Tag: ویتنام

  • یونیسکو کے لوک ورثہ مرکز کی سیاحت کے لیے جانے والے 35 افراد ویتنام میں کشتی الٹنے سے ہلاک

    یونیسکو کے لوک ورثہ مرکز کی سیاحت کے لیے جانے والے 35 افراد ویتنام میں کشتی الٹنے سے ہلاک

    ہنوئی: یونیسکو کے لوک ورثہ مرکز کی سیاحت کے لیے جانے والے 35 افراد ویتنام میں کشتی الٹنے سے ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز ویتنام کے ہالونگ بے میں اچانک گرج چمک کے ساتھ بارش کے باعث سیاحوں کی ایک کشتی الٹنے سے پینتیس سیاح ہلاک ہو گئے، حکام نے ابتدائی طور پر ہلاک ہونے والوں کی تعداد اڑتیس بتائی تھی۔

    حکام کے مطابق امدادی کارکن ڈوبی ہوئی کشتی کو نکالنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، کشتی میں سوار افراد کی تعداد 49 تھی، جس میں کشتی کا عملے کے 5 ارکان سمیت 20 بچے بھی شامل تھے۔

    سیاح یونیسکو کے ایک لوک ورثہ مرکز کی سیاحت کے لیے آئے تھے کہ کشتی کو حادثہ پیش آ گیا، ان سیاحوں میں سے اکثر اپنے خاندان کے ساتھ سیاحت کے لیے نکلے ہوئے تھے، جن کا تعلق ویتنامی دارالحکومت ہنوئی سے ہے۔


    سیکڑوں مسافروں کو لے جانیوالے بحری جہاز میں بدترین آگ، کتنے افراد بچ پائے؟


    ریسکیو سرگرمیوں میں درجنوں امدادی کارکن، بارڈر گارڈز، نیوی، پولیس اور پیشہ ور ڈائیورز نے حصہ لیا، حد نگاہ محدود اور موسم خراب ہونے کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے دو افراد کو بچایا تاہم باقی لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    روئٹرز کے مطابق ہنوئی کے شمال مشرق میں تقریباً 200 کلومیٹر شمال مشرق میں چونے کے پتھر کے ہزاروں جزیروں پر مشتمل علاقہ یونیسکو نے عالمی لوک ورثہ قرار دیا ہے، جہاں ہر سال لاکھوں سیاح آتے ہیں، اور یہ حادثہ حالیہ برسوں کا بدترین قرار دیا گیا ہے، گرج چمک کے ساتھ اچانک چند منٹوں میں آسمان سیاہ ہو گیا تھا اور تیز بارش شروع ہو گئی۔

    10 سال کے ایک ویتنامی بچے نے ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے الٹنے والی کشتی کے ایئر پاکٹ میں پناہ لے لی تھی، جہاں اسے امداد پہنچنے تک انتظار کرنا پڑا، اور ریسکیو اہلکاروں نے اسے بچا لیا۔

  • پاکستان اور ویتنام کے درمیان حلال سی فوڈ تعاون کے حوالے سے اہم خبر

    پاکستان اور ویتنام کے درمیان حلال سی فوڈ تعاون کے حوالے سے اہم خبر

    کراچی: پاکستان اور ویتنام کے درمیان حلال سی فوڈ تعاون میں وسعت پیدا ہوئی ہے، اور برآمدات میں 20 فی صد اضافہ ہو گیا ہے۔

    پاکستان میں ویتنام کے سفیر نگوین ٹین فونگ اور پاکستان فشریز ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندگان کے درمیان اجلاس منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان حلال سی فوڈ تعاون کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

    ڈائریکٹر جنرل میرین فشریز ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر منصور علی وسان نے بتایا کہ گزشتہ سال پاکستان کی ویتنام کو سی فوڈ برآمدات 90 لاکھ امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، اور آندہ 5 سالوں میں سالانہ 2.5 سے 3 کروڑ ڈالر کی برآمدات کا ہدف قابلِ حصول ہے۔

    ویتنامی سفیر نگوین ٹین فونگ نے دونوں ممالک میں ہم آہنگی اور تکنیکی تعاون کے فروغ کے ذریعے روابط مزید مستحکم کرنے پر زور دیا، سفیر نے کہا ویتنام پاکستان کو برآمد کیے جانے والی سی فوڈ کی تیاری میں مکمل طور پر حلال معیار کو یقینی بناتا ہے۔


