Tag: ویرات کوہلی

  • بابراعظم نے تیز ترین ایک ہزار رنز بنا لیئے، ویرات کوہلی عالمی ریکارڈ سے محروم

    بابراعظم نے تیز ترین ایک ہزار رنز بنا لیئے، ویرات کوہلی عالمی ریکارڈ سے محروم

    دبئی : ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بابر اعظم نے تاریخی کارنامہ انجام دیتے ہوئے تیزترین ایک ہزار رنز کا ریکارڈ بنا ڈالا، بھارت کے ویرات کوہلی عالمی ریکارڈ سے محروم ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹسمین بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز کا ریکارڈ بنا دیا، بابر اعظم نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا بھی ریکار ڈ توڑ دیا۔

    نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں بابر اعظم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور وہ صرف 58گیندوں پر79سکور بنا کر آﺅٹ ہوئے اور اس شاندار اننگز کے ساتھ ہی بابراعظم نے دنیائے کرکٹ میں ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا۔

    بابر اعظم نے کیرئیر کی26ویں اننگز میں یہ اہم سنگ میل عبور کیا جبکہ بھارتی کرکٹر نے27اننگز میں مذکورہ ریکارڈ بنایا تھا۔ نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں آٹھویں نصف سنچری بھی اسکور کی ہے۔

    واضح رہے کہ بابر اعظم ون ڈے میں بھی کئی ریکارڈ بناچکے ہیں، رواں سال ستمبر میں گرین ٹیم کے ٹاپ آرڈر بلے باز بابراعظم نے ایک اور کارنامہ اپنی ریکارڈ بک میں شامل کرتے ہوئے ون ڈے انٹرنیشنل میں تیز ترین دو ہزار رنز بنا ڈالے تھے، جس کے بعد نوجوان بلے باز کا نام ون ڈے کیرئر کی پینتالیسویں اننگز میں دو ہزار رنز کے کلب میں شامل کیا گیا۔

  • بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا

    بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا

    نئی دہلی: بھارتی کپتان ویرات کوہلی ون ڈے میں تیز ترین دس ہزار رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ون ڈے میں تیز ترین دس ہزار رنز مکمل کرکے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا، کوہلی نے 205 اننگز میں کارنامہ انجام دیا جبکہ سچن نے 259 اننگز میں دس ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

    کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں 157 رنز کی اننگز کھیل کر یہ سنگ میل عبور کیا، تاہم بھارت میچ میں کامیابی حاصل نہ کرسکا، بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 321 رنز بنائے جواب میں ویسٹ انڈیز نے بھی شائے ہوپ کی شاندار سنچری کی بدولت 321 رنز بنالیے اس طرح میچ برابری پر ختم ہوگیا۔

    دس ہزار رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں ویرات کوہلی 205 اننگز، سورو گنگولی 263 اننگز، رکی پونٹنگ 266 اننگز، جیک کیلس 272 اننگز، ایم ایس دھونی 273 اننگز اور انضمام الحق 12 ویں نمبر پر 299 اننگز کے ساتھ موجود ہیں۔

    ویرات کوہلی اب تک 212 میچز میں بھارت کی نمائندگی کرچکے ہیں جس میں انہوں نے 58.69 کی اوسط سے 10 ہزار سے زائد رنز بنائے ہیں۔

    ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے، سچن نے 463 ون ڈے انٹرنیشنل کی 452 اننگز میں 18426 رنز بنائے ہیں۔

    اس ریکارڈ کے ساتھ ساتھ ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے، کوہلی اب تک ون ڈے کرکٹ میں 37 سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔

  • ایشیا کپ: بھارتی ٹیم کوہلی کے بغیر میدان میں اترے گی

    ایشیا کپ: بھارتی ٹیم کوہلی کے بغیر میدان میں اترے گی

    مبئی: رواں ماہ دبئی میں ہونے والے ایشیا کپ میں‌ بھارتی ٹیم کوہلی کے بغیر میدان میں اترے گی.

    تفصیلات کے مطابق بی سی سی آئی نے ایشیا کپ 2018 میں کپتان ویرات کوہلی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے.

    کوہلی کی جگہ  بھارتی ٹیم کی کپتانی اوپننگ بلے باز روہت شرما کریں گے. بی سی سی آئی نے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اس فیصلے کا اعلان کیا ہے.

    شیکھر دھون ٹیم کے نائب کپتان ہوں‌ گے، جب کہ وکٹ کیپنگ کی ذمے داری لیجنڈری کھلاڑی ایم ایس دھونی نبھائیں گے.

    واضح رہے کہ ایشیا کپ 15 تا 28 ستمبر متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا، جس میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں.

    ایشیا کپ: میچز کی ٹائمنگ کا اعلان کر دیا گیا، پاک بھارت ٹاکرا 16 ستمبر کو ہوگا

    مقابلے کا پہلا میچ بنگلادیش اور سابق ورلڈ چیمپین سری لنکا کے مابین ہوگا، پاکستان ایونٹ میں پہلا میچ کوالیفائنگ ٹیم سے 16 ستمبر کو کھیلے گا.

    یاد رہے کہ گذشتہ روز ایشیا کپ کے میچز کی ٹائمنگ کا اعلان کیا گیا تھا، ایونٹ کے تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام 4بجے شروع ہوں گے.

    گرین شرٹ کی کپتانی سرفراز احمد کر رہے ہیں۔ تجزیہ کار وں کی جانب سے پاکستان کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔

  • کیا انوشکا شرما بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گی؟

    کیا انوشکا شرما بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گی؟

    لندن: بھارتی کھلاڑی اور کپتان ویرات کوہلی کی ٹیم کے ہمراہ تصویر میں انوشکا کی موجودگی پر سوشل میڈیا صارفین نے اعتراض اٹھا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی کرکٹ ٹیم انگلینڈ میں موجود ہے جہاں اُسے گزشتہ دنوں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں انگلش بلے بازوں کے ہاتھوں شکست کا سامنا بھی کرنا پرا تھا۔

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی اہلیہ بھی ٹیم کے ہمراہ برطانیہ میں ہی موجود ہیں جہاں انہوں نے دونوں ٹیموں کے مابین کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ بھی اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھا۔

    برمنگھم میں کھیلے جانے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارتی کپتان نے  محتاط انداز میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور اسے انہوں نے اپنی اہلیہ انوشکا کے نام کیا۔

    مزید پڑھیں: برمنگھم ٹیسٹ: کوہلی نے شاندار سنچری انوشکا کے نام کردی

    ویرات نے 100 رنز مکمل ہونے پر انوکھے انداز میں جشن منایاانہوں نے تماشائیوں میں بیٹھی اپنی اہلیہ کی طرف دیکھتے ہوئے شادی کی انگھوٹھی کو چوما اور بلا بھی ہوا میں لہرایا۔

    ابھی کپتان کے جشن منانے پر صارفین کا تبصرہ جاری تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے انوشکا کی ٹیم کے ساتھ لی جانے والی تصویر شیئر کردی جس کے بعد ویروشکا پر تنقید شروع ہوگئی۔

    بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق مذکورہ تصویر لندن میں موجود انڈین ہائی کمیشن کی جانب سے کھلاڑیوں کو دی جانے والی تقریب کے بعد لی گئی۔

     سوشل میڈیا صارفین نے ویرات کے برابر میں انوشکاکو دیکھ کر شدید تنقید کی کیونکہ تقریب میں شرکت کرنے والے دیگر کھلاڑیوں میں سے کسی کی اہلیہ یا خاندان کے فرد نے شرکت نہیں کی تھی۔

    بھارتی مداحوں نے اداکارہ کی تقریب میں شرکت پر کڑے سوالات کیے جبکہ کچھ لوگوں نے یہ تک کہا کہ ’ممکنہ طور پر انوشکا اگلے میچ میں فائنل الیون کا حصہ ہوں گی‘۔

    بی سی سی آئی نے صارفین کی تنقید کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا مؤقف پیش کیا کہ ’تقریب میں پروٹوکول کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی کیونکہ دیگر کھلاڑیوں کو بھی خاندان کے ساتھ مدعو کیا گیا تھا‘۔

  • انگلینڈ نے بھارت کو پہلے ٹیسٹ میں 31 رنز سے شکست دے دی

    انگلینڈ نے بھارت کو پہلے ٹیسٹ میں 31 رنز سے شکست دے دی

    برمنگھم: پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے انڈیا کو زبردست مقابلے کے بعد 31 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کا انگلش سرزمین پر جیت کا خواب پورا نہ ہوسکا، انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں بھارت کو اکیتس رنز سے شکست دے دی۔

    میچ کے آخری دن کپتان ویرات کوہلی کے آؤٹ ہوتے ہی بھارت کی شکست واضح ہو گئی تھی، بھارت کو کوہلی، انوشکا شرما کا شگن کافی نہیں رہا، خیال رہے کہ حال ہی میں کرکٹر کوہلی اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں۔

