Tag: ویزا

  • امریکا کا فلسطینی پاسپورٹ کے حامل تمام افراد کو ویزا دینے سے انکار

    امریکا کا فلسطینی پاسپورٹ کے حامل تمام افراد کو ویزا دینے سے انکار

    امریکا کی ٹرمپ انتظامیہ نے فلسطینی پاسپورٹ کے حامل تمام افراد کو ویزا دینے سے انکار کر دیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے فلسطینی رہنماؤں کی ویزا منسوخی کے بعد اب تقریباً تمام فلسطینی پاسپورٹ کے حامل افراد کے لیے ویزا پالیسی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے نئی ویزا پالیسی کے تحت سفارت کاروں کو ہدایت کی ہے کہ فلسطینی پاسپورٹ کے حامل افراد کی ویزا منظوری روک دیں۔

    فلسطینی پاسپورٹ کے حامل افراد کے ویزا منسوخی کا مقصد یہ ہے کہ فلسطینیوں کو علاج کے لیے امریکا آنے، پڑھنے اور کاروباری سفر سے روکا جا سکے۔

    اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے اس سے قبل آگاہ کیا تھا کہ وہ وزیٹر ویزا کے خواہش مند فلسطینیوں کے ویزا روکنے پر غور و فکر کر رہے ہیں۔

    امریکا میں ساڑھے 5 کروڑ ویزوں پر منسوخی کی تلوار لٹکنے لگی

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی تاریخ میں سب سے بڑے ویزہ اسکروٹنی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 55 ملین ویزا ہولڈرز کو اب سخت تحقیقات کے عمل سے گزرنا ہوگا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ اقدام کا مقصد کسی بھی ایسے ویزا ہولڈر کی نشاندہی کرنا ہے جو قوانین کی خلاف ورزی یا دیگر وجوہات کے باعث امریکا میں قیام کا اہل نہیں رہا۔

    رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت نے ویزہ پالیسی کو سخت بنانے کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن میں تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم غیر ملکی طلبا کے ویزے منسوخ کرنا شامل ہیں۔

    بازیاب اسرائیلی یرغمالی کی باقیات کی شناخت ہو گئی، ادان شتیوی کب مارا گیا؟

    اس کے علاوہ ان اقدامات میں درخواست دہندگان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بھی کڑی نگرانی اور انٹرویوز کا عمل معطل کرنا بھی شامل ہیں۔

    امریکی صدر کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب غزہ اور فلسطین کے شہریوں کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دیے جانے والے طبی ویزے بند کر دیے گئے ہیں۔ اب فلسطینی طلبا، مریض اور عام درخواست گزار بھی امریکا میں داخل نہیں ہوسکتے۔

  • کویت جانے کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری

    کویت جانے کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری

    کویت میں کام کرنے کے لیے جانے کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری آگئی۔

    اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق خلیجی ملک کی جانب سے رواں سال کے اوائل میں پاکستان پر 19 سالہ ویزا پابندی ہٹانے کے بعد ہنرمند کارکنوں کی برآمد دوبارہ شروع کی جائے گی۔

    مئی میں کویت نے باضابطہ طور پر پاکستانی شہریوں پر طویل عرصے سے ویزے کی پابندی کو ختم کردیا جس سے کام، خاندان، کاروبار اور سیاحتی ویزوں کو دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    ویزا اور امیگریشن سے متعلق خبریں

    کویت نے پاکستان، ایران، شام اور افغانستان کے شہریوں کو ویزے جاری کرنے سے روک دیا تھا کیونکہ ان ممالک میں سیکیورٹی کی خراب صورتحال تھی۔

