Tag: ٰIndia

  • مودی کے حامی ریلوے پولیس اہلکار نے چلتی ٹرین میں مسلمانوں کو چُن چُن کر قتل کر دیا، دل دہلا دینے والا واقعہ

    مودی کے حامی ریلوے پولیس اہلکار نے چلتی ٹرین میں مسلمانوں کو چُن چُن کر قتل کر دیا، دل دہلا دینے والا واقعہ

    نئی دہلی: بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ایک چلتی ٹرین کے اندر ’ہیٹ کرائم‘ کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک ریلوے پولیس کانسٹیبل نے تین مسلمان مسافروں اور ایک پولیس اہلکار کو گولیاں مار کر قتل کر دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریلوے پروٹیکشن فورس کے ایک اہلکار 33 سالہ چیتن سنگھ نے پیر کی صبح مہاراشٹر کے پالگھر ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین میں سوار چار افراد کو نفرت کی بنیاد پر گولیاں مار کر قتل کر دیا، تینوں مسلمانوں کی داڑھیاں تھیں اور انھیں چُن چُن کر مارا گیا، جب کہ ہلاک ہونے والا چوتھا شخص اسسٹنٹ سب انسپکٹر تھا۔

    یہ واقعہ جے پور ایکسپریس ٹرین کے اندر پیش آیا، قاتل چیتن سنگھ واقعے کے بعد فرار ہو گیا تھا تاہم اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق چیتن سنگھ نے پہلے ایک کوچ میں اپنے سینئر افسر تکارام مینا کو گولی مار کر ہلاک کیا، اس کے بعد اس نے اسی کوچ میں سوار ایک مسافر 64 سالہ عبدالقادر بھائی بھانپور والا کو گولی ماری۔ چیتن سنگھ اس کے بعد چار ڈبوں سے گزرا اور پینٹری کار میں پہنچنے کے بعد اس نے وہاں موجود ایک مسافر صدر محمد حسین کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ اس کے بعد وہ مزید دو کوچز سے گزرا اور ایک اور ڈبے میں اپنے تیسرے شکار 48 سالہ اصغر عباس علی کو گولی مار دی۔

    ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق تینوں مسافر داڑھی والے تھے، جیسے ہی اصغر عباس گولی لگنے کی وجہ سے تنگ کوریڈور میں گرا، چیتن سنگھ نے اسلحہ سائیڈ سیٹ پر رکھا اور مسلمانوں کے خلاف ایک نفرت سے بھری تقریر کی اور لوگوں سے اسے ریکارڈ کرنے کے لیے بھی کہا، یہ مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں آر پی ایف کانسٹیبل کہتا نظر آیا: ’’یہ پاکستان سے آپریٹ ہو رہے ہیں، میڈیا یہی دکھا رہا ہے، سب پتا چل رہا ہے انھیں کہ ان کے آقا ہیں وہاں، اگر ووٹ دینا ہے اور ہندوستان میں رہنا ہے تو میں کہتا ہوں مودی اور یوگی ہیں۔‘‘

    انڈین ایکسپریس کے مطابق چیتن اور ان کے سینئر اے ایس آئی ٹیکا رام کو سیکیورٹی کے لیے ٹرین میں تعینات کیا گیا تھا، چیتن سنگھ نے ٹیکا رام کے ساتھ جھگڑے کے بعد فائرنگ شروع کی، واردات کے بعد چیتن کمار نے دہیسر کے قریب ٹرین کی زنجیر کھینچ کر روکی اور نیچے اتر کر بھاگنے کی کوشش کی لیکن اسے ہتھیار سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ اس نے اپنے سروس رائفل سے 12 گولیاں چلائیں۔ ریلوے پولیس نے اعلان کیا کہ ہلاک شدگان کے لواحقین کو معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

  • ہندو تنظیموں میں خوں‌ ریز تصادم، بھارتی ریاست ہریانہ میں‌ دفعہ 144 نافذ، انٹرنیٹ بند

    ہندو تنظیموں میں خوں‌ ریز تصادم، بھارتی ریاست ہریانہ میں‌ دفعہ 144 نافذ، انٹرنیٹ بند

    ہریانہ: بھارتی ریاست ہریانہ میں ہندو تنظیموں میں خوں‌ ریز تصادم کے نتیجے میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، اور انٹرنیٹ بند کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مودی سرکار نے ریاست ہریانہ میں دفعہ 144 نافذ کر دی، ہریانہ کے ضلع نوح میں انتہا پسند ہندو گروپوں میں گزشتہ روز شدید تصادم ہوا تھا، جس میں 2 پولیس اہل کار ہلاک جب کہ 70 سے زائد لوگ زخمی ہو گئے تھے۔

