Tag: ویڈیو

  • سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ، ویڈیو سامنے آگئی

    سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ، ویڈیو سامنے آگئی

    ریاض: سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثے کی ویڈیو جاری کردی گئی، حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے جن کی حالت تشویش ناک ہے۔

    سعودی میڈیا کے مطابق اتوار کو سعودی عرب کے علاقے عسیر میں الحبیل روڈ پر ایک خوفناک اور دل دہلا دینے والا ٹریفک حادثہ پیش آیا، مانیٹرنگ کیمرے نے اس حادثے کے خوفناک منظر کو محفوظ کرلیا۔

    بعد ازاں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو کاروں کے درمیان خوفناک تصادم ہوا جس میں 2 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوئے، زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    عسیر ریجن میں ریڈ کریسنٹ اتھارٹی برانچ کے سرکاری ترجمان احمد الزلمعی نے بتایا کہ ریڈ کریسنٹ آپریشن روم میں ایمرجنسی نمبر 997 پر شام 6 بجے ایک رپورٹ موصول ہوئی جس میں ایک شہری نے اس حادثے کے بارے میں بتایا۔

    الالمعی نے تصدیق کی کہ ریڈ کریسنٹ اتھارٹی کی 3 ایمبولینس ٹیموں کو فوری طور پر جائے حادثہ کی طرف روانہ کیا گیا۔

  • مشن امپاسبل 7: ٹرین کا انجن پہاڑی سے گر پڑا، ویڈیو وائرل

    مشن امپاسبل 7: ٹرین کا انجن پہاڑی سے گر پڑا، ویڈیو وائرل

    ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز کی نئی فلم مشن امپاسبل 7 کی شوٹنگ کا ایک سین سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہا ہے جس میں ٹرین کا انجن پہاڑی سے گرایا گیا ہے۔

    ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز ایک بار پھر مشن امپاسبل کے نئے حصے میں واپس لوٹ رہے ہیں جس کی شوٹنگ جاری ہے، مشن امپاسبل کے نئے حصے کے لیے ٹرین کے انجن کے پہاڑی سے گرنے کا منظر سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہا ہے۔

    اس سین کو برطانیہ کے علاقے ڈربی شائر میں 20 اگست کو فلمایا گیا تھا اور مقامی فوٹوگرافر نے اسے اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر کے ٹویٹر پر شیئر کیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by VillagerJim (@villagerjim)

    رپورٹس کے مطابق ٹام کروز بھی اس موقع پر موجود تھے اور ہیلی کاپٹر سے انجن کے گرنے کا مشاہدہ کررہے تھے۔

    فوٹو گرافر جم نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ 5 ماہ سے ہم نئی مشن امپاسبل فلم کے اس سین کا انتظار کررہے تھے جس میں ٹرین کو پہاڑی سے نیچے گرایا گیا، ٹام بھی وہاں موجود تھے۔

    فوٹو گرافر نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے ٹام کروز کو خود ہیلی کاپٹر اڑاتے ہوئے دیکھا۔

    اس ٹرین انجن کو کچھ دن پہلے اس گاؤں میں پہنچایا گیا تھا اور اس سین کے لیے فلم کی ٹیم نے خصوصی طور پر ٹریک تیار کروایا تھا۔

    ٹام کروز اکثر اپنی فلموں میں خطرناک اسٹنٹ کر چکے ہیں اور کئی مواقع پر ان کی زندگی بھی خطرے میں پڑگئی تھی۔

    یہ فلم ٹام کروز کی ایکشن سیریز مشن امپاسبل کی ساتویں فلم ہے، سیریز کی ساتویں فلم میں ٹام کروز کے ساتھ اداکارہ ونیسا کربی، ربیکا فرگوسن، ہائلے ایٹویل، سائمن پیگ اور ہینری زیمی سمیت دیگر اداکار موجود ہیں۔

    فلم کی ریلیز کرونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں تاخیر کا شکار ہوچکی ہے اور شوٹنگ کو بھی متعدد مرتبہ کیسز یا دیگر مشکلات کے باعث روکا گیا۔

