Tag: ویڈیو پیغام

  • مرکزی صدر پی ٹی آئی نے جشن آزادی کے موقع پر اہم ویڈیو پیغام میں کیا کہا؟

    مرکزی صدر پی ٹی آئی نے جشن آزادی کے موقع پر اہم ویڈیو پیغام میں کیا کہا؟

    پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویزالٰہی نے جشن آزادی کے موقع پر عوام اور کارکنان کےلیے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

    مرکزی صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویزالٰہی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پوری قوم جشن آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منارہی ہے، ہمیں یہ ہرگز نہیں بھولنا چاہیے اللہ نے پاکستان کلمے کی برکت سے نوازا، یہ مملکت لا الہ الاللہ محمد رسول اللہ کے نظام تلے قائم ہے۔

    چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ سب لوگ اپنے اختلافات بھلاکر قوم اور ملک کی خاطر یک جان ہوں، شہیدوں کو یاد رکھیں جنھوں نے قیام پاکستان کے موقع پر جانوں کا نذرانہ دیا۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں کو 35 سال قید، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی گرفتاری کا حکم

    انھوں نے کہا کہ آج بھارت کے مسلمانوں سے پوچھیں آزادی کتنی بڑی نعمت ہے، اللہ سے دعا کریں ہر محاذ پر ہم کامیاب ہوں اور ملک میں اتفاق رہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویزالٰہی کا اپنے ویڈیو پیغام میں مزید کہنا تھا کہ اس ملک نے انشااللہ بہت آگے بڑھنا ہے اور ترقی کرنی ہے، نوجوانوں کو خاص طور پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

    پرویزالٰہی نے کہا کہ ماشااللہ نوجوان بڑی سوچ سمجھ رکھنے والے ہیں، پوری امید ہے انشااللہ نوجوان ہی پاکستان کو آگے لےکر جائیں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/sc-issues-notice-to-punjab-govt-over-pti-founders-appeals/

  • فیصل قریشی کا انڈسٹری کے تمام فنکاروں کیلئے اہم ویڈیو پیغام

    فیصل قریشی کا انڈسٹری کے تمام فنکاروں کیلئے اہم ویڈیو پیغام

    پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار اور میزبان فیصل قریشی نے انڈسٹری کے تمام فنکاروں کیلئے اہم ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

    اپنے ویڈیو پیغام میں سینئر اداکار اور میزبان فیصل قریشی نے ساتھی فنکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ کسی بھی قسم کی پریشانی کا شکار ہیں تو خود کو اکیلا نہ سمجھیں اور ان سے رابطہ کریں وہ اور ان کے ساتھ دیگر اداکار مدد کرنے کیلئے موجود ہیں۔

    اُنہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ فنکاروں کیلئے بنائی گئی آرگنائزیشن ’ایکٹ پاکستان‘ کی جانب سے اداکارہ عائشہ خان اور حمیرا اصغر کے ایثال ثواب کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا تھا۔

    فیصل نے کہا کہ فنکاروں کی مدد کیلئے ’ایکٹ‘ میں لوگ موجود ہیں جو ان کی ہر ممکن مدد کریں گے چاہے وہ معاشی مسائل ہوں یا صحت کے مسائل ہوں۔

    اُنہوں نے بتایا کہ میرے ساتھ ساتھ حنا بیات، عتیقہ اوڈھو، عمیر رانا سمیت دیگر لوگ 24 گھنٹے مدد کیلئے موجود ہیں اس لئے براہِ کرم اگر کوئی کسی مسائل اور پریشانی کا سامنا کر رہا ہے تو ہم سے رابطہ کرسکتا ہے۔

    سینئر اداکار کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس پر صارفین کی جانب سے ویڈیو پر تبصرے کرتے ہوئے ان کی اس کوشش کو خوب سراہا جارہا ہے۔

    حمیرا اصغر شدید مالی بحران کا شکار تھیں:

    واضح رہے کہ تحقیقاتی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر شدید مالی بحران کا شکار تھیں واٹس ایپ پر بھائی سمیت 10 افراد کو ’ہیلو‘ کہا کسی نے جواب نہ دیا۔

    ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی موت طبعی تھی، حادثاتی، خودکشی یا قتل؟ خصوصی ٹیم نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ 63 لوگوں سے تحقیقات کی جائیں گی، 5 افراد کے بیانات ریکارڈ کرلیے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ شدید مالی بحران کا شکار تھیں، بھائی سمیت قریبی لوگوں سے مدد کی درخواست کی تھی، 7 اکتوبر کو حمیرا نے 10 افراد کو واٹس ایپ پر ’ہیلو‘ کے پیغامات بھیجے اور لکھا کہ ہیلو میں تم سے بات کرنا چاہتی ہوں مگر کسی نے کوئی جواب نہ دیا۔

    ’ایک جیسے ڈرامے‘ فیصل قریشی نے مداح کے سوال پر کیا کہا؟

    تحقیقاتی ذرائع کے مطابق حمیرا کے میسجز کا جواب نہ دینے والوں میں بھائی، سلمان، محسن، حسن، عمران شامل ہیں۔

    اداکارہ نے موت کے وقت نائٹ سوٹ پہن رکھا تھا، واش روم سے بھگوئے کپڑے، خشک ٹب اور پھٹے ہوئے کپڑے ملے ہیں، کمرے سے خالی سگریٹ کا پیکٹ اور استعمال فلٹر ملا، کمرے سے کوئی دوا نہیں ملی، موت کے وقت ان کے دونوں ہاتھ سینے سے چمٹے ہوئے تھے، ملازمہ کو بھی ہٹا دیا تھا۔

  • وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا ویڈیو پیغام

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا ویڈیو پیغام

    پشاور: وزیراعلیٰ کےپی نے ویڈیو پیغام جاری کردیا، علی امین نے کہا کہ اپنے اختیارات دوسروں کے حوالے کرنے کا پروپیگنڈا بےبنیاد اور جھوٹا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ میں ایک تجویز سے متعلق غلط فہمی کی وضاحت کرنا چاہتا ہوں، پروپوزل کے تحت صوبے کا اختیار کہیں بھی کسی صورت کسی کونہیں دیا جارہا۔

    وزیراعلی کےپی نے کہا کہ میرے بغض میں بغیر تحقیق کیے سازشیں شروع ہو جاتی ہے جو افسوس کی بات ہے، اچھے ریفارمز کرکے ہم نے صوبے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا ہے، ریونیو بڑھایا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ یہ ایک مافیا ہے جو ریفارمز پسند نہیں کررہا اور پہلے جیسے حالات چاہتے ہیں، ہمارے آنے کے بعد 4 سائٹس پر غیرقانونی معدنیات ٹھیکے روکے گئے۔

    علی امین گنڈاپور نے کہا کہ شفاف نیلامی کے ذریعے 5 ارب روپے کا ریونیو جمع کیا، غیرقانونی مائننگ پر سخت قانون سازی لارہے ہیں، غیرقانونی مائننگ ہوئی تو مشینری ضبط کرکے نیلام کریں گے۔

    معدنی شعبے میں ویلیو ایڈیشن کرکے قیمتی وسائل بچائے جاسکتے ہیں، 50 کروڑ سے زائد انوسٹمنٹ پر ٹھیکے کا دورانیہ بڑھایا جائےگا۔

    وزیراعلیٰ کےپی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مائننگ میں کرپشن روکنے کےلیے صوبے میں کمیٹی بنائی ہے، کمیٹی میں محکمہ قانون، نیب اوردیگرافسران بھی شامل ہیں، مائنز اینڈ منرلز ایکٹ ابھی اسمبلی میں پیش ہوا ہے، ایوان میں بحث ہونی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/imran-khan-removes-ali-amin-gandapur-from-pti-kp-presidency/

  • زیلنسکی نے امریکا کیلئے ویڈیو پیغام جاری کر دیا

    زیلنسکی نے امریکا کیلئے ویڈیو پیغام جاری کر دیا

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے کشیدگی کے بعد یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں جمعے کو ہونے والی ملاقات میں ولودیمیر زیلنسکی، امریکی صدر ٹرمپ اور جے ڈی وینس کے درمیان گرما گرمی ہوگئی تھی۔