    ہر سال ہزاروں پاکستانی خلیجی ممالک، یورپ، امریکا اور دیگر ممالک میں ملازمتوں کے لیے بیرون ملک جاتے ہیں۔ بیرون ملک ملازمت کرنے والے پاکستانی شہریوں کی طرف سے بھیجی گئی ترسیلات زر جنوبی ایشیائی ملک کے لیے اپنے غیر ملکی ذخائر کو بڑھانے کے لیے بہت اہم ہیں خاص طور پر جب یہ ایک طویل معاشی بحران سے دوچار ہے۔

    اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن، وزارت او پی اینڈ ایچ آر ڈی کا ایک منسلک محکمہ، ایک طویل عرصے کے بعد ریاست کویت کو ہنر مند کارکنوں کو برآمد کرے گا۔

    سرکاری میڈیا نے کہا کہ کویت میں گودام سپروائزر کے عہدے کے لیے آسامیاں ہیں، جن کی زیادہ سے زیادہ عمر 35 سال ہو سکتی ہے اور اس کے پاس ڈپلومہ یا بیچلر کی ڈگری ہے اور اسے انگریزی میں روانی ہونی چاہیے۔

    اے پی پی نے کہا کہ درخواست دہندگان کے پاس کسٹمر سروس کی مضبوط مہارت ہونی چاہیے اور انہیں ریٹیل گوداموں یا لاجسٹک کمپنیوں میں کام کرنے کا تجربہ ہونا چاہیے۔

    نادرا شاختی کارڈ، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکٹ سے متعلق معلومات

    سرکاری میڈیا نے بتایا کہ گودام کوآرڈینیٹر، گودام مین، بڑھئی، اور غیر ہنر مند کارکنوں، اسسٹنٹ فرنیچر اور ڈرائیور کے عہدوں کے لیے نوکریاں بھی دستیاب تھیں۔ درخواست دہندگان کے ذریعے دستاویزات جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اگست 2025 ہے۔

  • جرمنی کا ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کےلیے خوشخبری

    جرمنی کا ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کےلیے خوشخبری

    جرمنی جانے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کےلیے اچھی خبر آگئی، کراچی میں جرمن قونصل خانے نے اپنی ویزے سروس شروع کردی۔

    شہرقائد میں جرمن قونصل خانے تھوڑے وقفے کے تعطل کے بعد پاکستانی عوام لیے اپنی ویزے سروس کا دوبارہ سے آغاز کردیا ہے، یورپیئن ملک کا ویزا لگوانے کے خواہشمند پاکستانیوں کےلیے ویزہ سروسز معمول کے مطابق جاری رہے گی۔

    جرمنی کے قونصل خانہ کا ویزہ سیکشن منگل 5 اگست سے معمول کے مطابق درخواست گزاروں کے لئے سروس شروع کردیگا۔

    قونصل خانے کی بندش کے دوران اپائیمنٹ حاصل کرنے والے درخواست گزاروں کو نئے سرے سے ویزے کےلئے پورٹل کے ذریعے اپائیمنٹ لینا ہوگی۔

    جرمن قونصل خانے نے خدمات کی فراہمی کے حوالے سے اپنے بیان میں یہ بھی بتایا کہ نان یورپیئن سیٹزن کیلئے سروس بحال رہے گی۔

    https://urdu.arynews.tv/german-consulate-karachi-announces-eid-holidays/

  • خوبصورت یورپی ملک کا ویزا صرف ’’21 ہزار روپے‘‘ میں‌ کیسے حاصل کریں؟

    خوبصورت یورپی ملک کا ویزا صرف ’’21 ہزار روپے‘‘ میں‌ کیسے حاصل کریں؟

    یورپ جانا ہر شخص کی خواہش ہے اب ایک یورپی ملک نے سب سے سستا ویزا متعارف کرایا ہے جو صرف 21 ہزار روپے میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔

    اسپین یورپ کے خوبصورت لیکن مہنگے ممالک میں سے ایک ہے۔ تاہم اب اسپین غیر یورپی افراد کے لیے یورپ کی تاریخ کا سب سے سستا ویزا صرف 75 ڈالر (لگ بھگ 21 ہزار روپے پاکستانی) میں فراہم کر رہا ہے۔

