Tag: ویلیو ایڈڈ ٹیکس

  • سعودی عرب: پرانی گاڑیاں خریدنے کے لیے مزید سہولت

    سعودی عرب: پرانی گاڑیاں خریدنے کے لیے مزید سہولت

    ریاض: سعودی عرب میں پرانی گاڑیوں پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، ٹیکس لگانے کی بعض شرائط رکھی گئی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے پرانی گاڑیوں پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے کہا ہے کہ پرانی گاڑیوں کے سودے کی مجموعی رقم کے بجائے منافع کے مارجن پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس لیا جا سکے گا، عمل درآمد یکم جولائی 2023 سے ہوگا۔

    اتھارٹی نے توجہ دلائی ہے کہ منافع کے مارجن کے حساب سے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا اختیار پرانی گاڑیوں پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کم کرنے کی غرض سے دیا جا رہا ہے۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ منافع کے مارجن پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس لگانے کا طریقہ لازمی نہیں اختیاری ہے، سودے کی پوری رقم پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس لگایا جا سکتا ہے۔

    منافع کے مارجن کے اصول کے مطابق ویلیو ایڈڈ ٹیکس لگانے کی بعض شرائط مقرر کی گئی ہیں۔

    اہم ترین یہ ہے کہ پرانی گاڑی استعمال کے قابل ہو۔ اتھارٹی کی جانب سے اس کی منظوری حاصل ہو، گاڑی سعودی عرب میں موجود ہو اور یہاں استعمال کی جا چکی ہو۔ گاڑی فروخت کرنے والا اتھارٹی کے پاس ویلیو ایڈڈ ٹیکس دینے والے فریق کی حیثیت سے رجسٹرڈ ہو۔

    ایک شرط یہ ہے کہ پرانی گاڑیوں کے کاروبار کا پرمٹ بھی ہو، کاروبار کے لیے ضروری ہے کہ قابل استعمال پرانی گاڑیوں کے منافع کے مارجن (پرافٹ مارجن) کا طریقہ کار استعمال کرنے کی اجازت موجود ہو۔

    اتھارٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر کسی کو پرانی قابل استعمال گاڑی فروخت کرنے کے حوالے سے منافع کے مارجن کی تفصیلات جاننا ہوں تو رابطہ سینٹر سے معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

  • سعودی عرب: خریداری کے دوران سیاحوں کی ٹیکس کی ادائیگی، حکام کی وضاحت

    ریاض: سعودی عرب میں بیرون ملک سے آنے والے سیاح خریداری کے دوران جو ٹیکس ادا کرتے ہیں، اس کی واپسی کے حوالے سے حکام نے وضاحت جاری کی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں ٹیکس، کسٹم اور زکوٰۃ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فی الوقت مملکت میں آنے والے سیاحوں کو واپسی پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) واپس نہیں دیا جا سکتا، واٹ کی واپسی قانون کی شق نمبر 73 سے مشروط ہوگی۔

    کسٹم و ٹیکس اتھارٹی نے قانون کی شق نمبر 73 کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی اس امر کی پابند نہیں کہ مملکت آنے والے سیاحوں کو واپسی پر یہاں خریداری پر وصول کیا گیا ٹیکس واپس کیا جائے۔

    قانون کی شق کے مطابق اتھارٹی کی جانب سے ایک یا ایک سے زائد سروسز مہیا کرنے والوں کو متعین کیا جائے جو سیاحوں کا کیس وصول کر کے ان کی نیابت کرتے ہوئے اتھارٹی میں واٹ کی واپسی کا مطالبہ کریں۔

    اتھارٹی کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ ایسی سروس مہیا کرنے والے اداروں کی فہرست جاری کریں۔

    قانون کی شق 73 میں اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی واپسی کے لیے ایسے سیاح جو جی سی سی ممالک کے رہائشی نہ ہوں وہ اپنا کیس مقررہ سروس مہیا کرنے والے ادارے میں جمع کروا سکتے ہیں۔

    ان سیاحوں کو یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ جو اشیا انہوں نے خریدی ہیں وہ انہیں مملکت یا جی سی سی میں استعمال نہیں کریں گے بلکہ اپنے ملک لے کر جائیں گے۔

    واٹ کی واپسی کا مطالبہ جمع کرواتے وقت سیاح کا مملکت میں موجود ہونا ضروری ہے، سروس مہیا کرنے والے ادارے کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ کیس کا اچھی طرح مطالعہ کرنے کے بعد اتھارٹی کو ارسال کرے تاکہ وہاں سے منظوری جاری کی جا سکے۔

    اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ کیس موصول ہونے کے بعد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی واپسی کی منظوری کی صورت میں رقم اسی سروس مہیا کرنے والے ادارے کو منتقل کر دی جائے گی، جس کے ذریعے کیس جمع کروایا گیا تھا، سروس مہیا کرنے والے ادارے کا اختیار ہوگا کہ وہ واپسی کی رقم سے اپنی مقرر کردہ فیس وصول کرے۔