  • کیا کرونا وائرس کا مریض صرف بات کرنے سے بھی وائرس پھیلا سکتا ہے؟ ویڈیو نے سوال کھڑے کردیے

    کیا کرونا وائرس کا مریض صرف بات کرنے سے بھی وائرس پھیلا سکتا ہے؟ ویڈیو نے سوال کھڑے کردیے

    اب تک کرونا وائرس کو چھونے، چھینکنے یا کھانسنے سے پھیلنے والا وائرس سمجھا جاتا رہا تاہم حال ہی میں انکشاف ہوا کہ کووڈ 19 سے متاثرہ شخص صرف بات کرنے سے بھی اس وائرس کو پھیلا سکتا ہے۔

    حال ہی میں جاپانی سائنسدانوں نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ باتوں کے دوران کسی شخص کے منہ سے خارج ہونے والی ہوا کس طرح دوسروں کو کرونا وائرس کا شکار بنا سکتی ہے۔

    مذکورہ سائنسدانوں نے اپنی تحقیق میں کہا کہ ہیئر ڈریسرز، بیوٹیشنز اور میڈیکل پروفیشنلز اس ذریعے سے کرونا وائرس کو اپنے کلائنٹس اور مریضوں تک منتقل کرسکتے ہیں۔

    سائنسدانوں نے اس کے لیے اسموک اور لیزر لائٹ کے ذریعے منہ سے خارج ہونے والی سانس کو جانچا۔

    انہوں نے بتایا کہ جب ایک مخصوص انداز میں کسی شخص پر جھکا جائے، جیسے کوئی ہیئر ڈریسر بال دھونے یا کوئی ڈینٹسٹ مریض کے دانتوں کے معائنے کے لیے اس پر جھکتا ہے تو بہت امکان ہے کہ صرف اس کے بات کرنے سے بھی اس کی سانس کے ذریعے مضر ذرات دوسرے شخص کے قریب جاسکتے ہیں۔

    اس تجربے کے لیے دونوں افراد کا ماسک سمیت اور بغیر ماسک کے تجزیہ کیا گیا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ماسک نہ پہننے والے کی سانس کشش ثقل کی وجہ سے نیچے کی طرف جاتی ہے، ماسک پہننے کی صورت میں وہ اوپر ہی رہتی ہے اور قریب موجود شخص کے گرد ایک ہالہ سا قائم کرلیتی ہے، دونوں صورتوں میں سامنے والا شخص متاثر ہوسکتا ہے۔

    اس سے قبل یہ دیکھا گیا تھا کہ کووڈ 19 سے متاثرہ شخص کے کھانسنے یا چھینکنے کے دوران اس کے منہ سے نکلنے والے ذرات اور لعاب دہن کے قطرے دوسرے شخص تک باآسانی پہنچ سکتے ہیں۔

    اب بات کرنے کے دوران ہونے والی ذرات کی اس منتقلی نے ماہرین کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

  • مگر مچھ نے شارک کو ہڑپ لیا، خوفناک ویڈیو

    مگر مچھ نے شارک کو ہڑپ لیا، خوفناک ویڈیو

    آسٹریلیا میں ایک طویل اور خوفناک مگر مچھ کی 2 شارکس کو کھانے کی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کو خوفزدہ کردیا۔

    یہ واقعہ آسٹریلیا کے کوئنز لینڈ کے ساحل پر پیش آیا جسے ایک خاتون نے اپنے موبائل فون میں ریکارڈ کرلیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک 4 فٹ طویل مگر مچھ پانی سے نکلا اور ساحل پر پڑے شارک کے 2 ننھے بچوں کو ایک ایک کر کے کھا گیا۔

    شارک کو کھانے کے دوران مگر مچھ ساحل پر موجود افراد سے نہایت لاتعلق دکھائی دیتا ہے، اور بغیر کسی کی طرف متوجہ ہوئے اپنا کھانا کھا کر چلتا بنتا ہے۔

    ویڈیو میں خاتون کہتی دکھائی دے رہی ہیں کہ وہ ان شارکس کو واپس پانی کی جانب دھکیلنا چاہتی تھیں لیکن مگر مچھ کو آتا دیکھ کر رک گئیں، وہ ان ننھی شارکس کو مگر مچھ کا نشانہ بنتے دیکھ کر سخت افسردہ ہیں۔

