Tag: ُPSL

  • نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی چھت نصب کرنے کا کام شروع

    نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی چھت نصب کرنے کا کام شروع

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن فور کی تیاریاں عروج پر ہیں ، اسی سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بھی اہم پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم جو کہ گزشتہ سال بحالی کے مرحلے سےگزرا تھا اب اسکے دوسرے فیز میں انکلوژر کی چھت لگانے کے لیے غیر ملکی انجینئرز کی ٹیم نے اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا ہے۔

    بتایا جارہاہے کہ ملائیشیا کی ملٹی میڈیا انجینئرنگ نامی کمپنی کے انجینئرز اس کام کو دو مرحلوں میں طے کریں گے، پہلے مرحلے میں جاوید میانداد انکلوژر سے لے کر نسیم الغنی انکلوژر تک کی چھت نصب کی جائے گی۔

    نصب کی جانے والی چھت کی تھری ڈی ڈرائینگ

    دوسرے مرحلے میں حنیف محمد انکلوژر سے لے کر اقبال قاسم انکلوژر تک کی چھت کی تنصیب کی جائے گی۔

    غیر ملکی انجینئرز کی ٹیم چار لاکھ اسکوائر میٹر ٹیفلون فیبرک کی چھت کی تنصیب کا کام ایک سے دو روز میں شروع کرے گی ، غیرملکی انجینئرنگ ٹیم کو میڈیا کوریج سے دور رکھا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے پانچ میچز سات سے سترہ مارچ تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوں گے، شہر قائد اس میگا ایونٹ کے فائنل کی بھی میزبانی کرے گا۔

    گزشتہ سال پی ایس ایل سے قبل نیشنل اسٹیڈیم میں کئی طویل مدتی منصوبے مکمل کیے گئے تھے، جن میں انکلوژرزکی تزئین و آرائش، لفٹ کی تنصیب، سیوریج سسٹم کی بحالی، نشستوں کی مرمت اور تبدیلی شامل ہیں۔

  • میں لاہورآرہا ہوں، اے بی ڈی ویلیئرز

    میں لاہورآرہا ہوں، اے بی ڈی ویلیئرز

    لاہور: جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے پی ایس ایل میچز کے لئے پاکستان آنے کی تصدیق کردی ہے، انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں لاہور آرہا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے اسٹار کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا ہے کہ لاہور قلندرز اپنے گھر آرہی ہے اور میں لاہور آرہا ہوں ۔ 9 اور 10 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول میچز میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کے لئے تیار ہوں، کوشش ہوگی کہ ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کروں۔

    دوسری جانب چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ نے ڈی ویلیئرز کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹار کرکٹر کی آمد سے نہ صرف شائقین میں بے پناہ جوش و خروش دیکھنے میں آئے گا بلکہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے راستے کھولنے میں بھی مدد ملے گی۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے 17 مارچ تک ہوگا۔ پہلے چار میچز پہلی مرتبہ ابو ظہبی میں ہوں گے جبکہ شارجہ اور دبئی میں بھی میچز ہوں گے۔ آخری 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جن میں سے 3 میچ لاہور اور 5 میچ کراچی میں ہوں گے۔

    لاہور میں ہونے والے میچز 9، 10 اور 12 مارچ کو ہوں گے جبکہ 7، 10، 13 اور 15مارچ کو میچز کراچی میں ہوں گے۔ پی ایس ایل فور کا فائنل 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔شیڈول کے مطابق پی ایس ایل 4 کا افتتاحی میچ اسلام آباد اور لاہور قلندرز کے درمیان ہوگا۔

  • پی ایس ایل  فائنل کا  کراچی میں انعقاد‘ قوم کو مبارک باد دیتا ہوں:آصف غفور

    پی ایس ایل فائنل کا کراچی میں انعقاد‘ قوم کو مبارک باد دیتا ہوں:آصف غفور

    کراچی: ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل آصف غفور نے اپنے ایک پیغام میں کہا  ہے کہ شہرِقائد میں نوسال بعد کرکٹ کا بحال ہونا ملک میں امن و امان کی صورتحال کو واضح کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل روشنیوں کے شہر میں مزید خوشیاں لایا ہے۔

    میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل نے پاکستانیوں میں ایک نیا جذبہ پیدا کردیا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے ٹویٹ کا عکس

