Tag: ویلنٹائن ڈے

  • عوام ویلنٹائن ڈے نہ منائیں کیوں کہ یہ دن اسلامی روایت کا نہیں، ممنون حسین

    عوام ویلنٹائن ڈے نہ منائیں کیوں کہ یہ دن اسلامی روایت کا نہیں، ممنون حسین

    اسلام آباد: صدر پاکستان ممنون حسین نے پاکستانی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ویلنٹائن ڈے نہ منائیں کیوں کہ یہ دن اسلامی روایت کا نہیں، بلکہ مغرب کا حصہ ہے۔

    تحریک پاکستان کے رہنما سردار عبد الرب نشتر کی برسی کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ ویلنٹائن ڈے کا ہماری ثقافت و روایات سے کوئی تعلق نہیں، اس لیے یہ دن منانے سے گریز کرنا چاہیے۔

    صدر ممنون حسین نے کہا کہ مغربی ثقافت میں پائی جانے والی خرابیوں نے ہمارے ایک پڑوسی ملک کو بُری طرح متاثر کیا ہے، جس سے ہمیں سبق سیکھنا چاہیے۔
    ان کا کہنا تھا کہ ملک کے نصاب تعلیم کو جدید دور سے ہم آہنگ کرنے اور نظریہ پاکستان کے مطابق بنانے کی ضرورت ہے، اس حوالے سے کام جاری ہے اور جلد تمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے سے ملک میں نیا نصاب تعلیم رائج کیا جائے گا۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارے عظیم رہنماؤں کے خیالات اور فلسفہ اپنانے سے ترقی کرسکتا تھا اور بین الاقوامی برادری میں ایک ممتاز حیثیت حاصل کرسکتا تھا، جس کا کبھی ہمارے بانیان نے خواب دیکھا تھا، لیکن بدقسمتی سے ہم نے اپنے جغرافیائی محل وقوع کا پوری طرح فائدہ نہیں اٹھایا۔

    تاہم اب حکومت پاک۔ چین اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ کے ذریعے ملک کو خوشحالی کی نئی بلندیوں پر پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔

    انہوں نے قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، قائد اعظم کی قیادت میں سردار عبد الرب نشتر اور دیگر رہنماؤں کی جدو جہد کے باعث وجود میں آیا، اب ہمیں اپنے بانیان کے نقش قدم پر چل کر ملک کو مضبوط اور خوشحال بنانے کی ضرورت ہے۔

  • ہندو انتہا پسند تنظیم کا ویلنٹائن ڈے منانے والوں کیلئے اعلان

    ہندو انتہا پسند تنظیم کا ویلنٹائن ڈے منانے والوں کیلئے اعلان

    بھارت : ہندو انتہا پسند تنظیم نے ویلنٹائن ڈے منانے والوں کیلئے ایک اہم اعلان کردیا ہے کہ  ویلنٹائن ڈے پر گھومنے والے غیر شادی شدہ جوڑوں کی شادی کرادی جائے گی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ہندو انتہا پسند تنظیم ’’ہند مہاسبھا‘‘ کے سربراہ چندر پرکاش کوشک کا کہنا ہے کہ مغربی روایات کے تحت 14 فروری کو ویلنٹائن ڈے منانا کسی طور بھی قابل قبول نہیں، بھارت ایسا ملک ہے جہاں سال کا ہر دن پیار اور محبت کا دن ہوتا ہے، انکا کہنا ہے کہ ہم محبت کے خلاف نہیں لیکن محبت کرنے والے جوڑے کو شادی ضرور کرنی چاہیے۔

    چندر پرکاش نے کہا کہ ہمارے رضاکار ویلٹائن ڈے کے موقع پر تفریحی مقامات، شاپنگ مالز اور ہوٹلز میں ایک ساتھ دیکھے جانے والے غیر شادی شدہ جوڑوں کو نشانہ بنائیں گے، اگر وہ ہندو ہوئے تو ان کی شادی کرادی جائے گی اور اگر انہوں نے شادی سے انکار کیا تو ان کی سرگرمیوں کے بارے میں ان کے والدین کو آگاہ کریں گے۔


    انہوں نے کہا کہ وہ بھارت میں بسنے والے تمام افراد کو ہندو مانتے ہیں، اس لئے اگر دونوں کا یا کسی ایک کا تعلق دوسرے مذہب سے ہوگا تو ان کی ’’شدھیکرن‘‘ کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ ہندو مذہب قبول کرنے کی تقریب کو شدھی کرن کہا جاتا ہے جبکہ بھارت میں ایک تحریک چلائی جارہی ہے جس کا نام ’’گھر واپسی ‘‘ ہے،  جس کے مطابق دیگر مذاہب کے ماننے والوں کو ذبردستی ہندو بنایا جاتا ہے۔