  • خطرناک ٹرینڈ نے بچوں کی جانیں خطرے میں ڈال دی، ویڈیو وائرل

    خطرناک ٹرینڈ نے بچوں کی جانیں خطرے میں ڈال دی، ویڈیو وائرل

    سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر اکثر اوقات مختلف چیلنجز اور ٹرینڈز جاری رہتے ہیں جس کے مطابق نوجوان ویڈیوز بنا کر اپ لوڈ کرتے ہیں، تاہم اب چین میں ایک خطرناک ٹرینڈ نے لوگوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

    چین میں مشہور ہونے والے اس ٹرینڈ کو بچے تیزی سے فالو کر رہے ہیں اور اس کی ویڈیوز بنا رہے ہیں۔

    اس کے لیے بچے کسی مین ہول میں پٹاخہ پھینک دیتے ہیں، اگلے ہی لمحے مین ہول میں زور دار دھماکہ ہوتا ہے اور مین ہول کا ڈھکن اور قریب کھڑا بچہ دھماکے سے فضا میں اڑتے ہیں۔

    اس شرارت میں بچے کو شدید جسمانی نقصان کا خطرہ رہتا ہے جبکہ آس پاس کھڑے دیگر افراد بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔

    اس ٹرینڈ کے تحت بنائی جانے والی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں، ایسی ہی ایک ویڈیو میں 3 بچے مین ہول میں پٹاخہ پھینکتے ہیں، دھماکہ ہونے پر ایک بچہ فضا میں اڑ کر کر نیچے گرتا ہے جبکہ دوسرا بچہ بھی زمین پر گر جاتا ہے۔

    ایک اور ویڈیو میں کچھ بچے مین ہول میں پٹاخہ پھینکتے ہیں جس کے بعد 3 مین ہولز میں دھماکہ ہوتا ہے۔

    حکام کے مطابق اب تک اس نوعیت کی 5 ویڈیوز منظر عام پر آچکی ہیں، خوش قسمتی سے کسی کے زخمی ہونے کا واقعہ سامنے نہیں آیا۔

    ان کے مطابق سیوریج میں موجود میتھین گیس پٹاخے کی چنگاری سے آگ پکڑ لیتی ہے اور اس کا دھماکہ خطرناک ہوسکتا ہے۔

    ان ویڈیوز نے جہاں ایک طرف تو والدین کو پریشان کردیا ہے، تو دوسری جانب دیگر افراد نے بھی اس رجحان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

  • کیا ملکہ برطانیہ نے واقعی اس ویڈیو میں رقص کیا ہے؟

    کیا ملکہ برطانیہ نے واقعی اس ویڈیو میں رقص کیا ہے؟

    برطانوی چینل 4 نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ملکہ برطانیہ کی ہمشکل اپنا ویڈیو پیغام دیتی ہیں، اس ویڈیو میں وہ بہت سے متنازعہ موضوعات پر گفتگو کر رہی ہیں جبکہ انہیں رقص کرتے ہوئے بھی دکھایا جاتا ہے۔

    برطانوی چینل 4 نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ وہ رواں برس کرسمس پر برطانوی ملکہ کا ایک متبادل پیغام پیش کریں گے جو ڈیجیٹل طور پر تیار کیا گیا ہے۔

    اب کرسمس کے موقع پر یہ ویڈیو جاری کردی گئی ہے، اس ویڈیو میں اداکارہ ڈیبرا سٹیفنسن ملکہ کی نقل کرتی دکھائی دی دیں جنہیں ڈیپ فیک سافٹ ویئر کی مدد سے بالکل ملکہ کا ہمشکل بنا دیا گیا۔

    چینل 4 کے مطابق ان کے اس ویڈیو بنانے کا مقصد اس ٹیکنالوجی کے حوالے سے خطرات کو اجاگر کرنا ہے کہ کس طرح کسی بھی شخص کا چہرہ استعمال کر کے غلط اور گمراہ کن معلومات پھیلائی جاسکتی ہیں اور کوئی بھی بیان کسی سے بھی منسوب کیا جا سکتا ہے۔

