Tag: وینٹی لیٹر

  • کروناوائرس: خلائی ادارے نے خصوصی وینٹی لیٹر کی تیاری شروع کردی

    کروناوائرس: خلائی ادارے نے خصوصی وینٹی لیٹر کی تیاری شروع کردی

    واشنگٹن: کروناوائرس کی تباہ کاریوں کے پیش نظر امریکی خلائی ادارے نے خصوصی وینٹی لیٹر کی تیاری شروع کردی، جس کا مقصد قیمتی جانوں کے مزید ضیاع کو روکنا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ’’ورجن اوبٹ‘‘ نامی خلائی کمپنی سیاروں اور خلاؤں سے متعلق تحقیق کے ساتھ ساتھ کروناوائرس سے لڑنے کے لیے بھی میدان میں آگئی۔

    کمپنی کے بانی ’’سر ریچرڈ برانسن‘‘ کروناوائرس کے متاثرہ مریضوں کی مدد اور انہیں طبی سہولت فراہم کرنے کے لیے وینٹی لیٹر تیار کررہے ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ عموماً ہم خلا میں بھیجنے کے لیے راکٹ ودیگر آلات تیار کرتے ہیں، ہم طب کے ماہرین یا پھر ڈاکٹر نہیں ہیں۔

    وینٹی لیٹر مشینیں کرونا سے کیسے لڑیں گی؟

    ’’لیکن ہمارے پاس ایسے مفکرین موجود ہیں جو کسی بھی منصوبے کی تیاری اور اسے عملی جامع پہنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ وینٹی لیٹر کی تیاری میں یونیورسٹی آف کیلی فورنیا اور یونیورسٹی آف ٹیکساس کا خصوصی تعاون حاصل ہے۔ حالات کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے حکومتی اور نجی اداروں کو مل کر کام کرنا چاہیے‘‘۔

    کمپنی کے سی ای او ڈین ہرٹ کا کہنا ہے کہ جان لیوا وبائی مرض سے ہونے والی اموات سے دل بہت رنجیدہ ہے، ڈاکٹرز اور طبی عملہ ہر ممکن کردار ادا کررہا ہے۔ ممکنہ طور پر اپریل تک وینٹی لیٹر تیار کرلیے جائیں گے۔

  • میں نے وینٹی لیٹر بنانے کی تجویز دی تھی،فواد چوہدری

    میں نے وینٹی لیٹر بنانے کی تجویز دی تھی،فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ میں نے وینٹی لیٹر بنانے کی تجویز دی تھی، انشا اللہ اس ہفتے بنایا گیا وینٹی لیٹر ڈریپ کے پاس چلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ 3 ہفتے پہلے ٹیسٹنگ کٹس، وینٹری لیٹرز کے لیے اقدامات اٹھائے گئے تھے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کرونا ٹیسٹنگ کٹس اس وقت 7 سے 8 ہزار روپے کی ہے،کرونا ٹیسٹ پراپر ٹیسٹنگ نہ گزرنے تک مفید نہیں ہوسکتا۔

    وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ میں نے وینٹی لیٹر بنانے کی تجویز دی تھی،انشا اللہ اس ہفتے بنایا گیا وینٹی لیٹر ڈریپ کے پاس چلا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ امید ہے ٹیسٹنگ کٹس اور وینٹی لیٹرز جلد ہی مارکیٹ میں آجائیں گی،مقامی سطح پر ٹیسٹنگ کٹس اور وینٹی لیٹرز کی تیاری کے اقدامات پہلے ہی لے لیے گئے تھے۔ فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پہلے صرف ٹیسٹنگ کٹس چین اور دیگر ممالک ہی بنا رہے تھے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1526 تک جا پہنچی ہے ،وائرس سے اب تک 14 افراد جاں بحق اور 29 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • کرونا وائرس: امریکا میں 1 لاکھ افراد متاثر، 2 کھرب ڈالرز کے ریلیف بل کی منظوری

    کرونا وائرس: امریکا میں 1 لاکھ افراد متاثر، 2 کھرب ڈالرز کے ریلیف بل کی منظوری

    واشنگٹن: امریکا میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں 15 سو سے زائد ہوگئیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2.2 کھرب ڈالرز کے ریلیف بل پر دستخط کردیے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا ٹاسک فورس کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں طبی و حفاظتی سامان کی فراہمی کے لیے فیصلے کر رہا ہوں، ڈیفنس پروڈکشن آرڈر کے تحت وینٹی لیٹرز بنانے کی ہدایت کی ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بحران کے خاتمےکے لیے تمام اختیارات استعمال کروں گا۔

