Tag: ٰISPR

  • بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، 2 خواتین اور 2 بچے زخمی

    بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، 2 خواتین اور 2 بچے زخمی

    راولپنڈی: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 خواتین اور 2 بچے شدید زخمی ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے جندروٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 خواتین اور 2 بچے شدید زخمی ہوگئے، پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں کو طبی امداد کے لیے قریبی میڈیکل سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق زخمیوں میں 26 سالہ نسرین، 24 سالہ رابعہ، 7 سالہ بچی مومنہ اور 7 سالہ بچہ منشی شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ ماہ بھی بھارتی فوج نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا تھا۔

    مزید پڑھیں: پاک فوج نے بھارت کا ایک اور جاسوس ڈرون مار گرایا، آئی ایس پی آر

    یاد رہے کہ چار روز قبل پاک فوج نے بھارت کا جاسوس ڈرون مار گرایا تھا، بھارتی کواڈ کاپٹر لائن آف کنٹرول کے خنجر سیکٹر پر گرایا گیا تھا، رواں سال گرایا جانے والا یہ 8 واں بھارتی کواڈ کاپٹر تھا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھی بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کںٹرول پر شہری آبادی پر فائرنگ اور گولہ باری کی گئی تھی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے اہلکار سمیت متعدد شہری شہید ہوگئے تھے۔

  • آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ترک سفیر کی ملاقات

    آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ترک سفیر کی ملاقات

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ترک سفیر نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ترکی کے سفیر احسان مصطفیٰ نے پاک فوج ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی اورعلاقائی سیکیورٹی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ ترک وزیر خارجہ نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا تھا ، جہاں انھوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کیں تھیں۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترک وزیر خارجہ میولوت چاؤش اوغلو نے پاک فوج کے ہیڈکوارٹر جی ایچ کیو میں ملاقات کی تھی،جس میں پاک ترک تعلقات اور خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال بالخصوص مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ترک وزیر خارجہ نے خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور دونوں ممالک میں سکیورٹی تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ترک وزیر خارجہ میولوت چاؤش اوغلو نے مل کر کام کرنے پر پاکستان کو سراہا۔

  • جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ، آئی ایس پی آرکی مذمت

    جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ، آئی ایس پی آرکی مذمت

    راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان نے جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ فریقین کو ریاستی اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کہا گیا ہے کہ جسٹس اعجاز الاحسن کی رہائش گاہ پر فائرنگ قابل مذمت ہے، بہترین امن و استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں۔

    آئی ایس پی آر کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرزکو ریاستی اداروں کے لیے محفوظ ماحول کو یقینی بنانا چاہیے۔

    واضح رہے سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر گذشتہ رات اور آج صبح فائرنگ کے واقعات پیش آئے تھے، رات کو نامعلوم افراد نے اُن کے گھر کے مرکزی دروازے پر فائرنگ کی تھی جبکہ صبح باورچی خانے کی کھڑکی پر گولی فائر کی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ

    واقعے کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان سپریم کورٹ کے جج کے گھر پہنچے اور تمام تر تفصیلات حاصل کر کے آئی جی پنجاب کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی جبکہ تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی گئی۔

    علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حرکت کے ذریعےخوفزدہ کرنے کی کوشش کی گئی، فائرنگ میں جو بھی لوگ ملوث ہیں انہیں کیفرکردار تک پہنچانا چاہیے۔

    دوسری جانب پیپلزپارٹی کے سینئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے دعویٰ کیا ہے کہ شہباز شریف جج پر حملہ کرواکے بڑے بھائی نواز شریف کو  نااہلی کے بعدعمر قید  کی سزا بھی دلانا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جج کے گھر پر پولیس محافظوں کے تعینات ہوتے ہوئے اگر حملہ ہو تو اس کی ذمہ داری وزیراعلیٰ پنجاب پر عائد ہوتی ہے۔

    دفاعی تجزیہ نگار حارث نواز کا کہنا تھا کہ جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ میں وہ لوگ ملوث ہوسکتے ہیں جنہیں آنے والے فیصلوں کا خوف ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں.

  • آرمی چیف کی برونائی دارالسلام کے سلطان سے ملاقات، سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال

    آرمی چیف کی برونائی دارالسلام کے سلطان سے ملاقات، سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی برونائی دارالسلام کے سلطان سے ملاقات، باہمی دفاعی تعاون، فوجی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے برونائی دارالسلام کے سلطان سے ملاقات کی، ملاقات میں تربیتی امور، سیکیورٹی تعاون، دفاعی تعاون، فوجی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق برونائی کی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی جانے والی پاکستانی کی قربانیوں اور کامیابیوں کو سراہا۔

    آرمی چیف قمر باجوہ نے برونائی کے نائب وزیر دفاع اور عسکری قیادت سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں دفاعی تعاون اور فوجی تعلقات پر بات چیت کی گئی۔

