Tag: ویکسین پاسپورٹ

  • جاپان: کرونا ویکسین پاسپورٹ کے لیے درخواستوں کی وصولی شروع

    جاپان: کرونا ویکسین پاسپورٹ کے لیے درخواستوں کی وصولی شروع

    ٹوکیو: جاپان نے ویکسین پاسپورٹ کے لیے درخواستیں وصول کرنا شروع کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان نے کرونا وائرس کے خلاف مکمل ویکسینیشن کرانے والے افراد کے ویکسین پاسپورٹ کے لیے درخواستیں قبول کرنا شروع کر دی ہیں، تاکہ وہ بین الاقوامی سفر کر سکیں۔

    جاپان کے حکام کا کہنا ہے اٹلی، آسٹریا، ترکی، بلغاریہ، اور پولینڈ نے جاپانی سرٹیفکیٹس رکھنے والے افراد کے لیے کرونا وائرس کے قرنطینہ قواعد میں نرمی کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

    حکام کے مطابق جنوبی کوریا جاپانی سرٹیفکیٹ کو مطلوبہ دستاویزات میں سے ایک کے طور پر قبول کرے گا، اور اس کے حامل افراد کو قرنطینہ کی شرط سے استثنیٰ دیا جائے گا۔

    حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ جاپانی حکومت اس وقت اپنے ویکسین پاسپورٹ کے استعمال کے سلسلے میں دیگر ممالک کے ساتھ بھی بات چیت کر رہی ہے، حکام کے مطابق ویکسین سرٹیفکیٹ بلدیاتی اداروں کی جانب سے مفت جاری کردہ سرکاری دستاویز ہوگی، جس میں لگنے والی ویکسین، ویکسینیشن کی تاریخ اور نام و پاسپورٹ نمبر جیسی ذاتی معلومات درج ہوں گی۔

    حکام کی جانب سے طریقہ کار بھی بتایا گیا ہے، جس کے مطابق ایک کامیاب درخواست کے لیے ذاتی طور پر یا بذریعہ میل کچھ دستاویزات جمع کرانے کی ضرورت ہوگی، جن میں درخواست فارم، پاسپورٹ اور ویکسینیشن ٹکٹس شامل ہیں۔

  • یورپ: ویکسین پاسپورٹ کے سلسلے میں پیش رفت

    یورپ: ویکسین پاسپورٹ کے سلسلے میں پیش رفت

    برسلز: یورپی یونین کمیشن نے ویکسین کارڈ یا ویکسین پاسپورٹ کے استعمال کا عندیہ دے دیا، اس سلسلے میں ایک مسودہ قانون 17 مارچ کو پیش کیے جانے کی توقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کا کہنا ہے کہ سیر و سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں استعمال کیے جانے والے ویکسین کارڈز یونین کی جانب سے منظوری دی گئی ویکسین کے لیے لاگو ہوں گے۔

    یورپی یونین کمیشن کی رکن یلووا جوہانسن نے ویکسین کارڈ کے سلسلے میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یورپی یونین کمیشن کاروبار اور سیر و سیاحت کے سلسلے میں آمد و رفت میں آسانیاں لانے کے لیے ویکسین کارڈ یا ویکسین پاسپورٹ کے حوالے سے مسودہ قانون آئندہ ہفتے پیش کرے گا۔

    ویکسین پاسپورٹ: یورپی ممالک آپس میں الجھ پڑے

    یورپی یونین کمیشن کے مسودہ قانون کو 17 مارچ کو سامنے لائے جانے کی توقع کی جا رہی ہے، اس بل پر یورپی یونین کونسل اور یورپی پارلیمنٹ کی منظوری لازمی ہے۔

    یورپی یونین نے اب تک استعمال کیے جانے والے بائیو این ٹیک، فائزر، موڈرنا اور آسٹرا زینیکا کمپنیوں کی ویکسینز کو مذکورہ فہرست میں جگہ دی ہے۔

    جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین نے گزشتہ روز منظوری لے لی تھی، تاہم اس کی تقسیم کا عمل اپریل میں متوقع ہے۔

