Tag: ًًٌُُPMLN

  • اشتہاری ملزم اسحاق ڈار نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی

    اشتہاری ملزم اسحاق ڈار نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی

    لندن : اشتہاری ملزم اسحاق ڈار نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی، سابق وزیر خزانہ کے اہل خانہ کی جانب سے اس کی تردید سے گریز کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق وزیر خزانہ اور آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس کے اشتہاری ملزم اسحاق ڈار نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی ہے۔

     ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ دنوں لندن میں ہوم آفس کے دفتر انٹرویو کیلئے بھی گئے تھے، دوسری جانب اسحاق ڈار کے اہل خانہ کی جانب سے سیاسی پناہ کی درخواست کی تردید سے گریز بھی کیا جارہا ہے, ان کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار برطانیہ میں قانونی طور پر مقیم ہیں۔

    اس حوالے سے اسحاق ڈار کے بیٹے علی ڈار  نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میرے والد اسحاق ڈار اپنے پاسپورٹ کی منسوخی کے باعث وزارت داخلہ کے آفس گئے تھے، ان کو برطانیہ میں قیام کی اپنی پوزیشن واضح کرنی تھی۔

    اسحاق ڈار نے ہوم آفس میں اپنی میڈیکل رپورٹس پیش کیں، علی ڈار نے بتایا کہ ہوم آفس اہلکار نے والد کے ساتھ تصویر بنائی، ہوم آفس اہلکار کی والد کے ساتھ تصویر سیاسی پناہ کی درخواست کا ثبوت نہیں۔

    دوسری جانب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ ہمیں اسحاق ڈار کی اس قسم کی خبر سے حیرت نہیں ہورہی، تاہم ان کی سیاسی پناہ سے متعلق درخواست کی تصدیق ابھی تک نہیں ہوسکی ہے، اسحاق ڈار کی سیاسی پناہ سے متعلق خبرمیڈیا کےذریعے پہنچی ہے۔

    خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے اثاثہ جات ریفرنس میں اشتہاری اور مفرور ملزم و سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ بھی بلاک کردیا ہے۔

    مزید پڑھیں: سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ

    قومی احتساب بیورو نے اسحاق ڈارکو انٹرپول کے ذریعے لندن سے گرفتار کرکے وطن واپس لانے کے لیے ریڈ وارنٹ بھی جاری کیے ہوئے ہیں۔

    سپریم کورٹ میں اسحاق ڈار سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تھے کہ اسحاق ڈار واپس نہیں آتے تو عدالت ان کے خلاف فیصلہ سنا دے گی۔

    سابق وزیر خزانہ اور مفرور ملزم اسحاق ڈار گزشتہ کئی ماہ سے لندن میں مقیم ہیں اور سپریم کورٹ کے متعدد بار طلب کرنے کے باوجود پیش نہیں ہوئے ، سپریم کورٹ نے ان کی جائیداد قرق کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے ہیں۔

  • کسی سے نہیں ڈرتا عوام کی خدمت کرنا جانتا ہوں، نواز شریف

    کسی سے نہیں ڈرتا عوام کی خدمت کرنا جانتا ہوں، نواز شریف

    شیخوپورہ: نااہل سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کسی سے نہیں ڈرتا عوام کی خدمت کرنا جانتا ہوں، جو ہورہا ہے وہ ہوتا رہا تو ملک کا حال خراب ہوجائے گا، سب میرے دشمن ہیں انتقام لینا چاہتے ہیں، گھبرانے والا نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخوپورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، نواز شریف نے کہا کہ الحمد اللہ ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، ملک کی ترقی کیلئے کام کررہا تھا، مخالفین کسی ایک منصوبے کا نام بتادیں جو مکمل کیا ہو۔

    سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امپائر کی انگلی والوں کو رخصت کرنے کا وقت آگیا ہے، 2018 کے الیکشن میں عوام انہیں خدا حافظ کہہ دیں گے، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں فولادی ہیں۔

    نواز شریف نے شیخوپورہ کی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے نواز شریف کو سر پر بٹھادیا، نواز شریف آپ کی خدمت کرتا رہے گا کبھی بھی آپ کو مایوس نہیں کرے گا۔

    انہوں نے عوام سے سوال کیا کہ آپ لوگوں نے مجھے کتنے سال کے لیے منتخب کیا تھا، پانچ سال پورے نہیں کرنے دئیے گئے، 90 میں دو سال میں چھٹی کر دئی گئی، برطرف کرنے اور ہتھکڑیاں لگانے کی وجہ سمجھ میں آتی ہے؟ ملک سے دہشت گردی کس نے ختم کی؟ 70 سال کا حساب لیں گے اور انقلاب لائیں گے۔

    یہ پڑھیں: بیس سال سےنواز شریف کو مائنس کرنے کی کوشش ہورہی ہے: مریم نواز

    نواز شریف نے پیپلزپارٹی اور کے پی کے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی والو! تم نے ملک میں اندھیرے کردئیے تھے، کے پی کے کا حال دیکھیں تو ٹوٹا پھوٹا ہوا ہے، مٹی ہے، لوڈ شیڈںگ، دہشت گردی ختم کی، اربوں کی سرمایہ کاری لے کر آئے، شہباز شریف کو ترقیاتی کاموں کے انبار لگانے پر مبارکباد دیتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ ووٹ کا تقدس پامال کرنے کی جرات کسی کو نہیں ہونی چاہئے، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کردیا گیا، نواز شریف نے جیب سے پچاس روپے کا نوٹ لہرا کر کہا کہ کوئی ثابت کردے کہ نواز شریف نے 50 روپے کی کرپشن کی ہو، اگر کوئی کرپشن ثابت کردے تو عمر بھر کے لئے ریٹائر ہوجاؤں گا۔

    سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سب میرے دشمن ہیں، انتقام لینا چاہتے ہیں، گھبرانے والا نہیں، نواز شریف کا مان رکھنے پر شیخوپورہ والوں کو دعائیں دے کر جارہا ہوں، آخر میں انہوں نے نواز شریف کو ووٹ دو کے نعرے بھی لگوائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں