Tag: ویسٹ انڈیز

  • دوسرا سیمی فائنل:نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے ہرا دیا

    دوسرا سیمی فائنل:نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے ہرا دیا

    آکلینڈ  : مارٹن گپتل کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو ایک سو تینتالیس رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

    آکلینڈ میں کیوی ٹیم نے ٹاس جیتا اور پھر شائقین کا دل بھی جیت لیا۔ نیوزی لینڈ کا ایک کھلاڑی پوری ویسٹ انڈیز کی ٹیم پر بھاری رہا۔

    کیوی اوپنر نے ویسٹ انڈیز کی بینڈ بجادی۔ چوبیس چوکوں اور گیارہ چھکوں کی مدد سے ورلڈ کپ میں ریکارڈ دو سو سینتیس رنز جڑدیئے۔

    نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں پر تین سو ترانوے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ جواب میں گیل نے بھی خوب دھویا۔ اکسٹھ رنز کی اننگز میں آٹھ چھکے اور دو چوکے لگاڈالے۔

    ویسٹ انڈیز اسکور تو بڑھاتے لیکن ساتھ ہی وکٹیں گنواتے رہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم تیس اعشاریہ تین اوورز میں دو سو پچاس رنزبناکر آؤٹ ہوئی اور پھر ورلڈ کپ سے بھی آؤٹ ہوگئی۔

  • ویسٹ انڈیز نے یو اے ای کو شکست دیکر کواٹر فائنل کی رسائی حاصل کرلی

    ویسٹ انڈیز نے یو اے ای کو شکست دیکر کواٹر فائنل کی رسائی حاصل کرلی

    نیپئر: ویسٹ انڈیز نے یو اے ای کو باآسانی چھ وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ کپ کوارٹرفائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

    نیپئیر میں کالی آندھی نے ہواؤں کا رخ موڑدیا، گروپ کے اہم میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس بھی جیتا اور میچ بھی جیت لیا۔

    آئی سی سی ورلڈ کپ کے 41 ویں گروپ میچ میں ویسٹ انڈیز نے متحدہ عرب امارات کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی، یو اے ای نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو جیت کےلئے 176 رنز کا ہدف دیا تھا، متحدہ عرب امارات کی پوری ٹیم 175 بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، نیپیئر میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کے گروپ اے کے اہم میچ میں ویسٹ انڈیز نے متحدہ عرب امارات کی پوری ٹیم کو 47.4 میں 175 آؤٹ کر دیا۔

    حدف کے تعقب میں ویسٹ انڈیز نے ہدف 30.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ۔ڈیان اسمتھ 15، جانسن چارلس 55، مارلن سیمولز 9 اورآندرے رسلز 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ جوناتھن کارٹل 50 اور دنیش رامدین 33 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، یو اے ای کی جانب سے امجد جاوید اور منجولا گروج نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

    ویسٹ انڈیز نے بہتر رن ریٹ کی بدولت اگلے راؤنڈ تک رسائی حاصل کی۔

  • ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز کا بھارت کوصرف 183 رنزکا ہدف

    ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز کا بھارت کوصرف 183 رنزکا ہدف

    پرتھ : بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے بھارت کو ایک سو تراسی رنز کا ٹارگٹ دیا ہے۔

    ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 44.2 اوورز میں ایک سو بیاسی رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، اوپنر سمیت تمام بلے باز بھارتی سورماؤں کے سامنے ڈھیر ہوگئے۔

    ڈیئل اسمتھ صرف چھ رنز بنا کر لوٹ گئے، جبکہ خطرناک بلے باز مانے جانے والے کرس گیل بھی گیلی بلی کی طرح چوالیس گیندو پر اکیس رنز بنا کر محمد شامی کا شکار بنے۔

    ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز جیسن ہولڈر نے بنائے، جنہوں نے 79 بالز پر 57 رنز اسکور کئے،اور ڈیرن سیمی نے چھبیس رنز بنائے۔

    بھارت کی جانب سے محمد شامی کامیاب بالر ثابت ہوئے جنہوں نےآٹھ اوورز میں پینتیس رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں،جبکہ یو میش یادیو اور جدیجا نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    اس سے قبل ورلڈ کپ گروپ بی کے کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس ویسٹ انڈیز نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی جبکہ بھارتی ٹیم میں بھوشنیور کمار کی جگہ محمد شامی کی واپسی ہوئی ہے۔

