Tag: ویزا پالیسی

  • سعودی عرب : ویزا پالیسی سے متعلق اہم فیصلہ

    سعودی عرب : ویزا پالیسی سے متعلق اہم فیصلہ

    ریاض : سعودی عرب نے رواں سال 2025 سے ملٹی پل انٹری ویزا ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب صرف سنگل انٹری ویزا جاری کیا جائے گا جو 30 دنوں کے لیے ہوگا۔

    سعودی عرب نے اپنی ویزا پالیسی میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے جو یکم فروری سے نافذ العمل ہے، جس کا براہ راست اثر پاکستان سمیت 14 ممالک پر پڑے گا۔

    رپورٹ کے مطابق سعودی حکام کے اس اقدام کا مقصد حج کے دوران غیر قانونی طور پر مکہ مکرمہ میں داخل ہونے والے افراد کو روکنا اور حجاج کرام کے لیے بہتر انتظامات کو یقینی بنانا ہے۔

    یہ تبدیلی سیاحت، کاروبار اور خاندانوں کے وزٹ ویزوں پر اثر انداز ہوگی، البتہ حج، عمرہ، سفارتی ویزے اور رہائشی ویزے میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

    یہ نئی پالیسی الجزائر، بنگلہ دیش، مصر، ایتھوپیا، ہندوستان، انڈونیشیا، عراق، اردن، مراکش، نائجیریا، پاکستان، سوڈان، تیونس اور یمن کے وزیٹرز پر لاگو ہوگی۔

    سعودی حکام نے ملٹی پل انٹری ویزا کے غلط استعمال کو اس تبدیلی کی سب سے بڑی وجہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بہت سے مسافر طویل مدت کے ویزے پر سعودی عرب آئے لیکن غیر قانونی طور پر کام کرنے لگے یا بغیر اجازت کے حج ادا کیا۔

    حج کے دوران سعودی عرب میں بھیڑ کا مسئلہ بڑھ رہا ہے۔ 2024 میں 1200 سے زیادہ حاجی گرمی اور بھیڑ کی وجہ سے جاں بحق ہو گئے تھے۔

    حکام کے مطابق ان میں سے کئی حاجی غیر رجسٹرڈ تھے جو ملٹی پل انٹری ویزے کے ذریعے سعودی عرب آئے تھے۔ اس تبدیلی کا مقصد غیر رجسٹرڈ حاجیوں کو سعودی عرب میں آنے سے روکنا اور حج کے دوران حفاظتی تدابیر کو بہتر بنانا ہے۔

    سعودی حکومت نے ملٹی پل انٹری ویزے کے خاتمے کو عارضی اقدام قرار دیا ہے، تاہم اس پر دوبارہ نظر ثانی کرنے کا کوئی خاص وقت نہیں بتایا گیا۔

    سعودی وزارتِ خارجہ نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آخری لمحات میں پریشانی سے بچنے کے لیے ویزا پہلے سے حاصل کر لیں۔ علاوہ ازیں، ویزا قوانین کی مکمل تعمیل کو یقینی بنائیں تاکہ سفری مشکلات سے بچا جا سکے۔

  • ویزا پالیسی تبدیل: افغانیوں کو پاکستانی سرحد پر ویزا ملے گا

    ویزا پالیسی تبدیل: افغانیوں کو پاکستانی سرحد پر ویزا ملے گا

    اسلام آباد: حکومت پاکستان نے افغان باشندوں کے لیے ویزا پالیسی تبدیل کردی، افغانیوں کو اب پاکستانی سرحد پر ویزا ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے افغان باشندوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ویزا پالیسی تبدیل کردی، افغانیوں کو کابل میں پاکستانی سفارتحانے کے چکر لگانے سے نجات مل گئی، اب انہیں سرحد پر ویزا ملے گا۔

    نئی ویزا پالیسی کے تحت قیام اور ویزا کی مدت اور اندرج کی تعداد کو بھی بدل دیا گیا۔ سفارت اور کونسل خانہ ایک سال کے لیے وزٹ ویزا ملٹی پل انٹریز کے ساتھ جاری کرے گا۔

    افغان شہریوں کو 5 سال کے لیے بزنس ویزا بھی مل سکے گا جو پاکستان میں قابل توسیع ہوگا، افغان طلبا ایک سال کے بجائے اپنی تعلیم کے پورے عرصہ کے لیے ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔

    علاوہ ازیں طور خم بارڈر پر مریضوں کو 6 ماہ تک کا ویزا دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان سے تجارت کرنے والوں کے لیے بارڈر مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغان امن عمل کامیاب ہوا تو خطے میں خوشحالی اور ترقی آئے گی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت کے مواقع ہیں، افغان راہداری تجارت کی سہولت کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔

  • برطانیہ پاکستانیوں کے لیے اپنی ویزا پالیسی میں نرمی لائے، اسد قیصر

    برطانیہ پاکستانیوں کے لیے اپنی ویزا پالیسی میں نرمی لائے، اسد قیصر

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ برطانیہ پاکستانیوں کے لیے اپنی ویزا پالیسی میں نرمی لائے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے سمیت اہم علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان برطانیہ سے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، برطانیہ سے تجارت، سیاحت دیگر شعبوں میں وسعت لانا چاہتے ہیں، سیاحت کے شعبے میں ترقی کے لیے ویزا پالیسی میں نرمی لا رہے ہیں۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ شاہی جوڑے کی پاکستان میں سیروتفریح سے پرامن تشخص اجاگر ہوا، سیاحوں کو پاکستان کے سیاحتی مقامات کی طرف راغب کرنا چاہتے ہے، برطانیہ پاکستانیوں کے لیے اپنی ویزا پالیسی میں نرمی لائے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں نے ملک میں امن کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، برطانیہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے کردار ادا کرے۔

    مقبوضہ کشمیر سے متعلق اسد قیصر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کا ظالمانہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے، نام نہاد بھارتی جمہوریت میں بڑھتے ہوئے فاشزم کو دنیا نے دیکھ لیا ہے، بھارت میں اقلیتیں غیرمحفوظ، خاص طور پرمسلمانوں کو شدید خطرات ہیں۔

    برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان برطانوی سفارت کاروں، شہریوں کے لیے محفوظ ملک ہے، دہشت گری کے خاتمے کے لیے پاکستان کے اداروں نے ناقابل فراموش قربانیاں دیں۔

    کرسچن ٹرنر نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورت حال بہت بہترہے، برطانیہ پاکستان سے تجارتی تعلقات کو بڑھانے کا خواہش مند ہے۔

  • پاکستان کا امریکی کاروباری افراد اور سیاحوں کو 5 سال کا ویزا دینے کا اعلان

    پاکستان کا امریکی کاروباری افراد اور سیاحوں کو 5 سال کا ویزا دینے کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان نے امریکی کاروباری افراد اور سیاحوں کو 5 سال کا ویزا دینے کا اعلان کر دیا ہے، پاکستانی شہریوں کو بھی 5 سال کے امریکی ویزے جاری کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں اور سیاحوں کے لیے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں پانچ سال کا ویزا جاری کیا جائے گا۔

    اس فیصلے سے امریکا اور پاکستان دونوں ممالک کے سرمایہ کار اور سیاح مستفید ہوں گے۔

    نئی ویزا پالیسی وزیر اعظم عمران خان کے سیاحت اور بزنس کے فروغ کے وژن کے مطابق لائی گئی ہے، خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے آن آرائیول ویزا دینے کی سہولت کا اعلان کر رکھا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر خارجہ کی کویت کے نائب وزیر اعظم سے ملاقات میں ویزا پالیسی پر نظرثانی کی درخواست

    نئی پالیسی کے مطابق 50 ممالک کے سیاحوں اور 95 ممالک کے سرمایہ کاروں کو آن آرائیول ویزے دیے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ دو ہفتے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کویت کے دو روزہ دورے کے موقع پر نائب وزیر اعظم شیخ خالد الجراح الصباح سے ملاقات میں ویزا پالیسی پر نظر ثانی کی درخواست کی تھی۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد پاکستانی کویت کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں، کویت میں مقیم پاکستانی ویزا پابندیوں پر انتہائی تذبذب کا شکار ہیں۔

  • آزاداورسہل ویزاپالیسی کا مقصد کاروباری افراد اور سیاحوں کو خوش آمدیدکہناہے ، وزیراعظم

    آزاداورسہل ویزاپالیسی کا مقصد کاروباری افراد اور سیاحوں کو خوش آمدیدکہناہے ، وزیراعظم

