Tag: ویزے

  • ویزوں میں سہولت دینے والی تنظیموں کے حماس سے روابط ہیں، مارکو روبیو

    ویزوں میں سہولت دینے والی تنظیموں کے حماس سے روابط ہیں، مارکو روبیو

    واشنگٹن (18 اگست 2025): امریکا نے غزہ کے شہریوں کے لیے سیاحتی ویزے معطل کر دیے ہیں، وزیر خارجہ مارکو روبیو نے الزام لگایا ہے کہ ویزوں میں سہولت دینے والی تنظیموں کے حماس سے روابط ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ محکمہ خارجہ نے غزہ کے شہریوں کے ویزے معطل کر دیے ہیں کیوں کہ اسے ’’ثبوت‘‘ ملا ہے کہ کچھ تنظیمیں جو امریکی ویزوں کے حصول میں مدد فراہم کر رہی تھیں، ان کے ’’حماس جیسی دہشت گرد تنظیموں سے مضبوط تعلقات ہیں۔‘‘ تاہم انھوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

    محکمہ خارجہ نے ہفتے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر اعلان کیا کہ وہ تمام وزیٹر ویزے معطل کر رہا ہے تاکہ اس عمل کا جائزہ لیا جا سکے جو غزہ کے افراد کو علاج اور انسانی بنیادوں پر عارضی طور پر امریکا آنے کی اجازت دیتا ہے۔

    روبیو نے اتوار کو سی بی ایس کے پروگرام ’’فیس دی نیشن‘‘ میں بتایا کہ ’’ثبوت‘‘ ٹرمپ انتظامیہ کو متعدد کانگریسی دفاتر کی جانب سے فراہم کیے گئے ہیں اور یہ کہ محکمہ خارجہ کو کئی کانگریسی دفاتر سے اس معاملے پر سوالات موصول ہوئے تھے۔

    اسرائیلی مظالم: غزہ کے ایک لاکھ سے زائد بچے شدید نفسیاتی صدمے کا شکار

    انھوں نے اس ثبوت یا ان دفاتر کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔ ٹرمپ کی انتہائی دائیں بازو کی حامی لاورا لوومر نے غزہ سے آنے والے خاندانوں کو ’’قومی سلامتی کے لیے خطرہ‘‘ قرار دیتے ہوئے ویزوں کی معطلی کا کریڈٹ خود کو دیا ہے۔

    لوومر نے خاص طور پر ’’ہیل فلسطین‘‘ نامی امریکی غیر منافع بخش تنظیم کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جو فلسطینی خاندانوں کو امداد فراہم کرتی ہے، جن میں شدید زخمی، نفسیاتی صدمے اور غذائی قلت کے شکار بچے شامل ہیں جنھیں علاج کے لیے امریکا لایا جاتا ہے۔ اس تنظیم کا کہنا ہے کہ اب تک وہ 63 زخمی بچوں سمیت 148 افراد کو منتقل کر چکی ہے۔

    یہ تنظیم ان فلسطینیوں کو امریکا میں علاج کے بعد دوبارہ مشرقِ وسطیٰ واپس بھیج دیتی ہے۔ اس نے ٹرمپ انتظامیہ کی ویزے معطل کرنے کی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے اتوار کو اپنے بیان میں کہا ’’یہ ایک طبی علاج کا پروگرام ہے، نہ کہ پناہ گزینوں کی آبادکاری کا پروگرام۔‘‘

    مئی تک امریکا تقریباً 4,000 ویزے جاری کر چکا ہے جن کے ذریعے فلسطینی اتھارٹی کے پاسپورٹ رکھنے والے افراد امریکا میں علاج کروا سکتے ہیں۔ اس تعداد میں مغربی کنارے میں رہنے والے فلسطینی بھی شامل ہیں۔

