Tag: ٰIsrael

  • حماس کے اچانک حملے کی منصوبہ بندی میں ایران نے مدد کی، امریکی اخبار کا دعویٰ

    حماس کے اچانک حملے کی منصوبہ بندی میں ایران نے مدد کی، امریکی اخبار کا دعویٰ

    نیویارک: امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل پر حماس کے اچانک حملے کی منصوبہ بندی میں ایران نے مدد کی۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز حماس اور لبنان کی حزب اللہ کے سینئر ارکان کے حوالے سے وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا ہے کہ ایرانی سیکیورٹی حکام نے اسرائیل پر حماس کے اچانک حملے کی منصوبہ بندی میں مدد کی۔

    اخبار کے مطابق لبنانی دارالحکومت بیروت میں ہونے والے اجلاس میں ایران نے طوفان الاقصیٰ آپریشن کے لیے گرین سگنل دیا۔ اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ مبینہ طور پر ایران کے اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) نے حماس کے ہفتے کے روز اسرائیل پر اچانک حملے کی منصوبہ بندی اور اجازت دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

    دعوے کے مطابق پاسداران انقلاب کے افسران اگست سے حماس کے ساتھ مل کر اسرائیل میں فضائی، زمینی اور سمندری راستے سے دراندازی پر مشتمل ایک پیچیدہ آپریشن تیار کر رہے تھے۔

    امریکی اخبار نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پاسداران انقلاب کے افسران نے 4 ایرانی حمایت یافتہ عسکری گروپوں کے نمائندوں کے ساتھ بیروت میں کئی میٹنگوں کے دوران آپریشن کی تفصیلات طے کیں، ان گروپوں میں غزہ پر حکومت کرنے والی حماس، اسلامی جہاد، پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین اور لبنان کی حزب اللہ بھی شامل ہیں۔

    تاہم وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق حماس کے ایک اعلیٰ عہدے دار محمود میرداوی نے اصرار کیا کہ گروپ نے آزادانہ طور پر حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی، اور یہ خالصتاً فلسطینی اور حماس کا فیصلہ تھا۔

    دوسری طرف امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اتوار کو کہا کہ اس مخصوص حملے کے پیچھے ایران کی طرف سے اشارہ کرنے یا اس کے پیچھے ہونے کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے، تاہم انھوں نے ایران اور ان عسکریت پسند گروپوں کے درمیان دیرینہ تعلقات کو تسلیم کیا۔

    واضح رہے کہ حماس کا یہ حملہ 1973 کی یوم کپور جنگ کے بعد سے اسرائیل کی سرحدوں کے اندر سب سے بڑا حملہ ہے۔

  • اسرائیل کا برمی افواج کو ہتھیاروں کی سپلائی جاری رکھنے کا اعلان

    اسرائیل کا برمی افواج کو ہتھیاروں کی سپلائی جاری رکھنے کا اعلان

    رنگون: برمی افواج کی جانب سے جاری روہنگیا مسلمانوں کے قتلِ عام کے باوجود اسرائیل نے میانمار کو ہتھیاروں کی فروخت جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل کی جانب سے ہتھیاروں کی مسلسل فراہمی کا اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب لاکھوں روہنگیا مسلمان فوجی مظالم کے سبب ہجرت کررہے ہیں اوراقوامِ متحدہ اور امریکا سمیت دنیا کے کئی ممالک فوجی کارروائی روک دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

    انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق میانمار کی حکومت کو اسرائیلی کمپنیوں نے سو سے زائد ٹینک ‘ جنگی کشتیاں اور ہلکے ہتھیار فروخت کیے ہیں۔ اسرائیل ہی کی ایک کمپنی ٹی اے آر آئیڈیل کانسیپٹ نے برما کی خصوصی فورسز کو راخنے میں خصوصی تربیت بھی دی ہے‘ یاد رہے کہ راخنے فسادات سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے۔

    روہنگیا بستیاں جلانے اورفورسزکےتشدد پرتشویش ہے‘ امریکہ*

     یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اگست کی 25 تاریخ سے شروع ہونے والے حالیہ فسادات میں اب تک 400 کے لگ بھگ روہنگیا مسلمان اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں جبکہ ڈیڑھ لاکھ کے قریب بنگلہ دیش ہجرت کرگئے ہیں۔

    دوسری جانب میانمار کی حکومت نے روہنگیا مسلمانوں پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مسلح حملوں میں ملوث ہیں اور سیکیورٹی فورسز ان کے خلاف کارروائی کر رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اپنے گھروں کو خود آگ لگائی ہے اور وہی سویلین ہلاکتوں کے ذمہ دار ہیں۔

    امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدرنوئیرٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے برما میں روہنگیا مسلمانوں کی صورت حال پرتشویش کا اظہارکیا تھا۔

    انہوں نے برما میں سیکورٹی فورسز پر روہنگیا دیہات کو نذر آتش کرنے اور تشدد کے واقعات سمیت انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے سنگین الزامات عائد کیے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