Tag: ویسٹ انڈیز

  • ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں‌ سے باآسانی شکست دے دی

    ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں‌ سے باآسانی شکست دے دی

    ساؤتھ ہمپٹن: ورلڈ کپ 2019 کے 19ویں میچ میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی، جو روٹ نے ناقابل شکست سنچری اسکور کی۔

    تفصیلات کے مطابق ساؤتھ ہمپٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلش ٹیم نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیا جانے والا 213 رنز کا ہدف 33.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنرز نے 95 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، جونی بریسٹو 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    جو روٹ نے ناقابل شکست 100 رنز کی اننگز کھیلی، کرس ووکس 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، فاسٹ بولر گیبرئیل کے علاوہ کوئی ویسٹ انڈین بولر وکٹ حاصل نہ کرسکا۔

    اس سے قبل ساؤتھ ہمپٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 44.4 اوورز میں 212 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 213 رنز کا ہدف دیا، جوفرا آرچر اور مارک ووڈ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

    ویسٹ انڈیز کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی، ایون لوئس 4 رنز کے مجموعی اسکور پر 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، 36 رنز بنا کر کرس گیل بھی پلنکٹ کا شکار بنے۔

    شائے ہوپ 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، نکولس پورن نے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں جوفرا آرچر نے بٹلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا، ہیٹ میئر 39 رنز بنا کر جو روٹ کا نشانہ بنے۔

    آندرے رسل تیز کھیلنے کے چکر میں وکٹ گنوا بیٹھے، رسل نے 16 گیندوں پر 21 رنز بنائے، بریٹ ویتھ 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کوٹریل اور گیبرئیل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

    انگلینڈ کے جوفرا آرچر اور مارک ووڈ نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جو روٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں، کرس ووکس اور لیام پلنکٹ کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

    اس سے قبل آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں آج انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز ساؤتھ ہمپٹن کے روز باؤل میدان میں مدمقابل ہیں۔ انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    ورلڈ کپ 2019 میں ویسٹ انڈیز اب تک 3 میچز کھیل چکا ہے جس میں سے اسے ایک میں جیت اور ایک میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔ انگلینڈ نے 3 میچز کھیلے جن میں سے 2 میں کامیابی اور ایک میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

    پوائنٹ اسکورنگ ٹیبل پر اس وقت انگلینڈ 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ ویسٹ انڈیز 3 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

    یاد رہے کہ رواں برس ہونے والے ورلڈ کپ کو بارش شدید متاثر کر رہی ہے۔ ورلڈ کپ 2019 سب سے زیادہ میچز منسوخ ہونے والا ورلڈ کپ بن گیا ہے۔

    بارش کے باعث میچز میں تاخیر اور مختصر اوورز کا کھیل بھی معمول کی بات بن گیا ہے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے کئی میچز بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں، جبکہ مزید میچز کی منسوخی کا بھی خدشہ ہے۔

    گزشتہ روز بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا اور اس ورلڈ کپ کا یہ چوتھا میچ ہے جو بارش کی وجہ سے منسوخ ہوا۔

  • آئی سی سی ورلڈکپ 2019: انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کا ٹاکرا آج ہوگا

    آئی سی سی ورلڈکپ 2019: انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کا ٹاکرا آج ہوگا

    لندن: آئی سی سی ورلڈکپ 2019 میں مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، آج میزبان انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کا ٹاکرا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈکپ کے 19ویں میچ میں آج میزبان انگلینڈ اورویسٹ انڈیز کے درمیان مقابلہ ہوگا میچ ساؤتھ ایمپٹن کے روز باؤل گراؤنڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

    آئی سی سی ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز اب تک تین میچز کھیل چکی ہے جس میں سے ایک میں جیت، ایک شکست اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا جبکہ انگلینڈ نے 3 میچز کھیلے جن میں سے دو میں کامیابی اور ایک میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

    پوائنٹ اسکورنگ ٹیبل پر اس وقت انگلینڈ 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی جبکہ ویسٹ انڈیز 3 پوائنٹس کے چھٹے نمبر پر ہے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کرنے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

    ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈکپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9،9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، 14 جولائی کو فائنل کھیلا جائے گا۔

  • کرس گیل نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا

    کرس گیل نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا

    ناٹنگھم: ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل نے اپنے کیریئر کے آخری ورلڈ کپ کا شاندار آغاز کرتے ہوئے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق یونیورس باس کرس گیل نے پاکستان کے خلاف میچ میں تین چھکے لگا کر ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 40 چھکے لگانے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

