحق اور ماں شدید زخمی ہوگئی ، جاں بحق ہونے والوں میں چالیس سال کا عابد اور ڈیڑھ سال کا عاطف شامل ہیں۔

  • گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کرنے والی 2 بہنوں کو  قتل کردیا گیا

    گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کرنے والی 2 بہنوں کو قتل کردیا گیا

    وہاڑی: گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کرنے والی 2 بہنوں کو قتل کردیا گیا، بھائی نے باپ اور چاچا کے ساتھ مل دونوں کو قتل کیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع وہاڑی میں غیرت کے نام پر دہرے قتل کی واردات ہوئی، جہاں بھائی نے باپ اور چاچا کے ساتھ مل کر شادی شدہ بہنوں کو قتل کردیا۔

    فائرنگ کاواقعہ تھانہ ماچھیوال کی حدود19ڈبلیوبی میں پیش آیا، پولیس کے مطابق دو لڑکیوں نے پسند کی شادی کی تھی، جس پر ملزمان کو شدید غصہ تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ مقتولہ افشاں بی بی اور مقتولہ نشاط بی بی کو بذریعہ پنچائت واپس لایا گیا تھا اور گھر پہنچتے ہی ملزم نے باپ اور چچا کے ساتھ مل کر دونوں بہنوں کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

    ڈی پی او نے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں ، ملزمان جلد گرفتار ہوں گے۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں والدین نے غیرت کےنام پر بیٹی کو قتل کیا تھا اور دوران تفتیش والدین نے قتل کا اعتراف بھی کرلیا تھا۔

    اس سے قبل کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن ایم پی آر کالونی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا تھا، جہاں دیور نے اپنی بھابھی کو قتل کردیا تھا۔

  • ملکی تاریخ کا بدترین جنسی اسکینڈل، ملزم نے پولیس کو دیکھ کر یو ایس بی نگل لی

    ملکی تاریخ کا بدترین جنسی اسکینڈل، ملزم نے پولیس کو دیکھ کر یو ایس بی نگل لی

    وہاڑی : سینکڑوں لڑکیوں کو بلیک میل کرنے کا بھیانک اور بہت بڑا جنسی اسکینڈل منظر عام پر آیا ہے، پکڑے جانے والے گینگ کے سرغنہ نے پولیس کو دیکھتے ہی ثبوتوں والی ’یو ایس بی‘ نگل لی۔

    مذکورہ گروہ سادہ لوح لڑکیوں کو بلیک میل کرکے ان سے نہ صرف رقم وصول کرتا تھا ان کا جنسی استحصال بھی کیا جاتا تھا اور ناجائز مطالبات نہ ماننے پر ان کی ویڈیوز کو وائرل کرنے کی دھمکیاں دیتا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے چھوٹے سے شہر وہاڑی میں سامنے آنے والی اس بڑی کارروائی نے علاقہ مکینوں کو خوفزدہ کردیا، اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کی ٹیم نے اس مکروہ دھندے میں ملوث ملزم کو گرفتار کروا دیا۔

    اس حوالے سے ایک متاثرہ لڑکی نے ٹیم سرعام سے رابطہ کرکے آہوں اور سسکیوں کے ساتھ ساری روداد سنائی اور بتایا کہ کس طرح یونیورسٹی کی ایک دوست نے اسے پھنسایا اور خود آزاد ہوگئی۔

    متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ پہلے اسے دبئی کے نمبر سے کال کی گئی اور انٹرویو کیلئے بلایا جس جگہ بلایا گیا وہ ایک گھر تھا جہاں مجھے کولڈ ڈرنک پلائی گئی جسے پی کر میں بے ہوش ہوگئی اور پھر میرے ساتھ نازیبا سلوک کیا گیا۔

    بعد ازاں ان لوگوں نے کہا کہ اگر تم اپنی جان چھڑانا چاہتی ہو تو کسی اور لڑکی، کسی سہیلی یا بہن کو لے کر آؤ، ورنہ تم ہم سے جان نہیں چھڑا سکتیں۔ کئی لڑکیوں نے بلیک میل ہوکر مزید لڑکیاں بھی اس گینگ کے حوالے کیں۔ 40 ہزار روپے تنخواہ اور لیپ ٹاپ کا سن کر لڑکیاں ان کے چنگل میں باآسانی پھنس جاتی تھیں۔