    صارفین تیار ہوجائیں ! یکم جولائی سے گیس کا اضافی بل دینا ہوگا


    واضح رہے کہ پاکستان اور ویتنام اپنے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں، سالانہ تجارت کا ہدف 3 ارب ڈالر ہے، جب کہ موجودہ تجارتی حجم اس ہدف سے کم ہے، تاہم اس میں مسلسل نمو دیکھنے میں آئی ہے، جو 2024 میں 850 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔

    پاکستان کی ویتنام کو برآمدات، بشمول کپاس اور چمڑے جیسی اشیا بڑھ رہی ہیں، جب کہ ویتنام کی پاکستان کو برآمدات جیسے کہ الیکٹرانکس اور ٹیکسٹائل، بھی مجموعی تجارتی حجم میں حصہ ڈال رہی ہیں۔

  • آگ لگنے سے 3000 الیکٹرک موٹر سائیکلیں جل کر خاکستر ہو گئیں

    آگ لگنے سے 3000 الیکٹرک موٹر سائیکلیں جل کر خاکستر ہو گئیں

    ہنوئی: ویتنام میں آگ لگنے سے 3 ہزار الیکٹرک موٹر سائیکلیں جل کر خاکستر ہو گئیں۔

    اے ایف پی کے مطابق شمالی ویتنام میں ایک فیکٹری میں زبردست آتش زدگی کے باعث جمعہ 4 اکتوبر کو تین ہزار الیکٹرک بائیکیں اور موٹر سائیکلیں تباہ ہو گئیں۔

    یہ واقعہ لینگ سون سٹی میں واقع ویتنام جاپان الیکٹرک وھیکل کمپنی میں کے گودام میں صبح کے وقت پیش آیا، جب آگ لگنے سے گودام سے گاڑھا دھواں اٹھنے لگا اور یکے بعد دیگرے کئی دھماکے ہوئے۔

    سرکاری میڈیا کے مطابق اس واقعے میں الیکٹرک موٹر سائیکلوں کے 2,000 سے زیادہ پرزے بھی آگ کے شعلوں میں تباہ ہو گئے، سرکاری وی ٹی وی کے مطابق آگ پرزوں کے گودام کی دوسری منزل سے شروع ہوئی اور دیگر منزلوں اور ملحقہ ورکشاپس تک پھیل گئی۔

    DK بائک الیکٹرک وہیکل پروڈکشن کی عمارت 3 ہزار مربع میٹر پر پھیلی ہوئی ہے، جہاں پھیلنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، تاہم آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

  • درجنوں ٹائیگرز مرغی کا گوشت کھانے کے بعد مرگئے

    درجنوں ٹائیگرز مرغی کا گوشت کھانے کے بعد مرگئے

    ویت نام میں مبینہ طور پر برڈفلو سے درجنوں ٹائیگرز کی ہلاکت ہوئی ہے، مرغی کا گوشت کھانے کے بعد تیندوے مردہ پائے گئے۔

    غیرملکی خبر ایجنسی نے بتایا کہ ویتنام میں ایک ریزورٹ میں درجنوں تیندوے مرغی کا گوشت کھانے کے بعد مرگئے، ویتنام کے حکام نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ تیندوؤں نے جو مرغیاں کھائیں وہ برڈ فلو کا شکار تھیں۔

    جنوبی ویتنام کے چڑیا گھر میں بھی درجنوں تیندوے، 3 شیر اور کئی چیتے ہلاک ہوچکے ہیں، حکام نے مرنے والے جانوروں کے بلڈ ٹیسٹ میں برڈفلو کے وائرس کی تصدیق کی ہے۔

    ویتنام کے سرکاری میڈیا نے بدھ کو بتایا کہ ایچ فائیو این ون برڈ فلو وائرس کی وجہ سے جنوبی ویتنام کے چڑیا گھر میں 47 ٹائیگر، تین شیر اور ایک پینتھر ہلاک ہو گئے ہیں۔

    سرکاری نیوز ایجنسی وی اے این نے اطلاع دی کہ یہ اموات اگست اور ستمبر میں لانگ این صوبے کے نجی مائی کوئنہ سفاری پارک اور ہو چی منہ شہر کے قریب ڈونگ نائی کے ووون زوئی چڑیا گھر میں ہوئیں۔