    قبل ازیں چوتھے دن کا کھیل شروع ہوا تو بھارت کو جیت کے لیے 84 رنز، انگلینڈ کو 5 وکٹیں درکار تھیں، تاہم دن کے پہلے ہی اوور میں جیمز اینڈرسن کی گیند پر کارتھک آؤٹ ہو گئے، انھوں نے صرف 20 رنز بنائے۔

    پہلی اننگز میں سینچری اسکور کرنے والے بھارتی کپتان کریز پر موجود رہے، تاہم وہ زیادہ دیر ٹکے نہیں رہ سکے اور 51 رنز بنا کر بین اسٹوکس کے پہلے ہی اوور میں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

    شاہد آفریدی کا کرس گیل کو سنگل وکٹ کا چلینج


    ویرات کوہلی کو آؤٹ قرار دینے والے امپائر پاکستان کے علیم ڈار تھے، کوہلی کو اپنے آؤٹ ہونے کا یقین نہیں تھا اس لیے ریویو لیا لیکن فیصلہ نہیں بدل سکا، ان کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی بھارت کی جیت کی آخری امید بھی ختم ہوگئی۔

    انگلینڈ کی جانب سے بن اسٹوکس نے چار، جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، چار بھارتی بلے باز دہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔

    پانچ میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں بھارتی ٹیم 162 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ خیال رہے کہ یہ انگلش کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کیریئر کا 1000 واں میچ تھا، اب تک ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ممالک میں انگلینڈ واحد ٹیم ہے جس نے ایک ہزار میچ کھیلنے کا سنگ میل عبور کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • برمنگھم ٹیسٹ: کوہلی نے شاندار سنچری انوشکا کے نام کردی

    برمنگھم ٹیسٹ: کوہلی نے شاندار سنچری انوشکا کے نام کردی

    برمنگھم: بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے انگلینڈ کی سرزمین پر اپنی پہلی سنچری اہلیہ انوشکا شرما کے نام کردی، ویرات کوہلی نے 149 رنز کی اننگز کھیلی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت اور انگلینڈ کے درمیان برمنگھم میں کھیلے جانے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی سنچری نے اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالا اور منفرد انداز میں اس کا جشن بھی منایا۔

    بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے سنچری بنا کر اہلیہ انوشکا شرما کی طرف دیکھ کر شادی کی انگوٹھی اور چین کو چوما اور اہلیہ کی جانب بلا لہر کا جشن بھی منایا۔

    واضح رہے کہ کوہلی کو سنچری میں انگلش فیلڈرز کی ناقص کارکردگی بھی پیش پیش رہی، کوہلی کے دو کیچز ڈراپ ہوئے جس کے سبب انگلش ٹیم پہلی اننگز میں صرف 13 رنز کی برتری حاصل کرسکی۔

    ویرات کوہلی کی ٹیسٹ کرکٹ میں 22 ویں سنچری کے بعد اسٹینڈز میں موجود اداکارہ انوشکا شرما کیمرے کا محور بنی رہیں۔

    بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے کیرئئر کی دوسری بہترین اننگز ہیں، انہوں نے ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف 141 رنز کی اننگز کو اپنی کیریئر کی بہترین ٹیسٹ اننگز قرار دیا۔

    یاد رہے کہ برمنگھم ٹیسٹ میں انگلینڈ کی ٹیم نے بھارت کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا ہے، ہدف کے تعاقب میں بھارت اپنی تین وکٹیں گنوا بیٹھا ہے جب ویرات کوہلی کریز پر موجود ہیں۔

    خیال رہے کہ ویرات کوہلی اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما اٹلی میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • انگلش ویمن کرکٹرکی ویرات کوہلی کو شادی کی پیشکش

    انگلش ویمن کرکٹرکی ویرات کوہلی کو شادی کی پیشکش

    نیو دہلی : انگلش ویمن کرکٹر ڈینی ویٹ نے کہا ہے کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو شادی کی پیشکش کے جواب میں انہوں نے اپنا بلا مجھے تحفے میں دے دیا، اب وہ بھارت میں بھارتی کپتان کے بیٹ سے ہی کھیلیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق انگلش کرکٹر ڈینی ویٹ بھارتی کپتان کی دیوانی نکلیں، چارسال قبل انگلش ویمن کرکٹر ڈینی ویٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویرات کوہلی کو شادی کی پیشکش کی تھی۔

    اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’’کوہلی میری می ‘‘ البتہ ویرات کوہلی نہ مانے کیونکہ ان کے دل میں کسی اور کیلئے جگہ محفوظ تھی لیکن انہوں نے ڈینی ویٹ کو تحفےمیں اپنا بیٹ دے دیا ہے۔