    اسپین نے نیا ڈیجیٹل نوماڈ ویزا متعارف کرایا ہے۔ یہ ویزا ان غیر یورپی ریمورٹ ورکرز کے لیے ہے، جو اسپین میں ایک سال یا اس سے زائد مدت تک رہنا اور کام کرنا چاہتے ہیں۔

    اسپین کے اسٹارٹ اپ ایکٹ کے تحت شروع کیا جانے والا ’’ڈیجیٹل نوماڈ ویزا‘‘ عالمی ٹیلنٹ اور ریموٹ پروفیشنلز کو راغب کرنے کے لیے ہے، جو روایتی ورک پرمٹ کے مقابلے میں سستا اور آسان ہے۔

    یہ ویزا حاصل کر کے غیر یورپی افراد اسپین میں رہائش اختیار کر کے غیر ہسپانوی کلائنٹس یا کمپنیوں کے لیے کام کر سکیں گے۔

    ’’ڈیجیٹل نوماڈ ویزا‘‘ حاصل کرنے کی اہلیت:

    یہ ویزا صرف غیر یورپی شہریوں کے لیے ہے۔ ویزہ ہولڈرز کو ریموٹ کام کرنا ہوگا۔ یا تو کسی غیر ہسپانوی کمپنی کے ملازم کے طور پر یا خودمختار پروفیشنل کے طور پر جس کے زیادہ تر کلائنٹ غیر ملکی ہوں۔

    اس ویزے کے حصول کے خواہشمند افراد کی 80 فیصد آمدنی اسپین سے باہر کے ذرائع سے ہونی چاہیے جب کہ ویزے کے بعد آپ کو اپنے کلائنٹس یا کمپنی کے ساتھ کم از کم تین ماہ سے کام کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ ویزہ ہولڈرز کی کمپنی یا کاروبار کم از کم ایک سال سے چل رہا ہو۔

    ’’ڈیجیٹل نوماڈ ویزا‘‘ کے فوائد:

    اس ویزے کا سب سے بڑا فائدہ تو یہ ہے کہ یہ یورپ کا سب سے سستا ویزا ہے جو صرف 75 ڈالر (پاکستانی 21 ہزار روپے) میں مل سکتا ہے۔ جب کہ روایتی ورک ویزوں کے مقابلے میں درخواست کا عمل تیز اور کم پیچیدہ ہے۔

    اس ویزے کے حصول کے بعد آپ ایک سال تک اسپین میں رہ سکتے ہیں اور اس کے بعد بھی قیام کی مدت کو بڑھایا جا سکتا ہے۔

    اگر آپ اسپین میں آمدنی کے طے شدہ تقاضے پورے کرتے ہیں تو اپنے خاندان کے ساتھ بھی رہائش اختیار کر سکتے ہیں۔

    درخواست دینے کا طریقہ:

    خواہشمند غیر یورپی شہری اپنے ملک سے یا اسپین میں (مثلاً سیاحتی ویزا پر) رہتے ہوئے بھی درخواست دے سکتے ہیں۔

    درخواست کے ساتھ ریموٹ ملازمت یا فری لانس معاہدوں کا ثبوت، اس کے علاوہ آپ کے آجر یا کاروبار کا ایک سال سے زیادہ عرصہ سے چلنے کا ثبوت بھی پیش کرنا ہوگا۔

    امیدوار کو ویزے کی اہلیت کے معیار پر پورا اترنے والی آمدنی کا ثبوت پیش کرنا  ہوگا۔ اس کے علاوہ اس کو اپنے صاف ستھرے کریمنل بیک گراؤنڈ کا ثبوت بھی پیش کرنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ اسپین اپنی ثقافت، کھانوں اور موسم کی وجہ سے منفرد ہے۔ بارسلونا کی ہلچل، میڈرڈ کی تاریخی دلکشی یا بحیرہ روم کے پرسکون ساحل، ہر جگہ ریموٹ کام کے لیے شاندار ماحول ہے۔ اس سستے ویزا اور دلکش طرز زندگی کے ساتھ، اب آپ کے ڈیجیٹل نوماڈ خواب کو حقیقت بنانے کا بہترین وقت ہے۔

