Tag: ویکسین

  • آکسفورڈ کی کرونا وائرس ویکسین کس طرح استعمال کی جائے گی؟

    آکسفورڈ کی کرونا وائرس ویکسین کس طرح استعمال کی جائے گی؟

    برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ کرونا وائرس ویکسین کے بارے میں غور کیا جارہا ہے کہ اسے گولی اور اسپرے کے ذریعے استعمال کروایا جائے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کی کرونا وائرس ویکسین تیار کرنے والے سائنسدان انجیکشن کے بجائے گولی اور اسپرے کے استعمال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    ویکسین تیار کرنے والی ٹیم کی سربراہ سارہ گلبرٹ نے برطانوی پارلیمانی کمیٹی کو بتایا کہ انجیکشن کے بجائے گولی اور ناک کا اسپرے بنانے کا سوچا جا رہا ہے، تاہم اس کی تیاری میں وقت لگے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ایسی فلو ویکسینز موجود ہیں جو ناک میں اسپرے کے ذریعے دی جاتی ہیں، مستقبل میں کرونا وائرس کے خلاف بھی ویکسین لگانے کا یہی طریقہ کار اپنایا جا سکتا ہے۔

    پروفیسر سارہ گلبرٹ کا کہنا تھا کہ گولی کھا کر بھی ویکسین کا مقصد پورا کیا جا سکتا ہے جو وائرس کے خلاف حفاظت کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ اگر سرنج اور سوئیوں کے استعمال کی ضرورت نہ رہے، تو گولی اور اسپرے سے ویکسین کی فراہمی کو زیادہ مؤثر بنایا جا سکے گا۔

    پروفیسر سارہ کا کہنا تھا کہ ویکسین کے لیے گولی اور اسپرے کے استعمال کا پہلے تجربہ کیا جائے گا کہ یہ انسانوں کے لیے کس حد تک مؤثر اور محفوظ ہے، انجیکشن کے مقابلے میں انسان کا مدافعتی نظام اسپرے یا گولی کی جانب مختلف انداز میں ردعمل دے گا۔

  • امارت میں کتنے لاکھ افراد کو کرونا ویکسین لگا دی گئی؟

    امارت میں کتنے لاکھ افراد کو کرونا ویکسین لگا دی گئی؟

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اب تک ملک میں 58 لاکھ سے زائد افراد کو کرونا وائرس ویکسین دی جاچکی ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جمعرات کو 3 ہزار 25 کووڈ 19 کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ جمعرات کو صحت یاب ہوجانے والے افراد کی تعداد 4 ہزار 678 رہی۔

    ایک روز میں جاں بحق افراد کی تعداد 18 رہی۔

    وزارت صحت نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ کووڈ 19 کے جمعرات کو 3 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 81 ہزار 662 ہوگئی ہے۔

    ملک میں وبا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 75 ہزار 59 ہوچکی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 11 ہزار 82 ہوگئی ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1 لاکھ 95 ہزار 866 افراد کے کووڈ 19 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

    وزارت صحت نے مزید بتایا کہ جمعرات 25 فروری 2021 تک 58 لاکھ 46 ہزار 36 افراد کو کرونا وائرس ویکسین دی جاچکی ہے۔

