Tag: ویزا

  • کویتی حکام کی ویزا و اقامہ کے حوالے سے اہم وضاحتیں

    کویتی حکام کی ویزا و اقامہ کے حوالے سے اہم وضاحتیں

    کویت سٹی: کویتی حکام کا کہنا ہے کہ بیرون ملک پھنسے تارکین وطن کی واپسی کے لیے کویت کا ویزا لازمی شرط ہے، وزارت داخلہ نے اس حوالے سے مزید وضاحت بھی جاری کی ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ کویتی خواتین اپنے غیر ملکی شوہر اور بچوں کو اسپانسر کرنے کا حق رکھتی ہیں بشرطیکہ ان میں سے کوئی بھی سرکاری یا نجی ادارے کے لئے کام نہ کرتا ہو، خاتون کو کویتی شہری سے شادی کے ذریعے شہریت حاصل نہ ہوئی ہو۔

    وزارت داخلہ کے مطابق اس کے علاوہ غیر کویتی بیویوں اور غیر کویتی بچوں کو رہائشی اجازت نامہ حاصل کرنے کا حق ہے۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ ایسے گھریلو ملازمین جن کا رہائشی اقامہ ملک سے باہر ہونے کے عرصے کے دوران ختم ہوگیا ہے، قانون کی رو سے اگر وہ دوبارہ ملک میں داخل ہونا چاہتے ہیں تو انہیں نئے انٹری ویزا کی درخواست دینا ہوگی اور تمام نئے طریقہ کار پر عمل کرنا پڑے گا۔

    یہی قانون ان غیر ملکی کارکنان پر بھی لاگو ہوتا ہے جو دوسرے ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں تاہم کارکنان کو وزارتی مجلس میں کرونا وائرس ہنگامی صورتحال کے لیے وزارتی کمیٹی کی منظوری حاصل کرنا ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں مقیم غیر ملکی بچوں کے والد اگر ملک سے باہر تھے اور ان بچوں کے رہائشی اجازت نامے کی میعاد ختم ہوجاتی ہے تو جب تک والد ملک میں واپس داخل نہیں ہوجاتے تب تک ان بچوں کے اقاموں کی تجدید نہیں کی جائے گی۔

    اسی طرح اگر والد واپس ملک لوٹنے میں ناکام رہتے ہیں تو اس صورت میں بچے اپنی رہائشی حیثيت میں ترمیم کرسکتے ہیں یا ملک چھوڑ کر جا سکتے ہیں۔

    گھریلو ملازمین سمیت کارکنوں کو جاری کردہ تمام نئے داخلہ ویزوں کے لیے وزرا کی کونسل میں کرونا ایمرجنسی وزارتی کمیٹی کی منظوری درکار ہوگی۔

    غیر ملکی کارکنان جن کے کفیل وفات پا چکے ہیں انہیں ملک میں اپنی رہائشی حیثیت کو ایڈجسٹ کرنا ہوگا، اس سلسلے میں طے شدہ طریقہ کار کے مطابق رہائشی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔ اگر وہ رہائشی اجازت نامہ حاصل نہیں کرتے ہیں تو انہیں ملک چھوڑنا پڑے گا۔

  • سعودی حکام کی ویزا اور اقامہ سے متعلق اہم وضاحت

    سعودی حکام کی ویزا اور اقامہ سے متعلق اہم وضاحت

    ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ نے ویزا اور اقامہ کے بارے میں لوگوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے اہم وضاحتیں کی ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ آجر اور اجیر کے حوالے سے موجود قوانین کی آگاہی ضروری ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر محکمہ پاسپورٹ سے پوچھا گیا کہ سائق خاص (فیملی ڈرائیور) کا خروج نہائی لگایا تھا مگر گزشتہ برس سفری پابندی کے باعث وہ نہ جا سکا اب دوبارہ خروج نہائی لگوانا چاہتا ہوں، کیا اقامہ ایکسپائر ہوگیا ہے؟

    محکمہ پاسپورٹ نے جواب دیا کہ خروج نہائی ویزا لگانے کے بعد 60 دن کی مہلت ہوتی ہے، اس دوران سفر کرنا لازمی ہے اگر سفر نہ کیا جائے تو 60 دن ختم ہونے سے قبل اسے کینسل کروانا ہوگا۔

