Tag: ویمنز ورلڈ کپ

  • آئی سی سی نے ویمنز ورلڈ کپ کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کر دیا

    آئی سی سی نے ویمنز ورلڈ کپ کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کر دیا

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کیلئے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کیا ہے جو انعامی رقم کے لحاظ سے تاریخی ہے۔

    آئی سی سی کی گورننگ باڈی کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق ویمن ورلڈکپ کی مجموعی انعامی رقم 13.88 ملین ڈالر(پاکستانی روپوں میں 3.928 ارب روپے)  رکھی گئی ہے۔

    یہ انعامی رقم 2022 کے ایڈیشن میں پیش کی گئی 3.5 ملین ڈالر کی انعامی رقم سے تقریباً چار گنا زیادہ ہے، ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو 4.48 ملین ڈالر اور رنر اپ کو 2.24 ملین ڈالر ملیں گے۔

    آئی سی سی کے مطابق سیمی فائنلسٹ ٹیموں کو  1.12 ملین ڈالر کی انعامی رقم ملے گی، آٹھ ٹیموں پر مشتمل یہ مقابلہ بھارت اور سری لنکا کے مشترکہ میزبانی میں 30 ستمبر سے شروع ہوگا۔

    ٹورنامنٹ کے ہر میچ میں اب بھاری انعامات دیے جائے گے، ٹورنامنٹ میں شریک ہر ٹیم کو کم از کم 250,000 ڈالر (پاکستانی روپوں میں 70.7 ملین روپے) ملیں گے، اور گروپ اسٹیج کی ہر فاتح ٹیم کو 34,314 ڈالر کا اضافی انعام ملے گا۔

    پانچویں اور چھٹی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو 700,000 ڈالر (پاکستانی روپوں میں 198.1 ملین روپے) حاصل کریں گی، جبکہ ساتویں اور آٹھویں پوزیشن والی ٹیمیں بالترتیب 280,000 ڈالر (پاکستانی روپوں میں 79.2 ملین روپے) حاصل کریں گی۔

  • ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت کو مل گئی

    ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت کو مل گئی

    آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کی میزبانی بھارت کو مل گئی۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کی میزبانی بھارت کو ملنے کی تصدیق کردی۔
    بی سی سی آئی نے آئی سی سی کے سالانہ کنونشن کے دوران میگا ایونٹ کی بولی جیت لی۔

    بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی کا کہنا ہے کہ ہم آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کی میزبانی کے خواہشمند تھے ہمیں خوشی ہے کہ ہمیں میگا ایونٹ کی میزبانی کا موقع ملا ہے۔

    آئی سی سی نے ویمنز کے تین دیگر ٹورنامنٹس کے میزبانوں کا بھی اعلان کیا گیا جس کے مطابق 2024 کا ٹی 20 ورلڈ کپ بنگلہ دیش میں جبکہ 2026 کا ٹی 20 ورلڈ کپ انگلینڈ میں منعقد ہوگا، اس کے علاوہ 2027 ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی سری لنکا کو ملی ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت میں آخری بار ویمنز ورلڈ کپ 2013 میں منعقد ہوا تھا۔

    اس ورلڈ کپ میں آسٹریلوی ٹیم فائنل میچ میں ویسٹ انڈیز کو 114 رنز سے شکست دے کر چیمپئن بنی تھی۔

  • ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے بھارت کو خاک چٹا دی

    ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے بھارت کو خاک چٹا دی

    ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2020 میں آسٹریلیا نے بھارت کو 85 رنز سے شکست دے کر پانچویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

    خواتین کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں میچ کے آغاز پر آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور جارحانہ کھیل دکھایا، بھارتی ٹیم آغاز سے ہی کمزور نظر آئی اور ہدف کا تعاقب کرنے میں آل آؤٹ ہو گئی۔

    آسٹریلیا کی دونوں اوپنرز ہیلی اور مونی نے بالترتیب 75 اور 78 رنز بنائے۔ ہیلی نے 5 چھکے لگائے جبکہ مونی ناٹ آوٹ رہیں۔

    آسٹریلیا نے بھارت کو 185 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں بھارتی ٹیم 99 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

    بھارتی کھلاڑی شیفالی ورما پہلے ہی اوور میں صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں اور جومیما روڈریگز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئیں۔

    اسمرتی مندھانا بھی صرف 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں جبکہ ہرمن پریت کور بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکیں۔