    وی این اے کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل سینٹر فار اینیمل ہیلتھ ڈائیگنوسس کے ٹیسٹ کے نتائج کے مطابق جانوروں کی موت ایچ فائیو این ون A وائرس کی وجہ سے ہوئی۔

    جانوروں کی دیکھ بھال کرنے والے چڑیا گھر کے عملے کے کسی رکن میں سانس کی تکلیف کی علامات نہیں پائی گئیں، تاہم چڑیا گھر نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

  • ویتنام میں پل ٹوٹنے سے گاڑیاں دریاں میں بہہ گئیں، ویڈیو وائرل

    ویتنام میں پل ٹوٹنے سے گاڑیاں دریاں میں بہہ گئیں، ویڈیو وائرل

    ویتنام: شمالی صوبے فوتھو میں دریا پر بنا ایک پل سیلابی ریلے کے باعث ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں دریا میں گر گئیں۔ جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 375 میٹر طویل فونگ چاؤ پل کے گرنے سے کم از کم 10 گاڑیاں، جن میں موٹر سائیکلیں اور کاریں شامل تھیں، دریا میں گر گئیں۔

    حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ویتنام میں پیش آئے افسوسناک حادثے کے بعد 13 افراد لاپتہ ہیں۔ تاہم، نائب وزیراعظم ہو ڈک فک کے مطابق ابھی تک کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں جاسکتی۔

    ریسکیو حکام نے دریا میں بہہ جانے والے افراد کی تلاش کیلیے آپریشن شروع کردیا ہے، پل کا ایک حصہ ابھی تک دریا پر موجود ہے، تاہم دو علاقوں کے درمیان رابطہ بحال کرنے کیلیے عارضی پل بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

    تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، 26 ہلاک، متعدد لاپتہ

    واضح رہے کہ اس طوفان سے ویت نام میں اب تک کم از کم 64 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ شمالی صوبوں میں شدید سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے بڑے پیمانے پر تباہی کا سامنا ہے۔

  • نوجوان شخص کی پیٹ سے زندہ مچھلی برآمد

    نوجوان شخص کی پیٹ سے زندہ مچھلی برآمد

    ویتنام میں ڈاکٹرز نے حال ہی میں ایک بھارتی نوجوان کی اس وقت جان بچالی جب اس کے پیٹ سے بام مچھلی برآمد ہوئی جو کہ آنتوں کو شدید نقصان پہنچا چکی تھی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی کے ویت ڈک اسپتال کے ڈاکٹروں نے حال ہی میں ایک غیر ملکی شہری کے پیٹ سے زندہ بام مچھلی کو نکالا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 31 سالہ بھارتی شہری کو پیٹ میں شدید درد ہوا جس کے بعد اسے ویتنام کے اسپتال کے ایمرجنسی روم میں لایا گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ویتنام کے ڈاکٹرز نے ہنگامی سرجری کر کے ایک بھارتی نوجوان کی جان بچائی ہے، بام مچھلی شہری کی آنتوں کو کاٹ کر اس کے پیٹ میں داخل ہو گئی تھی۔

    ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ ہم نے لوگوں کے جسموں میں بہت سی چیزیں دیکھی ہیں لیکن ایک زندہ بام مچھلی کبھی نہیں دیکھی۔

  • چڑیا گھر میں بندر کے سگریٹ پینے کی ویڈیو پر ہنگامہ

    چڑیا گھر میں بندر کے سگریٹ پینے کی ویڈیو پر ہنگامہ

    ویتنام میں ایک چڑیا گھر میں بندر کے سگریٹ پینے کی ویڈیو نے لوگوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی، لوگوں نے چڑیا گھر انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل یہ ویڈیو ویتنام کے شہر ہو شی می کے ایک چڑیا گھر کی ہے، ویڈیو میں نایاب نسل کا بندر جسے اورنگٹن کہا جاتا ہے، سگریٹ نوشی کر رہا ہے۔

    بندر نہایت اطمینان سے بالکل انسانوں کے انداز میں سگریٹ کے کش لگاتا اور دھواں چھوڑتا دکھائی دے رہا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس ویڈیو نے لوگوں کو غم و غصے میں مبتلا کردیا۔