    اس مدت کے دوران خروج نہائی ویزا استعمال نہیں کیا گیا اور مقررہ مدت بھی ختم ہو گئی ہے، اس لیے لازمی ہے کہ جرمانہ جو کہ 1 ہزار ریال ہے، ادا کرنے کے بعد اقامہ تجدید کیا جائے، بعد ازاں خروج نہائی یا خروج وعودہ ویزا حاصل کیا جا سکتا ہے۔

    ایک اور شخص نے دریافت کیا کہ ان کے اہلخانہ جو مملکت سے باہر گئے ہوئے تھے لیکن کرونا کے باعث عائد سفری پابندی کی وجہ سے اہل خانہ واپس نہیں آسکے، کیا اس کے لیے خروج و عودہ کی مدت میں ابشر اکاونٹ سے توسیع کروائی جا سکتی ہے؟

    محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ غیر ملکیوں کی سہولت کے لیے خروج و عودہ اور اقامہ کی مدت میں توسیع کا اختیار دیا گیا ہے، خروج و عودہ کی مدت میں ابشر اکاؤنٹ سے توسیع کروائی جاسکتی ہے تاہم اس کے لیے مقررہ فیس جمع کروانے کے بعد توسیع کروائیں۔

    یاد رہے کہ کرونا وائرس کے بعد حکومت کی جانب سے خصوصی طور پر ابشر اکاؤنٹ کے ذریعے خروج و عودہ اور اقامہ کی مدت میں توسیع کا آپشن فراہم کیا گیا ہے تاہم بعض افراد اس حوالے سے غلطی یہ کرتے ہیں کہ وہ فیس جمع نہیں کرواتے یا کچھ لوگ فیس جمع کروانے کے بعد یہ تصور کر لیتے ہیں کہ ویزے کی مدت میں توسیع ہوگئی۔

    فیس جمع کروانے کے بعد لازمی ہے کہ ابشر اکاؤنٹ کے ذریعے خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کی کمانڈ دی جائے تاکہ کارروائی مکمل ہو سکے۔

    ہر دو صورتوں میں پراسس مکمل کرنا لازمی ہے، مطلوبہ دنوں یا ماہ کی فیس جمع کروانے کے بعد جوازات کے ابشر اکاؤنٹ کے ذریعے باقی کارروائی مکمل کرنا بھی لازمی ہے۔

  • پاکستانی سفارتحانوں سے مینوئل ویزوں کا اجرا بند

    پاکستانی سفارتحانوں سے مینوئل ویزوں کا اجرا بند

    ریاض: دنیا بھر میں پاکستانی سفارتحانوں سے مینوئل ویزوں کا اجرا بند کردیا گیا، پاکستان کے لیے ویزے اب آن لائن جاری ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹ سمیت دنیا بھر کے پاکستانی مشنز نے وفاقی وزارت داخلہ کی ہدایت پر 31 جنوری سے مینوئل ویزوں کا اجرا بند کر دیا ہے۔

    ریاض میں پاکستانی سفارتخانے اور جدہ میں قونصلیٹ کی جانب سے جاری بیان میں تمام درخواست گزاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ آن لائن ویزا پورٹل پر ویزے کے لیے اپلائی کریں۔

    قونصلیٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یکم فروری سے ویزے کے لیے آن لائن درخواستیں دی جا سکیں گی اور ایک ہفتے میں ویزا پراسس ہوجائے گا، اگر کوئی اعتراض ہوا تو درخواست گزار کو انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔

    یاد رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے 152 ممالک کے لیے آن لائن ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے فیصلہ کیا ہے آن لائن ویزے کے لیے کوئی بھی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیئے۔

  • روس میں پھنسے غیر ملکیوں کے لیے ریلیف

    روس میں پھنسے غیر ملکیوں کے لیے ریلیف

    ماسکو: روس نے ملک میں موجود ایسے غیر ملکیوں کے لیے، جن کے ویزوں کی مدت ختم ہوچکی ہے، اہم ریلیف کا اعلان کردیا۔

    روس کے امیگریشن حکام کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی غیر ملکی شہری اپنے ملک میں کرونا وائرس کی پابندیوں کی وجہ سے واپس نہیں جاسکتا، تو اس کے ویزا میں 90 دن کی توسیع کی جاسکتی ہے۔