    کرس گیل نے آج پاکستان کے خلاف میچ میں 34 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں تین چھکے اور چھ چوکے شامل تھے، انہوں نے سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ ورلڈ کپ کے 27 میچ کھیل کر حاصل کیا۔

    اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقی بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس تھا، ڈی ویلیئرز 23 میچوں میں 37 چھکے لگا کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

    آسٹریلوی ٹیم کے سابق کپتان رکی پونٹنگ ورلڈ کپ کے 46 میچوں میں 31 چھکے لگا کر تیسرے نمبر پر ہیں، نیوزی لینڈ کے اوپنر بلے باز برینڈن میکولم 34 میچوں میں 29 چھکے لگا کر چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

    بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر اور سری لنکا کے سابق کھلاڑی سنتھ جے سوریا 27 چھکوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔

    واضح رہے کہ ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز بھی کرس گیل کو حاصل ہے، کرس گیل نے ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں 105 چھکے لگائے ہیں۔

  • ورلڈ کپ 2019: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    ورلڈ کپ 2019: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    ناٹنگھم: ورلڈ کپ 2019 کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 106 رنز کا ہدف، پاکستان کا ورلڈ کپ میں دوسرا کم ترین اسکور ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کے دوسرے میچ میں پاکستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 106 رنز کا ہدف دیا جو ویسٹ انڈین ٹیم نے 13.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، کرس گیل نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

    ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ 36 رنز پر گری جب شائے ہوپ 11 رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بنے، ڈیرن براؤو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، کرس گیل نے 34 گیندوں پر 50 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

    پورن 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ ہیٹ میئر نے 7 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تینوں وکٹیں حاصل کی۔

    قبل ازیں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے ہی میچ میں پاکستان کی بیٹنگ بری طرح ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی پوری بیٹنگ لائن صرف 21.4 اوورز میں پویلین لوٹ گئی۔ فخر زمان اور بابر اعظم 22، 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پاکستان کے بقیہ 7 کھلاڑی ڈبل فگر بھی نہ بنا سکے۔

    ویسٹ انڈین بولرز نے پاکستانی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے، کپتان جیسن ہولڈر نے 3، تھامس نے 4 اور آندرے رسل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اننگز کے اختتام پر پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 106 رنز کا ہدف دیا، یہ پاکستان کا ورلڈ کپ میں دوسرا کم ترین اسکور ہے۔

    میچ سے قبل ناٹنگھم میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میچ دیکھنے پہنچی۔ میچ کے آغاز سے قبل پاکستانی شائقین کا جوش و خروش دیدنی تھا، پاکستانیوں نے ڈبل ڈیکر بس پر جشن منایا جبکہ پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

    میچ سے قبل قومی ٹیم نے ٹرینٹ برج کے گراؤنڈ میں جم کر پریکٹس بھی کی۔ میچ کے لیے بارہ رکنی ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد حفیظ، سرفراز احمد، حارث سہیل، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی شامل ہیں۔

    ٹاس جیتنے کے بعد ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر کا کہنا تھا کہ جلد وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے، پہلے سے انگلینڈ آ کر تیاری کا اچھا موقع ملا۔

    قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ناٹنگھم کی پچ کا اندازہ ہے، ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بولنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔ ورلڈ کپ سے پہلے بلے بازوں کا فارم میں آنا خوش آئند ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ روز ورلڈ کپ کی میزبان ٹیم انگلینڈ نے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا تھا، پہلے میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 104 رنز سے شکست دے کر مخالفین کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

    ماہرین کے مطابق ہوم گراؤنڈ پر انگلش ٹیم بڑا خطرہ ثابت ہوسکتی ہے، میزبان کے سیمی فائنل میں‌ پہنچنے کے امکانات پر بھی بات ہو رہی ہے۔

  • ورلڈ کپ 2019: آج گرین شرٹس کالی آندھی سے ٹکرائیں گے

    ورلڈ کپ 2019: آج گرین شرٹس کالی آندھی سے ٹکرائیں گے

    ناٹنگھم: ورلڈ کپ 2019 میں آج گرین شرٹس کالی آندھی سے ٹکرائیں گے، شائقین کانٹے دار مقابلے کی توقع کر رہے ہیں.

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز سے دو دو ہاتھ کرنے کے لیے تیار ہے.

    میگا ایونٹ‌کا یہ مقابلہ ناٹنگھم میں ہوگا، مقابلے سے قبل قومی ٹیم نے ٹرینٹ برج کے گراؤنڈ میں جم کر پریکٹس کی.

    میچ کے لیے بارہ رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا،  ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد حفیظ، سرفراز احمد، حارث سہیل، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی شامل ہیں۔

    کپتان سرفراز احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹیم کا مورال بلند ہے، پلیئنگ الیون دماغ میں ہے، میں خود پانچویں نمبر پر بیٹنگ کروں گا.