    انہوں نے پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر وفاقی و صوبائی حکومت، پاکستان کرکٹ بورڈ سیکیورٹی ایجنسیوں اور پر عزم قوم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 9 سال بعد شہر قائد میں کرکٹ کی بحالی کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو واضح کرتا ہے۔

    پی ایس ایل فائنل: اسٹیڈیم جانےوالےشائقین کےلیےخصوصی ہدایات

    انہوں نے کہا کہ ہم پر مسلط کی گئی دہشت گردی کی جنگ آہستہ آہستہ ختم ہورہی ہے اور یہ سب سیکیورٹی اداروں کے جوانوں اور بہادر عوام کی کوششوں اور شہادتوں کا نتیجہ ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملک امن و استحکام کے راستے پر گامزن ہے،انشااللہ پاکستان میں دیرپا امن واستحکام ضرور قائم ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئین پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان رات 8 بجے کھیلاجائے گا جس کے لیے تمام ترسیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ کرکٹ کے شائقین کی نیشنل اسٹیڈیم میں آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • زلمی کے نوجوان باؤلر کی تباہ کن باؤلنگ، اسلام آباد کو 34 رنز سے شکست

    زلمی کے نوجوان باؤلر کی تباہ کن باؤلنگ، اسلام آباد کو 34 رنز سے شکست

    دبئی: پاکستان سپر لیگ تیسرے ایڈیشن کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے کامران اکمل کی شاندار نصف سنچری کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 34 رنز سے شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی اور دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں مد مقابل تھیں، زلمی کی کپتانی ڈیرن سیمی جبکہ یونائیٹڈ کے کپتان انجری کے باعث میچ سے باہر تھے تو اُن کی جگہ قیادت رومان رئیس کے سپرد کی۔

    پشاور زلمی کو اچھی اوپننگ پارٹنر شپ ملی اور اُن کی پہلی وکٹ 69 کے مجموعی اسکور پر اُس وقت گری جب کامران اکمل 32 گیندوں پر 53 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ اُن کے ساتھ اوپننگ کے لیے آنے والے بلے باز تمیم اقبال 121 کے مجموعی اور 39 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے۔

    زلمی کی جانب سے کامران اکمل 53 اور تمیم اقبال 39 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے جبکہ اسمتھ اور محمد حفیظ نے بھی 30 ، 30 رنز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کو 176 رنز تک پہنچانے میں مدد فراہم کی۔

    فائنل اسکور کارڈ

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف 178 کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو اچھی اوپننگ نہ مل سکی اور 15 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گری، ایک رن اضافے کے بعد دوسری جبکہ 22 ، 25، 46، 50، 63، 73، 111 کے مجموعی اسکور پر وکٹیں گریں، یونائیٹڈ کے آل راؤنڈ فہیم اشرف 30 گیندوں پر 54 رنز اسکور ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے علاوہ ازیں سمیت پٹیل نے 23 رنز بنائے اور باقی کوئی بھی کھلاڑی 20 کا ہندسہ پار نہ کرسکا۔

    پشاور زلمی کے نوجوان باؤلر ابتسام شیخ نے چار اوورز میں 20 رنز دے کر تین وکٹیں لیں جبکہ عمید آصف نے چار اوور میں 23 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جورڈن اور وہاب ریاض نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ خلاصہ

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز اسکور کیے اس طرح زلمی نے 34 رنز سے فتح اپنے نام کی۔

    پشاور زلمی کے نوجوان باؤلر عمید آصف کے بعد ابتسام شیخ نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ٹیم کو فتح کے قریب لے کر آئے، یونائیٹڈ کی ٹیم 15ویں اوور کے اختتام پر 8 وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی، ابتسام شیخ نے چار اوورز میں 20 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    یونائیٹڈ کے بلے باز زلمی کے باؤلروں کے آگے بے بس نظر آئے، عمید آصف کے اسپیل کے بعد آنے والے کرس جورڈ ن نے ایک اور ابتسام شیخ نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی، دسویں اوور کے اختتام پر اسلام آباد کی ٹیم کا مجموعی اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 61 تک پہنچا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو رونچی اور والٹن میدان میں اترے، زلمی کے باؤلر عمید آصف نے 15 کے مجموعی اسکور پر اوپنر والٹن کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ اسی اوور میں رونچی بھی پویلین لوٹے، پانچ اوورز کے اختتام پر یونائیٹڈ کا مجموعی اسکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 30 تک پہنچا، چاروں وکٹیں عمید آصف نے حاصل کیں۔

