Tag: ویزا

  • دبئی کے ویزوں کے بارے میں اچھی خبر ملنے والی ہے، محسن نقوی

    دبئی کے ویزوں کے بارے میں اچھی خبر ملنے والی ہے، محسن نقوی

    کراچی: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ دبئی کے ویزے کے بارے میں اچھی خبر دوں گا، پی ایس ایل نئے رنگ کے ساتھ لائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے آج کراچی والوں سے کیا گیا وعدہ پورا کیا، نیشنل اسٹیڈیم کراچی قذافی اسٹیڈیم لاہور جیسا ہوجائےگا، انڈیا یا کسی میچ کی پریشانی نہیں، ٹیم کو ایک میسج ہے کہ اچھا کھیلیں۔

    محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم میں واش روم تک نہیں تھے، کرسیاں خراب تھیں، نیشنل اسٹیڈیم میں ابھی کافی کام باقی ہے، جس جس کو اسٹیڈیم کے بننے کا مسئلہ تھا اب ان کو جواب مل گیا۔

    انھوں نے کہا کہ اسٹیڈیم سے متعلق ہم بہت پیچھے تھے اب سب سے آگے ہیں، حیدرآباد یا سکھر میں اسٹیڈیم بنانے سے متعلق سندھ حکومت سے بات ہوئی ہے، وزیراعظم نے مظفرآباد کا اسٹیڈیم بنانے کا کہا ہے، میں اکیلا کچھ نہیں کرسکتا یہ سب ٹیم ورک ہے۔

    چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اچھے اسٹیڈیم ڈومیسٹک کے لیے بہت ضروری ہیں، نجی کمپنیوں کو بول رہا ہوں کہ ہمارے ساتھ مل کر کام کریں۔

    محسن نقوی نے مزید کہا کہ پی ایس ایل اس بار نئے رنگ کے ساتھ کریں گے، سابق چیئرمین سارے میرے ساتھی ہیں ان کی عزت کرتا ہوں، جس چیئرمین نے بھی کرکٹ کیلئے کام کیا اس کی عزت کرنا ہم سب کا فرض ہے۔

  • ’ویزا نہیں ملے گا‘ کنزا ہاشمی اور منور فاروقی کی ویڈیو وائرل

    ’ویزا نہیں ملے گا‘ کنزا ہاشمی اور منور فاروقی کی ویڈیو وائرل

    بھارتی کامیڈین منور فاروقی اور پاکستانی اداکارہ کنزا ہاشمی کے درمیان دلچسپ اشتراک نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے۔

    پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ کنزہ ہاشمی نے فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر منور فاروقی کے ہمراہ ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں دونوں کو خوشگوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Kinza Hashmi (@kinzahashmi)

    میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی خوبرو اداکارہ و ماڈل کنزا ہاشمی ہندوستانی کامیڈین اور ریپر منور فاروقی کے ساتھ ایک ویڈیو سانگ میں کام کر رہی ہیں۔

    سوشل میڈیا پر جوڑے کی ساتھ کھڑے تصویریں وائرل ہونے کے بعد اداکارہ نے اب باقاعدہ طور اپنے پراجیکٹ کی تشہیر کرنے کے لیے، منور اور کنزا نے ایک مزاحیہ انسٹاگرام ویڈیو شیئر کی ہے۔

     

    ویڈیو میں کنزا کو ایک گانے سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا ہے جب منور غیر متوقع طور پر اسکرین پر نمودار ہوتے ہیں اور ٹریک کے ساتھ گانا گاتے نظر آتے ہیں جس پر کنزا کہتی ہیں پتا نہیں کوں لوگ ہیں ویڈیو خراب کردی۔

    ویڈیو میں منور فاروقی اداکارہ کا موبائل لے کر بھاگتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ یہ مجھے نہیں جانتیں، اب ڈھونڈیں گی مجھے، انہیں ویزا بھی نہیں ملے گا۔

    دوسری جانب کنزا ہاشمی نے بھی یہ مزاحیہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’ویزا تو ان کو بھی نہیں ملے گا‘۔

  • تاجکستان کا ویزا، عوام کے لیے خوش خبری

    تاجکستان کا ویزا، عوام کے لیے خوش خبری

    کراچی: تاجکستان کے سفارت خانے نے قونصلر ویزا سیکشن کا آغاز کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے تاجکستان کے سفارت خانے میں قونصلر ویزا سیکشن کا افتتاح کر دیا، سفارت خانہ آمد پر ان کا استقبال تاجک سفیر یوسف شریف زادہ اور دیگر سفارتی عملے نے کیا۔

    گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ قونصلر سیکشن سے عوام کو ویزے کے حصول میں آسانی ہوگی، اور دونوں ممالک میں وفود کے تبادلے اور سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔

    تاجکستان سفارتخانہ

    گورنر سندھ نے تاجکستانی سفیر کو قونصلر (ویزا) سیکشن کے افتتاح پر مبارک باد دی، اور کہا کہ پاک تاجکستان دو طرفہ تعلقات میں یہ قونصلر سیکشن اہم ثابت ہوگا۔

    انھوں نے کہا پاک تاجکستان مل کر خطے کی ترقی و خوش حالی کے لیے پُرعزم ہیں، تاجک سفیر نے بھی اس موقع پر کہا کہ تاجکستان خطے میں پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کا خواہش مند ہے۔

  • ویزا کے نام پر لوگوں سے فراڈ کرنے والے ملزمان گرفتار

    ویزا کے نام پر لوگوں سے فراڈ کرنے والے ملزمان گرفتار

    ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل نے گلشن اقبال میں کارروائی کرتے ہوئے ویزا فراڈ اور جعل سازی میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گلشن اقبال کے علاقے میں کارروائی کے دوران ایف آئی اے نے جعل سازی، ویزافراڈ اورانسانی اسمگلنگ میں ملوث 4 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ ملزمان میں واصف، سیدعتیق، محمد سراج اور محمد فہد شامل ہیں۔

    ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ کارروائی ویسٹرن انٹرپرائزز ایجوکیشن کنسلٹنٹ کے دفتر پر کی گئی۔ ملزمان سے سرکاری وغیر سرکاری اداروں کی جعلی مہریں بھی برآمد ہوئیں۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ جعلی مہروں میں تعلیمی اداروں، وزارت خارجہ اور وزارت تعلیم کی مہریں شامل ہیں، ملکی وبین الاقوامی جامعات کی مہریں، جعلی مارک شیٹیں اور ڈگریاں بھی برآمد کی گئیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزمان سے کثیر تعداد میں پاسپورٹس بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔ ملزمان ویزا کے حصول کے لیے جعلی سفری دستاویزات بنانے میں ملوث تھے۔

  • سعودی عرب: بے ضرورت ویزے جاری کرانے پر سخت کارروائی کا فیصلہ

    سعودی عرب: بے ضرورت ویزے جاری کرانے پر سخت کارروائی کا فیصلہ

    سعودی عرب میں بے ضرورت ویزے جاری کرواکر انھیں مارکٹ میں فروخت کرنا ایک پرانا کاروبار ہے۔ حکومت کی جانب سے اب اس کے خلاف سخت اقدامات اُٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبودآبادی کی جانب سے لیبر مارکیٹ اور اقامہ قوانین پرعمل درآمد کو منظم کرنے کے لیے قانون میں ترمیم کی غرض سے مخصوص سروے کیا جائے گا۔

    سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کی جانب سے یہ تجویز سامنے آئی ہے کہ غیر ضروری ویزوں کے اجرا کے حوالے سے قانون سازی سخت کی جائے۔

    رپورٹ کے مطابق وزارت افرادی قوت کی جانب سے مملکت میں لیبر مارکیٹ کو منظم کرنے اور اضافی افرادی قوت کی درآمد کو روکنے کیلیے وزارت کا کہنا ہے کہ ویزوں کے اجرا کے لیے باریک بینی سے کام لیا جائے۔

    ملازمت کے مواقع نہ ہونے پر ویزے جاری کرانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 لاکھ سے 5 لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے۔

    وزارت نے مزید کہا کہ اگر یہ ثابت ہو جائے کہ ویزوں کا اجرا محض کاروبارکی وجہ سے کیا گیا ہو تو اس صورت میں خلاف ورزی کے مرتکب پر 2 لاکھ ریال جرمانہ عائد کیا جائے۔

    رمضان کا پہلا عشرہ: ایک کروڑ کے لگ بھگ زائرین کی مسجد نبویؐ آمد

    ضروری ہے کہ جب تک آجر یہ ثابت نہ کرے کے اسے کارکن کی ضرورت ہے ویزے جاری نہ کیے جائیں۔فنی اور گھریلو کارکنوں کے لیے ویزوں کے اجرا کے ضوابط از سرنو مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔

    وزارت کا مزید کہنا ہے کہ اگر خلاف ورزی کرنے والا غیرملکی ہو تو اس صورت میں اسے ملک بدر بھی کیا جائے۔

  • دبئی کا ورک پرمٹ اور ویزے کا حصول نہایت آسان

    دبئی کا ورک پرمٹ اور ویزے کا حصول نہایت آسان

    دبئی : متحدہ عرب امارات نے نجی سیکٹر کی کمپنیوں کے ملازمین کے لیے ورک پرمٹ اور ریزیڈنسی ویزا حاصل کرنے کے عمل کو مزید آسان بنا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے "ورک بنڈل” نامی پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے جو مختلف محکموں کی خدمات کو یکجا کرے گا تاکہ ورک پرمٹ اور رہائشی ویزوں کے اجراء کے عمل کے وقت کو کم کیا جاسکے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ ابتدائی طور پر دبئی میں شروع کیا گیا ہے اور اگلے مرحلے میں اس میں توسیع کی جائے گی۔ ”ورک بنڈل“ کے تحت ورک پرمٹ اور رہائشی ویزے کے عمل میں اب 30 دن کے بجائے صرف 5 دن لگیں گے۔

    دبئی

    اس پلیٹ فارم کے ذریعے دبئی میں کام کرنے والے غیر ملکی اور کمپنیاں دونوں فائدہ اٹھا سکیں گے، اس سے قبل ویزا کے حصول کے عمل میں 30 دن تک لگ جاتے تھے، جبکہ 16 دستاویزات بھی ضروری تھے۔

    مذکورہ پراجیکٹ کا مقصد نجی فرموں کو سہولیات فراہم کرنا ہے جو تجدید، منسوخی، طبی معائنہ، اور فنگر پرنٹنگ سمیت روزگار کی خدمات کو مکمل کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم پیش کرتا ہے۔

    متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ ورک بنڈل پلیٹ فارم ملک میں رہائش اور کام (پرمٹ) کے طریقہ کار کو آسان اور مختصر کرے گا۔

    پچھلے مہینے انہوں نے متحدہ عرب امارات کی وزارتوں اور وفاقی اداروں کو حکم دیا کہ وہ کم از کم 2 ہزار طریقہ کار کو کم کریں اور ایک سال کے اندر اندر کارروائی کے لیے درکار وقت کو نصف تک کم کریں۔

  • راحت فتح علی خان کو امریکا کا ویزا نہ مل سکا ؟

    راحت فتح علی خان کو امریکا کا ویزا نہ مل سکا ؟

    عالمی شہرت یافتہ معروف پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کو امریکی سفارت خانے نے کنسرٹ میں شرکت کیلئے ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا۔

    ذرائع کے مطابق امریکی سفارت خانے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ راحت فتح علی خان کو ویزا حاصل کرنے کیلئے 2015 تا 2023 ٹیکس ادائیگی کے حوالے سے آئی آر ایس ڈاکومنٹیشن اور بولی ووڈ ایونٹ ایل ایل سی کی طرف سے قانونی دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی۔

    پاکستانی گلوکار نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے امریکا میں اپنے پروموٹرز کے ذریعے تمام ٹیکسوں کی ادائیگی کر دی تھی۔انہوں نے اپنے پروموٹرز سے ٹیکسوں کی ادائیگی کے مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے کیلئے کہا ہے۔

    پاکستانی گلوکار نے رواں ماہ 18 نومبر 2023 کو ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز آف نارتھ امریکا کے زیر اہتمام میوزیکل شو میں شرکت کیلئے امریکا جانا تھا۔

    راحت فتح علی خان کے امریکا میں ہونے والے کنسرٹ کی بکنگ پروموٹر ریحان صدیقی کے ذریعے کرائی گئی تھی، انہوں نے ہی گلوکار کے ویزے کیلئے درخواست دی اور ضروری دستاویزات سفارت خانے کو فراہم کیں، تاہم سفارت خانے نے ویزا دینے سے انکار کیا ہے۔