    اتھارٹی کو یہ حق ہوگا کہ وہ موصول ہونے والے کیس کو مکمل یا جزوی طور پر رد کر دے، کیس کی واپسی کی صورت میں متعلقہ ایجنٹ کو کیس بھیج دیا جائے گا جس کے ذریعے اتھارٹی کو جمع کروایا گیا تھا۔

  • بحرین میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اضافہ

    بحرین میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اضافہ

    مناما: بحرین بجٹ خسارے کو روکنے اور مملکت کی آمدنی بڑھانے کے لیے ویلیو ایڈڈ ٹیکس (ویٹ) کو10 فیصد تک بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق معیشت کو تقویت دینے کے لیے قانون سازوں نے شہریوں کو دی جانے والی اجرت میں کمی اور اس کے علاوہ سماجی بہبود کی بابت اختیارات پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔

    اس کےعلاوہ آئی ایم ایف کے تخمینوں کے مطابق بحرین کا بجٹ خسارہ تیل کی کم قیمتوں کے بعد رواں سال آدھا رہ جائے گا اور عالمی وبا کرونا وائرس نے اس خسارے کو 2020 میں ریکارڈ 18 فیصد معاشی پیداوار تک پہنچا دیا ہے۔

    واضح رہے کہ بحرین کی حکومت نے 5 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ جنوری 2019 سے کیا تھا جسے اب دوگنا کر کے 10 فیصد کیے جانے کا ارادہ کیا جا رہا ہے۔

  • سعودی عرب: ٹیکس کی ہیرا پھیری پر متعدد کارروائیاں

    سعودی عرب: ٹیکس کی ہیرا پھیری پر متعدد کارروائیاں

    ریاض: سعودی حکام نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) کی ادائیگی کی متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ کر کے متعلقہ افراد کے خلاف کارروائیاں کیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق زکوٰۃ و ٹیکس کی جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مملکت کی سطح پر ایک ہفتے کے دوران تفتیشی ٹیموں نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) کی مد میں 510 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ مملکت میں یکم جولائی سے واٹ 5 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کیا جا چکا ہے, اس بارے میں تمام تجارتی اداروں کو متعدد بار متنبہ بھی کیا گیا ہے کہ واٹ کی ادائیگی میں کسی قسم کی ہیرا پھیری سے کام نہ لیا جائے۔

    اتھارٹی کی جانب سے واٹ کی وصولی کا طریقہ کار واضح ہے جس کے لیے وہ تمام ادارے جو اس سسٹم میں رجسٹرڈ ہیں وہ اس امر کے پابند ہیں کہ مقررہ تناسب سے واٹ ادا کریں۔

    ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی ادائیگی میں گڑبڑ کرنے والوں کے خلاف سخت سزائیں مقرر ہیں۔

    ادارہ ٹیکس کی جانب سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تفتیشی ٹیموں نے مملکت کے مختلف شہروں اور قصبوں میں مارکیٹوں، دکانوں، ہوٹلوں اور دیگر تجارتی شعبوں کے 3 ہزار 616 تفتیشی دورے کیے جن میں 510 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔

    اس ضمن میں تفتیشی ٹیم کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ نوٹ کی جانے والی خلاف ورزیوں میں رسیدوں پر واٹ نمبر کا اندراج نہ ہونا جبکہ تمباکو کی مصنوعات پر واٹ کی مخصوص نشاندہی نہ کیے جانے کے علاوہ ہوٹلوں کی رسیدوں پر بھی واٹ سیریل نمبر درج نہیں کیا گیا۔

    ذمہ دار نے مزید بتایا کہ بیشتر چالان صارفین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر کیے گئے جن کی تعداد 293 تھی۔

    ٹیکس کی جنرل اتھارٹی نے توجہ دلائی ہے کہ تجارتی ادارے ہر صورت میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس ادا کرنے کے پابند ہیں، وہ ادارے جو ٹیکس کی ادائیگی سے گریز کرتے ہیں ان کے بارے میں اطلاع دینے والوں کو انعام کے طور پر کیے جانے والے جرمانے کی رقم میں سے ڈھائی فیصد ادا کیا جائے گا۔

    اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ صارفین کسی بھی خریداری کے وقت واٹ سیریل نمر ضرور دیکھیں، خریداری کی رسید پر سیریل نمبر نہ ہونے کی صورت میں اتھارٹی کے متعلقہ شعبے میں رپورٹ درج کروائی جا سکتی ہے۔

  • عمان میں بھی پانچ فی صد ٹیکس عائد

    عمان میں بھی پانچ فی صد ٹیکس عائد

    مسقط: متحدہ عرب امارات اور بحرین کے بعد عمان نے بھی پانچ فی صد ویلیو ایڈڈ ٹیکس عائد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سلطنت عمان میں چھ ماہ کے اندر پانچ فی صد ویلیو ایڈڈ ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔

    اس سلسلے میں عمان کے سلطان کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چھ ماہ کے اندر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ کا عمل شروع کیا جائے۔