    پشاور زلمی اننگز خلاصہ

    اننگز کے آخری پانچ اوورز زلمی کے بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے، کامران اکمل 53 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ تمیم اقبال نے 30 رنز اسکور کیے۔

    پشاور زلمی نے اگلے 5 اوورز میں تین وکٹیں گرنے کے بعد محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور مجموعی اسکور 132 تک پہنچایا۔

    کامران اکمل نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 30 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کی جبکہ اگلے ہی اوور میں وہ کیچ آؤٹ ہوکر پویلین روانہ ہوئے، دس اوور کے اختتام پر زلمی کی ٹیم کا مجموعی اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 100 تک پہنچا۔

    کامران اکمل نصف سنچری بنا کر سمت پٹیل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے

    زلمی کی جانب  اننگزکا آغاز تمیم اقبال اور کامران اکمل نے کیا، دونوں بلے بازوں نے ابتدائی پانچ اوورز میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے مجموعی اسکور بغیر کسی نقصان کے 43 تک پہنچایا، یونائیٹڈ کی جانب سے اٹیک کے لیے سمیع کو منتخب کیا گیا مگر باؤلر بے سود رہے، محمد سمیع نے 2 اوورز میں 13 ، رومان رئیس نے 2 میں 9 جبکہ اینڈری روسل نے ایک اوور میں 21 رنز دیے۔

    واضح رہے کہ پشاور زلمی کو سیزن تھری کے پہلے میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست ہوچکی ہے، ملک الیون نے گزشتہ روز کھیلے جانے والے میچ میں سیمی الیون کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ

    مصباح الحق اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کررہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں آندرے رسل، سیموئل بدری، محمد سمیع، رومان رئیس، شاداب خان، افتخار احمد، عماد بٹ، آصف علی، جے پی ڈومنی، لیوک رانچی، فہیم اشرم، سیم بلنگز، ظفر گوہر، صاحبزادہ فرحان، حسین طلعت، ایلکس ہیلز، ڈیوڈ ولی، محمد حسن اور محمد حسنین شامل ہیں۔

    پشاور زلمی

    ڈیرن سمی پشاور زلمی کی قیادت کررہے ہیں، ان کے علاوہ ٹیم میں محمد حفیظ، وہاب ریاض، کامران اکمل، شکیب الحسن، حسن علی، حارث سہیل، کرس جارڈن، محمد اصغر، ڈوئن براوو، تمیم اقبال، حماد اعظم، سعد نسیم، تیمور سلطان، ثمین گل، ابتسام شیخ، آندرے فلیچر، ایون لوئس، خالد عثمان اور محمد عارف شامل ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب، سروں کے رنگ، شاندار آتشبازی کے سنگ

    پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب، سروں کے رنگ، شاندار آتشبازی کے سنگ

    دبئی: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے کے ساتھ ہوا، ہزاروں پاکستانی و مقامی شائقینِ کرکٹ نے شرکت کی، پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ انشاء اللہ فائنل کراچی میں ہوگا، پی ایس ایل پوری قوم کا اثاثہ ہے، مستقبل قریب میں لیگ کے تمام میچز پاکستان کے مختلف شہروں میں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے کے ساتھ کیا گیا، اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین ’پاک سرزمین شاد باد‘ سنتے ہی احترام میں اپنی نشستوں سے کھڑے ہوئے۔

    سچل اورکیسٹرا بینڈ نے عمدہ طریقے سے پاکستان کا ملی نغمہ پرفارم کیا، بعد ازاں علی ظفر نے فضاء میں اڑتے ہوئے شاندار پرفارمنس پیش کی جبکہ بلال اشرف اور حریم فاروق نے ہوسٹنگ کے فرائض انجام دیے۔


    بعد ازاں رمیز راجہ نے مائیک سنبھالا اور پی ایس ایل کی تمام ٹیموں کو مدعو کیا اور تمام کپتانوں نے مختصر گفتگو بھی کی۔