    ڈینی ویٹ کی اس پیشکش پر سوشل میڈیا پر کافی دلچسپ ردعمل دیکھنے میں آیا، انگلش ویمن کرکٹر کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی نے ملاقات میں مجھ سے کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر ایسا نہیں کرنا چاہیے جس پر میں نے ان سے سوری بول دیا ہے۔

    ڈینی ویٹ کا مزید کہنا ہے کہ بھارت میں آئندہ ہونے والی تین ملکی سیریز میں وہ ویرات کوہلی کے دیئے گئے بیٹ سے کھیلیں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • آئی سی سی ون ڈے رینکنگ، ویرات کوہلی بیٹنگ اور راشد خان باؤلنگ میں سرفہرست

    آئی سی سی ون ڈے رینکنگ، ویرات کوہلی بیٹنگ اور راشد خان باؤلنگ میں سرفہرست

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی نئی ون ڈے رینکنگ میں ویرات کوہلی بہترین بلے باز، افغانستان کے راشد خان باؤلر اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بہترین آل راؤنڈر قرار پائے ہیں جب کہ بہترین ٹیم کے لیے انڈیا نے بازی مارلی ہے.

    حال ہی میں معروف اداکارہ انوشکا شرما کے ساتھ ازدواجی رشتے سے منسلک ہونے والے ویرات کوہلی کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور انہوں نے 9 سو سے زائد پوائنٹس حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے جب کہ ٹیسٹ رینکنگ میں بھی کوہلی 9 سو سے زائد پوائنٹس حاصل کرکے دونوں طرح کی کرکٹ میں نو سو پوائنٹس لینے والے اے بی ڈیولیئرز کے بعد دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔

    آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں بلے باز ویرات کوہلی پہلے نمبر پر براجمان ہیں جب کہ دوسرے نمبر پر جنوبی افریقہ کے اے بی ڈیویلیرز 844 پوئنٹس کے ساتھ مطمئن کھڑے نظر آتے ہیں اور 823 پوئنٹس کے ساتھ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ پاکستان کے نوجون بلے باز بابر اعظم کا چوتھا نمبر ہے انہوں نے 813 پوائنٹس حاصل کیے۔

    باؤلنگ کے شعبے میں افغانستان کے راشد خان 787 اور بھارتی بولر جسپرٹ بومرہ 787 پوائنٹس لے کر یکساں طور پر پہلے نمبر پر موجود ہیں جب کہ 20 بہترین باؤلرز میں پاکستان کے حسن علی پانچویں نمبر تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں انہوں نے 711  پوائنٹس حاصل کیے اسی طرح آل راؤنڈ کیٹیگری میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے نمبر پر اور پاکستان کے محمد حفیظ دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

    آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کے مطابق بھارت بہترین ٹیم ثابت ہوئی ہے اور اس فہرست میں پاکستان کا نمبر چھٹا ہے جب کہ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر تک پہنچنے میں کامیاب ہو سکیں اسی طرح سری لنکا اور ویسٹ انڈیز توقع کے مطابق کارکردگی دکھانے میں ناکام ثابت ہوئی ہیں.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • انوشکا شرما اور ویرات کوہلی ازدواجی بندھن میں بندھ گئے، تصاویر جاری

    انوشکا شرما اور ویرات کوہلی ازدواجی بندھن میں بندھ گئے، تصاویر جاری

    ممبئی : اداکارہ انوشکا شرما اور معروف کرکٹر ویرات کوہلی شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں, شادی کی رسومات اٹلی کے خوبصورت قلعہ میں ادا کی گئیں جہاں جوڑے کے اہل خانہ بھی موجود تھے.

    بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کے درمیان معاشقے کی خبریں تو زبان زد عام تھی ہی اور دونوں سپر اسٹارز اس کا اعتراف بھی کرتے آئے ہیں تاہم دونوں کی شادی کے لیے بے تاب مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ انوشکا اور ویرات اب جنم جنم کے ساتھی بن چکے ہیں.

    معروف بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے معروف بلے باز ویرات کوہلی نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر اور انسٹا گرام پر اپنی شادی کی تصاویر شیئر کر کے شادی کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے.

     

    خیال رہے گزشتہ ہفتے سے انوشکا شرما اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اٹلی میں موجود ہیں جب کہ ویرات کوہلی بھی اپنے عزیزوں کے ہمراہ وہاں موجود ہیں جس کی خبر میڈیا پر پہلے ہی وائرل ہوگئی تھی جس میں دعوی کیا جارہا تھا کہ دونوں خاندان شادی کی تقریب کے لیے اٹلی گئے ہیں.