    چار بار کی عالمی چیمپیئن آسٹریلوی ٹیم نے پانچویں بار ورلڈ کپ جیت کر ایک اور فتح حاصل کی جبکہ بھارتی ٹیم ایک بار پھر تاریخ رقم کرنے سے محروم رہ گئی۔ میچ کی بہترین کھلاڑی الیسا ہیلی کو قرار دیا گیا۔

    خیال رہے کہ آسٹریلین ٹیم 6 بار فائنل میں پہنچ چکی ہے اور یہ اس کی پانچویں فتح ہے۔

  • امریکی خواتین سوکر ٹیم عالمی ریکارڈ بنانے کے باوجود مناسب معاوضوں سے محروم

    امریکی خواتین سوکر ٹیم عالمی ریکارڈ بنانے کے باوجود مناسب معاوضوں سے محروم

    امریکا کی خواتین سوکر ٹیم نے ورلڈ کپ میں ایک میچ میں 13 گول کر کے سوکر میچز کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا، تاہم شاندار ریکارڈ بنانے کے باجود یہ ٹیم اپنے لیے جائز معاوضوں سے محروم ہے۔

    امریکا کی ویمن سوکر ٹیم نے رواں برس فرانس میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کی جس میں تھائی لینڈ کے خلاف میچ میں انہوں نے 0-13 گولز سے نہ صرف میچ اپنے نام کیا بلکہ سوکر کی تاریخ کا انوکھا ریکارڈ بھی بنا دیا۔

    یہ ریکارڈ اس سے پہلے سوکر میں خواتین یا مردوں کی کوئی ٹیم نہیں بنا سکی۔

    تاہم اس قدر شاندار ریکارڈ بنانے کے باجوود یہ ٹیم اپنے جائز معاوضوں کے لیے عدالتوں کے چکر لگانے پر مجبور ہے۔

    رواں برس مارچ میں امریکی خواتین سوکر ٹیم نے یو ایس سوکر فیڈریشن پر مقدمہ دائر کرتے ہوئے اپنا معاوضہ مرد سوکر پلیئرز کے برابر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    عدالت میں جمع کروائی گئی درخواست میں 28 خواتین پلیئرز کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کی جانب سے انہیں کہا گیا کہ ’کاروباری حقائق یہ ہیں کہ خواتین مردوں کے برابر معاوضے کی حقدار نہیں ہیں‘۔

    پلیئرز نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے مردوں کی ٹیم کے مقابلے میں زیادہ مقابلے کھیلے اور جیتے ہیں جبکہ ان کی وجہ سے فیڈریشن کے منافع میں بھی اضافہ ہوا، اس کے باوجود ان کے معاوضے مرد پلیئرز سے کم ہیں۔

    امریکا کی خواتین سوکر ٹیم نے اس سے قبل بھی کئی بار فیڈریشن سے یکساں معاوضوں کا مطالبہ کیا تھا تاہم ہر بار ان کا مطالبہ مسترد کردیا گیا۔

    اب اپنے پہلے ہی ورلڈ کپ میں تاریخ ساز ریکارڈ بنانے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی لوگ ان کے ہم آواز ہوگئے، لوگوں نے مطالبہ شروع کردیا کہ ان پلیئرز کو ان کا جائز معاوضہ دیا جائے۔

    ٹیم کے مارچ میں دائر کیے گئے مقدمے کے دوران ڈیزائن کمپنی ایڈیڈس نے کہا تھا کہ ان کے اسپانسر کیے ہوئے وہ تمام کھلاڑی جو ویمن ورلڈ کپ 2019 میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے انہیں مرد کھلاڑیوں کے برابر بونس دیا جائے گا۔

    تاہم اس کے باوجود مرد کھلاڑیوں کے برابر معاوضے کا سوال جوں کا توں اپنی جگہ برقرار ہے۔

    اس معاملے کی گونج وائٹ ہاؤس میں بھی سنائی دی جب ایک صحافی نے امریکی صدر ٹرمپ سے اس بارے میں سوال کیا۔ صدر ٹرمپ نے خواتین کی تاریخ ساز فتح پر خوشی کا اظہار تو کیا تاہم جب صحافی نے دریافت کیا کہ کیا ان خواتین کو مرد پلیئرز کے برابر معاوضہ دیا جانا چاہیئے؟ تو صدر ٹرمپ نے کہا، ’ہم اس بارے میں بعد میں بات کریں گے‘۔

    خواتین کا مردوں سے کم معاوضے کا مسئلہ صرف یہیں تک محدود نہیں، انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن فیفا میں بھی اس حوالے سے بدترین صنفی تفریق موجود ہے جہاں مردوں کی 32 ٹیمز کو 40 کروڑ ڈالر ادا کیے جاتے ہیں، اس کے برعکس خواتین کی 24 ٹیمز کو صرف 3 کروڑ ڈالر دیے جاتے ہیں۔

