Tag: ویکسین

  • چین کا اپنے شہریوں کو کرونا ویکسین مفت دینے کا اعلان

    چین کا اپنے شہریوں کو کرونا ویکسین مفت دینے کا اعلان

    بیجنگ: چین نے اپنے تمام شہریوں کو کرونا وائرس کی ویکسین مفت دینے کا اعلان کردیا، مذکورہ ویکسین 79 فیصد مؤثر ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق چین کے قومی صحت کمیشن کے نائب سربراہ زینگ ای شن نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ چین اپنے تمام شہریوں کو نوول کرونا وائرس ویکسین مفت فراہم کرے گا۔

    چین نے گزشتہ روز ہی سرکاری دوا ساز کمپنی سائنو فارم کی تیار کردہ ویکسین کی عام استعمال کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ مذکورہ ویکسین کے ٹرائلز کے تیسرے مرحلے میں اس کی 79 فیصد افادیت سامنے آئی ہے۔

    یہ شرح فائزر اور موڈرنا کی تیار کردہ ویکسین سے کم ہے۔

    اس ویکسین کے تیسرے مرحلے کے تنائج سے پہلے ہی ایمرجنسی پروگرام کے تحت چین میں اسے تقریباً 10 لاکھ لوگوں کو دی چکی تھی۔

    چین میں سائنوویک اور سائنو فارم کے علاوہ مزید کم از کم 2 ویکسینز تیاری کے مراحل میں ہیں، ان میں سے ایک کین سائنو بائیولوجکس ہے جو سعودی عرب سمیت کئی ممالک میں تیاری کے تیسرے مرحلے میں ہے۔

    اس ویکسین کی انڈونیشیا، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اپنے یہاں استعمال کی منظوری دے دی ہے، سنگا پور نے موڈرنا اور فائزر سمیت سائنو ویک ویکسین کی خریداری کا معاہدہ کرلیا ہے جبکہ پاکستان میں بھی سائنو فارم ویکسین خریدنے کا اعلان کیا ہے۔

  • کرونا ویکسین: یورپی ملک کے سابق صدر نے مغربی ممالک کو ناقابل بھروسہ قرار دے دیا

    کرونا ویکسین: یورپی ملک کے سابق صدر نے مغربی ممالک کو ناقابل بھروسہ قرار دے دیا

    ماسکو: یورپی ملک مالدووا کے سابق صدر نے مغربی ممالک کو ناقابل بھروسہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف روس کی تیار کردہ ویکسین لگوائیں گے۔

    یورپی ملک مالدووا کے سابق صدر ایگور ڈوڈن نے روسی میڈیا کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ صرف روس کی تیار کردہ ویکسین لگوانا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی مغربی ملک کی تیار کردہ ویکسین پر اعتبار نہیں کر سکتے۔

    سابق صدر کا کہنا تھا کہ ابھی تک مالدووا میں ہمارے پاس کوئی ویکسین نہیں لیکن جب بھی ہمارے ملک میں ویکسین دستیاب ہوگی تو یقیناً میں روسی ویکسین کا انتخاب کروں گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وہ مغربی ممالک پر بھروسہ نہیں کرسکتے۔

  • کرونا ویکسین کی خریداری کے لیے پاکستان کے عالمی سطح پر رابطے جاری

    کرونا ویکسین کی خریداری کے لیے پاکستان کے عالمی سطح پر رابطے جاری

    اسلام آباد: پاکستان کے کرونا ویکسین کی خریداری کے لیے مختلف ممالک کی کمپنیز سے رابطے ہیں، پاکستان جلد فراہم کرنے والی کمپنی سے کرونا ویکسین خریدے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے کرونا ویکسین کی خریداری کے لیے عالمی سطح پر رابطے جاری ہیں، پاکستان کرونا ویکسین کے لیے 4 ممالک کی 6 کمپنیز سے رابطے میں ہے۔

    پاکستان کے کرونا ویکسین کے لیے فائزر، جانسن اینڈ جانسن، چینی کمپنیز سائنو فارم، کین سائنو، آکسفورڈ یونیورسٹی اور روسی سپٹنک فائیو کمپنی سے رابطے جاری ہیں۔

    ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 6 کمپنیز کی کرونا ویکسین پروفائل پر غور جاری ہے، پاکستان کے کرونا ویکسین کی خریداری پر 2 اہم مطالبات ہیں، پاکستان ڈبلیو ایچ او کے ای یو اے سرٹیفکٹ کی حامل ویکسین خریدے گا، جبکہ جلد فراہم کرنے والی کمپنی سے کرونا ویکسین خریدی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق امریکی اور برطانوی کمپنیز سے کرونا ویکسین پر معاملات طے ہونا ممکن نہیں۔ فائزر اور جانسن اینڈ جانسن پاکستان کو فوراً ویکسین فراہم نہیں کر سکتیں۔ امریکی کمپنیز پہلے کرونا ویکسین کی مقامی ضرورت پورا کریں گی۔

    اسی طرح آکسفورڈ یونیورسٹی بھی پہلے ویکسین کی مقامی ضرورت پورا کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق جانسن اینڈ جانسن پاکستان کو ویکسین فراہمی سے انکار کر چکی ہے علاوہ ازیں پاکستانی کولڈ چین سسٹم فائزر کی ویکسین ذخیرہ کرنے کا متحمل نہیں۔

  • پاکستان نے مفت اور رعایتی کرونا ویکسین کے لیے رجوع کرلیا

    پاکستان نے مفت اور رعایتی کرونا ویکسین کے لیے رجوع کرلیا

    اسلام آباد: وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مفت اور رعایتی کرونا ویکسین حاصل کرنے کے لیے ایمونائزیشن اور ویکسی نیشن کے عالمی ادارے گاوی کو خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے مفت اور رعایتی کرونا وائرس ویکسین کے لیے رجوع کرلیا، ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مفت یا رعایتی کرونا ویکسین کے لیے گاوی کو خط لکھ دیا، گاوی ایمونائزیشن اور ویکسی نیشن کا عالمی ادارہ ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان نے 20 فیصد آبادی کے لیے مفت جبکہ 20 فیصد آبادی کے لیے رعایتی قیمت پر کرونا وائرس ویکسین مانگی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ساڑھے 4 کروڑ آبادی کے لیے کرونا وائرس ویکسین مفت جبکہ ساڑھے 4 کروڑ آبادی کے لیے رعایتی قیمت پر ملے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کرونا ویکسین مارچ میں ملنے کا امکان ہے، پاکستان نے گاوی کو کرونا ویکسی نیشن کا آپریشنل پلان جمع کروا دیا، گاوی نے پاکستان کے کرونا ویکسی نیشن آپریشنل پلان کو سراہا ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان کرونا ویکسین پر قائم عالمی اتحاد کوویکس کا رکن ملک ہے، کوویکس اتحاد میں 189 ممالک اور ویکسین ساز ادارے شامل ہیں، کوویکس کے رکن ملک کی 20 فیصد آبادی کے لیے ویکسین مفت ملے گی۔

    ذرائع کے مطابق گاوی کوویکس ممالک کے لیے کرونا وائرس ویکسین کی خریداری میں معاونت کرے گا، ترقی یافتہ ممالک کے لیے ویکسین ساز کمپنیز سے مذاکرات گاوی کرے گا، ترقی یافتہ ممالک کے لیے کرونا ویکسین کی قیمت گاوی طے کرے گا۔

  • کرونا ویکسین: دبئی حکومت نے عوام کو خوشخبری سنا دی

    کرونا ویکسین: دبئی حکومت نے عوام کو خوشخبری سنا دی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں شہریوں کو مفت کرونا ویکسین لگوانے کا اعلان کردیا گیا، جلد اس حوالے سے لوگوں میں آگاہی مہم بھی شروع کردی جائے گی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کی سپریم کمیٹی برائے کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن کی مفت مہم شروع کی جارہی ہے۔

    دبئی میں قدرتی آفات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے والی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ کرونا وائرس بھی ایک قدرتی آفت ہی ہے، اور اس کی ویکسین لوگوں کو مفت لگائی جائے گی۔

    کمیٹی کی جانب سے مہم کا آغاز بدھ 23 دسمبر سے کیا جارہا ہے، اس ضمن میں ریاست میں لوگوں میں آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ منگل کے روز دبئی میں مزید 12 سو 26 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد اب تک اس مہلک وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 95 ہزار 878 تک پہنچ چکی ہے جبکہ اس وائرس سے 642 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • 170 ممالک کو ویکسین کی فراہمی ممکن بنانے کے لیے کنسورشیم کا قیام