    اس سے قبل بھارتی صحافی نے دعویٰ کیا تھا کہ انوشکا اور کوہلی ہفتے کے روز ایک پُروقار تقریب میں شادی کے بندھن میں بند چکے ہیں اور جس کا باقاعدہ اعلان اُن کے اہل خانہ کی جانب سے آج رات کیا جائے گا جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ اٹلی کے شہر میلان میں ٹسکنی کے تاریخی قلعہ بورگو فینو چیٹو میں تقریبات جاری ہیں.

    دوسری جانب گزشتہ ایک ہفتے سے گرم اس خبر سے متعلق انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے کسی بھی قسم کے تبصرے سے انکار کردیا گیا ہے جب کہ انوشکا کے ترجمان نے اٹلی جانے سے قبل ان خبروں کی تردید بھی کی تھی جب کہ دونوں سپر اسٹارز کے اہل خانہ نے بھی چپ سادھ رکھی ہے تاہم یہ خاموشی کسی طوفان نہیں بلکہ خوشخبری کا پیش خیمہ ہوتی نظر آرہی ہے.

    کھیلوں کی خبر سے جڑے صحافی نے مصدقہ اطلاعات کی بناء پر دعویٰ کیا تھا کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما ہفتے کے روز شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں اور بہت جلد باقاعدہ یہ خبر مداحوں کے علم میں وہ خود یا ان کے اہل خانہ لائیں گے.

    بھارتی صحافی کا مزید دعویٰ ہے کہ آسمان شہرت کے یہ دونوں درخشان ستارے اس وقت شادی کی تقریبات کے سلسلے میں اٹلی ہی موجود ہیں جہاں ان کی شادی کی تقریب ہفتے کے روز بورگو فینو چیٹو قلعے میں ہوئی اور روایتی پنجابی انداز میں رسومات انجام دی گئیں.

    ہرے بھرے درختوں میں گھرے اور قدرتی حسن کے نزدیک پائے جانے والے بورگو فینو چیٹو قلعے کے ولا میں 22 کمرے ہیں جن میں 44 مہمانوں کی گنجائش ہے جب کہ ایک طویل دالان شادی کی تقریب کے لیے منفرد جگہ ہے جہاں شادی کی رسومات ادا کی گئیں.

    بلآ خر میڈیا میں گردش کرتی خبریں سچ ثابت ہوئیں اور انوشکا اور ویرات کی جانب سے شادی کی خبر تصدیق کی جاچکی ہے جس سے اُن کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور سوشل میڈیا پر تہنیتی پیغامات اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے.

  • انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی شادی کی تقریبات کا آغاز

    انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی شادی کی تقریبات کا آغاز

    ممبئی : بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کی شادی کی تیاریاں محتاط انداز میں جاری ہیں، دونوں15 دسمبرکو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کچھ روز قبل مختلف ذرائع ابلاغ میں یہ خبر زیر گردش تھی کہ بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما اوربھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی شادی کے بندھن میں بندھنے جارہے ہیں۔

    تاہم انوشکا کے ترجمان کی تردید کے باوجود تازہ اطلاعات یہ ہیں کہ اٹلی میں ان دونوں شخصیات نے اپنی شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز بھی کردیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق انوشکا اور ویرات دو روز قبل اٹلی کے شہر میلان پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ دونوں 15 دسمبر کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے، ان کی شادی کا میلہ ٹسکنی کے حسین تاریخی قلعہ میں سجایا جائے گا۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ویرات کوہلی نے اپنی شادی میں صرف قریبی دوستوں اور عزیز واقارب کے علاوہ بھارتی کرکٹرز اور نامور فلمی ستاروں کو مدعو کیا ہے۔

    جن میں یووراج سنگھ، سچن ٹنڈولکر، فلمی ہدایتکار ادیتیہ چوپڑا، اداکار شاہ رخ خان، عامر خان اوردیگر کی شرکت متوقع ہے، ویرات کوہلی کی جانب سے بھارت میں شادی کی دعوت کا اہتمام 26 دسمبر کو ممبئی میں کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کے درمیان سال 2012 سے گہرے تعلقات ہیں، دونوں شخصیات کے بارے میں یہ تاثر عام ہے کہ یہ ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہیں۔

    ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کچھ روز قبل ایک ٹی وی کمرشل میں ایک ساتھ نظر آئے تھے جس میں انہوں نے عروسی ملبوسات زیب تن کیے ہوئے تھے۔


    مزید پڑھیں: ویرات اور انوشکا کی شادی سے متعلق 


    دونوں شخصیات کے مداحوں نے جوڑے کو بہترین قرار دیتے ہوئے جلد شادی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