  • کرونا ویکسین: عالمی ادارہ صحت نے امیر ممالک کو خبردار کردیا

    کرونا ویکسین: عالمی ادارہ صحت نے امیر ممالک کو خبردار کردیا

    جنیوا: عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈ روس نے ایک بار پھر کرونا وائرس ویکسین کے حصول کے لیے امیر ممالک کے منفی کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب ممالک کو دی جانے والی رقم بے فائدہ ثابت ہورہی ہے کیونکہ ان کے خریدنے کے لیے ویکسین ہی موجود نہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ امیر ممالک کرونا وائرس کی ویکسین نہ صرف جمع کر رہے ہیں بلکہ یہ غریب ممالک کی راہ میں رکاوٹیں بھی ڈال رہے ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈ روس ایڈہنم کا کہنا ہے کہ بعض امیر ممالک کے براہ راست ویکسین بنانے والوں سے رابطے کا مطلب یہ ہے کہ کوویکس پروگرام کے تحت غریب ممالک کے لیے مختص کی جانے والی ویکسین کی تقسیم کو کم کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ غریب ممالک کو ویکسین فراہمی کے لیے امریکا، یورپی یونین اور جرمنی نے مالی مدد کی ہے لیکن یہ بے کار ثابت ہوئی جب خریدنے کے لیے کچھ ملا ہی نہیں۔

    ٹیڈروس نے امیر ممالک پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پہلے انہیں اس بات کا جائزہ لینا چاہیئے کہ آیا فارماسوٹیکل کمپنیز سے ان کے رابطوں سے کوویکس پروگرام پر منفی اثر پڑ رہا ہے، جس کے تحت غریب ممالک اپنی پہلی خوراک کا انتظار کر رہے ہیں۔

    انہوں نے جرمن صدر فرینک والٹر کے ہمراہ ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کے پاس پیسے ہیں اور آپ نے ان کو ویکسین کی خریداری کے لیے استعمال نہیں کرنا تو پھر پیسوں کی موجودگی کا کوئی مطلب نہیں۔

    ٹیڈ روس کا کہنا تھا کہ ہم صرف ان ممالک کو ویکیسن دے سکتے ہیں جو کوویکس کے رکن ہیں، امیر ممالک کو کوویکس کے تحت ہونے والے معاہدوں کا احترام کرنا چاہیئے۔

    یاد رہے کہ کوویکس ویکسین کی پہلی کھیپ فروری کے آخر اور جون کے اختتام تک کے درمیانی عرصے میں بھجوائی جانی ہے، اس میں شامل 145 ممالک 337.4 ملین خوراکیں حاصل کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، جس سے ان کی مشترکہ آبادی کے 3 فیصد حصے کو ویکیسن ملے گی۔

  • فائزر کی کرونا ویکسین کے حوصلہ افزا اثرات

    فائزر کی کرونا ویکسین کے حوصلہ افزا اثرات

    امریکی فارماسیوٹیکل کمپنی فائزر کی تیار کردہ کرونا ویکسین اس وقت دنیا کے متعدد ممالک میں استعمال کی جارہی ہے، اب حال ہی میں ماہرین نے اس کے حوصلہ افزا اثرات کی طرف اشارہ کیا ہے۔

    حال ہی میں ہونے والی 2 تحقیقی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ فائزر اور بائیو این ٹیک کی تیار کردہ کووڈ 19 ویکسین نئے کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی لانے میں کامیاب ثابت ہوئی ہے۔

    تحقیق کے نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ ویکسین وائرس کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی لاتی ہے، جبکہ علامات اور بغیر علامات والے کیسز کی تعداد میں بھی واضح کمی آتی ہے۔

    19 فروری کو جاری اس تحقیق میں بتایا گیا کہ اس ویکسین کے استعمال سے کووڈ 19 کے علامات والے کیسز میں 15 سے 28 دن کے دوران 85 فیصد کمی آئی جبکہ بغیر علامات والے کیسز کی شرح میں 75 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔

    محققین کا کہنا تھا کہ یہ نتائج اہم ترین پیشرفت ہیں، 75 یا 90 فیصد کمی معنی نہیں رکھتی، بلکہ اہم بات وائرس کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ اس سے نہ صرف ویکسین استعمال کرنے والے کو تحفظ ملتا ہے بلکہ یہ اس کے ارگرد موجود افراد کو بھی تحفظ فراہم کرتی ہے۔

    دوسری تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اس ویکسین سے علامات والے کیسز کی شرح میں 94 فیصد جبکہ بغیر علامات والے کیسز کی شرح میں 89 فیصد کمی آتی ہے۔