    اب ورلڈ کپ کے میچ میں اس فتح کے بعد خواتین سوکر پلیئرز پرامید ہیں کہ اس بار وہ یہ مقدمہ ضرور جیتیں گی اور اپنا یکساں معاوضے کا حق حاصل کر کے رہیں گی۔

  • لارڈز: انگلینڈ نے بھارت کو ہرا کرویمنزکرکٹ ورلڈ کپ جیت لیا

    لارڈز: انگلینڈ نے بھارت کو ہرا کرویمنزکرکٹ ورلڈ کپ جیت لیا

    لارڈز: ویمنز ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے بھارت کو نو رنز سے شکست دے کر ٹائل اپنے نام کرلیا، انگلینڈ کے 228 رنز کے جواب میں بھارت کی ٹیم 219 رنزبنا سکی۔

    تفصیلات کے مطابق لارڈ کے میدان میں انگلینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد نو رنز سے شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی۔

    انگلینڈ نے چوتھی مرتبہ خواتین کے ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا، انگلینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز اسکور کیے۔

    بھارت کو میچ جیتنے کے لیے 229 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں بھارت کی پوری ٹیم جیت کے بہت قریب پہنچ کر 49 ویں اوور میں 219 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔


    مزید پڑھیں: بھارت نےآسٹریلیا کوشکست دے کرفائنل میں جگہ بنالی


    انگلینڈ کی جانب سے شربسول سب سے کامیاب بولر قرار پائیں۔ انہوں نے 46 رنز دے کر چھ کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ شربسول کو پلیئر آف دی میچ کا بھی ایوارڈ دیا گیا جبکہ انگلینڈ کی ٹیمی بومونٹ کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔


    مزیدپڑھیں: بھارت اورانگلینڈ کےدرمیان فیصلہ کن معرکہ آج ہو گا


    یاد رہے کہ ویمن ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے پہلا میچ ہارنے کے بعد اپنے تمام میچ جیتے۔ اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم 1973، 1993 اور 2009 میں ویمن ورلڈ کپ جیت چکی ہے۔

  • ویمنز ورلڈ کپ : بھارت نےآسٹریلیا کوشکست دے کرفائنل میں جگہ بنالی

    ویمنز ورلڈ کپ : بھارت نےآسٹریلیا کوشکست دے کرفائنل میں جگہ بنالی

    ڈربی: آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو 36 رنز سے شکست دے کر فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا۔

    تفصیلات کےمطابق بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42 اوورز میں 281 رنز بنائے اور اس کے4 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ بارش کے باعث میچ 42 اوورز تک محدود کردیا گیا۔

    بھارت کی جانب سے ہرمن پریت کور نے 115 گیندوں پر سات چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے 171 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ دیگرکھلاڑیوں میں متھالی راج 36، دیپتی شرما 26 اور ویدا کرشنا مرتھی 16 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

    دوسری جانب ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کو شروع سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور 21 رنز پر ان کی تین وکٹیں گر چکی تھیں۔

    آسٹریلیا کی جانب سے ایلس پیری اور ایلس ویلانی نے چوتھی وکٹ کےلیے 105 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی لیکن پھر دونوں ہی کھلاڑی یکے بعد دیگرے آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئیں۔

    آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے ویلنی نے75اور بلیک ویل نے90 رنز بنائےجبکہ بھارتی ویمنز بولرز کی جانب سے دپتی شرما نے 3وکٹیں حاصل کیں۔

    واضح رہےکہ آئی سی سی ویمنزورلڈ کپ کا فائنل بھارت اورانگلینڈ کےدرمیان 23جولائی بروز اتوار کو لندن میں لارڈز کے گراؤنڈ پرکھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • ورلڈ کپ میں شکست: ویمن ٹیم کی کھلاڑی موٹربائیک پرگھرگئیں

    ورلڈ کپ میں شکست: ویمن ٹیم کی کھلاڑی موٹربائیک پرگھرگئیں

    لاہور: ویمنز ورلڈ کپ میں مایوس ترین کارکردگی کے بعدپاکستان ویمن کرکٹ ٹیم وطن واپس آگئی، ٹیم کی ایک کھلاڑی موٹر بائیک پر اپنے گھر گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم ویمنز ورلڈ کپ میں تمام میچز ہارنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی ہے، ٹیم کے انتظارمیں ایئرپورٹ پر پی سی بی آفیشل پروٹوکول موجود تھا۔