    روبیو نے کہا کہ اگرچہ ’’تعداد میں کم‘‘ ویزے بچوں کو دیے گئے، لیکن ’’وہ ظاہر ہے بڑوں کے ہمراہ آتے ہیں، اور ہم اس پروگرام کو روک کر دوبارہ جائزہ لیں گے کہ ان ویزوں کی جانچ کس طرح ہو رہی ہے۔‘‘

    صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ اس بات کا اعتراف کیا کہ غزہ میں ’’حقیقی بھوک‘‘ ہے۔ یہ بیان اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کے مؤقف سے مختلف ہے، جن سے ٹرمپ کی بڑھتی ہوئی ناراضی سامنے آ رہی ہے۔

  • امریکا کا بڑا رد عمل، جنوبی سوڈان کے شہریوں کے ویزے منسوخ کر دیے

    امریکا کا بڑا رد عمل، جنوبی سوڈان کے شہریوں کے ویزے منسوخ کر دیے

    واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اپنی نئی پالیسی کے تحت پہلی بار ایک ملک کے شہریوں کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے جنوبی سوڈان کے شہریوں کے ویزے منسوخ کر دیے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز امریکی وزیر خارجہ مارک روبیو نے کہا ہے کہ جنوبی سوڈان کی عبوری حکومت نے امریکا سے ملک بدر ہونے والے سوڈانی شہریوں کو بروقت قبول کرنے سے انکار کیا، جس پر ان کے شہریوں کے امریکی ویزے منسوخ کر دیے گئے۔

    امریکی وزیر خارجہ مارک روبیو نے کہا ہے کہ جنوبی سوڈان کے شہریوں کو نئے امریکی ویزے جاری نہیں ہوں گے، انھوں نے واضح کیا کہ اگر امریکا کسی غیر ملکی شہری کو بے دخل کرنا چاہتی ہو، تو متعلقہ ملک کو اپنے اُن شہریوں کی بروقت وطن واپسی کو ممکن بنانا ہوگا۔


    ہفتے کا دن ٹرمپ کے خلاف احتجاج کا ریکارڈ ساز دن، امریکی صدر کا رد عمل آ گیا


    مارک روبیو نے کہا ساؤتھ سوڈان کی عبوری حکومت اصولوں کا احترام کرنے میں ناکام رہی ہے، عبوری حکومت امریکا سے مفاد بٹورنا بند کرے، اگر جنوبی سوڈان نے مکمل تعاون کیا تو نئی پالیسی کا جائزہ لیں گے۔

    روئٹرز کے مطابق امریکا کی جانب سے یہ قدم ایک ایسے نازک وقت میں اٹھایا گیا ہے جب افریقہ میں بہت سے لوگوں کو خدشہ ہے کہ جنوبی سوڈان خانہ جنگی کی طرف لوٹ سکتا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے امیگریشن کی نئی پالیسی کے نفاذ کو تیز تر کرنے کے لیے جارحانہ اقدامات کیے ہیں، جن میں غیر قانونی طور پر امریکا میں مقیم افراد کی وطن واپسی بھی شامل ہے۔

  • بھارت کی ہٹ دھرمی، پاکستان بلاٸنڈ کرکٹ ٹیم کو ویزے نہ مل سکے

    بھارت کی ہٹ دھرمی، پاکستان بلاٸنڈ کرکٹ ٹیم کو ویزے نہ مل سکے

    پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کے لیے بھارت نے اب تک ٹیم کو ویزے جاری نہیں کیے ہیں۔

    بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ آج سے بھارت میں شروع ہوگا افتتاحی تقریب آج بھارتی شہردہلی میں منعقد ہوگی، بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے قومی کرکٹرز کے پاسپورٹس بھی واپس نہیں کئے گئے۔

    پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی 4 دسمبر کو بھارت روانگی شیڈولڈ تھی، بلائنڈورلڈ کپ میں بھارت ، پاکستان، آسٹریلیا کی ٹیموں نے شرکت کرنا ہے بنگلہ دیش، سری لنکا، جنوبی افریقہ ، نیپال کی ٹیمیں بھی ورلڈ کپ کا حصہ ہیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے پہلا میچ 7 دسمبر کو جنوبی افریقا کے خلاف نئی دہلی میں کھیلنا ہے جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 8 دسمبر کو بڑا ٹاکرا ہونا تھا پاکستان دوسرے ٹی 20 بلائنڈ ورلڈ کپ میں رنر اَپ رہا ہے۔

  • ہنر مند افراد کے لیے خوشخبری، برطانیہ کا ہزاروں ویزے جاری کرنے کا اعلان

    ہنر مند افراد کے لیے خوشخبری، برطانیہ کا ہزاروں ویزے جاری کرنے کا اعلان

    لندن: برطانیہ میں ہنر مند افراد کی کمی سے نمٹنے کے لیے ہزاروں ویزے جاری کرنے کا اعلان کردیا گیا، حکومت نے ویزے فراہم کرنے کے حوالے سے پوسٹ بریگزٹ پالیسی میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق برطانوی حکومت نے غیر ملکی ہنر مند کارکنوں کو ویزے فراہم کرنے کے حوالے سے پوسٹ بریگزٹ پالیسی میں نرمی کا اعلان کیا ہے، بریگزٹ سے پہلے برطانوی حکومت کا کہنا تھا کہ ملک میں موجود افراد کو روزگار فراہم کیا جائے گا اور غیر ملکی افراد کو روزگار کی منڈی تک رسائی سے روکا جائے گا۔

    تاہم اب برطانوی وزارت ٹریفک نے اعلان کیا ہے کہ کرسمس تک محدود مدت کے لیے تقریباً 5 ہزار ٹرک ڈرائیوروں کو ملک میں لایا جائے گا۔

    حالیہ چند روز میں ایندھن کی ترسیل نہ ہونے کہ وجہ سے متعدد برطانوی پٹرول اسٹیشن عارضی طور پر بند پڑے ہيں، ایندھن کی ڈیلیوری کا نظام متاثر ہونے کی وجہ سے حکومت نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ پریشان نہ ہوں اور زیادہ ایندھن خریدنے کی کوشش نہ کریں۔

    اس حکومتی اعلان کے باوجود لوگوں نے افراتفری میں ایندھن خریدنے کی کوشش کی اور کئی پٹرول اور گیس اسٹیشنوں پر ایندھن ختم ہو گیا۔

    اس بحران کا ذمہ دار برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو ٹھہرایا جا رہا ہے، مختلف اداروں کی طرف سے انہیں آگاہ کیا جا رہا تھا کہ وہ امیگریشن پالیسی میں نرمی لائیں۔ اندازوں کے مطابق برطانیہ بھر میں تقریباً ایک لاکھ ٹرک ڈرائیوروں کی کمی پیدا ہو چکی ہے۔

    اسی طرح پولٹری پروسیسنگ جیسی دیگر اہم صنعتوں کے لیے بھی 5 ہزار 5 سو ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ برطانیہ میں اس کمی کی ایک وجہ بریگزٹ کے بعد سے امیگریشن کے سخت قوانین ہیں، جس کی وجہ سے ہنر مند کارکنوں کا برطانیہ جانا مشکل ہو گیا ہے۔

    دوسری جانب برٹش چیمبر آف کامرس کے صدر روبی میک گریگور اسمتھ نے کہا ہے کہ یہ حکومتی اعلان آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کا یہ مسئلہ بہت بڑا ہے اور حکومتی اقدامات ناکافی ہیں۔

    دریں اثنا برطانوی وزارت تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے پارٹنر اداروں کو کئی ملین کے فنڈ ادا کرے گی تاکہ ملک میں ٹرک ڈرائیوروں کی کمی پوری کرنے کے لیے نئے لوگوں کو تربیت فراہم کی جا سکے۔