  • سرفراز سے اوپننگ کراکے ان کا کیرئیر تباہ نہیں کرنا چاہتے، وقار یونس

    سرفراز سے اوپننگ کراکے ان کا کیرئیر تباہ نہیں کرنا چاہتے، وقار یونس

    نیپیئر: سرفراز احمد کو ٹیم میں شامل کرنے پر ہیڈ کوچ نے نرالی منتق اپنالی ہے، وقار یونس کا کہنا تھا کہ سرفراز کو اوپنر کھلا کر ان کا کیرئیر داؤ پر نہیں لگانا چاہتے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے میڈیا سے سرفراز کی شمولیت کے حوالے سے انوکھی منتق اپناتے ہوئے کہا سرفراز سے اوپننگ کراکے ان کا کیرئیر تباہ نہیں کرنا چاہتے۔

    یو اے ای کیخلاف ایک سو انتیس رنز کی کامیابی پر وقار یونس نے کہا کہ عرفان کے انجرڈ ہونے سے نقصان ہوا، یو اے ای کیخلاف میچ ایک سو پچاس سے زائد رنز سے جیتنا چاہتے تھے۔

    وقار یونس نےکہا کہ دو میچز جیت کا ٹیم کو مورال بلند ہے، کوارٹرفائنل میں باآسانی جگہ بنانے کیلئے جنوبی افریقہ کو ہرانا ہماری ضرورت بن گیا ہے۔

     وقار یونس کا کہنا ہےکہ میگاایونٹ میں پاکستان کی کارکردگی کو بہتر نہیں کہا جارہا ہے لیکن تنقید کرنے والے اس بات کو بھی مد نظر رکھیں کہ اس وقت ٹیم کے دو اہم کھلاڑی سعید اجمل اور محمد حفیظ موجود نہیں ہیں۔

    ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہم نے ماضی میں کئی مرتبہ جنوبی افریقا کو شکست دی اور اب بھی دے سکتے ہیں۔

  • جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ویسٹ انڈیزکو دو سو ستاون رنز سے شکست

    جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ویسٹ انڈیزکو دو سو ستاون رنز سے شکست

    سڈنی : ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے چار سو نو رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم33.1 اوورمیں  ایک سو اکیاون رنز بنا سکی، کالی آندھی کو دو سو ستاون رنز سے عبرت ناک شکست کا سامنا ۔

    تفصیلات کے مطابق بولنگ کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم  بیٹنگ میں بھی ناکام رہی ۔ چار سو آٹھ رنز کے ہدف کے سامنے کالی آندھی ہانپ گئی۔ ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم33.1 اوورمیں  ایک سو اکیاون رنز بنا  کر پویلین لوٹ گئی ۔

    ورلڈ کپ میں پہلی ڈبل سنچری کرنے والے گیل بھی فیل ہوگئے۔ صرف تین رنزبناکر پویلین لوٹ گئے۔ جس کے بعد ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کی لائن لگ گئی۔ ایک کے بعد ایک جاتا رہا، بیٹسمینوں نے تو چل میں آیا کی پالیسی اختیار کرلی۔

    وکٹیں گرتی رہیں اورمشکلات بھی بڑھتی رہیں۔اے بی ڈی ویلیئرمین آف دی میچ قرار پائے۔ ساؤتھ افریقہ کے کپتان نے اپنی کپتانی کا حق ادا کرتے ہوئے چھیاسٹھ بولوں پر آٹھ چھکوں اور سترہ چوکوں کی مدد سے شاندار ایک سو باسٹھ رنزاسکور کئے۔

    عمران طاہر نے پینتالیس رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں، ویسٹ انڈیز نے ہارکر بھی ریکارڈ بنانے کا اعزاز برقرار رکھا۔اور دو سو اٹھاون رنز سے ورلڈ کپ کی ریکارڈ شکست سے دوچار ہوئی۔

    اس سے قبل جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ تو اٹھارہ رنز پر گری جس کے بعد آملہ اور ڈیو پلیسی نے مل کراسکور ایک سو پینتالیس تک پہنچایا ۔

    آملہ نے پینسٹھ ۔ ڈیوپلیسی نے باسٹھ ،روزوں نے اکسٹھ رنز بنائے۔ ڈی ویلیئر وکٹ پر آئے تو حریف بولرز کو حواس باختہ کردیا اور چھیاسٹھ گیندوں پر ایک سو باسٹھ رنز بنا ڈالےاوراسکور چار سو آٹھ رنز تک پہنچا دیا۔

    جنوبی افریقہ کی اننگز میں گیارہ چھکے اور تیس چوکے شامل تھے۔ جنوبی افریقہ کا یہ عالمی کپ کا دوسرا اور موجودہ ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔

    ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے ۔ جیسن ہولڈر نے دس اوورزمیں ایک سو چار رنز دیئے ۔ آخری دس اوورز میں جنوبی افریقہ نے ایک سو اٹھاون رنز بنائے۔