    اسلام آباد:  وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں چیئرمین ینگ پریذیڈینٹ آرگنائزیشن  پاسکل جرکن نے پاکستان کو دنیا کے لئے کھولنے کے حکومتی  فیصلے کی تعریف  کی جبکہ عمران خان نے کہا حکومت کی آزاداورسہل ویزاپالیسی کا مقصد کاروباری افراد اور سیاحوں کو خوش آمدیدکہناہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین ینگ پریذیڈینٹ آرگنائزیشن کا وفد وزیراعظم ہاؤس پہنچا تو وزیراعظم عمران خان نے استقبال کیا۔

    چیئرمین ینگ پریذیڈنٹ آرگنائزیشن پاسکل جرکن کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں مشیرتجارت رزاق داؤد،چیئرمین بورڈآف انویسٹمنٹ ہارون شریف بھی موجود تھے۔

    غیر ملکی سیاحوں کےلئےپاکستان تک رسائی میں آسانی بہترین پالیسی ہے، پاسکل جرکن

    پاسکل جرکن نے وزیراعظم عمران خان کو آرگنائزیشن کے دنیابھرمیں نیٹ ورک سےآگاہ کیا اور پاکستان کو دنیا کے لئے کھولنے کےحکومتی فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا غیر ملکی سیاحوں کےلئےپاکستان تک رسائی میں آسانی بہترین پالیسی ہے۔

    اس موقع پر وزیراعظم نےسیاحت سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کاپوٹینشل اجاگرکیا اور کہا پاکستان میں سیاحت اورمتعلقہ شعبےسرمایہ کاری میں نظر انداز رہے، حکومت منافع بخش کاروبارکیلئےسرمایہ کاروں کوسہولت فراہم کرے گی۔

    حکومت کی آزاداورسہل ویزاپالیسی کا مقصد کاروباری افراد اور سیاحوں کو خوش آمدیدکہناہے،وزیراعظم

    عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کاروبارمیں آسانیاں پیداکرنےپرخصوصی توجہ دےرہی ہے، حکومت نےآزاداورسہل ویزاپالیسی پیش کی ہے، اس پالیسی کا مقصد کاروباری افراد اور سیاحوں کو خوش آمدیدکہناہے۔

    مزید پڑھیں : سیاحت کا فروغ، حکومت نے نئی اور آسان ویزا پالیسی کا اعلان کردیا

    یاد رہے 24 جنوری کو وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت اجلاس میں97 ممالک کے لیے ویزا شرائط نرم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا کی پاکستان تک رسائی آسان بنائیں گے، سیاحوں، سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان کو پُر کشش بنانا ہے، دنیا بھر کے تاجروں، سیاحوں کے لیے ویزے میں آسانی پیدا کی جائے گی۔

    بعد ازاں وفاقی وزیر خارجہ نے سیاحوں کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پچاس ممالک کے سیاحوں کو آن آرائیول اور 175 کو ای ویزا سہولت فراہم کی جائے گی۔

  • پاکستانیوں کے ویزے پر پابندی کا کوئی امکان نہیں، امریکی سفارتخانہ

    پاکستانیوں کے ویزے پر پابندی کا کوئی امکان نہیں، امریکی سفارتخانہ

    اسلام آباد: امریکا نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کی پابندی کے حوالے سے اطلاعات کو بے بنیاد قرار دے دیا اور کہا ہے کہ ویزے معمول کے مطابق جاری کررہے ہیں دوسری جانب مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ مسلم ممالک سے متعلق نئی امریکی ویزا پالیسی کا جائزہ لے رہےہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے شاہد میتلا کے مطابق امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی شہریوں کو امریکی ویزا دینے پر کسی بھی قسم کی پابندی عائد نہیں ہے انہیں روزانہ کی بنیاد پر ویزے جاری کیے جارہے ہیں جس میں  کسی قسم کے تعطل کا کوئی امکان نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی باشندوں کے امریکا میں داخلے پر بھی کوئی پابندی کا امکان نہیں،پاکستان شہری امریکن ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں اور انہیں طے شدہ پروسیجر اور شیڈول کے مطابق ویزے پہلے بھی دیتے رہے ہیں اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے۔

