Tag: وی چیٹ

  • چین میں کرپٹو کے خلاف سخت کریک ڈاؤن

    چین میں کرپٹو کے خلاف سخت کریک ڈاؤن

    چین کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن وی چیٹ نے اپنے پلیٹ فارم پر نان فنجیبل ٹوکنز (این ایف ٹی) اور کرپٹو خدمات پرسخت پابندیاں عائد کردی ہیں۔

    چینی حکومت کی جانب سے کرپٹو کرنسی اور ڈیجیٹل اثاثوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی آگئی ہے اور اسی تناظر میں وی چیٹ نے بھی اپنے پلیٹ فارم پر کرپٹوسے متعلق اکاؤنٹس بند کردیے ہیں۔

    وی چیٹ کی ڈیویلپر کمپنی ٹینسیٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے اپنے پلیٹ فارمز پر کرپٹو کے اجرا، تجارت، اس میں سرمایہ کاری اوراین ایف ٹی کو غیر قانونی کاروبار قرار دے دیا ہے، اس حوالے سے اپنے ضابطہ اخلاق کے سیکشن 3.24 میں اسے غیر قانونی کاروبار کے زمرے میں شامل کردیا ہے۔

    اگر کوئی اکاؤنٹ کرپٹو کی لین دین، اس کے اجرا اور سرمایہ کاری میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی ہوگی، اور ہو سکتا ہے کہ اس اکاؤنٹ کو مستقل طور پر بین کردیا جائے۔

    واضح رہے کہ رواں سال مارچ کے آخر میں وی چیٹ کے ڈیولپرز ٹینسینٹ نے حکومتی پالیسیوں کومد نظر رکھتے ہوئے مذکورہ ایپ پر کرپٹو اور این ایف ٹی کے پبلک اکاؤنٹس سے منسلک تمام لنکس کو بلاک کردیا تھا، جس کا مقصد پرانے اور رسکی نان فنجیبل ٹوکنز کی خرید و فروخت کا سدباب کرنا تھا۔

    وی چیٹ نے جن این ایف ٹی ٹریڈنگ پلیٹ فارمز تک رسائی پر پابندی عائد کی، ان میں آئی باکس، آرٹ میٹا، ون میٹا اور دیگر بڑے نام شامل تھے۔

    یاد رہے کہ چینی قوانین کے تحت کرپٹو کرنسی کی تجارت اور مائننگ پر سخت پابندی عائد ہے، تاہم این ایف ٹی کو حاصل قانونی حیثیت کے بارے میں ابہام موجود ہیں۔

  • ٹرمپ نے ٹک ٹاک، وی چیٹ کے خلاف 2 حکم نامے جاری کر دیے

    ٹرمپ نے ٹک ٹاک، وی چیٹ کے خلاف 2 حکم نامے جاری کر دیے

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹک ٹاک اور وی چیٹ کے خلاف دو ایگزیکٹو حکم نامے جاری کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر کے جاری کردہ ایگزیکٹو حکم ناموں میں کہا گیا ہے کہ کوئی امریکی کمپنی ٹک ٹاک اور وی چیٹ کے ساتھ کام نہیں کر سکتی۔

    وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹو حکم نامے قومی سلامتی کے پیش نظر جاری کیے گئے ہیں، ٹک ٹاک، وی چیٹ اب امریکا میں ایپل اور گوگل ایپ پر دستیاب نہیں ہوں گے۔

    یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ ماہ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، آج کے حکم نامے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان موبائل ایپس کے ذریعے کارپوریٹ جاسوسی ہو رہی ہے، ٹک ٹاک سے امریکیوں کی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

    ٹک ٹاک پر پابندی سے متعلق امریکی صدر کا بڑا اعلان

    حکم نامے کے مطابق امریکی سرکاری ملازمین اور کنٹریکٹرز کی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ ٹرمپ کے ایگزیکٹو حکم نامے پر 45 کے اندر عمل درآمد ہوگا۔

    خیال رہے کہ ہفتے کو امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ملک میں جلد ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دیں گے، اس سے قبل بھی متعدد بار ٹرمپ انتظامیہ امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی کا عندیہ دے چکی تھی۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم حالات سے متعلق دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے، البتہ امریکا میں ٹک ٹاک کے حوالے سے بہت سارے متبادل ایپس تلاش کر رہے ہیں جس سے صارفین مستفید ہوسکتے ہیں۔

    ایک رپورٹ کے مطابق امریکا میں ٹک ٹاک صارفین کی تعداد 65 سے 80 ملین ہے۔