    تجزیہ کار دونوں ٹیموں‌میں‌کانٹے دار مقابلے کی توقع کر رہے ہیں. میچ پاکستان وقت کے مطابق ڈھائی بجے شروع ہوگا.

    دوسری جانب ورلڈ کپ کی میزبان ٹیم انگلینڈ کے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا، پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو ایک سو چار رنز سے شکست دے کر مخالفین کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی.

    ماہرین کے مطابق ہوم گراؤنڈپر انگلش بڑا خطرہ ثابت ہوسکتی ہے، میزبان کے سیمی فائنل میں‌ پہنچنے کے امکانات پر بھی بات ہورہی ہے.

  • وارم اپ میچ : ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو 91رنز سے شکست دے دی

    وارم اپ میچ : ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو 91رنز سے شکست دے دی

    برسٹل : ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کے خلاف وارم اپ میچ91رنز سے جیت لیا،421رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم  330اسکور  بنا کر آؤٹ پویلین لوٹ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ میں شامل ٹیموں کے لیے کالی آندھی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں چار سو اکیس رنزبنا کر میچ اکیانوے رنز سے جیت لیا۔

    انگلینڈ میں کالی آندھی نیوزی لینڈ کو اڑا کر لے گئی۔ ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں چار سو اکیس رنز بنا کر ورلڈ کپ میں شامل تمام ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی۔

    نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کے خلاف باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا ۔ویسٹ انڈیز نے آغاز میں ہی کیوی باولرز کی دھلائی کردی۔ کرس گیل سمیت تمام کھلاڑی ایونٹ شروع ہونے سے پہلے فارم میں آگئے۔ میچ میں اٹھارہ چھکے اور اکتالیس چوکے جڑ دیئے۔

    کرس گیل 36،لیویز 50،ہو پ 101،براوو25،ہٹمیر27،جیسن ہولڈر 47،رسل 54بریتھ ویٹ نے 24رنز بنائے۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پہاڑ جیسے ہدف کے سامنے بےبس ہوگئی، میگا ایونٹ کے ٹورنامنٹ میں ویسٹ انڈیز کا پہلا مقابلہ اکتیس مئی کو پاکستان سے ہوگا۔

  • ویسٹ انڈیز نے ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا

    ویسٹ انڈیز نے ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا

    دبئی: ویسٹ انڈیز ٹیم نے ورلڈ کپ 2019 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، ڈی جے براوو، کیرون پولارڈ اور ڈیرن سیمی کو ڈراپ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز نے ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا، جارح مزاج بلے باز کرس گیل بھی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل ہے۔

    ویسٹ انڈیز اسکواڈ میں کپتانی کے فرائض جیسن ہولڈر انجام دیں گے ٹیم میں پانچ کھلاڑی جیسن ہولڈر، کرس گیل، ڈیرن براوو، آندرے رسل، کیمار روچ 2015 کا ورلڈ کپ بھی کھیل چکے ہیں۔

    ویسٹ انڈیز اسکواڈ میں جیسن ہولڈر، کرس گیل، ایون لوئس، ڈیرن براوو، شیرمن ہٹ میئر، شائے ہوپ، نکولس پورن، کارلوس بریتھ ویٹھ، آندرے رسل، ایشلے نرس، فیبین ایلن، شینون گیبرئیل، کیمار روچ اور اوشین تھامس شامل ہیں۔

    ورلڈ کپ کا آغاز 30 مئی کو جنوبی افریقا اور میزبان انگلینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا جبکہ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز اپنا پہلا میچ پاکستان کے خلاف کھیلے گا۔

  • ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو7وکٹوں سے ہرادیا پانچ میچوں کی سیریز2-2 سے ڈرا

    ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو7وکٹوں سے ہرادیا پانچ میچوں کی سیریز2-2 سے ڈرا

    سینٹ لوشیا : ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو پانچویں ون ڈے میں سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ڈرا کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹ لوشیا میں ہونے والے میچ میں ویسٹ انڈیز نے انگلش پلئیرز کو دھول چٹادی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش ٹیم صرف ایک سو تیرہ رنز ہی اسکور کر سکی۔

    اوشین تھامس نے پانچ بلے بازوں کا شکار کیا، ہدف کے تعاقب میں کرس گیل کا انگلش بالرز پر لاٹھی چارج جاری رہا، یونیورس باس نے اپنی اننگز میں نو چھکے اور پانچ چوکے لگائے، کرس گیل شاندار پرفارمنس کی وجہ سے مین آف دی سیریز قرار پائے۔

  • دوسرا ون ڈے، پاکستان ویمن ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو 34 رنز سے شکست دے دی