    ویڈیو میں جعلی ملکہ بھی اسی پر بات کرتی دکھائی دیتی ہیں کہ اسمارٹ فونز کی اسکرین پر دکھائی دینے والے مواد پر بھروسہ کرنا بے حد مشکل ہے کہ آیا وہ اصل ہے یا جعلی۔

    ویڈیو میں ملکہ کی ہمشکل کہتی دکھائی دیتی ہیں کہ وہ لاک ڈاؤن کے عرصے میں نیٹ فلکس دیکھنے کے بجائے ٹک ٹاک ویڈیوز پر رقص کی پریکٹس کرتی رہی ہیں، بعد ازاں وہ رقص بھی کرتی ہیں۔

    ویڈیو کے آخر میں چند جھلکیاں اصل منظر کی بھی ہیں جس میں اس ویڈیو کی تیاری کا سیٹ اپ دیکھا جاسکتا ہے۔

    دوسری جانب شاہی محل نے اس حوالے سے کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔

  • بختاور زرداری کی منگنی کے موقع پر والد اور بہن کے ساتھ یادگار ویڈیو

    بختاور زرداری کی منگنی کے موقع پر والد اور بہن کے ساتھ یادگار ویڈیو

    کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور زرداری نے اپنی منگنی کی ویڈیو جاری کردی جس میں وہ اپنے والد کے ساتھ موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی منگنی کی ویڈیو جاری کردی۔

    ویڈیو میں بختاور اپنے والد زرداری کے ساتھ موجود ہیں جبکہ ان کی بہن آصفہ بھی ان کے ساتھ ہیں، تینوں اس موقع پر نہایت خوش ہیں۔

    بعد ازاں تینوں افراد اپنے گھر کے نئے رکن یعنی بختاور کے منگیتر محمود چوہدری کے ساتھ تصاویر کھنچواتے نظر آرہے ہیں۔

    خیال رہے کہ بختاور زرداری کی منگنی 27 نومبر کو بلاول ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی تھی، ان کے منگیتر محمود چوہدری پنجاب کے ایک کاروباری خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔

    منگنی کی تقریب میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کوویڈ 19 کا شکار ہونے اور قرنطینہ میں ہونے کے باعث شریک نہ ہوسکے تاہم وہ ویڈیو کال کے ذریعے تقریب میں موجود رہے۔

    منگنی کی تقریب سے قبل بختاور نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج کا دن بہت جذباتی ہے، آپ سب کے پیار اوردعاؤں کا شکریہ، ہماری خوشیوں میں شامل پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا بھی شکریہ۔

    انہوں نے کہا تھا کہ یہ صرف شروعات ہے، ہم سب کرونا وائرس کے بعد مل کر خوشیاں منائیں گے۔

  • رات کے وقت آسمان پر پراسرار روشنی، کیا وہ اڑن طشتری تھی؟ ویڈیو وائرل

    رات کے وقت آسمان پر پراسرار روشنی، کیا وہ اڑن طشتری تھی؟ ویڈیو وائرل

    امریکا میں ایک بار پھر آسمان میں اڑتی پراسرار روشنیوں نے لوگوں کو اڑن طشتری کے بارے میں گفتگو کرنے پر مجبور کردیا، ایک خاص ترتیب سے حرکت کرتی ان روشنیوں نے لوگوں کو خوف میں مبتلا کردیا۔

    امریکی ریاست ٹیکسس میں ایک بار پھر آسمان پر پراسرار روشنیاں دیکھی گئیں۔ ٹیکسس کے شہر ڈیلس اور اس کے آس پاس کے رہائشی متعدد افراد نے ان روشنیوں کو دیکھا اور اس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

    ان ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 4 روشنیاں ایک مخصوص ترتیب سے حرکت کرتی ہوئی آگے بڑھ رہی ہیں، بعد ازاں چاروں روشنیاں الگ الگ ہوتی ہیں اور پھر آسمان میں گم ہوجاتی ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک خاتون نے اس کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ روشنیاں دیکھ کر ڈر نہیں لگا بلکہ یہ بہت خوبصورت لگ رہی تھیں جنہوں نے انہیں مسحور کردیا۔

