Tag: ًMQM

  • نئے نمبر پلیٹ: ایم کیو ایم کا دوبارہ رجسٹریشن فیس کی وصولی پر اعتراض

    نئے نمبر پلیٹ: ایم کیو ایم کا دوبارہ رجسٹریشن فیس کی وصولی پر اعتراض

    کراچی: شہر قائد میں موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی نمبر پلیٹ کے سلسلے میں ایم کیو ایم نے دوبارہ رجسٹریشن فیس کی وصولی پر اعتراض کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کی مرکزی کمیٹی نے کہا ہے کہ شہری پہلے ہی رجسٹریشن کے وقت یہ فیس دے چکے ہیں، اب دوبارہ اس مد میں رقم لینا عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔

    نمبر پلیٹوں کے حصول میں مشکلات اور ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کے بھاری چالان کے تناظر میں ایم کیو ایم اراکین اسمبلی کا وفد جلد صوبائی وزیر ایکسائز سے ملاقات کرے گا، مرکزی کمیٹی نے اراکین اسمبلی کو صوبائی وزیر سے ملاقات کر کے مسئلے پر بات چیت اور عوامی سہولیات کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    مرکزی کمیٹی نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر سے ملاقات کر کے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کے نمبر پلیٹس کی فراہمی، ٹریفک پولیس کی بے جا کارروائیوں اور محکمہ ایکسائز کی سست روی جیسے عوامی مسائل کی نشان دہی کی جائے۔

    کمیٹی کے مطابق شہر قائد میں 33 لاکھ سے زیادہ موٹر سائیکلیں اور 23 لاکھ دیگر گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں، جن کے مالکان کو آن لائن اپلائی کرنے کے باوجود نمبر پلیٹس وقت پر موصول ہو رہی ہیں، نہ ہی متعلقہ محکمے کی جانب سے شکایتوں کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے، اور شہریوں کو سڑکوں پر پولیس کی دھمکیوں اور گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کا سامنا ہے۔

    کمیٹی نے اراکین کو ہدایت کی کہ صوبائی وزیر ایکسائز سے ملاقات کر کے انھیں محکمہ کی جانب سے مرکزی شاہراہوں پر موبائل کیمپس قائم کرنے کا مشورہ دیں، اور مطالبہ کریں کہ آن لائن اپلائی کرنے والوں کو نمبر پلیٹ بذریعہ کوریئر گھر تک پہنچائی جائے۔

    ایم کیو ایم کا یہ بھی مؤقف ہے کہ نمبر پلیٹ کے لیے فیسوں پر نظر ثانی کی جائے اور پرانی فیس ادا کرنے والوں کو رعایت دی جائے۔

  • شہری سندھ میں مردم شماری کے عمل میں سست روی پر تحفظات برقرار

    شہری سندھ میں مردم شماری کے عمل میں سست روی پر تحفظات برقرار

    کراچی: مردم شماری کے عمل کا آج آخری روز ہے، تاہم ایم کیو ایم کے تحفظات برقرار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے کہا ہے کہ چار مرتبہ توسیع کے باوجود شہری سندھ میں مردم شماری کے عمل میں سست روی پر انھیں شدید تحفظات ہیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر درست انداز میں دیانت داری سے گنا جائے تو روزانہ ایک لاکھ 90 ہزار افراد شمار ہو جائیں۔

    ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں کی آبادی کی درست گنتی میں سندھ حکومت کی ماتحت انتظامیہ کا کردار متعصبانہ ہے، ایک مخصوص لسانی اکائی کی آبادی کو زیادہ دکھانے کے لیے صوبائی انتظامیہ سازشی حربے استعمال کر رہی ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق اگر شہری علاقوں کے ایک ایک فرد کو درست نہ گنا گیا تو عدالت، ایوان اور سڑکوں پر صدائے احتجاج بلند کی جائے گی۔

  • سلیم شہزاد دبئی سے وطن واپسی کے لئے روانہ

    سلیم شہزاد دبئی سے وطن واپسی کے لئے روانہ

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما سلیم شہزاد دبئی سے پاکستان کے لئے روانہ ہوگئے، وطن واپسی سے قبل انہوں نے پاکستان میں قیام امن کے لئے دعا کی.

