Tag: ٔپی ڈی ایم

  • وزیر خارجہ نے پی ڈی ایم کو بغیر منزل کا کارواں قرار دے دیا

    وزیر خارجہ نے پی ڈی ایم کو بغیر منزل کا کارواں قرار دے دیا

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حکومت کے خلاف اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو بغیر منزل کا کارواں قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج ملتان دورے کے موقع پر شاہ محمود نے مقامی افراد سے خطاب میں کہا کہ پی ڈی ایم بغیر منزل کا کارواں ہے، اس کو اپنی منزل کا پتا نہیں، کہ اسے کس طرف جانا ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم والے پہلے استعفے دے رہے تھے، پھر لانگ مارچ کا شور کیا، اب تحریک عدم اعتماد کی باتیں کر رہے ہیں، مفادات کی بنیاد پر بننے والا اتحاد کبھی کامیابی سے ہم کنار نہیں ہو سکتا۔

    انھوں نے کہا لیگی رہنما جھوٹ بول کر عوام کوگمراہ نہیں کر سکتے، عوام کے سامنے ان کی اصلیت عیاں ہو چکی ہے، حکومت کوگرانے کی ان کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو سکتی، ہم آئینی مدت پوری کریں گے، اور قومی دولت لوٹنے والوں کو این آر او نہیں ملے گا۔

    ن لیگ نے تحریک عدم اعتماد کو دھوکا قرار دے دیا

    انھوں نے کرونا ویکسین کے سلسلے میں عوام کو بتایا کہ چین 5 لاکھ ویکسین ڈوزز 31 جنوری تک پاکستان کو تحفتاً مہیا کر دے گا، چین سے درخواست کی ہے کہ ہماری ضرورت 1.1 ملین ہے، جو فروری کے آخر تک مل جائے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا تھا، اور کہا تھا کہ پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں کو بھی اس پر راضی کرنے کی کوشش کی جائے گی، جب کہ آج ن لیگی ذرائع نے کہا ہے کہ پارٹی تحریک عدم اعتماد کو دھوکا سمجھ رہی ہے، نواز شریف نے بھی اسے مسترد کیا۔

  • محمود خان اچکزئی انتشار پھیلانے سے باز نہ آئے

    محمود خان اچکزئی انتشار پھیلانے سے باز نہ آئے

    اسلام آباد: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی پی ڈی ایم جلسوں میں انتشار پھیلانے کی روش سے باز نہ آئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج میں محمود خان اچکزئی نے عوام کو لوٹ مار کے لیے اکسانے کی کوشش کی۔

    اچکزئی نے خطاب کے دوران کہا فضل الرحمان فتویٰ دیں کہ بھوک میں سرکاری گوداموں کو لوٹ لیا جائے۔

    علامہ طاہر اشرفی نے اس پر اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کے بیانیے کو آج پھر عوام نے مسترد کر دیا ہے، جے یو آئی ف کو بھی اسلام آباد راولپنڈی کے مدارس نے مسترد کر دیا۔

    طاہر اشرفی کا کہنا تھا فضل الرحمان نے جو آج فتوے دیے، پہلے وہ خود تو ان کا جواب دیں، کل جب صوفی محمد ایسے فتوے دیتے تھے تو فضل الرحمان تنقید کرتے تھے۔ فضل الرحمان پارلیمنٹ میں کہا کرتے تھے کہ صوفی محمد کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی۔

    محمود خان اچکزئی نے لاہوریوں کی توہین کر دی

    یاد رہے کہ اس سے قبل پی ڈی ایم کے کراچی جلسے میں محمود خان اچکزئی نے اردو سے متعلق متنازع گفتگو کی تھی، جس پر انھیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    13 دسمبر 2020 کو لاہور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مینار پاکستان جلسے کے دوران محمود خان اچکزئی نے مریم نواز کی موجودگی میں لاہوریوں کی توہین کی تھی۔ انھوں نے کہا کہ لاہور والوں نے ہندو اور سکھوں سے مل کر انگریز کا ساتھ دیا تھا۔

    محمود اچکزئی نے اپنے خطاب میں لاہوریوں کو انگریز سامراج کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ لاہوریوں نے انگریز کے ساتھ مل کر افغان سرزمین پر قبضے کی کوشش کی۔