    دوسری جانب مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 مسلم ممالک سے متعلق نئی امریکی ویزا پالیسی کا جائزہ لے رہے ہیں، ہرملک کو اپنی ویزا پالیسی سے متعلق مکمل اختیارحاصل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں اوپن پالیسی وقت کا تقاضا ہے، ویزا ایشو کی مزید تفصیلات آنے تک کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا،بین الاقوامی طور پر تمام ممالک سے تعلقات رکھنا ضروری ہیں۔

  • سعودی حکومت کا غیرملکیوں کو 24 گھنٹے میں ویزا دینے کا اعلان

    سعودی حکومت کا غیرملکیوں کو 24 گھنٹے میں ویزا دینے کا اعلان

    ریاض: سعودی وزارتِ خارجہ نےتجارتی ویزوں کے حصول کو آسان اور تیز بنانے کے طریقہ کار کی منظوری دے دی، جس کے بعد سعودی عرب کا دورہ کرنے کے خواہش مند غیرملکی سرمایہ کار وں کو 24 گھنٹوں کے اندر ویزا جاری کیا جائے گا۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارتِ خارخہ نے ملک میں داخلے اور تجارتی ویزوں کے حصول کے لیے اقدامات کو آسان اور تیز تر بنانے کے طریقے کی منظوری دے دی، جس کے بعد سعودیہ کا دورہ کرنے کے خواہش مند غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاسپورٹ جمع کروانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ویزا جاری کردیا جائے گا۔

    سعودی اخبار کے مطابق کاروباری حضرات اور تجاری وفود کے ویزوں کی پالیسی پر یکم جنوری 2017 سے عمل درآمد شروع ہوچکا ہے جبکہ سعودیہ میں کام کرنے والی تجارتی تنصیبات کے لیے ویزے جاری کرنے کا سلسلہ آئندہ چند روز میں شروع کیا جائے گا۔

    پڑھیں: ’’ سعودی عرب کا پاکستانی تاجروں کو 2 سال کا ملٹی پل ویزا دینے کا اعلان ‘‘

    سعودی وزارتِ خارجہ کی منظوری کے بعد دیگر ممالک میں قائم قونصل خانوں کو سرکلر جاری کردیا گیا ہے تاکہ ہر ملک کے کاروباری شخصیت کو جلد از جلد ویزہ فراہم کیا جاسکے۔

    سعودی اقتصادی اور ترقیاتی امور کی کونسل کی ہدایت پر منظور کیے جانے والے نئے انتظامات کے مطابق تجارتی مقاصد کے ویزوں کو تین درجوں میں تقسیم کیاگیا ہے۔ جن میں ملک میں کام کرنے والی تجارتی تنصیب کے لیے ویزا ، کاروباری حضرات اور تاجروں کے لیے ویزا اور تجارتی وفود کے دورے کے لیے ویزا شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: ’’ سعودی عرب کا پاکستانی حج کوٹا بحال کرنے کا فیصلہ ‘‘

    عرب میڈیا کے مطابق تجارتی تنصیبات کے لیے ویزوں کے اجراء کی کارروائی متعلقہ اداروں کے درمیان الیکٹرونک رابطے کے ذریعے ہی عمل میں لائی جاتی تاہم اس منظوری کے بعد چیمبرز آف کامرس سے دعوت ناموں کی تصدیق والی شرط ختم ہوجائے گی۔

    سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے یہ فیصلہ ملک میں سرمایہ کاری کے لیے کیا گیا ہے تاکہ وہاں کی گرتی ہوئی معیشت کو سہارا دیا جاسکتے اور مقامی لوگوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جاسکیں۔

  • ریاض: سعودی حکام کا تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

    ریاض: سعودی حکام کا تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

    سعودی عرب حکام کا تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ایک لاکھ سے زائد ایتھوپین باشندے وطن واپس پہنچ گئے۔

    سعودی حکام کی جانب سے ویزا پالیسی میں سختی کے بعد تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن میں لاکھوں باشندے اپنے ممالک جانے پر مجبور ہوگئے، وزارت خارجہ کے مطابق ایک لاکھ چالیس ہزار سے زائد ایتھوپین باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جاچکا ہے اور ایک اندازے کے مطابق تعداد ایک لاکھ پچاس ہزار تک پہنچ جائے گی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ڈی پورٹ افراد نے لیبر اور امیگریشن قوانین کی پاسداری نہیں کی، جسکے باعث انہیں یہ اقدام اٹھانا پڑا، سعودی عرب کے اس اقدام پر خلیجی ممالک میں عوامی سطح پر احتجاج کیا گیا۔