  • وہ عام غلطیاں جو ویزا مسترد ہونے کا سبب بنتی ہیں؟

    وہ عام غلطیاں جو ویزا مسترد ہونے کا سبب بنتی ہیں؟

    عام طور پر دیکھا گیا ہے لوگ ویزا کے لئے درخواست دیتے ہیں مگر ان کا ویزا کسی نہ کسی وجہ سے مسترد ہوجاتا ہے، انہیں یہ معلوم نہیں ہوتا کہ آیا اُن کا ویزا مسترد ہونے کی وجوہات کیا ہیں؟

    ویزا مسترد ہونے کی کوئی ایک وجہ نہیں بلکہ کئی وجوہات ہوسکتی ہیں، اگر ہم ان پر غور کریں تو ویزا مسترد ہونے کے امکانات کو کافی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

    سب سے عام وجہ جس کے باعث ویزا مسترد ہوجاتا ہے وہ یہ ہے کہ درخواست کے فارم پر نامکمل یا غلط معلومات درج کی گئی ہوں، جبکہ اس میں گمشدہ دستخط، نامکمل فارم، غلط پاسپورٹ نمبر اور دیگر غلطیاں شامل ہیں۔

    اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا ویزا مسترد نہ ہو تو فارم بھرنے سے قبل احتیاط سے اس کا جائزہ لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی فراہم کردہ تمام معلومات درست اور تازہ ترین ہیں اور اس میں کوئی غلطی نہیں ہے۔

    کہیں مجرمانہ ریکارڈ تو نہیں؟

    اگر آپ کا ریکارڈ مجرمامہ ہے تو آپ کا ویزا مسترد ہوسکتا ہے، مجرمانہ ریکارڈ میں منشیات، دھوکہ دہی یا دیگر سنگین جرائم شامل ہیں۔اگر آپ کا مجرمانہ ریکارڈ ہے تو اپنی درخواست میں اس کی وضاحت کریں اور اس حوالے سے تمام معلومات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

    آبائی ملک کے ساتھ اچھے تعلقات کی کمی

    اگر ویزا افسر کو شک ہو کہ آپ کا اپنے ملک واپس جانے کا کوئی ارادہ نہیں تو آپ کی ویزا درخواست مسترد کی جاسکتی ہے۔اس لئے اپنے آبائی وطن کے ساتھ تعلقات اچھے ہونا ضروری ہیں۔

    غیر قانونی سفری دستاویزات

    اپنی درخواست جمع کروانے سے پہلے اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی تمام سفری دستاویزات درست اور تازہ ترین ہوں۔

    آپ کے پاس رقم کی قلت تو نہیں؟

    آپ کے پاس اچھی رقم ہونا بھی بہت اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ اگر آپ سیاحت یا تعلیم کے لئے ویزا درخواست دے رہے ہیں تو آپ کو یہ ظاہر کرنے کی ضرورت ہوگی کہ آپ کے پاس بیرون قیام کے دوران اپنے اخراجات پورے کرنے کے لئے اچھی رقم موجود ہے۔ اگر رقم کا ثبوت فراہم نہیں کیا گیا تو آپ کا ویزا مسترد ہوسکتا ہے۔

    نا معلوم دستاویزات

    ایپلی کیشن کے ساتھ دستاویزات کی منسلکی اس بات پر منحصر ہے کہ آپ کس قسم کے ویزا کے لئے درخواست کر رہے ہیں، جیسے ملازمت کا ثبوت، دعوت نامہ یا دیگر متعلقہ دستاویزات وغیرہ، اگر آپ نے یہ دستاویزات فراہم نہیں کیں تو ممکن ہے کہ آپ کی درخواست مسترد کردی جائے۔

    گزشتہ ویزے کی مدت سے زیادہ قیام اگر آپ اپنے گزشتہ ویزے کی مدت سے زیادہ قیام کر چکے ہیں تو آپ کی ویزا درخواست کو منظور نہیں کیا جائے گا۔ اس میں کسی بھی ملک میں ویزا کی مدت سے زیادہ قیام شامل ہے۔

    اس سے بچنے کے لئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ اپنے ویزا کی میعاد ختم ہونے سے پہلے ہی وہ ملک چھوڑ دیں۔