    تاہم محققین کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن ایک بہت اچھا ٹول ہے مگر اس سے وبا کا اختتام مشکل لگتا ہے، یہ ایک ایسا وائرس ہے جس نے اپنی رفتار سے سائنسی دنیا کو حیران کردیا تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نتائج حوصلہ افزا ہیں مگر ان کی مکمل تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

  • نوجوان لڑکیاں بوڑھی عورتوں کا روپ دھار کر کرونا ویکسی نیشن کروانے پہنچ گئیں

    نوجوان لڑکیاں بوڑھی عورتوں کا روپ دھار کر کرونا ویکسی نیشن کروانے پہنچ گئیں

    امریکا میں 2 نوجوان لڑکیاں بزرگ خواتین کا روپ دھار کر کرونا ویکسین لگوانے پہنچ گئیں، حکام نے جلد ہی ان کی جعلسازی پکڑ لی۔

    امریکا میں اس وقت کرونا وائرس ویکسی نیشن کے پہلے مرحلے میں ڈاکٹرز اور دیگر فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین دیے جانے کے بعد دوسرا مرحلہ جاری ہے جس میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کی جارہی ہے۔

    ایسے میں 2 نوجوان لڑکیاں بزرگ خواتین کا روپ دھار کر ویکسین لگوانے پہنچیں لیکن پکڑی گئیں۔

    ریاست کیلی فورنیا کی اورنج کاؤنٹی میں پیش آنے والے اس واقعے میں 2 لڑکیاں حکام کو چکمہ دے کر کرونا وائرس ویکسین لگوانے میں کامیاب رہیں۔

    کرونا ویکسی نیشن کاؤنٹی کے کنونشن سینٹر میں کی جارہی تھی جہاں یہ دونوں بزرگ خواتین جیسا حلیہ بنا کر، چشمہ اور دستانے پہن کر پہنچیں۔ اس حلیے میں وہ ویکسین کی پہلی خوراک لینے میں کامیاب رہیں۔

    تاہم جب وہ دوسری خوراک لینے پہنچیں تو انہیں دھر لیا گیا۔

    کاؤنٹی کے ڈپارٹمنٹ آف ہیلتھ کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ نہیں جانتے کہ دونوں لڑکیاں پہلی خوراک لینے میں کس طرح کامیاب ہوئیں، جب وہ دوسری خوراک لینے پہنچیں تو ان کے پاس بالکل مؤثر ویکسی نیشن کارڈز تھے۔

    حکام کے مطابق دونوں خواتین اپنی عمر کی دوسری دہائی میں ہیں۔

    یہ واضح نہیں کہ اس جعلسازی پر ان دونوں کے خلاف کوئی قانونی کارروائی ہوسکتی ہے یا نہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی 65 سال سے کم عمر ایک شخص اپنے والد کے شناختی دستاویزات لے کر اپنی ویکسی نیشن کروانے پہنچا تھا تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکا۔

  • کرونا وائرس ویکسین لگوانے سے انکار پر بھاری جرمانہ عائد

    کرونا وائرس ویکسین لگوانے سے انکار پر بھاری جرمانہ عائد

    جکارتہ: انڈونیشی دارالحکومت جکارتہ میں کرونا ویکسین لگوانے سے انکار کرنے والے شہریوں کو 50 لاکھ انڈونیشی روپے کا جرمانہ عائد کرنے کی دھمکی دے دی گئی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اتنا غیر معمولی سخت جرمانہ عائد کرنے کا مقصد نئے ضابطوں کی پابندی پر عملدر آمد یقینی بنانا ہے۔

    جکارتہ کے نائب گورنر احمد رضا پتریہ کا کہنا ہے کہ شہر کے حکام محض اصولوں کی پیروی کر رہے ہیں اور شہر میں اس طرح کی پابندیاں آخری حربہ ہیں۔

    یاد رہے کہ ملک میں اب تک 12 لاکھ سے زائد کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ اب تک 34 ہزار اموات ہوچکی ہیں۔