    تفصیلات کے مطابق لندن میں مقیم ایم کیو ایم سابق رہنما سلیم شہزاد دبئی سے پاکستان کے لئے روانہ ہوگئے ، سلیم شہزاد غیر ملکی پرواز’ای کے600‘ سے کراچی پہنچیں گے، پرواز سے قبل سلیم شہزاد کا کہنا تھا کہ کراچی میں وکلا ء موجود ہیں، مقدمات پرمشاورت کروں گا، انہوں نے پاکستان کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ میرے ملک،صوبے اور شہر کی حفاظت کرے.

    یہاں‌پڑھیں:سلیم شہزاد منظر عام پر آگئے، الطاف حسین سے لاتعلقی اور وطن واپسی کا اعلان

    واضح رہے کہ سلیم شہزاد بانی ایم کیو ایم کے جان نثار ساتھی رہ چکے ہیں‌ تاہم وہ طویل عرصے قبل ملک سے باہر چلے گئے تھے، بعد ازاں انہوں نے مکمل خاموشی اختیار کرلی تھی،تاہم گذشتہ سال 22 اگست کے واقعے کے بعد سلیم شزاد نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے بانی ایم کیو ایم سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا.

    یہاں پڑھیں: لندن میں مقیم ایم کیو ایم رہنما سلیم شہزاد نے وطن واپسی کا اعلان کردیا

    یاد رہے، گذشتہ روز ایم کیو ایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد نے وطن واپس آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں پاکستان چلا جاؤں گا ، انہوں‌نے کہا تھا کہ واپس جاکر بتاؤں گا کہ کس کے ساتھ شمولیت اختیار کروں گا.

  • رشید گوڈیل نے ایم کیوایم چھوڑنے کی افواہوں کی تردید کردی

    رشید گوڈیل نے ایم کیوایم چھوڑنے کی افواہوں کی تردید کردی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے سینئررہنماء رشید گوڈیل کا کہنا ہے کہ میں نہ پارٹی چھوڑرہا ہوں اور نہ پارٹی چھوڑنے کا سوچ سکتا ہوں، میرا جینا مرنا ایم کیو ایم کے ساتھ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سینئررہنما رشید گوڈیل نے ان کی ایم کیو ایم چھوڑنے سے متعلق تمام افواہوں کی تردید کردی ہے۔

    رشید گوڈیل نے صحت یاب ہونے کے بعد پہلی مرتبہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا جینا مرنا ایم کیو ایم کے ساتھ ہے، حملے کے بعد مجھ سے منسوب کرکے افواہیں اڑائی گئیں، کہ میں پارٹی چھوڑ رہا ہوں، تاہم ایسا کچھ نہیں ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھ سے متعلق کسی بھی قسم کی خبر کی پہلے مجھ سے تصدیق کی جانی چاہئیے اور یہ بھی دیکھنا چاہیئے کہ اگر کوئی شخص مجھ سے متعلق کوئی بات کہہ رہا ہے تو اس کا مقصد کیا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ مکمل صحت یابی کے لئے مجھے علاج کے لئے ڈاکٹروں نے بیرونِ ملک جانے کا مشورہ دیا ہے، علاج کے لئے باہرجارہاہوں میرا جینا مرنا ایم کیو ایم کے ساتھ ہے اسی جماعت نے مجھ سے غریب شخص کو کہ جس کے پاس علاج کے لئے بھی پیسے نہ ہوں پارلیمنٹ میں پہنچایا ہے۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پر اٹھارہ اگست کو دن دیہاڑے اس وقت حملہ کیا گیا، جب وہ بہادر آباد میں واقع شاپنگ اسٹور سے خریدار کے بعد گھر واپس جا رہے تھے۔