  • ویکسین پاسپورٹ: برطانوی وزیر اعظم کا اہم اعلان

    ویکسین پاسپورٹ: برطانوی وزیر اعظم کا اہم اعلان

    لندن: ویکسین پاسپورٹ کے معاملے میں برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے نظر ثانی کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ ویکسین پاسپورٹ کا معاملہ انتہائی پیچیدہ ہے تاہم اس پر نظر ثانی کریں گے۔

    بورس جانسن نے مغربی لندن کے اسکول کے دورے پر گفتگو کے دوران کہا کہ کیبنٹ آفس منسٹر مائیکل گوو نظر ثانی کے معاملے کی سربراہی کریں گے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ کسی شخص کے کو وِڈ اسٹیٹس کو ثابت کرنے کے لیے ویکسین پاسپورٹ یا سرٹیفکیٹ کے استعمال میں گہرے اور پیچیدہ مسائل ہیں، پب یا تھیٹر جانے کے لیے ویکسین پاسپورٹ کا استعمال ہمارے ملک میں ایک بالکل انوکھی بات ہوگی۔

    ویکسین پاسپورٹ: یورپی ممالک آپس میں الجھ پڑے

    انھوں نے کہا کہ 21 جون سے لاک ڈاؤن پابندیاں ختم کرنے سے متعلق انتہائی پُر امید ہوں تاہم پابندیاں ختم کرنے کی گارنٹی دینا ممکن نہیں، عوام کو اب بھی محتاط رہنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں بین الاقوامی سفر کے لیے ویکسین پاسپورٹ کے استعمال پر تو بات چیت ہوتی ہے تاہم وزرا کئی بار برطانیہ کے اندر اس کے استعمال کو خارج از بحث کر چکے ہیں۔

    برطانیہ میں اب تک سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایک کروڑ 79 لاکھ افراد کرونا ویکسین کی پہلی ڈوز لے چکے ہیں۔

  • برطانیہ: کرونا ویکسین پاسپورٹ، ڈیڑھ کروڑ افراد کو ویکسین کا سنگ میل

    برطانیہ: کرونا ویکسین پاسپورٹ، ڈیڑھ کروڑ افراد کو ویکسین کا سنگ میل

    لندن: برطانیہ میں مقامی و بین الاقوامی سفر کے لیے ویکسین پاسپورٹ جاری کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزرا ویکسین پاسپورٹ کے اجرا کی تجویز کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    ڈومینک راب نے بتایا کہ اگر یہ تجویز منظور ہوتی ہے تو پھر مسافروں کو سفر کے لیے کرونا ویکسین پاسپورٹ دکھانا ہوگا۔

    ادھر سابق برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر نے بھی حکومت سے ویکسین پاسپورٹ کا مطالبہ کر دیا ہے، اور کہا ہے کہ برطانیہ آگے بڑھ کر ویکسین پاسپورٹ کے معاملے میں دنیا کی قیادت کرے۔

    دوسری طرف برطانیہ میں ڈیڑھ کروڑ افراد کو کرونا ویکسین لگانے کا سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے، ویکسین منسٹر ندیم ضحاوی نے ایک بیان میں کہا ایک دن پہلے ہی 15 ملین افراد کو پہلی ڈوز لگانے کا ہدف حاصل کر لیا.

    ندیم ضحاوی نے کہا پہلے مرحلے میں 4 گروپس کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، اپریل کے آخر تک 50 برس سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔

    برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اسے ایک اہم سنگ میل اور ایک غیر معمولی کارنامہ قرار دیا، انھوں نے کہا کہ ہم نے برطانیہ میں پہلے چار ترجیحی گروپس میں ہر ایک کو ویکسین لگا دی ہے، یہ وہ لوگ ہیں جنھیں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ بیماری کا خطرہ لاحق تھا۔

    یاد رہے کہ برطانیہ میں کرونا ویکسین کی پہلی ڈوز 8 دسمبر کو 90 سالہ شخص کو دی گئی تھی۔