    لڑکی روداد سننے کے بعد ٹیم سرعام نے پولیس کے ہمراہ موقع واردات پر چھاپہ مار کر ملزم حامد کو رنگے ہاتھوں پکڑوا دیا جب دو لڑکیاں اس کے ساتھ ہی موجود تھیں۔ ملزم اتنا شاطر اور چالاک ہے کہ پولیس کو گھر میں داخل ہوتے دیکھتے ہی اس نے یو ایس بی کو منہ ڈال کر نگل لیا جس میں سینکروں لڑکیوں کی برہنہ ویڈیوز کا ڈیٹا موجود تھا تاہم وہ پولیس کے سامنے اس بات کا مسلسل انکار کرتا رہا۔

    گرفتار ملزم حامد کا باپ وہاڑی کا سابق ضلعی خطیب قاضی وہاج احمد ہے جو اپنے بیٹے کی گرفتاری کا سن کر وہاں پہنچ گیا تھا اور پولیس کی منت سماجت کرنے لگا، بعد ازاں ملزم کو مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں ایکسرے کے ذریعے اس کے جسم میں یو ایس بی کی موجودگی کا ثبوت مل گیا۔

    ڈاکٹروں کے مطابق نگلی جانے والی یو ایس بی گزشتہ چار روز سے ملزم کے معدے میں موجود ہے اور انتظار اس بات کا ہے جب وہ نظام ہاضمہ کے مراحل سے گزر کر جسم سے خارج ہوگی تو بعد کی کارروائی کی جائے گی۔

  • قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی میں نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ

    قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی میں نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ

    بھارت کی جانب سے دریائے راوی میں پانی چھوڑنے کے بعد قصور، اوکاڑہ، پاکپتن اور وہاڑی میں نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب تصور چوہدری نے کہا کہ بھارت نے پہلے دریائے راوی میں پانی جسر کے مقام پر چھوڑا تھا، دریائے راوی میں 61 ہزار کیوسک کا ریلا پاکستان میں داخل ہوا ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم نے بتایا کہ دریائے چناب میں ڈھائی لاکھ کیوسک کے قریب پانی چھوڑا گیا، ہیڈمرالہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب تھا۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب نے مزید بتایا کہ بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں بھی پانی چھوڑ دیا گیا، جس سے قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی میں نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب تصور چوہدری کا کہنا ہے کہ دریا کنارے آبادیوں کے لئے ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔

  • ملتان میں ٹرانسپورٹ گروپوں میں فائرنگ، پی پی رہنما کے بھائی سمیت 2 جاں بحق

    ملتان میں ٹرانسپورٹ گروپوں میں فائرنگ، پی پی رہنما کے بھائی سمیت 2 جاں بحق

    ملتان: پنجاب کے ضلع ملتان میں ٹرانسپورٹ گروپوں میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے، پی پی رہنما کا بھائی بھی شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں وہاڑی چوک پر دو ٹرانسپورٹ گروپوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 افراد ہلاک ہو گئے، پولیس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت رانا مہران اور حذیفہ ڈوگر کے نام سے ہوئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول رانا مہران پیپلز پارٹی کے رہنما رانا سجاد کا بھائی ہے، رانا اور ڈوگر گروپس میں یہ محاذ آرائی کافی عرصے سے چلی آ رہی ہے، اور دونوں کے درمیان چھوٹے موٹے جھگڑے روز کا معمول تھا۔

    ذرائع کے مطابق بس اسٹینڈ پر دونوں گروپوں کے درمیان جھگڑا ٹرانسپورٹ ٹائم اٹھانے کے معاملے پر ہوا، جس پر دونوں اطراف سے فائرنگ ہوئی جس میں دو جانیں چلی گئیں۔