  • اے بی ڈی ویلئیرزنے ویسٹ انڈین بالرز کے پرخچے اُڑادئیے

    اے بی ڈی ویلئیرزنے ویسٹ انڈین بالرز کے پرخچے اُڑادئیے

    سڈنی : جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلئیرز نے سڈنی میں ویسٹ انڈیز بولرز کو دن میں تارے دکھادیئے۔ ڈی ویلئیرز نے ورلڈ کپ کی دوسری تیز ترین سینچری جڑدی۔

    سڈنی کا میدان ویسٹ انڈین بولرز کیلئے قبرستان بن گیا۔ پروٹیاز نے رحم کی تمام اپیلیں مسترد کردیں، جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ولئیرز رنز کی مشین بن گئے،میچ کا نقشہ ہی بدل دیا۔

    گیند بلے پر آتی رہی اور باؤنڈری سے باہر جاتی رہی۔ اے بی  ڈی ویلئیرز کی بیٹنگ نے شائقین کو جھومنے پر مجبورکردیا۔ کپتان نے چھکا لگا کر باون گیندوں پر ورلڈ کپ کی دوسری تیز ترین سینچری بنائی۔

    ڈی ویلئیرز کا ہاتھ ایسا کھلا کے پھر روکنا مشکل ہوگیا۔ تیر ترین ففٹی اور سینچری کے بعد پروٹیاز کپتان نے ون ڈے کی تاریخ میں تیز ترین ایک سو پچاس رنز بھی بنالئے۔

    ڈی ویلئیرز کی ایک سو باسٹھ رنز کی دھواں دھار اننگز آٹھ چھکوں اور سترہ چوکوں سے سجی تھی۔ ون ڈے کی تیز ترین سینچری بنانے کا اعزاز بھی ڈی ویلئیرز کو ہی حاصل ہے۔

  • ورلڈ کپ : ساؤتھ افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو 409 رنز کا ٹارگٹ دیدیا

    ورلڈ کپ : ساؤتھ افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو 409 رنز کا ٹارگٹ دیدیا

    سڈنی : ورلڈ کپ کے گروپ بی کے میچ میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیزمدمقابل ہیں، ورلڈ کپ کے گروپ بی کے میچ میں جنوبی افریقہ نے اے بی ڈویلیئر کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے چار دو نو رنز کا ہدف دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سڈنی میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس جنوبی افریقہ نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اٹھارہ رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد ہاشم آملہ اور ڈوپلیسی وکٹ پر ڈٹ گئے اور دوسری وکٹ کے لئے ایک سو ستائیس رنز کی شراکت قائم کی۔

    دونوں بیٹسمینوں نے نصف سینچریاں اسکور کیں۔ ہاشم آملہ پینسٹھ اور ڈوپلیسی باسٹھ رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد ڈی ویلئیرز اور روسو کی جارحانہ بیٹنگ نے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔

    اے بی ڈویلیئرایک سو باسٹھ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔  جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر چار سو آٹھ رنز بنائے۔

    دونوں ٹیموں کے لئے یہ انتہائی اہم میچ ہے، جنوبی افریقہ نے اب تک دومیچز کھیلے ہیں، جس میں ایک میں کامیابی اور ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ویسٹ انڈیز نے اب تک تین میچز کھیلے ہیں۔ جس میں دو میچز میں اس کو کامیابی اور ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز اب تک اپنے تین میں سے دو میچز جیت کر پول بی کے پوائنٹس ٹیبل پر بھارت کے بعد دوسرے نمبر پر ہے جبکہ دومیں سے ایک میچ جیتنے اور ایک میں شکست کھانے والے جنوبی افریقی ٹیم دو پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

  • ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کوتین سو تہتّر رنز کا ہدف دیدیا

    ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کوتین سو تہتّر رنز کا ہدف دیدیا

    کینبرا : ویسٹ انڈیز کے جارحانہ مزاج بلے باز کرس گیل کا بلا چل گیا۔ کرس گیل کی شاندار ڈبل سینچری کی بدولت ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو تین سو تہتّر رنز کا ہدف دے دیا۔

    کینبرا میں کرس گیل فارم میں آگئے۔ ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنر ڈوائن اسمتھ کے آؤٹ ہونے کے بعد کرس گیل حریف بولرز پر قہر بن کر ٹوٹے۔

    گیل نے سولہ چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے ورلڈ کپ کی پہلی ڈبل سینچری اسکور کی۔ گیل نے ورلڈ کپ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔

    مارلون سیمیولز نے بھی گیل کا بھرپور ساتھ دیا اور تیزی سے سینچری بناڈالی۔ دونوں بیٹسمینوں نے دوسری وکٹ کی شراکت کا بھی نیا عالمی ریکارڈ بناڈالا۔

    آئی سی سی ورلڈ کپ کے گروپ بی کے میچ میں ویسٹ انڈیز اور زمبابوے  کا مقابلہ جاری ہے ۔ ویسٹ انڈیزنے مقررہ پچاس اوورز میں تین سو بہتّر رنز بنائے،اوراس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے.

    ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، آسٹریلیا کے شہر کینبرا کے منوکا اوول گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوپنر اسمتھ اور کرس گیل نے آغاز کیا۔ تاہم دوسری ہی گیند پراسمتھ بولڈ ہوگئے۔

    تاہم کرس گیل نے زمبابوے کے چھکے چھڑا دئیے ورلڈکپ کے چھٹے میچ میں کالی آندھی ایسے چلی کے زمبابوے کے پیروں سے زمین کھیچ لی۔

    کرس گیل نے شانداردوسو پندرہ رنز بناکر ورلڈ کپ میں ریکارڈ اپنے نام کرلیا،مارلون سیمیولز نے ایسا بلا گھمایا کہ زمبابوے کے بولرز ڈر کے مارے بالنگ ہی کرانا بھول گئے۔

    انہوں نے ایک سو تینتیس رنز بنا ئے اور ناٹ آؤٹ رہے،  کرس گیل کی دھواں دار بیٹنگ کے سامنے بالرز سمیت فیلڈرز کی بھی ایک نہ چلی۔

    ڈر کے مارے فیلڈرز کے ہاتھوں سے بھی بال چھٹتی رہی۔ پر آخر کارآخری گیند پر کرس گیل کا کیچ پکڑنے میں کامیاب ہو ہی گئے۔

  • ورلڈ کپ : شاہین کل کالی آندھی سے ٹکرائیں گے

    ورلڈ کپ : شاہین کل کالی آندھی سے ٹکرائیں گے

    کرائسٹ چرچ :کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کا دوسرا کڑا امتحان ہفتے کو کرائسٹ چرچ میں ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ کے میدان ہیگلے اوول میں اب چھکے اور چوکوں کی برسات  ہوگی۔

    اس میچ میں وکٹیں بھی اڑیں گی اور شائقین کا جوش بھی بڑھے گا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کو  جیت کا بے صبری سے انتظارہے۔

    دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں شکست سے دوچار ہوئیں اور زخمی شیروں کی طرح ایک دوسرے پر جھپٹیں گی۔

    ورلڈ کپ میں پاکستان  ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں نو مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں۔ کالی آندھی نے چھ میں کامیابی حاصل کی اور شاہین صرف تین میچز جیت سکے۔

    انٹرنیشنل میچز میں بھی ویسٹ اندیز کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ ایک سوچھبیس مقابلوں میں پاکستان پچپن میچز میں شکست سے دوچار ہوا اور ویسٹ انڈیز اڑسٹھ معرکے میں فاتح رہا،تین میچز بے نتیجہ ثابت ہوئے۔

    شاہین اونچی اڑان اڑنے کیلئے بے تاب دکھائی دیتے ہیں۔ لیکن کالی اندھی کی تند و تیز ہواؤں کے جھونکے کیا ایسا ہونے دینگے؟ یہ تو میچ کا فیصلہ بتائے گا۔

  • یونس خان سے اوپننگ کا تجربہ ناکام ہوا، وقار یونس

    یونس خان سے اوپننگ کا تجربہ ناکام ہوا، وقار یونس

    کرائسٹ چرچ : پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ یونس خان سے اوپننگ کرانے کا تجربہ کامیاب نہیں ہوا۔ بھارت کی شکست کو بھلا کر ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے میچ میں پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف شکست افسوس ناک ہے۔ تین سو ایک رنز کا ہدف حاصل کرنا مشکل نہیں تھا لیکن اب اس ناکامی کو بھلانا ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ یونس خان سے اوپننگ کرانے کا تجربہ کامیاب نہیں ہوا۔آؤٹ آف فارم کسی بھی سینئیر کھلاڑی کو ڈراپ کرنا مشکل نہیں ہے۔ کوشش کی جاتی ہے کہ سینئیر کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ موقع دیا جائے۔

    وقار یونس نے کہا کہ وہ اب بھی اس بات پر قائم ہیں کہ پاکستان ٹورنامنٹ میں فیورٹ نہیں۔ فیورٹ کو ہمیشہ دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہیڈ کوچ نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے میچ میں مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