    امریکی صدر نے ڈیفنس پروڈکشن ایکٹ پر عمل درآمد کے لیے پیٹر نوارو کو مشیر مقرر کردیا۔ انہوں نے کہا کہ وینٹی لیٹرز بنانے والی تمام بڑی کمپنیوں کو متحرک کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ریلیف بل کے 2.2 کھرب ڈالرز برابری کی بنیاد پر تقسیم کیے جائیں گے، تاریخی بل منظور کرنے پر تمام اراکین کا شکر گزار ہوں۔

    صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایپل، ٹاسک فورس کے تعاون سے نئی ایپ تیار کر رہا ہے، ایپ کرونا ٹیسٹنگ میں مددگار ثابت ہوگی۔ روزانہ کی بنیاد پر ایک ہزار لوگوں کے کرونا کے ٹیسٹ کر رہے ہیں، امریکاا س وبا کا بہادری سے مقابلہ کر رہا ہے، کرونا کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے تمام وسائل استعمال کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے مجھ سے وینٹی لیٹرز مانگے ہیں۔ جاپان، اٹلی، اسپین سمیت دیگر ممالک بھی مدد مانگ رہے ہیں۔ ہماری پہلی ترجیح امریکیوں کی مدد کرنا ہے۔ چاہتا ہوں کہ پورے ملک کو جلد از جلد کھولا جائے۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تمام ریاستیں وفاق کی تعریف کریں، شکایتیں نہیں۔ سیاسی بنیادوں پر ریاستیں اداروں پر تنقید نہ کریں۔ میڈیا اور ریاستی گورنرز تنقید سے باز رہیں۔ چین کے صدر کے ساتھ ویکسین کی تیاری پر بات ہوئی، کرونا کی ویکسین تیار کرنے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ شہری اندرون ملک سفر سے گریز کریں، لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی سے نئے مسائل جنم لے سکتے ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران صدر ٹرمپ نے ایک اور غلط دعویٰ کردیا، انہوں نے کہا کہ امریکا دنیا میں سب سے زیادہ کرونا ٹیسٹنگ کر رہا ہے۔

    صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ملیریا کی دوائی پر تجربات جاری ہیں، اگر کوئی دوا کام کرتی ہے تو زبردست ورنہ کچھ اور آزمائیں گے، ٹیسٹنگ ہو رہی ہے لیکن تجربات پر زیادہ وقت ضائع نہیں کرنا چاہتا۔

    خیال رہے کہ امریکا میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی، امریکا میں کرونا سے ہلاکتیں 15 سو سے زائد ہوگئی ہیں۔

  • وینٹی لیٹر مشینیں کرونا سے کیسے لڑیں گی؟

    وینٹی لیٹر مشینیں کرونا سے کیسے لڑیں گی؟

    انسانی صحت اور علاج معالجے سے متعلق طبی آلات اور مختلف مشینوں میں وینٹی لیٹر کو گویا زندگی کی آخری امید کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

    کسی بیماری یا حادثے کے بعد اگر کوئی فرد وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا جائے تو اسے بہت سنجیدہ لیا جاتا ہے اور اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ مریض اب اس دنیا میں چند دن کا مہمان ہے۔ تاہم یہ خیال درست نہیں۔

    اس ضمن میں آپ کو مستند اور درست معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ایسی صورت میں ماہر معالج کی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔ اس مشین پر منتقل ہونے والا ہر مریض دراصل زندگی اور موت کی جنگ نہیں لڑ رہا ہوتا بلکہ یہ نظامِ تنفس کو بحال کرکے علاج میں مدد دیتی ہے۔

    کرونا وائرس کی وجہ سے جہاں افراتفری اور خوف کی فضا ہے، وہیں ہم وینٹی لیٹر کا شور بھی سن رہے ہیں۔

    ہم آپ کو بتاتے ہیں یہ مشین کیا ہے اور کب کسی مریض کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا جاتا ہے۔