    گروپوں میں فائرنگ کے دوران دو راہگیر بھی زخمی ہوئے ہیں، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

  • جھاڑو دے کر روزی کمانے والی خاتون کو سرکاری ملازمت مل گئی

    جھاڑو دے کر روزی کمانے والی خاتون کو سرکاری ملازمت مل گئی

    لاہور: وہاڑی میں جھاڑو دے کر روزی کمانے والی خاتون کو سرکاری ملازمت مل گئی، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تعلیم یافتہ بیٹی کےہاتھ میں جھاڑو دیکھ کردل خون کے آنسو رو دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وہاڑی میں جھاڑودےکرروزی کمانے والی خاتون کی خبر کا نوٹس لیا اور عثمان بزدار کی ہدایت پر خاتون کو سرکاری ملازمت دے دی گئی۔

    ڈی پی ایس وہاڑی میں خاتون کوآفس جاب کے لیےتقررنامہ جاری کردیا ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مہوش جیسی ہونہار بیٹیاں قوم کا روشن مستقبل ہیں ، تعلیم یافتہ بیٹی کےہاتھ میں جھاڑو دیکھ کردل خون کے آنسو رو دیا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ فرسودہ نظام میں تعلیم یافتہ بیٹی سڑک پرآنےپرمجبور ہوئی، فرسودہ نظام میں تعلیم یافتہ بیٹی سڑک پر آنے پر مجبور ہوئی، ماضی کے حکمرانوں نےبوسیدہ نظام دے کرقوم پر ظلم کیا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت یہ نظام بدل رہی ہے، نظام بنارہےہیں جہاں تعلیم یافتہ بیٹیاں عزت سےروزی کماسکیں۔

    خیال رہے وہاڑی میں پارس طالب نامی خاتون نے فربت کے باوجود دن میں محنت مزدوری اور رات میں پڑھائی کر کے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے ایم اے اسلامیات فرسٹ ڈویژن میں پاس کیا۔

  • پنجاب پولیس کے مبینہ مقابلے، 5 ملزمان ہلاک

    پنجاب پولیس کے مبینہ مقابلے، 5 ملزمان ہلاک

    راولپنڈی: پنجاب پولیس کے دو مختلف مقامات پر مقابلوں میں 5 ملزمان ہلاک ہو گئے، ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں سرفراز روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک، دوسرا زخمی ہو گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کی، جس کی زد میں اپنے ہی ساتھی آ گئے۔

    راولپنڈی پولیس کے مطابق 5 ڈکیت فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو رہے تھے، کہ پولیس کے ساتھ مڈ بھیڑ ہو گئی، ملزمان علاقہ وارث خان میں وارداتوں میں ملوث ہیں، پولیس نے خفیہ اطلاع پر ریڈ کیا تو ڈکیتوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ سے 2 ڈکیت زخمی جب کہ باقی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی ڈاکوؤں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک ہلاک ہوا۔

    راولپنڈی پولیس مقابلے میں زخمی اور ہلاک ہونے والے ڈکیت

    پولیس کا کہنا تھا کہ اس ڈکیت گینگ کی وارداتوں کی متعدد فوٹیجز بھی موجود ہیں۔ ہلاک ڈکیت کی شناخت ولایت شاہ اور زخمی کی شناخت نور خان کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس پی راول ڈویژن رائے مظہر اقبال کا کہنا تھا کہ ڈکیتوں کی گرفتاری پولیس کے لیے ایک چیلنج تھی۔

    پولیس مقابلے سے قبل راولپنڈی میں وارث خان کے علاقے میں ڈکیتی کرتے ہوئے

    پنجاب کے ضلع وہاڑی میں بورے والا کے چک 519 ای بی کے قریب بھی ایک مبینہ پولیس مقابلے میں 4 ملزمان ہلاک ہو گئے ہیں، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا، ہلاک ملزمان کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان ہیں۔ ڈی پی او وہاڑی کا کہنا تھا کہ علاقے کو کرائم فری بنا کر دم لیں گے۔

    وہاڑی میں پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے والے ملزمان