    170 ممالک کو ویکسین کی فراہمی ممکن بنانے کے لیے کنسورشیم کا قیام

    ابو ظہبی: دنیا بھر کے 170 ممالک کو ویکسین کی فراہمی ممکن بنانے کے لیے کنسورشیم قائم کردیا گیا، کنسورشیم کی سربراہی ابو ظہبی کا محکمہ صحت کر رہا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں سرکاری اور نجی شراکت میں قائم ہوپ کنسورشیم نے مال برداری میں بین الاقوامی سطح پر اپنی سرگرمیوں کو توسیع دیتے ہوئے ممتاز عالمی فریٹ فارورڈرز کے ساتھ اسٹریٹجک معاہدے کیے ہیں۔

    کنسورشیم کے تازہ ترین شراکت داروں میں ایجیلٹی، ارایمیکس، ہیل مین اور کوہن + ناجیل شامل ہیں۔ یہ کنسورشیم 2021 کے آخر تک دنیا بھر میں سارس کووڈ 2 ویکسین کی خوراک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

    محکمہ صحت ابو ظہبی کی سربراہی میں ہوپ کنسورشیم نے ان عالمی نقل و حمل کی کمپنیوں کو ان کی ماہر صلاحیتوں کی بنیاد پر مقرر کیا ہے کیونکہ یہ سرد اور انتہائی سرد حالات میں بھی محفوظ اور مؤثر طریقے سے ویکسین پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

    محکمہ صحت کے انڈر سیکریٹری ڈاکٹر جمال محمد الکابی کا کہنا ہے کہ امید کنسورشیم کی کامیابی عالمی لاجسٹک سپلائی چین میں پبلک سیکٹر کے اداروں اور نجی شعبے کی کمپنیوں کے اشتراک پر بھروسہ کرتی ہے۔

    ایجلیٹی، ارایمیکس، ہیل مین اور کوہنی + ناجیل کا اضافہ ویکسین کی تقسیم کے چیلنج سمیت متعدد چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ٹھوس تعاون اور مہارت مہیا کرتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ شراکت ہوپ کنسورشیم کی بے مثال عالمی طاقت کا ثبوت ہے۔ اتحاد ایوی ایشن گروپ میں سیلز اینڈ کارگو کے سینئر نائب صدر مارٹین ڈریو نے کہا کہ فریٹ فارورڈرز کے معروف اداروں کی شمولیت سے ہوپ کنسورشیم کو مزید تقویت ملے گی اور ہماری عالمی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ اتحاد کو ان اداروں کے ساتھ کام کرنے پر فخر ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ اتحاد اس پیمانے کے منصوبے پر کام کرنے والی پہلی ہوائی کمپنیوں میں سے ایک ہے۔

    ایجیلٹی ایک عالمی لاجسٹک کمپنی ہے جو 100 سے زائد ممالک میں کام کرتی ہے۔ یہ دنیا میں فریٹ فارورڈنگ اور لاجسٹک مہیا کرنے والوں میں سے ایک ہے اور سپلائی چین کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی میں ایک رہنما اور سرمایہ کار ہے۔

    یہ ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں ممتاز مقام رکھتی ہے اور مشرق وسطیٰ، افریقہ اور ایشیا میں گودام اور ہلکے صنعتی پارکوں کے سب سے بڑے نجی مالکان اور ڈویلپرز میں سے ایک ہے۔

    دنیا بھر میں اس کے گودام 30 لاکھ مربع میٹر پر پھیلے ہوئے ہیں، ایجلیٹی ابو ظبی کے چیئرمین خادم الظہری کا کہنا ہے کہ ایک اسٹریٹجک شراکت دار کی حیثیت سے ایجیلٹی ابوظہبی کی نمو کو بڑھانے میں مدد دینے کے لیے پرعزم ہے۔

    کووڈ 19 کے ابتدائی مہینوں میں ایجیلٹی نے کھانے کی حفاظت اور طبی سامان سے متعلق منصوبوں کی حمایت کی، اس معاہدے پر دستخط سے یہ بات یقینی بنانے میں مدد ملے گی کہ سارس کووڈ 2 ویکسین کی محفوظ اور مؤثر فراہمی کے لیے کوئی مقام بہت دور نہیں ہے اور کوئی لاجسٹک چیلنج بھی اس کی فراہمی کو نہیں روک سکتی ہے۔