  • سعودی عرب: نیا ویزا جاری، کن لوگوں کے لیے ہے؟

    سعودی عرب: نیا ویزا جاری، کن لوگوں کے لیے ہے؟

    ریاض: سعودی عرب نے سرمایہ کاروں کے لیے مخصوص ویزے کا اجرا کیا ہے، یہ ویزا فی الحال چند مخصوص ممالک کے سرمایہ کاروں کو جاری کیا جاسکے گا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے وزارت سرمایہ کاری کے تعاون سے نیا ویزا متعارف کروایا ہے جسے مستشمر زائر (انویسٹر وزیٹر) کا نام دیا گیا ہے، یہ بزنس ویزا ہوگا جسے آن لائن جاری کروایا جاسکے گا۔

    بزنس ویزے کے اجرا کا مقصد سرمایہ کاروں کو سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے امکانات سے واقفیت کا موقع فراہم کرنا ہے۔

    انویسٹر وزیٹر ویزا سعودی دفتر خارجہ کے نیشنل ویزا پورٹل کے ذریعے جاری کروایا جا سکے گا۔

    جو سرمایہ کار بزنس ویزا حاصل کرنا چاہتے ہوں انہیں دفتر خارجہ کے مشترکہ نیشنل ویزا پورٹل پر درخواست دینا ہوگی۔

    اگلے مرحلے میں درخواست پر کارروائی ہوگی اور فوری طور پر ویزہ جاری کر دیا جائے گا، انویسٹر کو بزنس ویزا ای میل پر موصول ہوگا۔ پہلے مرحلے میں اس کا دائرہ محدود ہوگا اور مخصوص ممالک کے انویسٹرز ہی یہ سہولت حاصل کر سکیں گے۔

    دوسرے مرحلے میں بزنس ویزا دیگر ممالک کے انویسٹرز کے لیے بھی جاری کیا جائے گا، اس کا مقصد سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل میں آسانی پیدا کرنا ہے۔

    وژن 2030 کے تحت سعودی عرب پرکشش سرمایہ کار طاقت بننا چاہتا ہے۔

  • یورپی ملک میں ملازمتوں کے مواقع، ورک پرمٹس کا اجرا جاری

    یورپی ملک میں ملازمتوں کے مواقع، ورک پرمٹس کا اجرا جاری

    یورپی ملک آئر لینڈ نے پاکستانیوں سمیت غیر یورپی ممالک کے شہریوں کے لیے ورک پرمٹ اسکیم شروع کردی ہے اور اس کے لیے ویزوں کا اجرا بھی تیز کیا ہے، جنوری میں جاری کیے جانے والے ورک پرمٹس کی تعداد سامنے آگئی، جن میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔

    دراصل آئر لینڈ کو بھی افرادی قوت کی قلت کا سامنا ہے جس کے لیے اس نے ورک پرمٹ اسکیم شروع کی ہے، اس سال کے پہلے ماہ جنوری میں جو ورک پرمٹ جاری کیے گئے ہیں، ان کی تفصیل سامنے آگئی ہے۔

    سال کے پہلے مہینے میں مجموعی طور پر 2 ہزار 525 ورک پرمٹس جاری کیے گئے ہیں، جن میں سے سب سے زیادہ ورک پرمٹ بھارتی شہریوں کو جاری ہوئے، ان کی تعداد 1 ہزار 59 بنتی ہے، دوسرے نمبر پر فلپائن کے شہری ہیں جنہیں 227 جبکہ برازیل 187 ورک پرمٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

    پاکستانیوں کو 110 ورک پرمٹ جاری کیے گئے ہیں، چین 106 کے ساتھ پانچویں اور جنوبی افریقہ 101 کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

    ورک پرمٹ کی 267 درخواستیں مسترد بھی کی گئی ہیں۔ آئرش حکومت ملک میں افرادی قوت کی کمی پر قابو پانے کے لیے ورک پرمٹ اسکیم کو آسان اور تیز رفتار بنا رہی ہے، جس کے لیے قوانین میں کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    آئر لینڈ کے ڈپارٹمنٹ آف جسٹس نے یکم جنوری کو ورک پرمٹ پر آنے والوں کے لیے کم از کم تنخواہ کا فارمولا تبدیل کیا ہے جس کے تحت اب ورک پرمٹ پر ورکر بلانے کے لیے اس کی کم از کم سالانہ تنخواہ 30 ہزار یورو سے زائد رکھنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔

    اس کے ساتھ ورک پرمٹ کے لیے پراسیسنگ کا وقت زیادہ سے زیادہ 90 دن مقرر کیا گیا ہے۔