    تصادم وشوا ہندو پرشاد اور بجرنگ دل تنظیموں کے درمیان برج منڈل شوبھا یاترا کے دوران پیش آیا، مشتعل انتہا پسندوں نے درجنوں گاڑیوں کو نذر آتش کر ڈالا، جس کے بعد سرکار حرکت میں آئی اور ریاست میں اگلے تین روز کے لیے انٹرنیٹ، ٹیلی فون اور میڈیا سروسز معطل کر دیں۔

    دوسری ریاستوں سے بھی ہزاروں کی تعداد میں پولیس اہلکار بذریعہ ہیلی کاپٹر ہریانہ کی طرف روانہ کیے گئے، پولیس کی طرف سے مشتعل مظاہرین پر آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی گئی۔

    دیگر انتہا پسند ہندو تنظیموں نے واقعے کو ہندو مسلم تصادم کا رنگ دے کر ملبہ مسلمانوں پر ڈالنا شروع کر دیا ہے، ٹوئٹر پر ہندو انڈر اٹیک اور بائیکاٹ مسلم کے ٹرینڈ بنانے لگ گئے ہیں، تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ تصادم کو ہندو مسلم فساد کا رنگ دینا بی جے پی اور مودی کی 2024 کے انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہو سکتی ہے۔

  • بھارتی یونیورسٹیوں میں ڈھائی ہزار سے زیادہ افغان طلبہ ویزا مسائل کے باعث افغانستان میں پھنس گئے

    بھارتی یونیورسٹیوں میں ڈھائی ہزار سے زیادہ افغان طلبہ ویزا مسائل کے باعث افغانستان میں پھنس گئے

    افغانستان میں طالبان قبضے کے بعد سے بھارت نے افغان شہریوں کو جاری ویزے منسوخ کر دیے ہیں، جس کی وجہ سے بھارتی یونیورسٹیز کے 2 ہزار 500 سے زیادہ افغان طلبہ ویزا مسائل کے باعث افغانستان میں پھنس گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مودی کے بھارت میں اب مسلمانوں کا مستقبل تاریک سے تاریک تر ہوتا جا رہا ہے، افغان طلبہ کے لیے بھی بھارت کی مسلم دشمن پالیسیاں سامنے آ رہی ہیں، جس سے واضح ہو رہا ہے کہ افغان طلبہ کے لیے بھارت کی غیر متزلزل حمایت ایک دکھاوے سے زیادہ کچھ نہیں۔

    افغانستان میں طالبان قبضے کے بعد بھارت نے افغان شہریوں کو جاری ویزے منسوخ کر دیے ہیں، منسوخ کیے گئے ویزوں میں زیادہ تعداد افغان طالب علموں کے ویزوں کی ہے، بھارت کے افغان طلبہ کو ویزا جاری کرنے سے انکار کے باعث آن لائن امتحانات ممکن نہیں، اور بھارتی یونیورسٹیز میں 2 ہزار 500 سے زیادہ افغان طلبہ ویزا مسائل کے باعث افغانستان میں پھنس گئے ہیں۔

    افغان طلبہ نے ویزا نہ ملنے پر احتجاج کیا تو بھارتی وزیر خارجہ نے سیکیورٹی خدشات، غیر اعتمادی اور ویزا سسٹم کی کارکردگی کا حوالہ دے دیا، بہت سے افغان طلبہ کو انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز کی طرف سے اسکالرشپ مہیا کی گئی تھی، ویزا انکار کے باعث یونیورسٹیز نے کیمپس میں عدم واپسی پر داخلے منسوخ کرنا شروع کر دیے۔

    چندی گڑھ یونیورسٹی میں پولیٹیکل سائنس کی 22 سالہ طالبہ یاسمین عظیمی بھارت میں دوبارہ اپنی تعلیم کے لیے ویزا حصول کی کوشش کرتی رہی، ان کی ویزا درخواست 3 بار مسترد ہو چکی ہے۔ 2022 میں صرف 300 ای ویزا جاری کیے گئے تھے، اس وجہ سے افغان اسٹوڈنٹس بھارت میں اپنی تعلیم جاری رکھنے سے قاصر ہیں، اس دوران پاکستان نے افغان طلبہ کو 4 ہزار 500 مکمل فنڈڈ وظائف کی پیشکش کی ہے۔

    ایک افغان طالب علم کا کہنا تھا کہ ’’ہم سمجھتے تھے کہ بھارت ہمارا دوسرا گھر ہے لیکن اس نے ہمیں اکیلا چھوڑ دیا۔‘‘ کونسل آن فارن ریلیشنز رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی حکومت میں بھارتی مسلمانوں سے امتیازی سلوک میں شدت آئی ہے۔ بھارت میں کئی طلبہ رہنما اپنے معاملات افغان اور ہندوستانی سفارتی حکام سے اٹھا رہے ہیں لیکن ان کی اس کوشش کا کوئی فائدہ نہیں ہو رہا۔

    ریگولر کلاسز دوبارہ شروع ہونے کے بعد یونیورسٹیز سے آن لائن کورسز کی سہولت اب میسر نہیں، ایسے سینکڑوں افغان طلبہ ہیں جنھوں نے بھارت میں اپنا ڈگری کورس تقریباً مکمل کر لیا ہے، ایسے طلبہ بھارت جانے کا ویزا نہ ہونے کی وجہ سے اپنے آخری امتحان میں شرکت نہیں کر سکتے۔

    اس تمام مسئلے میں طالبات سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں، طالبات نہ تو کابل کی یونیورسٹی میں داخلہ لے سکتی ہیں نہ بیرون ملک درخواست دے سکتی ہیں، جبر، مالی معاملات، ویزا مشکلات میں افغان طلبہ کو بھارتی حکام کی بے حسی کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے، افغان طالب علموں نے الزام لگایا ہے کہ یونیورسٹی حکام اکثر ان کو ممکنہ منشیات فروش، دہشت گرد قرار دیتے ہیں۔

  • اڑیسہ میں 3 ٹرینوں میں تصادم، ہلاکتیں 300 ہو گئیں، لاشوں کی بے حرمتی

    اڑیسہ میں 3 ٹرینوں میں تصادم، ہلاکتیں 300 ہو گئیں، لاشوں کی بے حرمتی

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اڑیسہ میں 3 ٹرینوں کے خوف ناک تصادم میں ہلاکتوں کی تعداد 300 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں گزشتہ ایک دہائی سے زیادہ کے عرصے میں ہونے والے ٹرین حادثوں کے سب سے خوف ناک حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد تین سو ہو گئی ہے، جب کہ ایک ہزار سے زیادہ لوگ زخمی ہیں۔

    اڑیسہ میں جائے وقوعہ پر دوسرے روز بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے، زخمیوں سے اسپتال بھر گئے ہیں، افسوس ناک بات یہ ہے کہ بد ترین ٹرین حادثے کے بعد لاشوں کی بے حرمتی کے مناظر نے لوگوں کے دل دہلا دیے ہیں۔

    لاشیں ایمبولنس میں لے جانے کی بجائے مال گاڑی میں لادی گئیں، امدادی کارروائیوں کے لیے ایک ایمبولنس تک میسر نہیں آ سکی لیکن وزیر اعظم نریندر مودی خود ہیلی کاپٹر میں دورہ کرنے آئے۔

    وزیر اعظم مودی نے ٹرین حادثے کے ذمہ داروں کو سخت سزائیں دینے کا وعدہ کیا، دوسری جانب اپوزیشن رہنما بھارتی وزیر اعظم اور وزیر ریلوے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں، اس حادثے پر امریکی صدر جو بائیڈن اور وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔

    واضح رہے کہ مسافر ٹرینوں میں قریباً 2 ہزار لوگ سوار تھے۔

  • ملیانا مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث ہندو 36 سال بعد بری

    ملیانا مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث ہندو 36 سال بعد بری

    میرٹھ: بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر میرٹھ کے علاقے ملیانا میں 72 مسلمانوں کو تہ تیغ کرنے والے 39 انتہا پسند ہندوؤں کو عدالت نے تین دہائیوں سے زیادہ چلنے والے کیس میں رہا کر دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 36 سال قبل ضلع میرٹھ میں مسلمانوں پر تشدد کے دوران اترپردیش کے چھوٹے سے ٹاؤن ملیانا میں جنونی ہندوؤں کے ہجوم نے 72 مسلمانوں کو خون میں نہلا دیا تھا۔

    قتل عام کا یہ واقعہ 22 مئی 1987 کو رمضان کے آخری جمعہ کو میرٹھ کے ملیانا ہولی چوک علاقہ میں پیش آیا تھا، اس کے دوسرے دن 24 مئی کو ایک مقامی شخص یعقوب علی نے اس واقعے کے سلسلہ میں 93 افراد کے خلاف ایک مقدمہ دائر کر دیا تھا۔

    اس کیس میں اب تک 900 سماعتیں کی جا چکی ہیں، اور تین دہائیاں گزرنے کے باوجود مقتولوں کے لواحقین کو انصاف نہیں دیا گیا، بلکہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج (کورٹ 6) لکھویندر سنگھ سود کی عدالت نے جمعہ کو 39 ملزمان کو یہ کہتے ہوئے رہا کر دیا کہ استغاثہ اس کیس میں کافی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔

    اس مقدمے میں کل 93 ملزمان نامزد تھے جن میں سے 23 کی گزشتہ 36 سال کی سماعتوں کے دوران موت ہو چکی ہے اور 31 کا سراغ ہی نہیں لگایا جا سکا۔

    میرٹھ کی مقامی عدالت نے ناکافی ثبوتوں کی بنیاد پر انتالیس افراد کو آتش زنی، قتل اور فساد کے الزام سے بری کرنے کا حکم سنا دیا۔ جب کہ مقتولین کے لواحقین کا کہنا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل کریں گے۔

    ملیانا قتل عام میں مارے جانے والے اشرف نامی مقتول کے بیٹے مہتاب نے میڈیا کو بتایا کہ فسادات کے دوران میرے والد کو گولی ماری گئی تھی، اس وقت میں بہت چھوٹا تھا، انھیں بلاوجہ مارا گیا تھا۔

  • مودی کو گجرات کا قصائی کہنے پر بھارت آپے سے باہر، بلاول کے بیان نے آگ لگا دی

    مودی کو گجرات کا قصائی کہنے پر بھارت آپے سے باہر، بلاول کے بیان نے آگ لگا دی

    نئی دہلی: مودی کو گجرات کا قصائی کہنے پر بھارت میں ہندو انتہا پسند آپے سے باہر ہو گئے، بلاول بھٹو زرداری کے بیان نے ہندو انتہا پسندوں کو آگ لگا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری کے مودی کو گجرات کا قصائی کہنے پر ہندو انتہا پسند آپے سے باہر ہو گئے ہیں، بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور انتہا پسند پارٹی راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔

    بی جے پی کے کارکنوں نے بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر جمع ہو کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے لگائے، جب کہ دہلی پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے رکاوٹیں قائم کر دیں۔

    دوسری طرف مودی سرکار نے سیخ پا ہو کر کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ گجرات فسادات کے حوالے سے ثبوتوں کا فقدان ہے۔ وزارت خارجہ نے رد عمل میں کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا بھارتی وزیر اعظم سے متعلق بیان غیر مہذب تھا، وہ اپنی جھنجھلاہٹ کا رخ پاکستان میں دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ کی طرف کر دیں۔

    بھارت کو بتا دیں اسامہ بن لادن مر چکا لیکن گجرات کا قصائی زندہ ہے، بلاول بھٹو

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے الزامات کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسامہ بن لادن مر چکا ہے لیکن گجرات کا قصائی زندہ ہے اور وہ بھارت کا وزیر اعظم ہے، جس پر وزیر اعظم بننے سے قبل امریکا میں داخلے پر پابندی عائد تھی۔

  • بھارت : کرونا وائرس سے متاثرہ جوڑا ٹرین میں سفر کرتا پکڑا گیا

    بھارت : کرونا وائرس سے متاثرہ جوڑا ٹرین میں سفر کرتا پکڑا گیا

    نئی دہلی : کرونا وائرس سے متاثرہ جوڑا ٹرین میں دوران سفر پکڑا گیا، لوگوں نے ان کی ہاتھ پر مہر دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی، مریض جوڑے کو ہنگامی طور پر علیحدہ مرکز میں منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست کے شہر تلنگانہ کے قاضی پیٹ ریلوے اسٹیشن میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب راجدھانی ایکسپریس میں ایک ایسا جوڑا دیکھا گیا جو کورونا کا مریض تھا۔

    دونوں میاں بیوی کے ہاتھوں پر (ہوم کورنٹائن) قرنطینہ میں رہنے کی مہر لگی ہوئی تھی، اس مہر کے باوجود یہ جوڑا اس کو چھپاتے ہوئے قومی دارالحکومت کے سفر کی کوشش کررہا تھا۔