    کچھ ایسی اطلاعات بھی گردش میں تھی کہ بورڈ کی جانب سے ٹرانسپورٹ کا بھی کوئی انتظام نہیں کیا گیا تھا، خواتین کھلاڑی اپنی مدد آپ کے تحت اپنے گھروں کو روانہ ہوئیں اوربھارت کے خلاف چار وکٹیں لینے والی نشرح سندھو اپنے والد کے ساتھ موٹرسائیکل پر بیٹھ کر اپنے گھر گئیں۔

    اے آروائی نیوز کی جانب سے رابطہ کرنے پر پی سی بی حکام نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں‘ اپنے والد کے ساتھ موٹر سائیکل پر جانے والی نشرح اپنی مرضی سے گئی ہیں بصورت دیگر کھلاڑیوں کو گھر پہنچانے کے لیے بورڈ کی طرف سے تمام انتظامات مکمل تھے۔

    ورلڈ کپ میں انتہائی خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے سبب وطن واپسی کے موقع پرکھلاڑیوں نے میڈیا سےگفتگو کرنا مناسب نہیں سمجھااور خاموشی سے گھروں کو روانہ ہوئیں۔

    ٹیم ارکان میں سے بسمعہ معروف، ڈیانا بیگ، مرینہ اقبال، ناہیدہ بی بی، اسماویہ سمیت دیگر کھلاڑی اور آفیشلز شامل ہیں۔ ثناء میر اور نین عابدی نجی مصروفیات کی بنا پروطن واپس نہیں آئیں۔

    واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریارخان ویمنز ٹیم کی ناقص کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہارکرچکے ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے رپورٹ بھی طلب کر رکھی ہے۔

    ویمنز ورلڈ کپ میں قومی ٹیم نے اپنا ساتواں اور آخری میچ سری لنکا کے خلاف کھیلا اور انتہائی ناقص کارکردگی کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد ٹیم اپنا سامان باندھ کر وطن واپس چلی آئی۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔ 

  • ویمنز ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو تین وکٹوں سے ہرا دیا

    ویمنز ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو تین وکٹوں سے ہرا دیا

    لیئسٹر : آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں جنوبی افریقی ویمنز ٹیم نے پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دیکر ویمنز ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی، پاکستان نے جیت کیلئے 207 رنز کا ہدف دیا تھا جنوبی افریقہ نے ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیئسٹر میں کھیلے گئے ویمنز ورلڈ کپ کے راؤنڈ میچ میں ساؤتھ افریقا کی کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

    پاکستان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دوسو چھ رنزاسکور کیے۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے جویریہ 17رنز، نین عابدی 22، ثناء میر 15رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں جبکہ ناہیدہ بی بی اناسی رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے نمایاں رہیں۔

    جواب میں جنوبی افریقی ٹیم کو ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا سامنا رہا لیکن سات وکٹوں کے نقصان پر اننچاس ویں اوور میں ہدف حاصل کرلیا گیا۔ لیزلی لی ساٹھ رنز بناسکیں۔ پاکستان کی جانب سے سعدیہ یوسف نے دو وکٹ حاصل کیں۔

  • ویمنز ورلڈ کپ: ثناء میر کی قیادت میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان

    ویمنز ورلڈ کپ: ثناء میر کی قیادت میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ کی ویمنز سلیکشن کمیٹی نے ورلڈ کپ کے لئے پندرہ رکنی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، ثناء میر کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے جون میں شروع ہونے والے ویمنز ورلڈ کپ کیلئے قومی وومن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔

    ٹیم کی کپتان ثناء میر ہیں جبکہ ورلڈ کپ کے لئے اعلان کردہ پندرہ رکنی ٹیم کی کھلاڑیوں میں عائشہ ظفر، بیبی ناہیدہ، ماریانا اقبال، بسمہ معروف، جویریہ خان، سیدہ نین فاطمہ عابدی، وکٹ کیپر سدرہ نواز، کائنات امتیاز، اسماویہ اقبال، ڈیانا بیگ، وحیدہ اختر، نشرہ سندھو، غلام فاطمہ اور سعدیہ یوسف شامل ہیں۔

    عائشہ عشر ٹیم منیجر، صبیحہ اظہر کوچ، ابرار احمد ٹرینر، محمد زبیر ویڈیو اینالسٹ اور شاہد انور بیٹنگ کوچ ہوں گے۔ یاد رہے کہ ویمنز ورلڈ کپ چوبیس جون سے چوبیس جولائی تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

    قومی ٹیم میگا ایونٹ سے قبل بیس جون کو ویسٹ انڈیز اور بائیس جون کو آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچز کھیلے گی۔