    رپورٹس کے مطابق اس ملاقات کے دوران یوکرینی صدر نے جب امریکا کی مجوزہ جنگ بندی کی شرائط ماننے سے انکار کیا تو ٹرمپ اور وینس نے ان پر ’ناشکری‘ کا الزام لگادیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق اب لندن میں روس یوکرین جنگ کے حوالے سے اہم سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد یوکرینی صدر نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ہر کوئی اصل مسئلے پر متحد ہے، حقیقی امن کے قیام کے لیے ہمیں حقیقی تحفظ کی ضمانتوں کی ضرورت ہے اور برطانیہ، یورپی یونین اور ترکی کا بھی یہی موقف ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ بلاشبہ ہم امریکا کی اہمیت کو سمجھتے ہیں اور ہم امریکا سے ملنے والی تمام تر مدد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ کوئی دن ایسا نہیں گزرا جب ہم امریکا کے شکر گزار نہ ہوئے ہوں اور یہ شکر گزاری ہماری آزادی کے تحفظ کے لیے ہے۔

    یوکرینی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں کبھی نہ ختم ہونے والی جنگ نہیں بلکہ امن کی ضرورت ہے اور اسی لیے ہم نے یہ کہا کہ حفاظتی ضمانتیں اس کی کلید ہیں۔

    امریکی عدالت کے فیصلے سے ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک اور جھٹکا

    اُنہوں نے مزید کہا کہ یوکرین میں ہماری مشکلات سے نکلنے کا انحصار اس بات پر ہے کہ ہمارے شراکت دار ہمارے لیے اور اپنی سلامتی کے لیے کیا اقدامات کر رہے ہیں۔

  • ہماری انٹیلی جنس نے بھارت کی غیر معمولی نقل و حرکت محسوس کی ہے: وزیر خارجہ

    ہماری انٹیلی جنس نے بھارت کی غیر معمولی نقل و حرکت محسوس کی ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہماری انٹیلی جنس نے بھارت کی غیر معمولی نقل و حرکت محسوس کی ہے، پاک فوج بر وقت اور مناسب جواب کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنا اہم ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔ اپنے پیغام میں وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی عزائم پر ایک اور خط صدر سلامتی کونسل کو ارسال کیا۔ یہ میرا ساتواں خط تھا جس میں بھارتی اقدامات کی نشاندہی کی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے بھارت کے ناپاک عزائم ظاہر ہوتے ہیں، سلامتی کونسل کی توجہ خاص طور پر 4 اقدامات پر دلائی ہے۔ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر لگی باڑھ کو 5 جگہ سے کاٹا ہے۔ اس کے پیچھے کیا عزائم ہیں کیا کوئی نیا مس ایڈونچر ہونے جا رہا ہے؟

    انہوں نے کہا کہ بھارت کے ایل او سی پر باڑھ کاٹنے پر ہمیں تشویش ہے۔ جنوری 2019 سے اب تک 3 ہزار بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی۔ خواتین اور بچوں سمیت 300 نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خط کی بنیاد پر سیکیورٹی کونسل میں چین نے مسئلے کو دوسری مرتبہ اٹھایا، پہلی بار 5 اگست کے بھارتی اقدامات کے پیش نظر مسئلے کو اٹھایا گیا۔ اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کے بند کمرہ اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ چین نے اس مسئلے کو سلامتی کونسل میں بروقت اٹھایا، بھارت کے نئے اقدامات کی یو این فوجی مبصر گروپ سے چھان بین کروائی جائے۔ چھان بین کے ذریعے زمینی حقائق سے سلامتی کونسل کو آگاہ کیا جائے۔

    اپنے پیغام میں وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ نریندر مودی کے عزائم واضح ہیں۔ آج مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 136 واں دن ہے۔ کشمیر میں کمیونی کیشن بلیک آؤٹ اور مواصلات کے ذرائع معطل ہیں۔ مقبوضہ وادی میں میڈیا جا نہیں سکتا، ڈپلو میٹس پر پابندی ہے۔ بابری مسجد فیصلے سے بھارت کے 20 کروڑ مسلمانوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شہریت ترمیمی بل پر آسام کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے احتجاج کی خود قیادت کی۔ بھارت کی 5 ریاستوں میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ احتجاج سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت کی طرف سے نئے ناٹک کا خدشہ ہے۔

    وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہماری انٹیلی جنس نے بھارت کی غیر معمولی نقل و حرکت کو محسوس کیا ہے۔ یہ نقل و حرکت اشارہ دیتی ہے کہ بھارت کے ارادے درست نہیں۔ پاکستانی قوم کی طرف سے مودی سرکار کو باور کروانا چاہتا ہوں۔ ہم پر امن لوگ ہیں لیکن 27 فروری کو مت بھولیے گا۔ جارحیت اور فالس فلیگ آپریشن کیا گیا تو پاکستانی افواج تیار ہیں۔

  • سانحہ نیوزی لینڈ: آسٹریلوی شہری کا مسلمانوں سے منفرد انداز میں اظہار یکجہتی، ویڈیو وائرل

    سانحہ نیوزی لینڈ: آسٹریلوی شہری کا مسلمانوں سے منفرد انداز میں اظہار یکجہتی، ویڈیو وائرل

    سڈنی: آسٹریلوی شہری نے کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر ہونے والی دہشت گردی کے واقعہ میں شہید اور زخمی ہونے والوں سے منفرد انداز میں اظہار یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جہاں مختلف ممالک میں سانحہ نیوزی لینڈ کی یاد میں شمعیں روشن کی جارہی ہیں اور شہید ہونے والے مسلمانوں کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے وہیں ایک آسٹریلوی شہری نے بھی منفرد انداز میں مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔

    آسٹریلوی شہری لیچ ڈرومونڈ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں سورج غروب ہوتے وقت واضح طور پر اذان کی آواز سنی جاسکتی ہے۔

    لیچ ڈرومونڈ نے اپنے ویڈیو پیغام میں لکھا کہ میں دنیا بھر کے مسلمانوں کے ساتھ ہوں اور اپنے گھر میں غروب آفتاب کے وقت آذان کی ریکارڈنگ چلا رہا ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میں کوئی مسلمان یا مذہبی شخص نہیں ہوں اور امید کرتا ہوں کہ میرے عمل کو برا نہیں سمجھا جائے گا، یہ میرا شہید ہونے والے نمازیوں سے اظہار یکجہتی ہے۔

    آسٹریلوی شہری کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو شیئر کرنے پر سراہا جارہا ہے، اسے اب تک 61000 افراد دیکھ چکے ہیں جبکہ 25 ہزار افراد نے ویڈیو کو ری ٹویٹ کیا اور 27000 افراد نے اس پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

    ایک صارف نے کہا کہ لیچ ڈرومونڈ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کا یہ عمل بہت ہی شاندار ہے جبکہ آسٹریلوی نے بھی ویڈیو پسند کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

    دوسری جانب نیوزی لینڈ کے شہری شہیدوں کی یاد میں پھول رکھ رہے ہیں، پیغامات لکھ رہے ہیں، شہیدوں کی یاد میں موم بتیاں اور دیے جلا رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں آسٹریلوی شہری کی دو مساجد میں اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 50 شہری شہید ہوگئے تھے جن میں 9 پاکستانی بھی شامل ہیں۔

    گزشتہ روز ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا اور جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا۔

  • کیا ہم انسانی شرافت اور پیارکو بھلا چکے ہیں؟ کمارسنگا کارا کا ویڈیو پیغام

    کیا ہم انسانی شرافت اور پیارکو بھلا چکے ہیں؟ کمارسنگا کارا کا ویڈیو پیغام

    کولمبو : سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کمار سنگاکارا نے اپنے ویڈیو پیغام میں ہم وطنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنی آنکھوں پر نفرت اور خوف کے پردے پڑنے نہیں دے سکتے، کیا ہم نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا؟ کیا ہم بنیادی انسانی شرافت اور پیار کو بھلاچکے ہیں؟