    ایک شخص کا کہنا تھا کہ ایک تو اس مظلوم جانور کو قید کر کے رکھا گیا ہے، پھر اب وہ انسانوں کو دیکھ دیکھ کر ان جیسی عادات اپنا رہا ہے۔ یہ ویڈیو قطعاً مزاحیہ نہیں بلکہ ہماری بے حسی کا ثبوت ہے کہ کس طرح ہم ذہین جانوروں سے غیر انسانی سلوک کر رہے ہیں۔

    اکثر افراد نے مطالبہ کیا کہ چڑیا گھر قید خانے ہیں اور انہیں بند کردیا جائے اور جانوروں کو آزاد کردیا جائے۔

  • شفاف پلاسٹک کی آب دوز میں زیر آب نظارہ 40 ڈالر پر

    شفاف پلاسٹک کی آب دوز میں زیر آب نظارہ 40 ڈالر پر

    ہنوئی: ویتنام میں سمندر میں زیر آب سیاحت نے نئی کروٹ لے لی ہے، عوامی سطح پر مسافروں کو پہلی بار خیر مقدم کرتے ہوئے ایک شفاف آب دوز نے حیرت انگیز نظاروں سے لطف اندوز کرایا۔

    تفصیلات کے مطابق فلوریڈا کی ایک لگژری آب دوز کمپنی ٹرائٹن کی تیار کردہ ‘ٹرائٹن ڈیپ ویو 24’ نامی سب میرین نے ویتنام کے جزیرہ ہونٹری میں کام شروع کر دیا ہے، یہ آب دوز 2 سال پہلے فراہم کی گئی تھی۔

    یہ سمندر کا بہترین نظارہ فراہم کرنے والی ایک ٹرانسپیرنٹ آبدوز ہے، اس میں 24 نشستیں ہیں، اور یہ 100 میٹر (328 فٹ) گہرائی تک پہنچ سکتی ہے، اس کی باڈی ایکریلک یعنی شفاف پلاسٹک مٹیریل سے بنی ہے، جو آب دوز پر سوار افراد کو پانی کے اندر لاجواب نظارہ کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

    اس آب دوز میں سفر کرنے کا ٹکٹ بچوں کے لیے 40 جب کہ بالغ افراد کے لیے 60 ڈالرز ہے۔

    سیاح اس آب دوز میں زیر آب مونگے کی چٹانوں اور سمندری حیات کو قریب سے دیکھ سکتے ہیں، یہ آب دوز زیر آب 30 منٹ تک رہتی ہے اور اس سروس کا ایک مقصد ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا بھی ہے۔ 5.4 میٹر لمبی اس آب دوز کو کمپنی نے ماحول دوست قرار دیا ہے جس سے ماحول کے لیے نقصان دہ کسی گیس کا اخراج نہیں ہوتا۔

    اس آب دوز کو اپریل 2020 میں ویتنامی ریزورٹ کو فراہم کیا گیا تھا اور اسی سال اسے مسافروں کے لیے متعارف کرایا جانا تھا، مگر کرونا وائرس کی وبا کے باعث ایسا نہ ہو سکا اور 2 سال کی تاخیر کے بعد اس سروس کا آغاز مئی 2022 میں ہوا۔

  • پھیپھڑوں اور دماغ میں کیڑے گھس گئے، نومولود کی رونگٹے کھڑے کرنے والی کہانی

    پھیپھڑوں اور دماغ میں کیڑے گھس گئے، نومولود کی رونگٹے کھڑے کرنے والی کہانی

    ہنوئی: ویتنام میں ایک نوزائیدہ بچی کے پھیپھڑوں اور دماغ میں کیڑے مکوڑے گھس گئے تھے لیکن خوش قسمتی سے بچی کی جان بچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ویتنام سے تعلق رکھنے والے ایک نومولود کے پھیپھڑوں میں بھی کیڑے چلے گئے لیکن پھر بھی وہ زندہ بچ گئی، بچے کو اس کے والدین نے ایک تھیلی میں ڈال کر کھیتوں میں پھینک دیا تھا۔