    روسی حکام کے مطابق مذکورہ ملک میں داخلے کے کھلنے تک کئی بار یہ توسیع کی جا سکتی ہے، یہ حکم 14 دسمبر 2020 سے نافذ العمل ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت جن ممالک میں بیرونی ممالک سے واپس آنے پر کوئی پابندی نہیں ان کے ویزوں کی مدت میں توسیع نہیں کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ روس نے 15 دسمبر تک ویزہ ختم ہوجانے والے غیر ملکیوں کو روس میں رہنے کی اجازت دے رکھی ہے۔

  • سعودی حکام کی ایگزٹ ری انٹری ویزے کے حوالے سے اہم وضاحت

    سعودی حکام کی ایگزٹ ری انٹری ویزے کے حوالے سے اہم وضاحت

    ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ نے خروج و عودہ (ایگزٹ ری انٹری) ویزے کے حوالے سے اہم وضاحت جاری کی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے خروج و عودہ (ایگزٹ ری انٹری) ویزے کی مدت شمار کرنے کے طریقہ کار کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔

    سعودی عرب میں مقیم ایک غیر ملکی نے استفسار کیا تھا کہ انہوں نے خروج و عودہ ویزا نکلوایا ہے اور اس کا دورانیہ 150 دن کا ہے، وہ جاننا چاہتے ہیں کہ ویزے کی میعاد اس کے اجرا کی تاریخ سے شروع ہوگی یا سعودی عرب سے سفر کی تاریخ سے شمار کی جائے گی؟

    محکمہ پاسپورٹ نے ٹویٹر پر جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ اگر خروج و عودہ ویزے کی میعاد مہینوں کے حساب سے مقرر ہو مثلا 60، 90 یا 120 دن تو ایسی صورت میں اجرا کی تاریخ سے تین ماہ کے اندر سفر کیا جاسکے گا اور ویزے کی مدت سفر کی تاریخ سے جوڑی جائے گی۔

    تاہم اگر خروج و عودہ ویزے کے دن متعین ہوں یا اس میں یہ تحریر ہو کہ فلاں تاریخ سے قبل واپس آنا ہے تو ایسی صورت میں دن اور واپسی کی متعینہ تاریخ کی پابندی کرنا ہوگی۔

  • ویزا پالیسی تبدیل: افغانیوں کو پاکستانی سرحد پر ویزا ملے گا

    ویزا پالیسی تبدیل: افغانیوں کو پاکستانی سرحد پر ویزا ملے گا

    اسلام آباد: حکومت پاکستان نے افغان باشندوں کے لیے ویزا پالیسی تبدیل کردی، افغانیوں کو اب پاکستانی سرحد پر ویزا ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے افغان باشندوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ویزا پالیسی تبدیل کردی، افغانیوں کو کابل میں پاکستانی سفارتحانے کے چکر لگانے سے نجات مل گئی، اب انہیں سرحد پر ویزا ملے گا۔

    نئی ویزا پالیسی کے تحت قیام اور ویزا کی مدت اور اندرج کی تعداد کو بھی بدل دیا گیا۔ سفارت اور کونسل خانہ ایک سال کے لیے وزٹ ویزا ملٹی پل انٹریز کے ساتھ جاری کرے گا۔

    افغان شہریوں کو 5 سال کے لیے بزنس ویزا بھی مل سکے گا جو پاکستان میں قابل توسیع ہوگا، افغان طلبا ایک سال کے بجائے اپنی تعلیم کے پورے عرصہ کے لیے ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔

    علاوہ ازیں طور خم بارڈر پر مریضوں کو 6 ماہ تک کا ویزا دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان سے تجارت کرنے والوں کے لیے بارڈر مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغان امن عمل کامیاب ہوا تو خطے میں خوشحالی اور ترقی آئے گی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت کے مواقع ہیں، افغان راہداری تجارت کی سہولت کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔

  • دبئی نے سیاحوں کو خوشخبری سنا دی

    دبئی نے سیاحوں کو خوشخبری سنا دی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے سفر کے لیے ڈیجیٹل ویزوں کا اجرا کرونا وائرس سے پہلے کے طریقہ کار کے مطابق جاری کیا جائے گا، پہلے کی آن ارائیول ویزوں کی سہولت بھی جاری ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق امارات ایئر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دنیا بھر کے لوگ موسم گرما کی تعطیلات کے بارے میں استفسار کر رہے ہیں۔ دبئی اور امارات ایئر کا دنیا بھر کے لیے پیغام ہے کہ آئیں ہم آپ کو خوش آمدید کہیں گے۔