    رضا پتریہ کا کہنا ہے کہ اگر آپ اس حکم نامے کو مسترد کرتے ہیں تو 2 باتیں ہوں گی، ایک یہ کہ سماجی امداد روک دی جائے گی اور دوسرا یہ کہ جرمانہ کیا جائے گا۔

    انڈونیشیا نے گزشتہ ماہ شروع کیے جانے والے ویکسی نیشن پروگرام کے تحت 15 ماہ کے اندر اندر اپنی 27 کروڑ کی آبادی میں سے 18 کروڑ 15 لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔

    انڈونیشیا نے رواں ماہ کے شروع میں ایک صدارتی حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں واضح کہا گیا تھا کہ جو شخص ویکسین لگوانے سے انکار کرے گا، اس کو سماجی امداد یا سرکاری خدمات کی فراہمی سے انکار کیا جا سکتا ہے یا پھر وہ جرمانہ ادا کرنے کا پابند ہوگا۔

    دوسری جانب وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سےعائد کی جانے والی پابندیاں ویکسی نیشن پروگرام میں لوگوں کی شرکت ممکن بنانے اور اس حوالے سے ان کی حوصلہ افزائی کی آخری کوشش ہیں۔

    یہ نیا ضابطہ لوگوں کے شکوک و شبہات کے بعد سامنے آیا ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ آیا کرونا ویکسین محفوظ، مؤثر اور حلال ہے یا نہیں؟ نیز کیا یہ اسلامی لحاظ سے جائز ہے۔

    صحت عامہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ویکسین کے بارے میں عوام میں پائی جانے والی بے چینی راستے کی رکاوٹ بن سکتی ہے۔

  • کرونا ویکسینیشن: پاکستان میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا آغاز

    کرونا ویکسینیشن: پاکستان میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا آغاز

    اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس ویکسی نیشن کے لیے 65 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا، چین سے آنے والی ویکسین اب تک ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو لگائی جاچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کرونا ویکسی نیشن کے لیے 65 سال اور اس سے زائد عمر کے شہریوں کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    اسد عمر نے کہا کہ اپنا شناختی کارڈ نمبر ٹائپ کر کے 1166 پر ایس ایم ایس کردیں، اس گروپ کے لیے ویکسی نیشن کا آغاز مارچ سے ہو جائے گا۔

    خیال رہے کہ چین سے آنے والی کووڈ 19 ویکسین ملک بھر کے ہیلتھ ورکرز، ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس کو لگائی جارہی ہے، اس کی افادیت 79 سے 86 فیصد کے درمیان ہے۔

    پاکستان کو جلد کوویکس پلیٹ فارم سے فائزر ویکسین بھی مل جائے گی، اس کی اسٹوریج کے لیے 21 جدید ریفریجریٹرز خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    جدید ریفریجریٹرزمیں فائزر کرونا ویکسین ذخیرہ کی جائے گی، ریفریجریٹرز منفی 70 سینٹی گریڈ پر ویکسین اسٹوریج کے حامل ہوں گے، پاکستانی ویکسین کولڈ چین سسٹم منفی 20 سینٹی گریڈ پر اسٹوریج کا حامل ہے۔

  • کرونا وائرس کے حوالے سے گمراہ کن معلومات پر فیس بک کی گرفت مزید سخت

    کرونا وائرس کے حوالے سے گمراہ کن معلومات پر فیس بک کی گرفت مزید سخت

    سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ فیس بک نے کووڈ 19 اور ویکسینز کے حوالے سے گمراہ کن تفصیلات کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    فیس بک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ کووڈ 19 اور ویکسین کے حوالے سے گمراہ کن تفصیلات کی فہرست کو مزید بڑھایا جارہا ہے۔