  • عمان میں موجود پاکستانیوں کیلیے اہم خبر، 31 جولائی تک یہ کام ضرور کر لیں

    عمان میں موجود پاکستانیوں کیلیے اہم خبر، 31 جولائی تک یہ کام ضرور کر لیں

    (27 جولائی 2025): عمان میں موجود غیر ملکیوں بشمول پاکستانیوں کیلیے اہم خبر یہ ہے کہ وہ جلد از جلد ویزا تجدید کروائیں یا ملک چھوڑ دیں ورنہ مقررہ مدت کے بعد بھاری جرمانے ادا کرنے ہوں گے۔

    عمان کی وزارت لیبر نے حتمی نوٹس جاری کرتے ہوئے غیر ملکی شہریوں، آجروں اور کارکنوں پر زور دیا ہے کہ وہ 31 جولائی 2025 تک رعایتی مدت ختم ہونے سے پہلے ویزا تجدید کروا لیں۔

    یہ بھی پڑھیں: جنوبی ایشیائی ملک نے پاکستانیوں کیلیے ویزا فری کر دیا

    اے آر وائی نیوز انگلش کی رپورٹ کے مطابق وزارت لیبر نے نوٹس میں کہا کہ 31 جولائی 2025 کے بعد کوئی درخواست قبول نہیں کی جائے گی، تمام درخواستیں سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارم اور منظور شدہ سروس سینٹرز کے ذریعے کریں۔

    واضح رہے کہ یہ اعلان جنوری 2025 میں متعارف کرائے گئے ایک وسیع تر ایمنسٹی اقدام کے بعد سامنے آیا جب عمانی کابینہ نے 60 ملین عمانی ریال (تقریباً 156 ملین ڈالر) مالیت کے ایک جامع پیکج کی منظوری دی تھی۔

    ایمنسٹی کا مقصد لیبر مارکیٹ کے ضوابط کو ہموار کرنا، کارکنوں اور آجروں دونوں کے حقوق کا تحفظ کرنا اور روزگار کے مؤثر ماحول کو یقینی بنانا ہے۔

    اقدام کے فوائد

    • سات سالوں سے غیر فعال رہنے والے لیبر کارڈز پر جرمانے اور واجبات کی مکمل منسوخی
    • سال 2018 سے پہلے عمان سے باہر جانے والے کارکنوں کیلیے وطن واپسی کے اخراجات سے استثنیٰ
    • 10 سال سے زائد عرصے سے غیر استعمال شدہ لیبر کارڈز کی خودکار منسوخی (بشرطیکہ سروس کی کوئی بقایا درخواستیں نہ ہوں)

    چھ ماہ کی رعایتی مدت (1 فروری سے 31 جولائی 2025) کے دوران افراد یہ کر سکتے ہیں:

    • آئندہ دو سالوں کیلیے فیس ادا کر کے میعاد ختم ہونے والے لیبر کارڈز کی تجدید کریں
    • کام چھوڑنے کی رپورٹوں کو منسوخ کریں
    • کفالت کی منتقلی یا وطن واپسی کے اخراجات طے کریں

    درخواستیں وزارت کی سرکاری ویب سائٹ یا مجاز سروس چینلز کے ذریعے جمع کریں۔ عمان کی غیر ملکی افرادی قوت بڑی حد تک بنگلہ دیش (622,078)، بھارت (507,956) اور پاکستان (314,997) کے شہریوں پر مشتمل ہے۔