    ہم اسے مصنوعی تنفس فراہم کرنا کہتے ہیں۔ یعنی جب کوئی مریض اس قابل نہیں رہتا کہ قدرتی طریقے اور جسمانی نظام کی مدد سے سانس لے سکے تو اسے وینٹی لیٹر کی مدد سے آکسیجن فراہم کی جاتی ہے۔

    یہ مشین ہے کیا؟
    یہ مشین تین بنیادی حصوں پر مشتمل ہے۔ ان میں آکسیجن سلنڈر، کمپریسر اور کمپیوٹر شامل ہیں۔

    یہ مریض کے لیے کیسے مددگار ثابت ہوتی ہے؟
    وینٹی لیٹر پر منتقل کیے جانے والے کسی بھی مریض کی ناک یا اس کے منہ سے ایک نلکی گزار کر اس کے پھیپھڑوں تک پہنچائی جاتی ہے، جو کمپریسر کے ذریعے آکسیجن سلنڈر سے براہِ راست آکسیجن مریض کے پھیپھڑوں تک لے جاتی ہے۔

    دوسری طرف کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج بھی یقینی بنایا جاتا ہے۔ اس کے لیے بھی ایک نلکی کی مدد لی جاتی ہے جو پھیپھڑوں سے کاربن ڈائی آکسائیڈ نکال کر باہر لے آتی ہے۔

    وینٹی لیٹر مشین سے ہوا کی مدد سے حسبِ ضرورت آکسیجن مریض کے پھیپھڑوں تک براہِ راست بھیجی جاتی ہے۔

    عام طور پر مریض خود سانس خارج کرتا ہے، لیکن اگر تنفس کا عمل معطل ہو چکا ہو تو یہی مشین سانس خارج کرتے ہوئے پھیپھڑوں کے طرز پر کام کرتی ہے۔

    انسانی پھیپھڑوں کے اندر مخصوص دباؤ کو برقرار رکھنا ضروری ہے ورنہ یہ اہم ترین عضو پچک سکتے ہیں اور وینٹی لیٹر مشین اس دباؤ کو برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے۔

    اس میں موجود ایک ٹیوب پھیپھڑوں میں جمع ہونے والا پانی باہر نکالنے میں مدد دیتی ہے۔

    کمپیوٹر کی مدد سے اس عمل کی نگرانی کی جاتی ہے اور آکسیجن کی فراہمی میں ضرورت کے مطابق کمی بیشی کی جاتی ہے۔

    یہ منہگی مشین ہے اور اس کے لیے جو پرزے اور مشینیں درکار ہوتی ہیں اس کی زیادہ تر سپلائی چین جیسے ملک سے ہوتی ہے جو کرونا وائرس سے سب سے پہلے متاثر ہوا تھا۔

    کرونا وائرس کے شکار افراد کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے جس کے لیے بڑی تعداد میں وینٹی لیٹر مشین کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔

    وینٹی لیٹر، مصنوعی تنفس ہے جو صحت بحال کرنے میں مددگار ہے۔

  • پنجاب میں کرونا وائرس ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے وینٹی لیٹرز کی شدید قلت

    پنجاب میں کرونا وائرس ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے وینٹی لیٹرز کی شدید قلت

    لاہور: صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے وینٹی لیٹرز کی شدید قلت سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں وینٹی لیٹرز کی قلت کا مسئلہ سامنے آ گیا ہے، دوسری طرف صوبے میں پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کا نفاذ کیا جا چکا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق پنجاب کے اسپتالوں میں 10 کروڑ کی آبادی کے لیے صرف 882 وینٹی لیٹرز ہیں، پنجاب کی آبادی کے لحاظ سے 1 لاکھ 13 ہزار لوگوں کے لیے صرف 1 وینٹی لیٹر موجود ہے، لاہور کے 6 بڑے اسپتالوں میں صرف 406 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں۔

     میو اسپتال میں کورونا وائرس کا مشتبہ مریض دم توڑ گیا

    پی ایم ڈی سی رولز کے مطابق ٹیچنگ اسپتالوں میں 5 ہزار وینٹی لیٹرز ہونے چاہئیں، دوسری طرف گنگا رام اسپتال میں 27، چلڈرن اسپتال میں صرف 99 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں، میو اسپتال میں 82، جناح اسپتال میں بھی صرف 78 وینٹی لیٹرز موجود ہیں، سروسز اسپتال میں 72 ، اور جنرل اسپتال میں 48 وینٹی لیٹرز موجود ہیں۔