    کنسورشیم میں شامل 4 کمپنیاں ایسی ہیں جو دنیا کے 80 فیصد ممالک کا احاطہ کرتی ہیں اور انہوں نے گذشتہ سال عالمی سطح پر 4 لاکھ ٹن سے زیادہ سامان دنیا بھر میں پہنچایا۔

  • کرونا وائرس ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے: سعودی وزیر صحت

    کرونا وائرس ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے: سعودی وزیر صحت

    ریاض: سعودی عرب کے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے اس بارے میں ہم نے ہر طرح کی تسلی اور اطمینان کرلینے کے بعد ہی ویکسین کی منظوری دی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسین کے بارے میں جو لوگ باتیں کرتے ہیں وہ حقیقت سے دور ہیں، ویکسین کے منفی اثرات کے حوالے سے ان کے پاس کوئی علمی دلیل نہیں۔

    ایک انٹرویو میں وزیر صحت کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے میں نے ویکسین لگائی ہے اور میں اس حوالے سے مکمل طور پر مطمئن ہوں۔ کرونا ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے اس بارے میں ہم نے ہر طرح کی تسلی اور اپنا اطمینان کرلینے کے بعد ہی ویکسین کی منظوری دی۔

    انہوں نے کہا کہ ویکسین کی منظوری سے قبل سعودی ماہرین کے علاوہ دیگر ماہرین نے بھی ہر طرح سے ویکسین کی جانچ کی ہے، تاریخ میں یہ بات ثابت ہے کہ وبائی امراض سے بچانے کے لیے تیار کی جانے والی ویکسینز نے بہتر طور پر کام کیا ہے۔

    ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا تھا کہ ویکسین کے خلاف جو باتیں کرتے ہیں انہیں چاہیئے کہ وہ ایک بھی علمی دلیل پیش کریں کیونکہ ہم نے اس ویکسین کا ہر طرح سے تجزیہ کرنے کے بعد اسے منظور کیا ہے۔

    اس سے قبل وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مملکت میں ویکسین حاصل کرنے کے لیے شروع کی جانے والی مہم میں اب تک 3 لاکھ سے زائد افراد نے خود کو رجسٹرکروا لیا ہے۔

    ویکسین لگوانے کے لیے وزارت صحت کی جانب سے صحتی اور توکلنا ایپ پر رجسٹریشن کا آغاز بدھ 16 دسمبر سے کیا گیا تھا، محض 2 دن کے اندر رجسٹر کروانے والوں کی تعداد 3 لاکھ سے بڑھ چکی ہے جس میں ہر گزرتے لمحے کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔

  • کرونا ویکسین کا استعمال شروع: کیا سفری پابندیاں جلد ختم ہوجائیں گی؟

    کرونا ویکسین کا استعمال شروع: کیا سفری پابندیاں جلد ختم ہوجائیں گی؟

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کی ویکسین پہنچ جانے کے بعد شہریوں نے سیر و سیاحت کے لیے نکلنے کے پروگرام بنانے شروع کردیے، ویکسین فراہمی کے بعد سفری پابندیاں بھی ختم ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ویکسی نیشن کے آغاز سے کرونا وائرس کے حوالے سے عائد پابندیوں کے اٹھائے جانے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ کرونا وائرس ویکسین کے حوالے سے لوگوں کا کہنا ہے کہ اب وہ آزادی سے بیرون ملک سفر پر بھی جا سکیں گے۔

    اس حوالے سے ایک ٹریولنگ کمپنی کے ڈائریکٹر عبدالرزاق الزہرانی کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسین لگائے جانے کا آغاز ہوتے ہی بڑی تعداد میں لوگوں نے بیرون ملک سفر کے لیے ٹور پیکجز کے بارے میں دریافت کرنا شروع کردیا ہے۔