    امارات ایئر کے مطابق احتیاطی تدابیر کی بدولت آپ کا سفر خوشگوار اور آپ کا قیام محفوظ رہے گا۔

    امارات ایئر کا کہنا ہے کہ سیاح پیشگی ویزا بھی حاصل کر سکتے ہیں، اگر ان کا تعلق ان 70 ممالک میں سے کسی ایک سے ہے جنہیں امارات پہنچنے پر ویزے کی سہولت دی جاتی ہے تو وہ سابقہ سسٹم کے مطابق امارات پہنچنے پر بھی ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ دبئی نے یکم اگست 2020 سے سیاحوں کی آمد کے نظام کو اپ ڈیٹ کردیا ہے، البتہ پی سی آر کووڈ 19 ٹیسٹ لازمی ہے۔

    ٹرانزٹ کے مسافر ہوں یا دبئی آنے والے ہوں، ہر ایک کو پی سی آر ٹیسٹ سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں امارات ایئر سے برطانیہ یا یورپی ممالک جانے والے مسافروں کو بھی پی سی آر ٹیسٹ سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔

    خیال رہے کہ دبئی ان بین الاقوامی شہروں میں سے ایک ہے جنہیں ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل (ڈبلیو ٹی ٹی سی) سے محفوظ سفر کا سرٹیفکیٹ مل چکا ہے۔

  • سعودی ویزے سے متعلق پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری

    سعودی ویزے سے متعلق پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری

    ریاض: سعودی عرب نے امریکی، برطانوی، یا شین جن ویزا رکھنے والے پاکستانی شہریوں کے لیے ایک سالہ ملٹی پل انٹری ویزہ متعارف کرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے پاکستان اور دیگر ملکوں کے ایسے شہریوں کے لیے 1 سالہ ملٹی پل انری وزٹ ویزہ متعارف کروایا ہے جن کے پاسپورٹ پر امریکی، برطانوی، یا شین جن ویزا لگا ہوا ہو۔

    پاکستانی ایک سال کی مدت کے دوران اس ویزے کو عمرے کی ادائیگی کے لیے استعمال کر سکیں گے لیکن یہ ویزا حج کی ادائیگی کے لیے استعمال نہیں ہوسکے گا۔ ویزا آن آرائیول حاصل کرنے کے لیے اپنے ساتھ کریڈٹ کارڈ رکھنا ہوگا تاکہ 18 ہزار روپے کے برابر ویزا فیس ادا کی جاسکے جبکہ نقد رقم قابل قبول نہیں ہوگی۔

    ویزا آن آرائیول حاصل کرنے والا شخص ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ 90 دن تک سعودی عرب میں قیام کرسکے گا تاہم وہ ایک سے زائد بار سعودی عرب میں داخل ہو سکے گا۔

    ویزٹ ویزا پر سعودی عرب آنے والوں کے لیے نئی سہولت متعارف

    اس سے قبل گزشتہ ماہ سعودی عرب میں ویزٹ ویزا پر آنے والے غیرملکیوں کے لیے نئی سہولت متعارف کی گئی تھی جس کے تحت انہیں چالان کی ادائیگی میں آسانی ہوگی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں سعودی عرب نے اعلان کیا تھا کہ وہ پہلی بار آن لائن سیاحتی ویزے کا آغاز کر رہا ہے۔

  • کشمیریوں کی حمایت میں بولنے والی برطانوی رکن پارلیمنٹ سے دہلی آمد پر ذلت آمیز سلوک

    کشمیریوں کی حمایت میں بولنے والی برطانوی رکن پارلیمنٹ سے دہلی آمد پر ذلت آمیز سلوک

    نئی دہلی: مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی بربریت کے خلاف بولنے والی برطانوی رکن پارلیمنٹ ڈیبی ابراہمز کو بھارت پہنچنے پر ذلت آمیز سلوک کا نشانہ بنایا گیا اور ان کا ویزا منسوخ کردیا گیا۔

    برطانوی رکن پارلیمنٹ ڈیبی ابراہمز کا کہنا ہے کہ دہلی ایئرپورٹ پر ان کی آمد کے وقت انہیں بتایا گیا کہ ان کا ای ویزا منسوخ کردیا گیا ہے اور اب وہ ایئرپورٹ پر ڈی پورٹ کیے جانے کے انتظار میں ہیں۔