    دوسرا ون ڈے، پاکستان ویمن ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو 34 رنز سے شکست دے دی

    دبئی: پاکستان ویمن ٹیم نے دوسرے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 34 رنز سے شکست دے دی، تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی، سدرہ امین کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 240 رنز بنائے، 241 رنز کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم 206 رنز پر ڈھیر ہوگئی، تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔

    سدرہ امین کو 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کی میک لین نے 82 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، ایس آر ٹیلر 48 رنز بنا کر ثنا میر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئی، نیٹیون نے 23 رنز بنائے۔

    پاکستان کی جانب سے ڈائنا بیگ نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ثنا نے تین وکٹیں حاصل کیں، نشرا سندھو نے 2 اور ندا ڈار نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    قومی ویمن کرکٹ ٹیم نے میزبان ویسٹ انڈیز ٹیم کو جیت کے لیے 241 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان ویمن ٹیم کی جانب سے سدرہ امین نے 96، ندا ڈار نے 81، ثنا میر نے 21 اسکور کیے۔

    ویسٹ انڈیز کی جانب دیندرا ڈوٹن اور شاکرہ سلمان نے 2،2 اور شیمیلا کونیل اور ٹیلر نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز کو پاکستان ویمن ٹیم کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے مقررہ اوورز میں 216 رنز بنائے اور قومی ویمن ٹیم کو 217 رنز کا ہدف دیا تھا، ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ویمن ٹیم 30 اوورز میں 70 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

    ویسٹ انڈیز نے قومی ویمن ٹیم کو 146 رنز سے شکست دے دی

    ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کی جانب سے دیندرا ڈوٹن نے 96 اور ٹیلر نے 58 رنز اسکور کیے تھے۔

    قومی ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کے زخمی ہونے کی وجہ سے آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ سیریز کے پہلے میچ میں ٹیم کی قیادت جویریہ خان کررہی ہیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق 6 فروری کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کے دوران بسمہ معروف کیچ پکڑتے ہوئے ساتھی فیلڈر کے ساتھ ٹکرانے سے زخمی ہوگئی تھیں، گیند ان کے جبڑے پر لگی تھی، انہیں اسٹریچر پر میدان سے باہر لے جانے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    تیسرا ٹی ٹوئنٹی : پاکستان ویمن ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی

    واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچوں پرمشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز مہمان ٹیم نے 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔

  • پہلا ون ڈے، ویسٹ انڈیز نے قومی ویمن ٹیم کو 146 رنز سے شکست دے دی

    پہلا ون ڈے، ویسٹ انڈیز نے قومی ویمن ٹیم کو 146 رنز سے شکست دے دی

    دبئی: ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پہلے ایک روزہ میچ میں قومی ویمن ٹیم کو 146 رنز سے شکست دے دی، ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے مقررہ اوورز میں 216 رنز بنائے اور قومی ویمن ٹیم کو 217 رنز کا ہدف دیا، ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ویمن ٹیم 30 اوورز میں 70 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    ناہیدہ خان نے 23 اور کپتان جویریہ خان نے 21 رنز بنا کر نمایاں رہیں، بسمہ معروف ان فٹ ہونے کے سبب میچ نہ کھیل سکیں ان کی جگہ جویریہ خان نے قومی ویمن ٹیم کی قیادت کی۔

    ویسٹ انڈیز ویمن کی جانب سے فلیچر اور ڈوٹن نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹیلر اور کونیل کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آسکی۔

    قبل ازیں دبئی میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کے درمیان ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

    ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پاکستان کے خلاف مقررہ اوورز میں 216 رنز بنائے، مہمان ٹیم کی جانب سے دیندرا ڈوٹن 96 اور ٹیلر58 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

    پاکستان ویمن ٹیم کی جانب سے کائنات امتیاز نے 3، ثنا میر اور عالیہ ریاض نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    قومی ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کے زخمی ہونے کی وجہ سے آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ سیریز کے پہلے میچ میں ٹیم کی قیادت جویریہ خان کررہی ہیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق گزشتہ روز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کے دوران بسمہ معروف کیچ پکڑتے ہوئے ساتھی فیلڈر کے ساتھ ٹکرانے سے زخمی ہوگئی تھیں، گیند ان کے جبڑے پر لگی تھی، انہیں اسٹریچر پر میدان سے باہر لے جانے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ 3 فروری کو پاکستان ویمن ٹیم نے تین میچوں کی سریز پرمشتمل آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 12 رنز سے شکست دی تھی۔

    تیسرا ٹی ٹوئنٹی : پاکستان ویمن ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی

    واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچوں پرمشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز مہمان ٹیم نے 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