    ایک اور ٹور آپریٹر کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس کرونا وائرس کی وجہ سے کوئی شخص سالانہ تعطیلات گزرانے کے لیے کہیں نہیں گیا، لوگ کرونا وبا کی وجہ سے کہیں نہیں جاسکے تھے، اب جیسے ہی مملکت میں کرونا ویکسی نیشن کا آغاز ہوا ہے لوگوں کی بڑی تعداد نے آئندہ برس کے لیے ٹورز کی بکنگ کروانا شروع کردی ہے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق ایک سروے سے پتہ چلا کہ خلیجی ممالک کے شہری سفری پابندیاں اٹھائے جانے کے بڑی شدت سے منتظر تھے، اب جبکہ کرونا ویکسین آچکی ہے ایسے میں لوگوں کی امید بھی جاگ گئی ہے۔

    ٹور بکنگ کے لیے آنے والے ایک شخص کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس ویکسین وہ آخری کڑی ہوگی جس کے بعد سفر کے حوالے سے تمام پابندیاں اٹھالی جائیں گی اور ہم ایک بار پھر پابندیوں سے قبل کی جانب لوٹ سکیں گے۔

    سیاحت کے حوالے سے کیے جانے والے ایک اور سروے میں کہا گیا ہے کہ 72 فیصد خلیجی ممالک کے باشندے تفریح کے لیے خوب صورت سیاحتی مقامات پر جانے کے خواہشمند ہیں جبکہ 80 فیصد ایسے ہیں جو ایک ہفتے یا اس سے کچھ زیادہ مدت کے لیے سیاحت کرنا چاہتے ہیں۔

  • بحرین کے شاہ حماد کو کرونا وائرس کی ویکسین لگا دی گئی

    بحرین کے شاہ حماد کو کرونا وائرس کی ویکسین لگا دی گئی

    مناما: بحرین کے شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کو کرونا وائرس کی ویکسین لگا دی گئی، انہوں نے بحرین کے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر زور دیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق بحرین کے فرمانروا شاہ حماد کو بدھ کے روز کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکیسن لگا دی گئی۔

    بحرین میں حکومت قومی سطح پر کرونا وائرس کی ویکسی نیشن شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

    بحرین نیوز ایجنسی کے مطابق شاہ حماد نے بحرین کے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر زور دیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اور نیشنل میڈیکل ٹیم کی جانب سے کرونا وائرس کے حوالے سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔

    اس سے قبل بحرین نے اعلان کیا تھا کہ حکومت جلد ملک میں قومی ویکسی نیشن مہم پر عملدر آمد کرنے جارہی ہے۔

  • شمالی کوریا نے روسی ویکسین خرید لی، ملک میں ویکسی نیشن شروع

    شمالی کوریا نے روسی ویکسین خرید لی، ملک میں ویکسی نیشن شروع

    ٹوکیو: ایک جاپانی اخبار کا دعویٰ ہے کہ شمالی کوریا نے روس کی کرونا وائرس ویکسین سپٹنک وی خرید کر ملک میں ویکسی نیشن شروع کردی ہے۔

    جاپان کے ایک مقامی اخبار میں شائع شدہ رپورٹ کے مطابق مطابق شمالی کوریا نے تھرمو گرافکس سمیت روس کی سپٹنک وی کرونا وائرس ویکسین اور چینی تشخیص کے آلات خریدے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق تاہم اس معاہدے کی لاگت اور ویکسین کا حجم نامعلوم ہے۔

    مذکورہ رپورٹ میں شمالی کوریا کے ساتھ تجارتی تعلقات میں مصروف جنوبی کوریائی انٹیلی جنس اور چینی کاروباری حلقوں کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شمالی کوریا کی حکمران ورکرز پارٹی کے کچھ ارکان کو یہ ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اس بارے میں کوئی اطلاعات نہیں کہ آیا شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کو بھی یہ ویکسین لگائی گئی ہے یا نہیں۔

    دوسری جانب چند روز قبل روس کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ بیرون ملک روسی کرونا وائرس ویکسین کے خلاف مہم جاری ہے جس کا مقصد روسی ویکسین کو بدنام کرنا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ دنیا کی کچھ طاقتیں روسی ویکسین کو بدنام کرنے کے لیے کتنے وسائل کا استعمال کر رہی ہیں۔

    ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا تھا کہ روسی ویکسین انتہائی مؤثر ہے اور اس کے بارے میں جعلی خبریں روس کو انسانیت کی بھلائی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کرنے سے نہیں روک سکتیں۔