  • ایرانی حکومت نے چینی شہریوں کیلئے ویزے کی شرط ختم کردی

    ایرانی حکومت نے چینی شہریوں کیلئے ویزے کی شرط ختم کردی

    تہران : ایرانی سیاحت کونسل نے چینی شہریوں کےلیے ویزے کی شرط ختم کردی، کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ سیاحت کا شعبہ معاشی مشکلات کے حل میں مدد فراہم کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی حکومت جلد ہی چینی شہریوں کے لیے ویزہ کی شرط ختم کر رہی ہے تا کہ امریکا کی طرف سے ایران پرعائد کردہ اقتصادی پابندیوں کوغیرمؤثر بنانے کے لیے چینی سیاحوں کو ایران میں داخل ہونے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔

    ایرانی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حکومت نے جمہوریہ چین کے باشندوں کے لیے ویزہ کی شرط ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

    ایرانی سیاحت کونسل کے چیئرمین علی اصغر مونسان نے بتایا کہ ہمارا ہدف چین کے دو ملین سیاحوں کو ایران میں سیاحت کے لیے آنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایرانی سیاحت کا شعبہ پابندیوں کا ہدف نہیں بنا، سیاحت کا شعبہ امریکا کی طرف سے عائد کردہ سخت ترین اقتصادی پابندیوں کے باعث درپیش معاشی مشکلات کے حل میں مدد فراہم کرے گا۔

    ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق 12 مارچ سے اب تک 52 ہزار چینی باشندے ایران کی سیاحت کےلیے آچکے ہیں، چینی سیاحوں کی تعداد لاکھوں تک لے جانے کے لیے ویزہ کی شرط ختم کی جا رہی ہے۔

  • عمرہ زائرین اپنے ویزوں کو سیاحت کے ویزے تبدیل کرسکیں گے، اعلامیہ جاری

    عمرہ زائرین اپنے ویزوں کو سیاحت کے ویزے تبدیل کرسکیں گے، اعلامیہ جاری

    ریاض: سعودی کمیشن برائے سیاحت اور قومی ورثہ کے سربراہ شہزادہ سلطان بن سلمان نے ایک نئے پروگرام کا اجراء کیا ہے جس کے تحت عمرہ زائرین اپنے ویزوں کو سیاحت کے ویزے میں تبدیل کرسکیں گے۔

    خبر رساں ادارے ‘اے پی پی’ کے مطابق سعودی گزٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ یہ پروگرام کئی سال قبل کمیشن کی جانب سے تجویز کیے گئے پروگرام اس کے "سلطنت سعودی عرب مسلمانوں کی منزل” منصوبے کا اہم جز ہے ۔

    ریاض میں افتتاحی تقریب کے بعد جاری کئے جانے والے بیان میں بتایا گیا کہ شہزادہ سلطان کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرامز کا مقصد عمرہ زائرین کو ایسے مواقع فراہم کرنا ہے کہ وہ ملک کے اہم مقامات، اسلامی تاریخ کے مقامات، سیاحوں کی دلچسپی کے مقامات کو دیکھ سکیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ عمرہ زائرین، عمرے کی تکمیل کے بعد ثقافتی، طبی، تعلیمی اور تجارتی دورے اور مختلف نوعیت کی نمائشوں اور کانفرنسوں میں شرکت کرسکیں گے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ بزنس ویزا رکھنے والے افراد اور خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے شہری بھی عمرے کے بعد ویزے کی نوعیت تبدیل کرنے کے اس موقع سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

    شہزادہ سلطان بن سلمان کا مزید کہنا تھا کہ کمیشن یہ منصوبہ وزارت داخلہ، خارجہ امور اور وزارت حج کے تعاون سے مکمل کررہا ہے۔

    شہزادہ سلمان کے مطابق یہ پروگرام متعدد سال قبل شروع کیا گیا تھا اور اس کی ریسرچ کرنے میں کافی وقت صرف ہوگیا، اس وقت عمرہ ویزا کو سیاحتی ویزے میں منتقل کرنے کے وسائل سمیت کئی دیگر مشکلات راہ میں حائل تھیں۔