Tag: ویڈیو منظرعام پر

  • کراچی : ایک اور بے گناہ شہری پولیس کی اندھی گولی کا نشانہ بن گیا، ویڈیو منظرعام پر

    کراچی : ایک اور بے گناہ شہری پولیس کی اندھی گولی کا نشانہ بن گیا، ویڈیو منظرعام پر

    کراچی : شہر قائد میں ایک بار پھر بے گناہ شہری پولیس کی اندھی گولی کا نشانہ بن گیا، موٹر سائیکل سوار عدیل نے موقع پر جان دے دی، موت سر پر گولی لگنے سے ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کی روش نہ بدلی ایک اور مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور شہری قتل ہوگیا۔ کراچی کے علاقے پیرآباد میں پولیس مقابلے کی ویڈیو سامنے آگئی.

    پیرآباد نیو میانوالی کالونی میں عید کے روز پولیس مقابلے کے بعد کی ویڈیو میں دیکھاجاسکتا ہے کہ پولیس کی مبینہ فائرنگ سےجاں بحق ہونے والے عدیل کی لاش موٹرسائیکل کے ساتھ موقع پر پڑی ہے۔

    اس کے کچھ فاصلے پر پانی میں گرے زخمی ڈاکو کو پولیس اہلکار گرفتاری کے بعد گھسیٹتے ہوئے لے کر جارہے ہیں۔ اتحاد ٹاؤن کا رہائشی مقتول عدیل اپنے بھائی کے ساتھ اس کی سسرال آیا ہوا تھا۔

    عدیل کی موت سر پر پولیس فائر لگنے سے ہوئی۔ شہری کی ہلاکت کے بعد موقع پر موجود شہریوں نے فائرنگ کرنے والے اہلکارکو پکڑ بھی لیا تھا۔ اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اگر اہلکار ذمہ دار پائے گئے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق کراچی میں ہونے والے پولیس کے کئی مقابلوں کے دوران اندھا دھند فائرنگ کے واقعات میں اب تک کئی بیگناہ شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    آئی جی سندھ نے واضح ہدایت دے رکھی ہیں کہ گنجان علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران اسٹیٹ فائرنگ نہ کی جائے۔

  • چائنا کٹنگ میں ملوث پولیس افسررنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ویڈیو منظرعام پر

    چائنا کٹنگ میں ملوث پولیس افسررنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ویڈیو منظرعام پر

    کراچی : شہر قائد میں چائنا کٹنگ میں پولیس کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، اےآروائی نیوز پولیس افسر کے اعتراف کی وڈیو منظرعام پر لےآیا، صوبائی وزیر داخلہ سہیل انورسیال نے نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں چائنہ کٹنگ کی بہتی گنگا میں پولیس افسر نے بھی ہاتھ صاف کیے، قانون کے رکھوالے نے دو نمبر پلاٹوں کی لین دین میں جیبیں گرم کرنے اعتراف کرلیا۔

    سندھ پولیس کی کالی بھیڑ پولیس افسر اکبر شرجو لینڈ مافیا کا سہولت کار بھی ہے، گلستان جوہر میں تعینات اس پولیس افسر اکبر شر نے عوام کو چونا لگادیا، رشوت لینے کی اعترافی وڈیو اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    سپریم کورٹ کے حکم پر شہرقائد میں چائنہ کٹنگ کے خلاف آپریشن ہوا تو پولیس افسر کو لینے کے دینے پڑ گئے، پولیس کو پیسے دینے والے کا گھر مسمار ہوا تو وہ اکبر شر کے گلے پڑ گیا۔

    پولیس افسر معاملہ رفع دفع کرانے متاثرہ فریق کے پاس جرگہ لے کر پہنچ گیا، پولیس والا جان چھڑانے کیلئے منت سماجت پراتر آیا، بچوں کا واسطہ دیا۔


    مزید پڑھیں: میئر کراچی کو اختیارات دے کر چائنا کٹنگ کا رواج زندہ نہیں کرسکتے، وزیراعلیٰ