  • جنوبی ایشیائی ملک نے پاکستانیوں کیلیے ویزا فری کر دیا

    جنوبی ایشیائی ملک نے پاکستانیوں کیلیے ویزا فری کر دیا

    (26 جولائی 2025): خوبصورت قدرتی نظاروں اور منفرد کھانوں کی وجہ سے دنیا بھر میں سیاحت کیلیے مشہور جنوبی ایشیائی ملک نے پاکستان سمیت 40 ممالک کیلیے ویزا فری کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا کے وزیر خارجہ وجیتھا ہیراتھ نے جمعے کے روز اعلان کیا کہ سیاحت کو فروغ دینے اور اقتصادی بحالی کو برقرار رکھنے کی کوششوں کے تحت مزید 40 ممالک کیلیے سیاحتی ویزا فری کر رہے ہیں۔

    وزیر خارجہ وجیتھا ہیراتھ نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ اقدام گزشتہ ہفتے سات اہل ممالک کی موجودہ فہرست کو 40 تک بڑھانے کیلیے کابینہ کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: ناروے کا اسٹوڈنٹ ویزا حاصل کرنے کا آسان طریقہ

    واضح رہے کہ مارچ 2023 سے چین، بھارت، انڈونیشیا، روس، تھائی لینڈ، ملائیشیا اور جاپان کے شہریوں کیلیے سری لنکا کا سیاحتی ویزا فری ہے تاہم اب جو ممالک اس فہرست کا حصہ بنے ہیں ان میں برطانیہ، امریکا، کینیڈا، پاکستان، ایران، متحدہ عرب امارات اور آسٹریلیا شامل ہیں۔

    اگرچہ حکومت کو سیاحتی ویزا فری کرنے سے سالانہ 66 ملین ڈالر کا نقصان ہونے کا خدشہ ہے لیکن وزیر خارجہ وجیتھا ہیراتھ کہتے ہیں کہ غیر ملکی سیاحوں کی بڑھتی ہوئی آمد سے بالواسطہ معاشی فوائد نقصان سے کہیں زیادہ ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے معیشت کو مستحکم کیا ہے اور سیاحت سے متعلق پالیسی کی تبدیلیوں کے ذریعے ہمارا مقصد آنے والے غیر ملکیوں کی مسلسل بہتری کو یقینی بنانا ہے۔

  • محسن نقوی کا دورہ یو اے ای، پاکستانیوں کے ویزا مسائل جلد حل ہونے کی امید

    محسن نقوی کا دورہ یو اے ای، پاکستانیوں کے ویزا مسائل جلد حل ہونے کی امید

    اسلام آباد: پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان پاکستانی شہریوں کیلیے ویزا خصوصاً ورک ویزا میں آسانیاں پیدا کرنے سے متعلق ضروری اقدامات پر اتفاق ہوگیا۔

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ابوظہبی میں یو اے ای کے نائب وزیر اعظم و وزیر داخلہ سے ملاقات کی۔ یو اے ای وزارت داخلہ آمد پر محسن نقوی کا پرتپاک استقبال اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    محسن نقوی کا یو اے ای کی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام سے تعارف کروایا گیا جبکہ ملاقات میں پاکستانی شہریوں کو درپیش ویزا کے مسائل، سکیورٹی تعاون، انسداد منشیات، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کیلیے اشتراک کار بڑھانے اور ٹیکنالوجی کے تبادلے پر گفتگو ہوئی۔

    یہ بھی پڑھیں: یو اے ای کے تاحیات گولڈن ویزا سے متعلق خبروں کی حقیقت سامنے آگئی

    ملاقات میں دونوں دوست ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات پر بات چیت ہوئی، دونوں وزرائے داخلہ نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور علاقائی صورتحال اور خطے میں پائیدار امن کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔

    انہوں نے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلیے جدید ٹیکنالوجی خصوصاً آرٹیفشل انٹیلیجنس سے استفادہ کی ضرورت پر زور دیا اور ساتھ ہی پاکستانی شہریوں کیلیے ویزا خصوصاً ورک ویزا میں آسانیاں پیدا کرنے سے متعلق ضروری اقدامات پر اتفاق کیا۔ یو اے ای کے وزیر داخلہ نے اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