    مزید پڑھیں:آرمی چیف سرکاری دورے پر عمان پہنچ گئے، اہم ملاقاتیں

    واضح رہے کہ 22 مارچ کو آرمی چیف قمر جاوید باجوہ دو روزہ سرکاری دورے پر عمان پہنچے تھے، جہاں انہوں نے عمانی وزیر دفاع اور مسلح افواج کے ملاقاتیں کیں اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    عمانی وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور سپہ سالار کے اعزاز میں عمانی افواج کی جانب سے استقبالیہ دیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جشن آزادیِ، پاک فوج کا لہو گرما دینے والا ملی نغمہ جاری

    جشن آزادیِ، پاک فوج کا لہو گرما دینے والا ملی نغمہ جاری

    راولپنڈی: پاکستان کے 70ویں جشن آزادی کے موقع پر پاک فوج نے نیا ملی نغمہ جاری کردیا۔

    آئی ایس پی آر سے جاری قومی نغمے کو ’اے وطن تیرا بھلا ہو‘ کا نام دیا ہے جس میں معروف پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی خان نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔

    عمدہ میوزک اور اعلیٰ شاعری پر مرتب آئی ایس پی آر کے ملی نغمے کی ویڈیو میں ایسے مناظر شامل کیے گئے ہیں جنہیں دیکھ ہر محب وطن کا لہو گرما جائے گا۔

    ویڈیو چار منٹ 25 سیکنڈ پر محیط ہیں جس میں تینوں مسلح افواج کے جوانوں کے جذبے کو دکھایا گیا ہے جبکہ اس ویڈیو میں عام لوگ بھی شامل ہیں جو پاک وطن کے لیے دعائیہ کلمات ادا کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    ویڈیو دیکھیں

    یاد رہے کل ملک بھر میں پاکستان کا 70 واں جشن آزادی شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا۔ اس ضمن میں آرمی چیف نے کوئٹہ بم دھماکے کے متاثرین سے ملاقات کے دوران اعلان کیا کہ دشمن نے یہ حملہ جشن آزادی کی خوشیوں کو مانند کرنے کے لیے کیا مگر ہم بھرپور طریقے سے آزادی کا جشن مناکر دشمن کو واضح پیغام دیں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • بلوچستان کی فضا بدل چکی، فراری کمانڈرز ہتھیار ڈال رہے ہیں، راحیل شریف

    بلوچستان کی فضا بدل چکی، فراری کمانڈرز ہتھیار ڈال رہے ہیں، راحیل شریف

    کوئٹہ: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام نے غیر ملکی مدد سے ہونے والی دہشت گردی مسترد کردی، پاک فوج نے عوام کی مدد سے دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑ دیا، بلوچستان کی فضا بدل چکی، فراری کمانڈرز اب ہتھیار ڈال رہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں سدرن کمانڈ اور ایف سی افسران وجوانوں کے مشترکہ دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق انہوں نے کہا کہ اب بلوچستان کی فضا بدل چکی ہے، بڑی تعداد میں فراری کمانڈرز ہتھیار ڈال رہے ہیں، پاک فوج بلوچستان میں قیام امن کے لیے وفاقی اور سندھ حکومت سے مکمل تعاون کررہی ہے۔

    جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے دوردراز علاقوں میں صوبائی حکومت کی مدد سے ترقی کے کام کو آگے بڑھایا گیا ہے، سدرن کمانڈ ون، ایف ڈبلیو او،اور این ایل سی کی بہترین کارکردگی کی بدولت ایک ہزار کلو میٹر روڈ مکمل ہوا، روڈ نیٹ ورک کی تکمیل سے سی پیک مقررہ وقت میں آپریشنل ہوا۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بہتر سیکیورٹی صورتحال کے لیے حکومت کے ساتھ کام کرتے رہیں گے، صوبائی حکومت کی معاونت اور ترقیاتی کام اولین ترجیح رہے ،ان ترجیحات کی وجہ سے ہرماہ بلوچستان کا دورہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کو خوشحالی کے دور میں داخل کرے گا ،گوادر اور سی پیک کے فوائد عام آدمی تک پہنچیں گے۔

    آرمی چیف نے کہا کہ گوادر پورٹ اور سی پیک عام آدمی کے لئے امید کی کرن ہے۔

    قبل ازیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے الوادعی دورہ کوئٹہ میں یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور اور ان کی قبور پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ انہوں نے سدرن کمانڈ ،فرنٹیئر کور بلوچستان کے افسران سے بھی ملاقات کی۔

  • پاکستانی حدود میں داخل ہونے والی خاتون بھارتی حکام کے حوالے

    پاکستانی حدود میں داخل ہونے والی خاتون بھارتی حکام کے حوالے

    راولپنڈی : پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت غلطی سے لائن آف کنٹرول پار کرکے پاکستانی حدود میں داخل ہونے والی خاتون کو واپس بھارتی حکام کے حوالے کردیا۔

    آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ کے گاؤں نکرا کوٹ کی رہائشی خاتون مسز شمیم اختر 25اگست کو غلطی سے لائن آف کنٹرول پار کرکے چکوٹھی کے مقام پر پاکستانی حدود میں داخل ہوگئی تھی۔

      خاتون مسز شمیم اختر کوسکیورٹی حکام نے تحویل میں لے لیا تھا ۔

    آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق پاکستانی حکام نے جذبہ خیر سگالی کے تحت مسز شمیم اختر کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد آزاد کشمیر میں راولا کوٹ کے ستوال کراسنگ پوائنٹ پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا ہے۔