    ڈیبی کا کہنا ہے کہ بھارت میں ان کے ساتھ ایک مجرم جیسا سلوک کیا گیا اور انہیں ڈی پورٹ کیے جانے والے افراد کے سیل میں رکھا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کا موجودہ ای ویزا گزشتہ برس اکتوبر میں جاری کیا گیا تھا اور اس کی مدت معیاد اکتوبر 2020 تک ہے تاہم دہلی ایئرپورٹ پر حکام نے انہیں مطلع کیا کہ ان کا ویزا منسوخ کردیا گیا ہے۔

    ڈیبی کے مطابق دہلی پہنچنے پر امیگریشن کاؤنٹر پر انہوں نے اپنے تمام دستاویزات ظاہر کردیے۔ امیگریشن کے عمل کے دوران اہلکار نے اسکرین کی جانب دیکھا اور نفی میں سر ہلانا شروع کردیا۔ اس کے بعد اس نے کہا کہ میرا ویزا منسوخ کردیا گیا ہے، پھر وہ میرا پاسپورٹ لے کر غائب ہوگیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ 10 منٹ بعد وہ اہلکار واپس آیا اور ان سے درشتی سے بات کی، ڈیبی نے اس اہلکار کو تنبیہہ کی کہ وہ اس سے اس طرح بات نہ کرے۔

    ڈیبی کا کہنا ہے کہ اہلکار انہیں ایک سنسان کونے میں لے گیا جو ڈی پورٹ کیے جانے والے افراد کے لیے مخصوص تھا تو میں نے شور مچانا شروع کردیا تاکہ آس پاس کے افراد میری طرف متوجہ ہوں۔

    بعد ازاں انہوں نے بھارت میں موجود اپنے رشتہ داروں اور برطانوی ہائی کمیشن کو کال کی۔ ان کے مطابق امیگریشن کے انچارج نے بعد ازاں آ کر ان سے اس سارے معاملے پر معافی مانگی اور کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ ان کا ویزا درست ہونے کے باوجود کیوں کینسل کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ ڈیبی ابراہمز مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد اس کے خلاف کھل کر بات کرتی رہی ہیں۔ وہ اکثر و بیشتر اپنے سوشل میڈیا پر کشمیریوں کی حالت زار کے بارے میں بھی لکھتی رہتی ہیں۔

    ڈیبی ابراہمز کشمیر کے لیے برطانوی پارلیمنٹ کی آل پارٹی پارلیمنٹری گروپ کی چیئر پرسن بھی ہیں۔

  • سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جلد مشترکہ ویزے کا اجرا کریں گے

    سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جلد مشترکہ ویزے کا اجرا کریں گے

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات مشترکہ ویزا جاری کرنے پر کام کر رہے ہیں، اور یہ ویزا محدود مدت کا وزٹ ویزا ہوگا۔

    سعودی اخبار کے مطابق سعودی محکمہ سیاحت و قومی ورثے کی ڈپٹی چیئر پرسن شہزادی ہیفا بنت محمد آل سعود کا کہنا ہے کہ جن ممالک کے شہریوں کو سعودی عرب کا ویزا آن لائن دینے کا پروگرام بنایا گیا ہے وہ ان ممالک سے مختلف ہیں جنہیں متحدہ عرب امارات اپنے ویزے جاری کر رہا ہے۔

    شہزادی ہیفا کے مطابق سعودی و اماراتی مشترکہ ویزے کے باقاعدہ اجرا میں ابھی وقت لگے گا۔ فریقین تکنیکی، قانونی اور انتظامی اعتبار سے تفصیلات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے حکام ویزے کے طریقہ کار اور آن لائن سسٹم کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے پر کام کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ کچھ دن قبل متحدہ عرب امارات کے وزیر اقتصادیات سلطان المنصوری نے کہا تھا کہ سعودی عرب اور امارات مشترکہ ویزے کے اجرا کے لیے کوشش کر رہے ہیں تاکہ امارات آنے والے سعودی عرب اور سعودی عرب آنے والے متحدہ عرب امارات کی سیر باآسانی کرسکیں۔

    سعودی عرب نے اس سے قبل شینگن ممالک، امریکا اور برطانیہ کے ویزوں کے حامل افراد کو مملکت پہنچنے پر ویزا جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    سعودی حکام نے کہا تھا کہ مذکورہ ممالک کا مؤثر ویزا رکھنے والے افراد بغیر ویزا سعودی عرب آسکتے ہیں، ایسے افراد کو آن ارائیول ویزا جاری کردیا جائے گا۔