    پنجاب آنے والے 5 زائرین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ پنجاب کابینہ نے صوبے میں پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کی منظوری دے دی ہے، ایک لاکھ لوگوں کے لیے ایک ہفتے کے اندر علاج کی سہولت گاہ قائم کی جا سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ صحت کو ضروری سامان کے لیے 24 کروڑ کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں، کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے مزید 10 ہزار کٹس بھی منگوائی جا رہی ہیں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کرونا ہیلتھ ایمرجنسی کے پیش نظر اپنا ہیلی کاپٹر بھی محکمہ صحت کے حوالے کر چکے ہیں، ہیلی کاپٹر کو مریضوں کی منتقلی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ادھر آج ڈاکٹر یاسمین راشد نے پریس کانفرنس میں پنجاب میں 6 کیسز کی تصدیق بھی کر دی ہے۔

  • ملکی معیشت وینٹی لیٹر پر ہے، قوم کو مہنگائی کے منہ میں دھکیل دیا گیا، حمزہ شہباز

    ملکی معیشت وینٹی لیٹر پر ہے، قوم کو مہنگائی کے منہ میں دھکیل دیا گیا، حمزہ شہباز

    لاہور : پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ جھوٹے وعدے کرنے والوں نے قوم کو مہنگائی میں دھکیل دیا ہے، آج ملک کی معیشت وینٹی لیٹر پر ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ پشاور کے بی آرٹی منصوبے کی رپورٹ آئی تو اسے کوئی پوچھنے والانہیں ہے، خود پی ٹی آئی حکومت کی رپورٹ یہ کہتی ہے7ارب روپے کی کرپشن ہوئی۔

    اپوزیشن کو احتساب کے نام پر ڈرانے والے نیازی صاحب وہ وقت آنے والا ہے، جب آپ کوسرکاری ہیلی کاپٹروں میں سیر سپاٹے کرنے اور حلیمہ باجی کو اپنی آف شور کمپنی کا جواب دینا پڑے گا،۔

    انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں دس سال تک نیب میں پیش ہوتارہا ہوں، میں نے جو کچھ کیا قانون کے مطابق کیا، مجھے پیشیوں کی کوئی فکر نہیں ہے، ملک میں مہنگائی کی شکل میں جوطوفان آنے والا ہے صرف اس کی فکر ہے۔

    ملکی معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ملک کی معیشت وینٹی لیٹر پر ہے، غریب پوچھتا ہے کہ دو وقت کی روٹی کیسے پوری کریں، وزیر اعظم  چور ڈاکو کی بات ضرور کرو مگر غریب کی روزی سے تو مت کھیلو، عمران خان کی8ماہ کی کارکردگی نے ثابت کردیا کہ تم کھلاڑی نہیں ہو۔

    حکومت پر تنقید کرتے ہوئے  حمزہ شہباز نے کہا کہ  الیکشن سے قبل  یہ کہتے تھے کہ  ہم خود کشی کرلیں گے لیکن آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے، جھوٹے وعدے کرنے والوں نے قوم کو مہنگائی کے منہ میں دھکیل دیا ہے، قوم عمران خان نیازی کو اپنے وعدے دلائیں، قوم کو غصہ آگیا تو عمران نیازی کو چھپنے کی کہیں جگہ نہیں ملے گی۔

    انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے معیشت کے ساتھ جو کھلواڑ کیا گیا اس کی زد میں صرف غریب آئے ہیں، حکمرانوں کو آج تک یہ بھی نہیں پتا کہ آئی ایم ایف میں جانا ہے یا نہیں؟ ملکی معیشت کو جو خطرناک لاحق ہیں وہ انتہائی خوفناک ہیں، ہم سب کو مل کر دعا کرنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ خیر کرے۔

    حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ نیب نے شہبازشریف کو صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ کیس میں گرفتار کیا، جب ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت نہ ہوئی عدالت نے شہبازشریف کو رہا کردیا، کاشت کاروں کی فصلیں حالیہ بارشوں اورطوفان میں تباہ ہوگئیں لیکن ہمارا وزیراعلیٰ پنجاب کہتا ہے کہ دعا کریں بارش رک جائے۔