    تاہم واش بیسن میں ہاتھ دھونے کے دوران ٹرین میں سفر کرنے والے ایک مسافر نے یہ مہر دیکھ لی اور اس کی اطلاع پولیس کو دے دی ، جس کے ساتھ ہی پولیس اور محکمہ صحت کی ٹیم وہاں پہنچی اور دونوں کو ٹرین سے اتار دیا گیا اور حیدرآباد کے الگ تھلگ مرکز منتقل کردیا گیا۔

    بعد ازاں اسی دوران بی ون بوگی کے مسافروں کو بھی اتاردیا گیا، اس واقعے کے بعد ٹرین تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک اسٹیشن پر رکی رہی،  اس جوڑے کے ساتھ سفر کرنے والے مسافروں کو دوسرے ڈبہ میں منتقل کردیا گیا، ٹرین میں جراثیم کش اسپرے کرنے کے بعد روانہ کیا گیا۔

    دونوں میاں بیوی کی عمریں 23اور 25سال کے درمیان ہیں جو ٹرین کے بی کمپارٹمنٹ کے تھرڈ اے سی میں سفر کررہا تھا، ریلوے کے عہدیداروں کے مطابق اس جوڑے کا تعلق بنگلورو سے ہے ، جنہوں نے مکمل آستین والے شرٹس پہن رکھے تھے تاکہ اس مہر کو چھپاسکے، کافی جدوجہد کے بعد پولیس اس جوڑے کو ایمبولنس میں بٹھا کر حیدرآباد لانے میں کامیاب ہوسکی۔

  • بھارت کا پہلا مسافربردار طیارہ تل ابیب پہنچ گیا

    بھارت کا پہلا مسافربردار طیارہ تل ابیب پہنچ گیا

    تل ابیب/ نئی دہلی: بھارت کی سرکاری فضائی کمپنی  کی اسرائیل کے لیے پہلی پرواز سعودی عرب کی فضائی حدود کا استعمال کرتے ہوئے اپنی منزل پر پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی سرکاری فضائی کمپنی ایئر انڈیا نے اسرائیل جانے کے لیے سعودی عرب کی فضائی حدود کا استعمال کرتے ہوئے اپنی پہلی پرواز مکمل کرلی ہے۔

    جمعرات کو ایئر انڈیا کی دہلی سے اڑان بھرنے والی پرواز اے آئی 139 تل ابیب کے بن گوريان ہوائی اڈے پر عالمی وقت کے مطابق شام سات بج کر پنتالیس منٹ پر لینڈ ہوئی۔ ہفتے میں تین پروازیں سعودی فضائی حدود کا استعمال کرتے ہوئے دہلی سے تل ابیب اور تل ابیب سے دہلی کا سفر کریں گی۔

    اس موقع پراستقبال کے لیے ہوائی اڈے پرموجود اسرائیلی وزرت سیاحت ياريف ليفين کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک نئے دور کا آغاز ہے۔

     ياريف ليفين کا کہنا تھا سعودی فضائی حدود کے استعمال سے سفری اوقات میں دو گھنٹے کی کمی کے ساتھ ساتھ ٹکٹ کے کرائے میں بھی واضح کمی ہوگی۔

    اسرائیل کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ يسرائيل كاٹس کا کہنا ہے کہ ایئر انڈیا کی دہلی سے تل ابیب آنے والی بھارت کی پہلی پرواز اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان پہلا باضابطہ تعلق ہے۔

    واضح رہے کہ اسرائیل کی سرکاری ہوائی کمپنی ایل عال بھارتی شہر ممبئی کے لیے پرواز کرتی ہے جس کے لیے وہ سعودی عرب اور ایران کی فضائی حدود کے بجائے بحیرۂ احمر کا راستہ اختیار کرتے ہوئے بھارت پہنچتی ہے۔ اسرائیلی فضائی کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایئر انڈیا کو غیرمنصفانہ فوقیت حاصل ہوگئی ہے۔

    خیال رہے سعودی عرب نے کئی دہائیوں نے اسرائیل جانے والی کمرشل پروازوں پر اپنی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔

    یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں اسرائیلی وزیراعظم 6 روزہ دورے پر بھارت گئے تھے، اس دوران بن یامین نیتن یاہو نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی سے حیدرآباد ہاؤس میں ملاقات کی اوراس موقع پردونوں ملکوں کےدرمیان سول ایوی ایشن، آئل، گیس، سائبرسکیورٹی، ٹیکنالوجی، فلم پروڈکشن سمیت مفاہمت کی 9 یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • سری دیوی کی زندگی کی آخری ویڈیو