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ اسنٹا گرام پر جاری ویڈیو پیغام میں کہی، سری لنکن شہر کینڈی کے بعض علاقوں میں مسلمانوں کے خلاف پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کمارسنگا کارا نے کہا کہ کیا ہم اخلاقی طور پر اتنے کرپٹ ہو چکے ہیں کہ ہم یہ دیکھ نہیں پا رہے کہ ہمارے بغیر سوچے سمجھے کیے گئے اقدامات کس طرح ہم سب کے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

    STOP #Digana #SriLanka

    A post shared by Kumar Sangakkara Personal Page (@sangalefthander) on

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے ہمسایوں کے تحفظ کے ذمہ دار ہیں، ہم اپنی بہنوں اور بھائیوں کے رکھوالے ہیں، ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ سری لنکا میں نسل اور مذہب سے قطع نظر ہر کوئی محفوظ محسوس کرے، اسے محبت ملے اور وہ خود کو معاشرے کا حصہ سمجھے۔

    جب ہم اپنے ہم وطن بہنوں اور بھائیوں کی آنکھوں میں دیکھیں تو ہم یہ نہ دیکھ رہے ہوں کہ وہ سنہالیز، مسلمان یا تامل ہے بلکہ ہم ان میں خود کی ذات کو دیکھیں، ہم ان کی آنکھوں میں وہی امیدیں اور خواب دیکھیں، اپنے وطن اور ایک دوسرے کے لیے بھرپور محبت کو دیکھیں۔

    یاد رہے کہ کمارا سنگاکار خود آج کل متحدہ عرب امارات میں ہیں جہاں وہ پاکستان پریمیئر لیگ کی ٹیم ملتان سلطانز کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ سری لنکا میں مسلمانوں کے کاروبار اور مساجد پر کئی حملوں کے بعد حالات پر قابو پانے کے لیے انتظامیہ نے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

    سری لنکن شہر کینڈی کے بعض علاقوں میں بدھ مذہب سے تعلق رکھنے والی اکثریتی سنہالا برادری کی جانب سے مسلمانوں کی دکانوں کو نذر آتش کرنے کے واقعات کے بعد کرفیو نافذ ہے۔

    سری لنکن حکام کو خدشہ ہے کہ جلائی گئی ایک عمارت سے ایک نوجوان مسلمان کی لاش برآمد ہونے کے بعد انتقامی حملے ہو سکتے ہیں۔

  • انٹرا پارٹی الیکشن سےپہلےفاروق ستارکا کارکنان کےلیے ویڈیو پیغام

    انٹرا پارٹی الیکشن سےپہلےفاروق ستارکا کارکنان کےلیے ویڈیو پیغام

    کراچی : ایم کیو پاکستان کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستار کا کہنا ہے کہ 23 اگست 2017 کی طرح آج پارٹی دوبارہ بچانے کا وقت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن سے پہلے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستارنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کارکنان کراچی اورحیدرآباد پہنچ کرحق رائے دہی استعمال کریں۔

    فاروق ستار نے کہا کہ کارکنان ووٹ سے رابطہ کمیٹی اور سی ای سی کومنتخب کریں، پارٹی شدید بحران کا شکارہے، انٹرا پارٹی الیکشن واحد حل ہے۔

    ایم کیوایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ 23اگست کی طرح آج پارٹی دوبارہ بچانے کا وقت ہے، آج کا الیکشن پارٹی کو بحران سے بچائے گا۔

    فاروق ستار نے کہا کہ میرا 35 سال کا شفاف سیاسی کیرئیر سب کے سامنے ہے، میرا یقین کریں، میں آپ کو مایوس نہیں کروں گا۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ بحران سے نکلنے کے بعد عام انتخابات کی تیاری کریں گے، عام انتخابات میں بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کریں گے۔


    آج ایم کیو ایم کے انٹرا پارٹی الیکشن ہوں گے، فاروق ستار


    یاد رہے کہ گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ 18 فروری کو کراچی اور حیدر آباد میں انٹرا پارٹی الیکشن ہوں گے، واضح ہوجائے گا کہ سیاسی سربراہ کون ہے اور آئینی سربراہ کون ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • عمران خان کی کراچی کےعوام کو کل کےمارچ میں بھرپورشرکت کی دعوت