    کمپنی کے مطابق وہ طبی اداروں جیسے عالمی ادارہ صحت کے ساتھ مل کر اس فہرست کو ترتیب دے رہی ہے، اس پالیسی میں فیس بک کے ساتھ انسٹاگرام کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    فیس بک اور انسٹاگرام صارفین کو ویکسین کی افادیت کے حوالے سے جھوٹے بیانات، ویکسینز کو خطرناک یا زہریلا قرار دینے جیسی پوسٹس کرنے کی اجات نہیں دی جائے گی، فیس بک کا کہنا تھا کہ ایسے اشتہارات کو بھی ہٹایا جائے گا جن میں اس قسم کے دعوے کیے جائیں گے۔

    فیس بک کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ اس پالیسی کا نفاذ فوری طور پر ہوگا اور اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے پیجز، گروپس اور اکاؤنٹس پر توجہ دی جائے گی۔

    کمپنی نے بتایا کہ اس پالیسی کے نفاذ میں آنے والے ہفتوں میں توسیع کی جائے گی، یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایسی گمراہ کن پوسٹس کو چاہے وہ کسی بھی پیج، گروپ یا اکاؤنٹ سے پوسٹ کیا جائے اسے ڈیلیٹ بھی کیا جاسکتا ہے۔

  • کرونا ویکسی نیشن کے حوالے سے امارات کا اہم فیصلہ

    کرونا ویکسی نیشن کے حوالے سے امارات کا اہم فیصلہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے ملک میں صرف بڑی عمر کے افراد اور بیماروں کو کرونا وائرس کی ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے عارضی طور پر فیصلہ کیا ہے کہ اس وقت ملک میں صرف بڑی عمر کے افراد اور بیماروں کو کرونا وائرس کی ویکسین لگائی جائے گی۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن کے حوالے سے مذکورہ فیصلہ کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ بیماری کی روک تھام کی جا سکے۔

    اگلے 4 سے 6 ہفتوں کے دوران حکام زیادہ سے زیادہ عمر رسیدہ اور مخصوص بیماریوں میں مبتلا افراد کو ویکسین لگانے کی کوشش کریں گے، کچھ کیسز میں آبادی کے دیگر طبقات کو بھی ویکسین لگائی جائے گی۔

    ویکسی نیشن پالیسی میں عارضی تبدیلی اس وقت کی گئی جب گزشتہ 6 ہفتوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 3 گنا بڑھ گئی۔ 3 فروری کو امارات میں کرونا وائرس کے 3 ہزار 977 نئے کیسز سامنے آئے۔

    امارات میں چین کی تیار کردہ سائنو فارم ویکیسن تمام بالع افراد کے لیے مہیا کی گئی تھی جبکہ دبئی نے فائزر اور ایسٹرا زنیکا کی ویکسین بھی ریاست کے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے مہیا کی تھی۔ ویکسی نیشن کے حوالے سے ترجیح بڑی عمر کے افراد اور بیماروں کو دی جارہی ہے۔

  • کرونا ویکسین: دبئی کے شہریوں کے لیے ایک اور ویکسین منگوا لی گئی

    کرونا ویکسین: دبئی کے شہریوں کے لیے ایک اور ویکسین منگوا لی گئی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں فائزر اور چینی ویکسین کے بعد اب آکسفورڈ ۔ ایسٹرا زینیکا کی ویکسین بھی لگائی جائے گی، ایسٹرا زینیکا ویکسین کی پہلی کھیپ دبئی پہنچ چکی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں اب آکسفورڈ کی ایسٹرا زینیکا ویکسین بھی لگائی جائے گی۔

    سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت سے ایسٹرا زینیکا ویکسین کی پہلی کھیپ دبئی پہنچ چکی ہے۔

    اس سے قبل دبئی کے شہریوں کو فائزر بائیو این ٹیک اور چین کے قومی فارما سیوٹیکل گروپ کی سائنو فارم ویکسین مفت لگائی جارہی تھی۔

    اس طرح ایسٹرا زینیکا تیسری ویکسین ہے جو دبئی کے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو لگائی جائے گی۔