    یہ لاوارث بچی اب تین سال کی ہے، اور صحت مند ہے تاہم اس کی زندگی کے ابتدائی مہینوں کی کہانی سن کر درد مند دل رو پڑتا ہے، جب سگے ماں باپ نے اسے ایک تھیلی میں ڈال کر کھیتوں میں چھوڑا تو فصل کاشت کرتے ہوئے ایک کسان نے اس کے رونے کی آواز سنی۔

    کسان نے دیکھا کہ ایک تھیلی میں بچہ پڑا ہے جس کو کیڑے اور لاروے کھا رہے ہیں، بچہ انتہائی شدید بری حالت میں تھا اور اس کی شکل بھی پہچانی نہیں جا رہی تھی۔

    کسان نے بچے کو اسپتال پہنچایا، جہاں ایکسرے اور الٹراساونڈز ہوئے اور معلوم ہوا کہ نوزائیدہ کے پھیپھڑوں، ناک، دماغ اور کانوں کے اندر تک کیڑے مکوڑے، لاروے اور لال بیگ گھس چکے ہیں، بچے کے جسم پر کتے کے کاٹنے کے نشانات بھی پائے گئے۔

    ٹیسٹس کرنے کے بعد ڈاکٹرز نے بتایا کہ بچی کو ہائیڈرا نینسیپلی hydranencephaly نامی بیماری ہے، جس میں اوپری دماغ کا آدھا حصہ غائب ہوتا ہے۔

    بچی کی نازک صورت حال دیکھ کر ڈاکٹرز نے بچی کو علاج کے لیے سنگاپور لے جانے کا مشورہ دیا، جس پر خطیر رقم خرچ ہونی تھی، تب ویتنام کی چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی منہائے تائے نامی خاتون سامنے آئیں، انھوں نے سوشل میڈیا پر بچی کے علاج کے لیے مدد کی اپیل کی، اور بچی کو اس طرح سنگاپور لے جایا گیا۔

    ویتنام میں مشہور ہونے والی یہ بچی اب تین سال کی ہو چکی ہے، مہنائے تائے نے بچی کے والدین کو بہت ڈھونڈا لیکن وہ نہ مل سکے، ان کا کہنا تھا کہ وہ بچی پر اتنا ظلم کرنے والے والدین کو سخت سزا دلوانا چاہتی ہیں۔

  • گرتا ہوا لوہے کا دروازہ اور بال بال بچنے والا بائیکر، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    گرتا ہوا لوہے کا دروازہ اور بال بال بچنے والا بائیکر، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک حیرت انگیز ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح ایک موٹر سائیکل سوار لوہے کے بھاری بھرکم گیٹ کے گرتے ہوئے اس کے نیچے سے بحفاظت نکل گیا۔

    یہ واقعہ ویتنام میں پیش آیا جہاں دو سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک پتلی سی گلی میں ایک شخص گاڑی سے اترا اور گھر کے سامنے کھڑی کر کے گھر کے اندر جانے لگا۔

    جب وہ گھر کا لوہے کا دروازہ بند کرنے لگا تو اسی وقت دروازہ ٹوٹ کر دو حصوں میں تقسیم ہوگیا، ابھی جب وہ شخص اسے سنبھالنے کی کوشش کر ہی رہا تھا تو اچانک ایک بائیک سوار تیزی سے وہاں آن پہنچا اور گرتے گیٹ کے نیچے سے گزرتے ہوئے اضطراری طور پر ایک طرف جھکا۔

    گھر کے مالک نے گیٹ کو مضبوطی سے تھام رکھا تھا جس کی وجہ سے بائیک سوار خطرناک حادثے سے بال بال بچا، بائیک سوار نے فوری خود کو سنبھالا اور بائیک سے اتر کر اس شخص کی مدد بھی کی۔

    دونوں نے لوہے کے دروازے کو پکڑ کر ایک طرف حفاظت سے رکھا۔

    واقعے کی وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف ردعمل دیا، کچھ نے بائیکر کی خوش قسمتی پر اظہار مسرت کیا، کچھ نے گھر کے مالک کی تعریف کی جس نے دروازہ مضبوطی سے تھام کر ایک بڑا حادثہ ہونے سے بچا لیا۔

    بعض لوگ اس بات پر ناخوش بھی تھے کہ مذکورہ شخص اپنے گھر کی دیکھ بھال سے غافل ہے ورنہ اسے ضرور پتہ ہوتا کہ دروازے کو مرمت کی ضرورت ہے۔