    عمران خان کی کراچی کےعوام کو کل کےمارچ میں بھرپورشرکت کی دعوت

    اسلام آباد : تحریک انصاف کےسربراہ عمران خان کاکہناہےکہ ایک جھوٹا شخص ہماراوزیراعظم نہیں ہوسکتا،انہوں نےگونوازگوتحریک میں شریک ہونے والوں کا شکریہ اداکیا۔

    تفصیلات کےمطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے پیغام میں کہاکہ سپریم کورٹ کے 5ججز نے قطری خط ردی کی ٹوکری کی نذر کردیا۔

    پی ٹی آئی کےسربراہ عمران خان نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہاکہ سپریم آف پاکستان کے 5ججز کی جانب سے قطری خط کے مسترد کیے جانے کا مطلب ہےکہ نوازشریف جھوٹا ہے۔

    عمران خان نے اپنے فیس بک پیچ پر ویڈیو پیغام میں کہاکہ کراچی کے لوگوں کو کل کے مارچ میں بھرپور شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔

    تحریک انصاف کےسربراہ کا کہناتھاکہ اتوار کی سہ پہر 3بجے مزار قائد سے واک کریں گے،ہماری یہ واک کامقصد کراچی کےمسائل اجاگر کرنا ہے۔

    عمران خان نےکہاکہ کراچی کےعوام بنیادی سہولتوں تک سےمحروم ہیں جبکہ صاحبان اقتدار نےپورا شہر گندگی پر بٹھارکھا ہے۔

    پی ٹی آئی کےسربراہ نےکہاکہ آج سے 30،35برس قبل کا کراچی آج کے شہرسےکہیں بہترتھا۔انہوں نےکہاکہ جب تک کراچی کےعوام نہیں نکلیں گےبہتری دوررہےگی۔


    پیشکش کس نے دی؟نام عدالت میں بتاؤں گا، عمران خان، ملک بھر میں جلسوں کا اعلان


    واضح رہےکہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا تھا کہ 10 ارب روپے کی پیشکش کے بیان پر قائم ہوں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں

  • ناصر جمشید کا پی سی بی کےنام ویڈیو پیغام

    ناصر جمشید کا پی سی بی کےنام ویڈیو پیغام

    لندن : پی ایس ایل فکسنگ اسکینڈل میں ملوث قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر ناصر جمشید نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کردی۔

    تفصیلات کےمطابق پاکستان سپرلیگ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث کرکٹرناصر جمشید نےاپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی سے نہیں چھپ رہا اور نہ ہی میں نے گھر تبدیل کیاہے۔

    ناصر جمشید کا پی سی بی سےکہنا تھا کہ پہلے برطانیہ میں ہونے والی این سی اے کی تحقیقات کو مکمل ہونے دیا جائے۔

    دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نےناصرجمشید کو جواب جمع کرانے کے لیے 14دن کی مہلت دے دی۔ترجمان پی سی بی کاکہناہےکہ ناصرجمشید ویڈیو پیغام نہیں بلکہ تحریری جواب جمع کروائیں۔،

    خیال رہے کہ پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کردیا تھا اور معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک ٹریبونل تشکیل دیا تھا۔


    عرفان نے غلطی مان لی‘ دس لاکھ جرمانہ اور1 سال کی پابندی عائد


    بعدازاں فاسٹ باؤلر محمد عرفان نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ بکیز نے ان سے رابطہ کیا اور انہوں نے اس بارے میں نہ بتا کر بہت بڑی غلطی کی جس پر محمد عرفان پر ایک سال کے لیے پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیاتھا۔


    ناصر جمشید پر اسپاٹ فکسنگ کیس میں فرد جرم عائد


    واضح رہےکہ دوروزقبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فکسنگ اسکینڈل میں ملوث قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر ناصر جمشید پر فرد جرم عائد کر دی تھی جبکہ شاہ زیب حسن کا کیس ٹریبونل کے سپرد کر دیا گیا تھا۔