    اس کا کہنا تھا کہ ہاتھ جوڑتا ہوں، پاؤں پکڑتا ہوں، ایک لاکھ روپے لے لو میری جان چھوڑدو، اے آر وائی نیوز کی خبر پر صوبائی وزیر داخلہ سہیل انورسیال نے فوری ایکشن لیتے ہوئے واقعے کی تفتیش کا حکم دے دیا، انہوں نے کہا کہ چائنا کٹنگ میں ملوث اہلکار کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

  • بی بی شہید کی بیٹی آصفہ بھٹو باکسر بن گئیں، ویڈیو منظرعام پر

    بی بی شہید کی بیٹی آصفہ بھٹو باکسر بن گئیں، ویڈیو منظرعام پر

    دبئی: محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی صاحبزادیاں بختاوراورآصفہ بھٹو زرداری باکسر بن گئیں، بختاور اور آصفہ کی باکسنگ ٹریننگ کی ویڈیو سامنے آگئی۔ دونوں بہنیں پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان کےزیرتربیت ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بے نظیر بھٹو کی طرح سخت جان اورحوصلہ مند ان کی بیٹیاں سیاست کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں بھی سرگرم عمل ہیں۔ پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان کے زیرتربیت بختاور بھٹو باکسنگ سیکھنے لگیں۔

    بختاور نے ورلڈ چیمپئن عامر خان سے نہ صرف ٹپس لیں بلکہ رنگ میں بھی اتریں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بختاور بھٹو کی باکسنگ ٹریننگ ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ مکے بازی کرتی نظر آرہی ہیں۔

    یہ ویڈیو بختاور بھٹو نے بھی سوشل میڈیا پر جاری کی ہے۔ بڑی بہن باکسنگ کرے تو چھوٹی کہاں پیچھے رہتی ہے۔ جس کے بعد آصفہ بھٹو نے بھی باکسنگ شروع کردی ہے۔

  • جامعہ کراچی میں کلرک رشوت طلب کرتے ہوئے پکڑا گیا

    جامعہ کراچی میں کلرک رشوت طلب کرتے ہوئے پکڑا گیا

    کراچی : جامعہ کراچی کے کلرک کی رشوت وصولی کی ویڈیو منظرعام پرآگئی، مذکورہ کلرک بلا جھجک فارم جمع کرنے کے سو روپے وصول کر رہا تھا، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر نے نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی یونی ورسٹی میں رشوت کا بازار گرم ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جامعہ کراچی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے کلرک فارم جمع کرنے کے لیےطلباء سے رشوت لیتے ہیں، کلرکوں نے فی طالب علم 100روپے ریٹ مقرر کر رکھا ہے۔

    ایک طالبہ نے ہمت کرکے رشوت خور کلرک کی فوٹیج بنالی، کلرک کی رشوت مانگتے ہوئے ویڈیو منظرعام پرآگئی، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمداجمل خان نے نوٹس لے لیا، انہوں نے انتظامیہ کو واقعے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    اس حوالے سے لائبریری انچارج نے وائس چانسلر کو بریفنگ دی کہ کلیئرنس سے پہلے واجبات دینا ہوتے ہیں، ترجمان جامعہ کراچی کا کہنا ہے کہ طالبہ پر سیمینار لائبریری کے واجبات تھے، خبرمیں تصویر کا صرف ایک رخ پیش کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب اے آر وائی نیوز کو ملنے والی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ ایک طالبہ نے سو روپے دینے سے انکار کیا تو کلرک نے دستخط کرنے سے صاف منع کردیا، طلباء نے کئی بار جامعہ کراچی میں رشوت خوروں کے خلاف شکایات درج کروائی مگر تاحال کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

     اس حوالے سے جامعہ کراچی کے رجسٹرارمعظم علی کا کہنا ہے کہ رشوت کا واقعہ محمود الحسن لائبریری میں پیش آیا جس کی رپورٹ مانگ لی گئی ہے اور رشوت ستانی میں ملوث کلرک کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔ ذرائع کے مطابق رشوت لیتے ہوئے اس کلرک کا تعلق شعبہ بین الاقوامی تعلقات عامہ سے بتایا جاتا ہے۔