    حکام کے حوالے سے عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا قانون زیادہ تر اشیا اور خدمات پر نافذ کیا جائے گا تاہم کچھ پر استثنٰی بھی ہے، اس کے لیے فوجداری قانون کی کچھ دفعات میں ترمیم کی گئی ہے جب کہ ایک نیا قانون بھی جاری کیا گیا ہے۔

    عمان کی حکومت نے کہا ہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ سے روزمرہ کے اخراجات پر زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔ اس کے تحت تمباکو اور اس کی مصنوعات پر سو فی صد ٹیکس لاگو کیا جائے گا جب کہ سوفٹ ڈرنکس پر ان کی قیمت خرید کی بنیاد پر پچاس فی صد ٹیکس لگے گا۔

    خیال رہے کہ سطلنت عمان نے 2018 میں پانچ فی صد ویلیو ایڈڈ ٹیکس لگانے کا ارادہ کیا تھا تاہم پھر اسے 2020 تک کے لیے مؤخرکر دیا گیا تھا، یہ ٹیکس قانون خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک کے درمیان وسیع تر معاہدے کا حصہ ہے۔

    اس سے قبل متحدہ عرب امارات اور بحرین پہلے ہی پانچ فی صد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا قانون نافذ کر چکے ہیں۔

  • سعودی عرب: مویشیوں کی خرید وفروخت سے متعلق نئی حکمت عملی

    سعودی عرب: مویشیوں کی خرید وفروخت سے متعلق نئی حکمت عملی

    ریاض: سعودی محکمہ زکوٰۃ و آمدنی کا کہنا ہے کہ اونٹوں اور مویشیوں کے سودوں پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس مقررہ شرائط وضوابط کے تحت وصول کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ زکوٰۃ وآمدنی نے اونٹوں اور مویشیوں کی خرید وفروخت پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس سے متعلق قواعد و ضوابط جاری کیے ہیں۔

    سعودی شہری نے محکمے سے استفسار کیا تھا کہ کیا اونٹوں، مویشیوں اور گھوڑوں کی خرید وفروخت پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس ہے ؟

    محکمہ زکوٰۃ و آمدنی نے ٹویٹر پر شہری کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر اونٹوں یا مویشیوں یا گھوڑوں کا سودا کسی ادارے یا کسی ایسے تاجر کی طف سے کیا گیا ہو جو ویلیو ایڈڈ ٹیکس سسٹم میں رجسٹرد ہے اور سالانہ آمدنی 3 لاکھ 75 ہزار ریال ہے تو ایسی صورت میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ سعودی محکمہ زکوٰۃ و آمدنی نے تمام اشیا و خدمات پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس پانچ فیصد سے بڑھا کر پندرہ فیصد کیا ہے جو یکم جولائی 2020 سے نافذ ہے۔

  • سعودی عرب کا ویلیو ایڈڈ ٹیکس3 گنا بڑھانے اور رہائشی الاؤنس ختم کرنے کا اعلان

    سعودی عرب کا ویلیو ایڈڈ ٹیکس3 گنا بڑھانے اور رہائشی الاؤنس ختم کرنے کا اعلان

    ریاض : سعودی عرب نے معاشی بحران کے باعث ویلیو ایڈڈ ٹیکس 5 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے اور رہائشی الاؤنس جون تک ختم کرنے کا اعلان کردیا، حکومت ان اقدامات سے 100ارب ریال کی بچت یا آمدنی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی معیشت میں سست روی کے باعث ٹیکسوں میں اضافہ کردیا اورویلیوایڈڈ ٹیکس3 گنا بڑھا دیا گیا، نئے ٹیکسوں کااطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

    وزیر خزانہ محمد الجدان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ رہائشی الاؤنس کو جون 2020 سے روک دیا جائے گا اور یکم جولائی سے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کو 5 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کردیا جائے گا‘۔

    سعودی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی سطح پر خام مال کی مانگ میں کمی اور تیل سے آمدنی میں ’زبردست کمی‘ کے دوران ریاستی مالیات کو بحال رکھنے کے لیے یہ اقدامات ضروری تھے۔

    یاد رہے سعودی عرب میں سرکاری ملازمین کو ہزار ریال ماہانہ کا وظیفہ دیا جاتا تھا، ماہانہ وظیفہ 2018سےشروع کیا گیا تھا۔

    واضح رہے رواں مالی سال کے پہلے3ماہ سعودی عرب کا بجٹ خسارہ 9 ارب ڈالر تک جا پہنچا ، خام تیل کی قیمت میں کمی کی وجہ سےمعیشت سست روی کا شکارہوئی ہے ، سعودی عرب کو خا م تیل سے حاصل آمدنی میں ایک چوتھائی کمی ہوئی اور مجموعی حکومتی آمدنی میں22فیصد کی کمی آئی ہے۔

    خیال رہے سعودی عرب کے ان اقدامات سے عوام کی زندگی متاثر ہوگی ، سعودی عرب جو خام تیل کا دنیا کا سب سے بڑا برآمد کنندہ اور عرب دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہے، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلیے عمرہ پر پابندی عائد کر رکھی ہے جبکہ پروازیں بھی بند ہیں، جس کی وجہ سے ملک کی آمدنی کو نقصان پہنچ رہا ہے