Tag: ٕPakistan floods

  • پنجاب میں سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہوگئی، 15 لاکھ سے زائد متاثر

    پنجاب میں سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہوگئی، 15 لاکھ سے زائد متاثر

    لاہور : سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سیلاب سے 30 افراد جاں بحق اور 15 لاکھ سے زائد متاثر ہوئے تاہم پیشگی اقدامات سے پنجاب بڑے جانی نقصان سے بچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ پنجاب میں سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ تین دریاؤں کے سیلابی پانی سے 2 ہزار 38 موضع جات متاثر ہوئے ہیں۔

    صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے پیشگی اقدامات کے باعث صوبہ بڑے جانی نقصان سے بچ گیا۔ وزیراعلیٰ براہِ راست گرینڈ ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہی ہیں اور تمام ادارے ایک مٹھی بن کر عوام کی مدد میں مصروف ہیں۔

    مریم اورنگزیب نے کہا اب تک سیلاب سے 15 لاکھ 16 ہزار 603 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 4 لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں 511 ریلیف کیمپس اور 351 میڈیکل کیمپس 24 گھنٹے متاثرین کی دیکھ بھال کر رہے ہیں، جہاں اس وقت 6 ہزار 373 افراد مقیم ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ 4 لاکھ 5 ہزار سے زائد مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، جن کے علاج کے لیے 321 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے ہیں اور ریسکیو مشن میں حصہ لینے والی کشتیوں کی تعداد بڑھا کر 808 کر دی گئی ہے۔

    مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اب تباہی کی شکل اختیار کر چکی ہے، سیلاب سے بحالی کے بعد تجاوزات کے خاتمے کا آپریشن کیا جائے گا جبکہ پیشگی خبردار کرنے والے جدید ترین نظام پنجاب میں متعارف کرائے جائیں گے۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب کے دوران ہونے والے تجربات کی روشنی میں ایک جامع حکمت عملی تیار کی جائے گی تاکہ مستقبل میں نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