    بین القوامی شہرت یافتہ صوفی گلوکارہ عابدہ پروین نے اپنی پرفارمنس کے ذریعے سماں باندھا، پاکستانی اور غیر ملکی سب ہی اُن کے سروں پر جھومتے نظر آئے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل سیزن 3 دبئی میں پیش کررہے ہیں جس کی بہت خوشی ہے، انشاء اللہ فائنل کراچی میں ہوگا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ خوشخبری یہ ہے کہ آج تمام 10 ہزار ٹکٹ فروخت ہوگئے مگر ٹریفک کی وجہ سے لوگ اسٹیڈیم نہیں پہنچ سکے تاہم جیسے جیسے وقت گزرے گا اسٹیڈیم میں رش نظر آئے گا۔

    نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ساری قوم کا اثاثہ ہے لہذا اسے سیاست دے دور رکھا جائے، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان سپر لیگ کے میچز پاکستان کے مختلف شہروں میں منعقد کیے جائیں گے۔

    علی ظفر ، شہزاد رائے اور جیسن ڈرولو نے شاندار پرفارمنس دی بعد ازاں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جس کے باعث آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے بھرا نظر آیا۔

    عابدہ پروین کی پرفارمنس

    پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کا وقت جیسے جیسے قریب آرہا تھا شائقین کرکٹ کی دلوں کی دھڑکنیں تیز ہورہی تھیں کیونکہ اس لیگ کے لیے انہوں نے سارا سال انتظار کیا، افتتاحی تقریب میں معروف بھارتی کامیڈین اور اینکر کپل شرما بھی شریک ہوئے۔

    افتتاحی تقریب کے بعد پہلا میچ پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے مابین دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل بھی صوفیوں ہی کی طرح محبت بانٹے گا: عابدہ پروین

    گزشتہ روز فنکاروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں عابدہ پروین اپنی آواز کا جادو جگائیں گی جنہیں سُن کر نہ صرف پاکستانی بلکہ غیر ملکی بھی جھوم اٹھتے ہیں۔

    پی سی بی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے تیسرے سیزن کی افتتاحی تقریب کو شائقین کرکٹ مدتوں یاد رکھیں گے کیونکہ اس بار بہت کچھ منفرد ہونے جارہا ہے۔

    دلوں کے بادشاہ کراچی کنگز کی آمد

    یاد رہے کہ پی ایس ایل تھری میں‌ چھ ٹیمیں‌ مدمقابل ہوں گی، ٹرافی حاصل کرنے کے لیے کراچی کنگز، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈز، ملتان سلطانز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ٹکرائیں‌ گی. یہ ٹورنامنٹ 24دنوں پر محیط ہے، جس میں 34 سنسنی خیز مقابلے ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: انشاء اللہ!! کراچی کنگز پی ایس ایل کی ٹرافی جیتے گی، سلمان اقبال

    خیال رہے کہ پی ایس ایل میں کراچی کنگز، لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیمیں تھیں تاہم تیسرے سیزن میں ایک ملتان سلطان کی چھٹی ٹیم کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    دریں اثناء پہلے دو سیزن میں ٹوٹل 24 میچز منعقد کیے گئے تھے تاہم تیسرے سیزن میں مقابلوں کی تعداد بڑھا کر 34 کردی گئی ہے، ابتدائی دو سیزن کے میچ دبئی میں منعقد کیے گئے تھے جبکہ فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پاکستان کا نام روشن کرنیوالے کھلاڑی کراچی کنگز کا حصہ ہیں، سلمان اقبال

    پاکستان کا نام روشن کرنیوالے کھلاڑی کراچی کنگز کا حصہ ہیں، سلمان اقبال

    کراچی: پی ایس ایل میں شامل کراچی کنگز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے ایونٹ میں شرکت کی، کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی کراچی کنگز کا حصہ ہیں،اس بار نہیں لیکن اگلی بار پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کرانے کی پوری کوشش کریں گے۔

    تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس میں قاری نے انتہائی خوش الحان آواز میں تلاوت پیش کرکے حاضرین کو مسحور کردیا۔ بعدازاں قومی ترانہ پڑھا گیا جسے سب نے کھڑے ہو کر سنا اور کراچی کنگز کا آفیشل سانگ ’’دلوں کے ہم ہیں بادشاہ‘‘ پر پرفارمنس پیش کی گئی، پروگرام کی میزبانی فہد مصطفی نے کی۔