    ایک صارف نے لکھا کہ ان روشنیوں کو دیکھ کر انہیں پہلا خیال ہی اڑن طشتریوں اور خلائی مخلوق کا آیا، انہوں نے کہا کہ وہ خلائی مخلوق کے زمین پر آنے کو بالکل ناپسند نہیں کریں گے لیکن خلائی مخلوق کو یاد رکھنا چاہیئے کہ اگر وہ امریکا میں اترے تو ہم پہلے ان پر حملہ کردیں گے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق مذکورہ روشنیوں کو کم ازکم 8 مختلف مقامات سے رپورٹ کیا گیا۔ تاحال ان روشنیوں کے بارے میں کسی جانب سے کوئی وضاحت نہیں آئی۔

  • میچ کے دوران ننھے احمد شاہ کی جشن منانے کی ویڈیو وائرل

    میچ کے دوران ننھے احمد شاہ کی جشن منانے کی ویڈیو وائرل

    کراچی: کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان ہونے والا گزشتہ روز کا میچ ننھے سوشل میڈیا اسٹار احمد شاہ نے بھی بہت انجوائے کیا، ان کے جشن منانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا کے ننھے اسٹار احمد شاہ نے کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا میچ خوب انجوائے کیا اور جب میچ سپر اوور میں چلا گیا تو انہوں نے خوب جشن منایا۔

    ان کے جشن منانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور مداحوں نے اسے بے حد پسند کیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ 5 کے پلے آف مرحلے میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو سپر اوور میں 4 رنز سے شکست دے دی۔

    میچ میں فتح کے بعد کراچی کنگز نے فائنل کے کوالیفائی کرلیا۔

    کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیا جانے والا 142 رنز کا ہدف برابر کردیا تھا جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔

    سپر اوور میں کراچی کنگز نے 14 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 9 رنز بنا سکی۔

  • ہیئر ڈرائر نہیں ویکیوم کلینر، بزرگ شہری کی ویڈیو کے چرچے

    ہیئر ڈرائر نہیں ویکیوم کلینر، بزرگ شہری کی ویڈیو کے چرچے

    کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن میں لوگوں نے جہاں ایک طرف تو اپنے دیرینہ مشغلے پورے کرنے شروع کیے تو کچھ نے وقت گزاری کے لیے دلچسپ حرکتیں بھی شروع کردیں۔

    ایسے ہی ایک بزرگ شخص کی مزاحیہ سی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے جو ویکیوم کلینر سے اپنے بال بنا رہے ہیں۔

    سوشل سائٹ ریڈاٹ پر پوسٹ کی جانے والی اس ویڈیو میں ایک معمر شخص آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر اپنے بال بنانے کے لیے ویکیوم کلینر کا استعمال کر رہے ہیں۔

    ویڈیو کا کیپشن ہے، دادا کو پتہ چلا کہ وہ ویکیوم کلینر سے بھی اپنے بال بنا سکتے ہیں۔

    بال بنانے کے بعد بزرگ کیمرے کی طرف مڑتے ہیں اور نہایت شرارتی انداز میں ہنستے ہیں۔

    This grandpa found out he could do his hair with the vacuum cleaner.

    ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے اور صارفین اسے بے حد پسند کر رہے ہیں۔

    ایک صارف کا کہنا ہے کہ اسے ان کی بچوں جیسی ہنسی بے حد پسند آئی، ایک شخص نے لکھا کہ عمر بڑھنا تو لازمی عمل ہے لیکن اس کے ساتھ آپ خود کتنے بڑے ہوتے ہیں یہ آپ پر منحصر ہے۔

    ایک اور صارف نے لکھا کہ جب آپ عمر کے اس حصے میں پہنچ جائیں جس میں آپ کو لوگوں کی باتوں کی پرواہ نہ رہے، تو آپ زندگی کو اپنی مرضی سے گزارنے کے قابل ہوجاتے ہیں۔