    سری دیوی کی زندگی کی آخری ویڈیو

    دبئی : بھارتی فلموں کی مشہور اداکارہ سری دیوی گزشتہ رات حرکت قلب بند ہوجانے سے دبئی میں انتقال کر گئی تھیں، یہاں ہم آپ کو دکھا رہے ہیں ان کی زندگی کی آخری ویڈیو جو کہ ان کی بے وقت موت سے چند گھنٹے قبل شادی کی تقریب میں بنائی گئی تھی۔

    بالی ووڈ کی یہ معروف اداکارہ گزشتہ رات ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے دبئی میں موجود تھیں، جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، ان کی عمر 55 سال تھی۔

    سری دیوی 13اگست 1963کو پیدا ہوئیں، انہوں نے تامل، تیلگو، ملیالم اور ہندی فلموں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، وہ نوے کی دہائی میں اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں۔انہیں بالی ووڈ انڈسٹری میں پہلی خاتون سپراسٹار تصور کیا جاتا ہے، جس نے انڈیا سنیما کو اپنی بے پناہ صلاحیت سے یکسر بدل ڈالا، انہیں دو ہزار تیرہ میں بھارت کے چوتھے بڑے شہری ایوارڈ پدم شری سے بھی نوازا گیا۔

    یہ ویڈیو بھارتی ٹی وی جرنلسٹ اور اینکر ’مانک گپتا ‘ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ کی ہے۔ ویڈیو میں بھارتی شادیوں میں بجنے والا روایتی ڈھول پورے زور و شور سے بج رہا ہے اور سری دیوی اپنی زندگی سے بھرپور مسکراہٹ کے ساتھ مہمانوں میں موجود تھیں۔

    سری دیوی اپنے بھتیجے موہت مارواہ کی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے دبئی گئی تھیں جہاں تقریب کے اختتام پر انہیں دل کا دورہ پڑا ‘ انہیں نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہیں ہوسکیں۔

     

  • سینچورین ٹیسٹ: بھارتی شیر پھر ڈھیر، سیریز جنوبی افریقہ کے نام

    سینچورین ٹیسٹ: بھارتی شیر پھر ڈھیر، سیریز جنوبی افریقہ کے نام

    سینچورین: جنوبی افریقہ کے ہاتھوں‌ بھارت کو ایک اور شکست، سینچورین ٹیسٹ اپنے نام کرکے میزبان ٹیم نے سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے گھر میں شیر تصور کی جانے والی بھارتی ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بڑی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جب سینچورین ٹیسٹ میں میزبان ٹیم نے مہمان ٹیم کو 135 رنز سے شکست دے دی.

    بھارت کو جیت کے لیے دوسری اننگز میں‌ 287 رنز کا ہدف ملا تھا، مگر بھارتی بلے باز بری طرح‌ ناکام رہے، ڈیبو ٹیسٹ کھیلنے والے جنوبی افریقی بولر لنگی نگیڈی کے سامنے بھارتی کھلاڑیوں کی خامیاں‌عیاں‌ ہوگئیں اور پوری ٹیم 151 رنز ڈھیر ہوگئی.

    بھارت کی دوسری اننگز میں‌ روہت شرما 47 اور محمد شامی 28 بنا کر نمایاں‌ رہے. کپتان وراٹ کوہلی صرف پانچ رنز بنا سکے.

    پہلا ٹیسٹ : جنوبی افریقہ نے بھارت کو چوتھے روز ہی 72 رنز سے ہرا دیا

    یاد رہے کہ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی تھی اور پہلی اننگز میں 335 رنز بنائے، جس کے جواب میں بھارتی ٹیم نے 307 رنز اسکور کیے، ویرات کوہلی نے 153 رنز کی شان داراننگز کھیلی۔

    دوسری اننگز میں‌ بھارتی بالرز نے نپی تلی بولنگ کی اور میزبان ٹیم کو 258 رنز تک محدود کر دیا. بھارت کو جیت کے لیے 287 رنزکا ہدف ملا، مگر بھارتی شیر ایک بار پھر جنوبی افریقی بولنگ کے سامنے ڈھیر ہوگئے.

    واضح رہے کہ کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے انڈیا کو 72 رنز سے شکست دی تھی۔

    سیریز کا آخری میچ 24 جنوری سے جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