     

    وزیراعلیٰ سندھ ، ڈی جی رینجرز اور دیگر اہم شخصیات کی شرکت

    تقریب میں وزیراعلیٰٰ سندھ مراد علی شاہ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید،پی ایس ایل کراچی کنگز کے مالک اور اے آر وائی نیٹ ورک کے سی ای او سلمان اقبال، میئر کراچی وسیم اختر، ن لیگ کے رہنما نہال ہاشمی، ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا، معروف تاجر عقیل کریم ڈھیڈھی،صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ،اے آر وائی نیٹ ورک کے چیئرمین حاجی اقبال، اینکر پرسن وسیم بادامی، اقرار الحسن، جیتو پاکستان کے اینکر فہد مصطفی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

    تقریب میں شرکت کے لیے چوہدری عبدالجلیل المعروف چاچا کرکٹ بھی خاص طور سے کراچی تشریف لائے اور انہوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کنگز کی فتح اوراس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

     

    اگلے سال پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کرائیں گے، مراد علی شاہ

    تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ آئندہ سال پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کرائیں گے،مجھے اس کے لیے کراچی کے عوام اور قانون نافذ کرنے والےاداروں کا ساتھ درکار ہے۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ عوام پرجوش ہیں، کراچی کنگز ضرور جیتے گی،ایسے ایونٹس دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، کراچی کی رونقیں اورخوشیاں بحال ہورہی ہیں، اس اسٹیڈیم میں بہت جلد میچز بھی ہوں گے۔

    ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے کہا کہ ٹی وی پرکراچی کنگز کی تقریب دیکھی تو جوش آیا اور اسٹیڈیم آگئی۔ تقریب میں سید مرادعلی شاہ، میئر کراچی وسیم اختراور دیگر شرکا کو’’کراچی کنگز‘‘کی شرٹس پیش کی گئیں۔

    چیئرمین اے آر وائی نیٹ ورک حاجی اقبال نے کہا کہ کراچی کی بہتری کے لیے اور بھی بہت کچھ سوچا ہے، کراچی میرا شہر ہے، چاہتا ہوں یہ ترقی کرتا رہے۔

    وائس چیئرمین اے آر وائی نیٹ ورک حاجی رؤف نے کہا کہ فاسٹ بولر محمد عامر میرا پسندیدہ کھلاڑی ہے، آئندہ سال انٹرنیشنل ٹیمیں پاکستان میں کھیلیں گی، جنید جمشید کے بیٹے تیمور جنید نے کہا کہ کراچی کنگز کی ٹیم لانچنگ دیکھ کربہت خوشی ہورہی ہے۔

    سلمان اقبال نے کراچی کنگز کی ٹیم متعارف کرادی

    اے آر وائی گروپ کے سی ای او سلمان اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ایونٹ کراچی والوں کا ایونٹ ہے اور ٹیم صرف اے آر وائی کی نہیں پوری کراچی کی ٹیم ہے۔

    مالک کراچی کنگزسلمان اقبال نے کہا کہ لوگ کہتے تھے کوئی پی ایس ایل دیکھنے نہیں آئے گا،گزشتہ سال کی طرح کراچی آج پھر چمک رہا ہے،کوشش ہوگی اس سال کاکپ ہماراہو، کراچی کو کراچی بنانے کا سہرا اوزیر اعلیٰ اور میئر کراچی کوجاتا ہے۔

    کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ کراچی والوں یہ شہر ہمارا ہے، ہمیں اسے اجاگر کرنا ہے۔ بعد ازاں سلمان اقبال نے کراچی کنگز کی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔

     

     کراچی کنگز میں شعیب ملک، محمد عامر، بابراعظم، عماد وسیم، سہیل خان، شاہ زیب حسن، سیف اللہ بنگش، راحت علی، حسن محسن، خرم منظور،اسامہ میر کرس گیل، کمارا سنگا کارا، روی بوپارہ، مہیلاجے وردھنے اور رائن میکلارن اور پولارڈ کراچی کنگز کی ٹیم میں شامل ہیں۔ ٹیم کاتعارف کرانے پر شائقین نے کراچی کنگز کاشانداراستقبال کیا۔