    ملاقات میں محسن نقوی نے کہا کہ امارات کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہر پاکستانی کیلیے اثاثہ ہے، سکیورٹی سمیت دوطرفہ تعاون کے ہر شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں، پاکستانیوں کی بڑی تعداد دوست ملک کی معیشت کی مضبوطی میں کردار ادا کر رہی ہے۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں پاکستانی شہری آسانی سے یو اے ای آسکیں، ویزا پالیسی میں آسانی سے شہریوں کو بہت ریلیف ملے گا۔

    محسن نقوی نے امن و امان اور جرائم کی روک تھام کیلیے ابوظہبی پولیسنگ کے جدید نظام اور آپریشنز روم کا دورہ کیا جہاں وزارت داخلہ کے حکام نے ان کو مانیٹرنگ آپریشنز روم کے بارے میں بریفنگ دی۔

  • سعودی عرب نے 14 ممالک کے لیے تمام ویزے بند کر دیے

    سعودی عرب نے 14 ممالک کے لیے تمام ویزے بند کر دیے

    ریاض: سعودی عرب کی جانب سے اہم اعلان سامنے آیا ہے جس میں 14 ممالک کے شہریوں کے لیے ”بلاک ورک ویزا کوٹہ” کا اجرا جون 2025 تک کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق متاثرہ ممالک میں مصر، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، عراق، پاکستان، بھارت، نائیجیریا سمیت دیگر شامل ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق مملکت کی جانب سے یہ فیصلہ حج سیزن سے قبل امیگریشن کنٹرول، رش کی روک تھام اور غیر قانونی حج کو روکنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔

    سعودی وزارتِ افرادی قوت کا کہنا ہے کہ 14 ممالک کے لیے بلاک ورک ویزے بند کیے گئے ہیں ان میں مصر، انڈونیشیا، عراق، نائیجیریا، پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، اردن، الجزائر، سوڈان، ایتھوپیا، تیونس، یمن، مراکش شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ بلاک ورک ویزا ایک ایسا کوٹہ ہوتا ہے جو سعودی کمپنیاں پہلے سے منظور کروا کر مخصوص ممالک سے ورکرز کو بلا سکتی ہیں۔

    تاہم مملکت کی جانب سے پابندی عائد کیے جانے کے بعد نئی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔ پرانی درخواستوں میں تاخیر یا رد ہو سکتا ہے۔ جن افراد کو ویزا ملا لیکن مملکت میں داخل نہیں ہوئے، وہ داخلے میں مشکلات کا سامنا کرسکتے ہیں۔

    مملکت کی جانب سے یہ پابندیاں جون 2025 کے اختتام تک جاری رہیں گی، اور امکان ہے کہ حج سیزن کے بعد اس میں نرمی کردی جائے گی۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں جدہ ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے مملکت آنے والے مسافروں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ مختلف نوعیت کی ممنوعہ اشیا اپنے ہمراہ نہ لائیں تاکہ کسی مشکل صورتحال سے دوچار نہ ہونا پڑے۔

    جدہ ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے ممنوعہ اشیا کی فہرست جاری کی گئی ہے جن کی پابندی کرنا تمام مسافروں کے لیے بے حد ضروری ہے۔

    رپورٹس کے مطابق جاری کی جانے والی ممنوعہ اشیا میں سرفہرست ہر قسم کی منشیات جن میں الحکول والے مشروبات بھی شامل ہیں۔ بجلی کا جھٹکا لگانے والی اشیا جن سے کرنٹ لگنے کا اندیشہ ہو۔

    ایسے قلم اور نگاہ یا دھوپ میں استعمال ہونے والے چشمے جن میں حساس کیمرے لگے ہوں جنہیں غیرقانونی اور جاسوسی کے مقاصد کیلیے استعمال کیا جاتا ہے۔

    سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا

    ممنوعہ پوکر گیم جو جوئے وغیرہ میں استعمال ہوتا ہے۔ الیکٹرانک پائپ جس میں نشہ آورممنوعہ مواد اور مضر صحت خوشبو شامل ہو۔ دیگر ممنوعہ اشیا میں قیمتی دھاتیں اور خام سونا، غیراخلاقی سامان و اشیا مملکت میں لانا قطعی طورپر منع ہے۔

  • اوورسیز کے لیے اہم خبر، برطانیہ میں مستقل رہائش کے قیام کی مدت بڑھا دی گئی

    اوورسیز کے لیے اہم خبر، برطانیہ میں مستقل رہائش کے قیام کی مدت بڑھا دی گئی

    لندن: اوورسیز کے لیے اہم خبر ہے کہ برطانیہ میں مستقل رہائش کے قیام کی مدت بڑھا دی گئی ہے۔

    برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے امیگریشن سسٹم میں وسیع پیمانے پر اصلاحات کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت سوشل کیئر ورکر ویزا بند، اور بیرون ملک سے نئی بھرتیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    برطانیہ میں مستقل رہائش کے لیے قیام کی مدت 5 سے بڑھا کر 10 سال کر دی گئی، دوسری طرف اسکلڈ ورکر ویزا کے لیے تعلیم کی سطح بڑھا دی گئی، پوسٹ اسٹڈی ورک ویزا کی مدت کم کر دی گئی، اور انگریزی زبان کی مہارت کا معیار بڑھا دیا گیا ہے۔

    اسکلڈ ورکر ویزا کے لیے اب کم از کم گریجویٹ سطح کی تعلیم درکار ہوگی، پوسٹ اسٹڈی ورک ویزا کی مدت 2 سال سے کم کر کے 18 ماہ کر دی گئی، جب کہ انگریزی زبان کی مہارت کا معیار بی ون سے بڑھا کر بی 2 کر دیا گیا۔


    برطانیہ کا امیگریشن کنٹرول کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ، طلبہ کے لیے بری خبر


    ویزا درخواست دہندگان اور بالغ زیر کفالت افراد کے لیے انگریزی زبان کے ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، بالغ زیر کفالت افراد کے لیے انگریزی زبان کی مہارت کا معیار اے ون سطح پر کر دیا گیا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق بین الاقوامی طلبہ کی فیس پر 6 فی صد لیوی عائد کی گئی ہے، مجرمانہ ریکارڈ والے افراد کی برطانیہ سے ملک بدری میں تیزی آئے گی۔

  • سعودی عرب نے مسافروں کے لیے نئی اور سخت شرط عائد کر دی

    سعودی عرب نے مسافروں کے لیے نئی اور سخت شرط عائد کر دی

    کراچی: سعودی عرب نے مسافروں کے لیے نئی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عمرہ ویزا رکھنے والے مسافروں کے لیے سعودی حکومت نے نئی شرط عائد کی ہے، دنیا بھر کی ایئر لائنز کو سعودی ایوی ایشن کی جانب سے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔

    جاری ہدایت نامے کے مطابق اب ہر سال 15 شوال کے بعد عمرہ ویزا رکھنے والے مسافروں کو سعودی سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، ایئر لائنز کو نئی ہدایت پر سختی سے عمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔


    سعودی عرب نے غیرملکیوں کے لیے نئی ہدایات جاری کردیں


    سعودی ایوی ایشن نے کہا ہے کہ شوال کی 15 تاریخ کے بعد ایئر لائنز عمرہ ویزے والے مسافروں کو بورڈنگ نہ دیں، خلاف ورزی کرنے پر مسافروں اور ایئر لائنز کے خلاف سعودی ایوی ایشن قوانین کے مطابق کارروائی ہوگی۔